Tag: Peshawar central jail

  • پشاور جیل میں قیدیوں کو کھاڈی پر کپڑا بنانے کی خصوصی تربیت

    پشاور جیل میں قیدیوں کو کھاڈی پر کپڑا بنانے کی خصوصی تربیت

    پشاور : خیبر پختونخوا کے شہر پشاور کی سینٹرل جیل میں قیدیوں کی فلاح وبہبود کیلئے انہیں دستکاری اور دیگر امور کی تربیت دی جاتی ہے۔

    مختلف جرائم کی پاداش میں پشاور جیل میں سزا کاٹنے والے قیدیوں کو کھاڈی پر کپڑے تیار کرنے کا کام سکھایا جاتا ہے تاکہ وہ رہائی کے بعد معاشرے میں عزت اور وقار کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ماجد نامی قیدی نے بتایا کہ میں نے اپنی قید کے دوران کپڑا تیار کرنے کا کام سیکھا ہے اور اب میں کاریگر کی حیثیت سے کام کر رہا ہوں اور جو معاوضہ ملتا ہے اس سے اپنے خرچے بھی پورے کرتا ہوں اور کچھ رقم گھر والوں کو بھی بھجواتا ہوں۔

    قیدی کا کہنا تھا کہ اپنی سزا پوری کرنے کے بعد باہر جاکر فیکٹری میں کام کروں گا، اس سے پہلے ہم اپنا وقت فالتو کاموں میں یا فارغ بیٹھ کر گزارتے تھے، پشاور جیل حکام  نے ہمارے لیے یہ سہولت فراہم کی جو بہت فائدہ مند ہے۔

    ایک اور قیدی شیر ولی نے بتایا کہ میں اسی شہر پشاور کا رہنے والا ہوں یہاں اور عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہوں، پہلے میں حوالاتی تھا اب باقاعدہ سزا ہوگئی ہے جس کے بعد اس کپڑے کے کارخانے میں کام کررہا ہوں۔

    پشاور جیل کے قیدی کا کہنا تھا کہ پہلے ہم آپس میں لڑتے رہتے تھے، باہر سے آنے والے ایک کاریگر سے کام سیکھا اور اب میرے اپنے 10 شاگرد ہیں جن کو کام سکھا رہا ہوں۔

  • پاکستان کی وہ جیل، جہاں کے قیدی ماسٹر ڈگری ہولڈر

    پاکستان کی وہ جیل، جہاں کے قیدی ماسٹر ڈگری ہولڈر

    پشاور کے سینٹرل جیل میں ڈھائی ہزار کے قریب قیدیوں‌ نے پڑھ لکھ کر ڈگریاں‌ حاصل کر لیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یہ اعداد شمار اے آر وائی نیوز کے پروگرام” باخبر سویرا” میں پیش کئے گئے، پروگرام میں پشاور سینٹر ل جیل سپرنٹنڈنٹ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت اور آئی جی کے پی کی خصوصی ہدایات ہیں کہ جیل کو اصلاحاتی مرکز ہونا چاہیئے اس کے لئے ضروری ہے کہ قیدیوں کو معیاری تعلیم دے کر انہیں مفید شہری بنائیں۔

    مقصود الرحمان پشاور سینٹرل جیل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ قیدیوں کو دینی تعلیم بھی مہیا کی جارہی ہے اور کئی قیدی اس وقت ناظرہ کی تعلیم حاصل کررہے ہیں، ہمارے پاس اعلیٰ کوالیفائڈ ٹیچر ہے، اور قیدیوں کے مطالعے کے لئے ایک لائبریری بھی موجود ہے۔

    یہی نہیں سینٹرل جیل میں باقاعدہ درس وتدریس کا بھی اہتمام کیا جاچکا ہے ابھی تک ہماری جیل میں تعلیم کا سلسلہ منظم انداز میں جاری ہے۔

    سینٹرل جیل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ تعلیم کے فروغ کے لئے ہماری صوبوں کی دیگر جیلوں کے ساتھ رابطہ رہتا ہے انہوں نے بتایا کہ آئندہ ہمارا پروگرام لیدر انڈسٹری کا ہے، جس کے لئے ہمیں زمین بھی مل چکی ہے۔

