Tag: peshawar incident

  • سانحہ پشاورکو ایک سال مکمل، ہرآنکھ اشکبار، ہردل بوجھل

    سانحہ پشاورکو ایک سال مکمل، ہرآنکھ اشکبار، ہردل بوجھل

    سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کو ایک بیت گیا، سانحہ پشاور ہر ذہن میں نقش ہے، شہیدبچوں کی یاد آج بھی دماغ کے دروازوں پر دستک کر رہی ہے،
    شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ملک بھر میں آج پہلی برسی کی تقریبات منعقد ہونگی، بچوں کے والدین کے ساتھ پورا ملک سوگوار ہے، آج قومی یوم سوگ ہوگا اور قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

    سولہ دسمبر 2014 کی صبح جب مسلح دہشتگردوں نے پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حیوانیت کی انتہا کر ڈالی، دہشتگردوں کے اس حملے میں ایک سو بتیس بچوں سمیت ایک سو اکتالیس افراد شہید ہوئے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے، معصوم بچوں کی اس قربانی نے پوری قوم کو جھنجوڑ کر رکھ دیا اور قوم دہشتگردی کیخلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگئی۔

    سانحہ پشاور ایک ایسا دلخراش واقعہ تھا، جس نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، پاکستان میں ابتک ہونیوالا دہشتگردی کا یہ سب سے بھیانک اور المناک سانحہ ہے۔


    سانحہ پشاور کے شہداء برسی کی مرکزی تقریب بھی آرمی پبلک اسکول میں ہی منعقد ہوگی، مرکزی تقریب میں پاکستان کے وزیرِاعظم نواز شریف، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور برّی فوج کے سربراہ کے علاوہ اہم سیاسی شخصیات، غیر ملکی سفیر اور ہلاک شدگان کے لواحقین شرکت کریں گے۔ہلاک شدگان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے صوبے کے دیگر شہروں کے علاوہ ملک بھر میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

    پہلی برسی کے موقع پر آرکائیوز لائبریری کو آرمی پبلک سکول کے شہداء کے نام سے منسوب کیاجائے گا جبکہ شہدا ءکو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے وہاں ایک یادگار بھی تعمیر کی گئی ہے، جس پر سانحہ پشاور میں شہید ہونے والوںکی تصاویر لگائی گئی ہیں۔

    اس موقع پر خیبر پختونخوا کی حکومت نے ضلع پشاور کے تمام تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے جبکہ ملک کے دیگر صوبوں میں تمام تعلیمی ادارے بند ہیں گے۔

    آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی پہلی برسی کی مناسبت سے ملک بھر میں شہداء کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی ،فاتحہ خوانی اور تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور مختلف شہروں میں ریلیاں منعقد ہوں گی، سرکاری و نجی تعلیمی اداروں سمیت مختلف مقامات پر شہدائے آرمی پبلک اسکول پشاور کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

    اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سانحہ اے پی ایس کے حوالے سے بچوں کو بتایا جائے، دہشت گردی اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔اسلام میں بے گناہ کی جان لینے کی سزا دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی ملے گی، ان کا مزید کہنا تھا کہ بچوں کو سانحہ اے پی ایس کے شہداء کی قربانیوں کے بارے میں بھی بتایا جائے۔

    وفاقی حکومت نے پہلے ہی دارالحکومت اسلام آباد کے 122 سکولوں اور کالجوں کو ان طلباء سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے جو 16 دسمبر کے سانحہ میں شہید ہوئے تھے۔

  • ساںحہ پشاور کے شہداء کی پہلی برسی، آرمی چیف جنرل راحیل شریف پشاور پہنچ گئے

    ساںحہ پشاور کے شہداء کی پہلی برسی، آرمی چیف جنرل راحیل شریف پشاور پہنچ گئے

    پشاور : آرمی چیف جنرل راحیل شریف پشاور پہنچ گئے.

    آئی ایس پی ار کے مطابق سانحہ پشاور کے شہداء کی پہلی برسی کے موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف پشاور پہنچ گئے، آرمی چیف شہدا کے اہلخانہ کا استقبال کر رہے ہیں.

    سانحہ پشاور کے شہداء برسی کی مرکزی تقریب بھی آرمی پبلک اسکول میں ہی منعقد ہورہی ہے، مرکزی تقریب میں پاکستان کے وزیرِاعظم نواز شریف، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور برّی فوج کے سربراہ کے علاوہ اہم سیاسی شخصیات، غیر ملکی سفیر اور ہلاک شدگان کے لواحقین شرکت کریں گے۔

  • بھارتی گلوکاروں نے سانحہ پشاور پر گانا بنا ڈالا

    بھارتی گلوکاروں نے سانحہ پشاور پر گانا بنا ڈالا

    نئی دہلی :  پاکستان میں پشاور آرمی پبلک اسکول میں ہونے والے واقعے نے جہاں دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، وہاں بھارتی گلوکاروں نے اس سانحہ سے متاثر ہوکر گانا ریلیز کردیا ہے۔

