اسلام آباد: سانحہ پشاور پر لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز نے مذمت کرنے سے انکار کیا ہے ، انکے اس عمل کے خلاف پاکستان کی سول سوسائٹی نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
سانحہ پشاور پرہرآنکھ اشک بار اور ہردلگرفتہ ہے آرمی پبلک اسکول میں شہید ہونے والے بچوں کیلئے بلا تخصیص رنگ و نسل مذہب مذمت کی جارہی ہے لیکن لال مسجد کے خطیب مو لا نا عبد العزیز نے اس سانحے کوعمل کا رد عمل قراردیا ہے۔
مو لا نا عبدالعزیز کے اس بیان پر اسلام آباد کی سول سوسائٹی نے روزانہ لال مسجد کے باہر احتجاج کا اعلان کیا ہے سول سو سائٹی کا مطا لبہ ہے کہ مولانا قوم سے غیرمشروط معافی مانگیں بصورت دیگرانہیں گرفتار کیا جا ئے۔
اس موقع پرسول سو سائٹی کے اراکین خاصے دل گرفتہ و جذبا تی بھی نظر آئے اور انہوں نے ’طالبان کا جو یا رہے غدار ہے غدار ہے‘کے فلک شگاف نعرے لگا ئے۔
اس کے ساتھ ’دہشت گردی مردہ باد‘ کے نعروں سے بھی فضا گو نجتی رہی۔ سول سو سائٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ جمعے کی نماز لال مسجد کے باہر پڑھیں گے۔