    نمایاں کامیابیاں

    میٹرک سے لیکر ایم اے تک قیدیوں نے امتحانات پاس کئے ہیں

    بائیس قیدیوں نے قرآن پاک کا ترجمہ بھی مکمل کیا ہے

    اردو ادب میں 190 قیدیوں نے ڈگری حاصل کی۔

    106 قیدیوں نے بی اے جبکہ 12 نے ماسٹر ڈگری حاصل کی۔

    مقصود الرحمان نے گفتگو میں انتہائی اہم نقطہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ امتحانات پاس کرنے والے قیدیوں کو اس کی سزاؤں میں رعایت دی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ قیدی تعلیم کی جانب تیزی سے راغب ہورہے ہیں تاکہ انہیں جلد رہائی مل سکے اور وہ کارآمد شہری بن سکیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اگر ایک قیدی کی سزا پچیس سال ہے اور وہ تعلیم حاصل کرنے کے دوران کوئی امتحان پاس کرتا ہے تو اس کی سزا کا ایک سال کم کردیا جاتا ہے۔

  • پشاور سینٹرل جیل کے قیدی بھی کرونا وائرس کا شکار

    پشاور سینٹرل جیل کے قیدی بھی کرونا وائرس کا شکار

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کی سینٹرل جیل میں 11 قیدی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، کرونا کا شکار تمام قیدیوں کو آئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور سینٹرل جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جیل میں 11 قیدی بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

    انتظامیہ کے مطابق سینٹرل جیل کا ڈسپنسر فضل کریم 10 روز قبل کرونا وائرس سے انتقال کر گیا تھا جس کے بعد سینٹرل جیل میں موجود قیدیوں کے ٹیسٹ کروائے گئے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پازیٹو آنے والے قیدیوں میں وائرس کی بظاہر کوئی علامات نہیں، کرونا کا شکار تمام قیدیوں کو آئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کو بھی کرونا وائرس اپنا نشانہ بنا رہا ہے، چند روز قبل صوبہ سندھ میں لاڑکانہ سینٹرل جیل میں کرونا وائرس کیسز سامنے آنے پر قیدیوں نے جیل انتظامیہ کے 4 اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔

    قیدیوں کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس جیل میں پھیل گیا ہے لہٰذا قیدیوں کو بیرکوں میں بند نہ کیا جائے، بیرکوں میں بند کرنے سے سماجی دوری برقرار نہیں رہ سکتی۔

    جیل حکام کا کہنا ہے کہ 77 قیدیوں اور جیل ملازمین کے کرونا وائرس ٹیسٹ کروائے گئے تھے، ایک جیلر سمیت 8 قیدیوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا جنہیں قرنطینہ کر دیا گیا۔

    دوسری جانب کراچی سینٹرل جیل میں 200 سے زائد قیدیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جن میں سے 90 قیدی مرض کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔

  • ڈاکٹرشکیل آفریدی پشاور سے مردان منتقل

    ڈاکٹرشکیل آفریدی پشاور سے مردان منتقل

    پشاور: خیبر پختونخواہ حکومت نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو مردان جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسامہ بن لادن کی پاکستان میں موجودگی کے بارے میں امریکہ کو خفیہ معلومات فراہم کرنے کے مجرم ڈاکٹر شکیل آفریدی کوسینٹرل جیل پشاور سے مردان ہائی سیکیورٹی سیل منتقل کیا جارہا ہے جبکہ سابق صدر پرویز مشرف پرحملے کے مرکزی مجرم نیاز محمد کو بھی ہری پور جیل سے مردان منتقل کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بنوں اور مردان میں جیل پر ہونے والے حملوں کے بعد مردان جیل کو بم پروف بنا کر ہائی سیکیورٹی سیل میں تبدیل کیا گیا ہے جہاں انتہائی نوعیت کے حامل مجرموں کو منتقل کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جون 2009 میں گرفتار کئے جانے والے تحریکِ نفاذِ شریعتِ محمدی کےسربراہ صوفی محمد کو بھی پشاور جیل سے مردان جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے حالانکہ صوفی محمد نے اس فیصلے پراپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