    بھارت کے نامور گلوکار سلیم مرچنٹ اور سلیمان مرچنٹ نے پشاور سانحہ میں شہید ہونے والے بچوں کیلئے گانا بنایا۔

    حال ہی میں بھارتی گلوکاروں سلیم اور سلیمان نے خالی پن کے نام سے گانا ریلیز کیا، جس میں دکھایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں بچوں پر کتنا ظلم  و ستم کیا جاتا رہا ہے اور اگر دنیا سے تمام بچے ختم ہوگئے تو دنیا کتنی ویران اور خالی ہوجائے گی۔

    دونوں گلوکاروں نے اس سانحہ سے متاثر ہوکر یہ گانا ریلیز کیا ہے، جس میں دنیا بھر کے بچوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف پیغام دیا گیا ہے۔

    سلیم مرچنٹ کا ایک انٹرویو میں گانے سے متعلق کہنا تھا کہ سانحہ پشاور میں حملے کے وقت بچوں نے گولیوں سے بچنے کے لیے بینچوں کے نیچے پناہ لی تھی اور ہمارا یہ گانا اسی واقعے پر بنایا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ 16 دسمبرکو پشاور آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں 150 سے زائد افراد شہید ہوگئے تھے، شہید ہونے والوں میں 132  بچے شامل تھے۔


    Khalipan – Salim Sulaiman – Official Music Video by 4mOfficial

  • ملک کی تمام سینٹرل جیلوں میں پھانسی گھاٹ بنانےکا فیصلہ

    ملک کی تمام سینٹرل جیلوں میں پھانسی گھاٹ بنانےکا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے دہشتگردوں کو سنائی جانےو الی سزائے موت پر فوری عمل درآمد کیلئے ملک بھر کی سینٹرل جیلوں میں پھانسی گھاٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    حکومت نے دہشتگردوں کی سزائے موت پر فوری عملدرآمد کے لئے ملک کی تمام سنٹرل جیلوں میں پھانسی گھاٹ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے،جیل قوانین کے تحت اس وقت صرف ڈسٹرکٹ جیل ہی میں سزائے موت پر عملد رآمد کرایا جاتا ہے، لیکن موجودہ حالات میں دہشتگردوں کی سینٹرل جیل سے ڈسٹرکٹ جیل منتقلی کے دوران دہشت گردوں کے ساتھیوں کے حملوں کے پیش نظر سنٹرل جیلوں میں پھانسی گھاٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جسکے لئے ٹھیکیداروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ جیل قوانین کے مطابق سزائے موت صرف ضلعی جیل میں دی جا سکتی ہے ، جس کے لئے سینٹرل جیل میں قید مجرم کو ضلعی جیل پہنچانا ضروری ہے، ملک کی بیشتر سینٹرل جیلوں میں سزائے موت کے ہزاروں قیدی بند ہیں جنہیں سزا پر عملدرآمد کیلئے ضلعی جیل پہنچانا قانون کی ضرورت ہے۔

  • سیکیورٹی ادارے پشاور سانحہ کے منصوبہ سازوں تک پہنچنے میں کامیاب، غیر ملکی خبر رساں ایجنسی

    سیکیورٹی ادارے پشاور سانحہ کے منصوبہ سازوں تک پہنچنے میں کامیاب، غیر ملکی خبر رساں ایجنسی

    اسلام آباد: غیر ملکی خبررساں ایجنسی نے دعوی کیا ہے کہ سیکیورٹی ادارے پشاور میں آرمی پبلک سکول پر حملہ کرنے والوں کے منصوبہ سازوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

    سانحہ پشاور میں معصوم بچوں کی شہادت کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پشاور سمیت کئی شہروں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    سکیورٹی اداروں نے پشاور کے علاقے تہکال میں مشتبہ مقامات پر چھاپے مارے جہاں سے اہم گرفتاریاں عمل میں لائی گئی۔ متاثرہ اسکول کے قریب ورسک روڈ پر بھی رہائشی علاقوں سے ستر سے زیادہ افراد کو حراست میں لیا گیاہے۔

    سکیورٹی حکام نے خیبر پختونخوا اور پنجاب کے دو شہروں سے بھی کچھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کا دعوی ہے کہ سکیورٹی اداروں نے حملہ آوروں کے فون رابطے حاصل کر کے ان کی بنیاد پر تحقیقات کی ہیں، جس سے وہ حملہ کرنے والوں کے منصوبہ سازوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

  • سانحہ پشاور: آرمی پبلک اسکول کی صفائی شروع

    سانحہ پشاور: آرمی پبلک اسکول کی صفائی شروع

    پشاور: پشاور میں دہشتگردوں کے حملے کے بعد آج آرمی پبلک اسکول کی صفائی شروع کی جارہی ہے۔ تین دن میں آرمی کے انجینئر تباہ شدہ حصوں کی مرمت کریں گے۔ پانچ جنوری کو اسکول کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔

    پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد اسکول کی صفائی اور مرمت کا کام آج سے شروع کیا جارہا ہے۔ آرمی کے انجینئرز تباہ شدہ مقامات کی مرمت کریں گے۔

    ماہر نفسیات ڈاکٹر مختار نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد اسکول کا خوف نکالنے کے لیے بچوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسکول میں گزارے حالات سے بچوں کو دور کرنا ہوگا اور والدین بھی اس سلسلے میں بھر پور کردار ادا کریں۔ انھوں نے کہا کہ والدین بچوں کا دھیان دوسری طرف مرکوز کرانے کی کوشش کریں۔

    پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں دہشتگردوں کے حملے سے بچ جانے والے معصوم بچوں کے ذہنوں پر تلخ یادیں نقش ہوچکی ہیں جنہیں بھلانے میں وقت لگے گا۔

  • جیلوں میں پھانسی گھاٹ آپریشنل کرنے کی ہدایت

    جیلوں میں پھانسی گھاٹ آپریشنل کرنے کی ہدایت

    لاہور: پھانسی کی سزا پر پابندی ختم ہونے کے بعد جیلوں میں پھانسی گھاٹوں کو آپریشنل کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

    وزیراعلٰی شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے بھر کی جیلوں میں سزائے موت کے قیدیوں کے حوالے سے معاملات پر غور کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے جیلوں میں پھانسی گھاٹ کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ سزائے موت کے قیدیوں کے بلیک وارنٹ جاری ہونے کے بعد پھانسی کی سزا پر فوری عمل درآمد کا امکان ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے ڈیتھ وارنٹ پر عمل درآمد کی مدت کم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ محکمہ داخلہ نے دہشتگردوں کو سزائے موت کیلئے ڈیتھ وارنٹ کے بعد پھانسی پر عمل درآمد کی مدت 21 دن سے کم کر کے 14 دن کرنے کی سفارش کی ہے اور سمری صوبے کے چیف ایگزیکٹو کو ارسال کر دی گئی ہے۔

  • پاکستانی قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ ضرور جیتے گی، پیپلز پارٹی

    پاکستانی قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ ضرور جیتے گی، پیپلز پارٹی

    پشاور: سانحہ پشاور میں دہشتگردوں کی جانب سے آرمی پبلک اسکول میں معصوم بچوں کو قتل کرنے والے واقعے نے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کیخلاف ایک پلیٹ فارم پر لے آیا ہیں۔ پیپلز پارٹی کے اہم رہنماوں کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ ضرور جیتے گی۔

    پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ ضرور جیتے گی۔ تمام جماعتوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اپنی جنگ قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی قوم یہ جنگ لڑے گی اورجیتے گی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ معصوم بچوں پر اس طرح کے حملے کا ذکر تاریخ میں نہیں ملتا۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ پشاور میں معصوم بچوں کا کیا قصور تھا کہ اُن کو چُن چُن کر مارا گیا۔ تاریخ میں ایسی جارحیت نہیں ملتی جس میں معصوم بچوں کو قتل عام کیا گیا ہو۔

    سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سانحہ پشاور قومی المیہ ہے جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

    اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما قمر الزماں کائرہ کا کہنا تھا کہ پرامن پاکستان کے لئے پرامن افغانستان ضروری ہے اور دہشت گردی والے مائنڈ سیٹ کے خلاف ہمیں جنگ کرنی ہے۔

    پشاور میں میڈیا سے بات چیت کے دوران پیپلز پارٹی کی رہنما شریں رحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانی دے رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اے پی سی کے فیصلے سامنے لائے جائیں۔ رہنما پیپلزپارٹی شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کوئی دہشت گرد ہمارا دوست نہیں، جودہشت گرد کا یار ہے وہ غدار ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنانا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ پشاور ہمارے بچوں کو تعلیم سے محروم کرنے کی سازش ہے۔

  • پشاور سانحہ: تحقیقاتی ٹیموں نے حملے کے اہم شواہد حاصل کرلئے

    پشاور سانحہ: تحقیقاتی ٹیموں نے حملے کے اہم شواہد حاصل کرلئے

    پشاور: پشاور کے اسکول میں خود کش حملہ آوروں کے خون کے نمونے آج ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے اسلام آباد بھجوائے جارہے ہیں۔ تحقیقاتی ٹیموں نے پشاور اسکول پر حملے کے اہم شواہد حاصل کر لئے ہیں۔

    پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے کی تحقیقات جاری ہیں، تحقیقاتی ٹیمیں ملکی تاریخ کے بد ترین سانحے کے محرکات جاننے کیلئے اپنے کام میں جُتی ہوئی ہیں۔ تحقیقاتی ٹیموں نے اہم شوہد اکٹھے کرتے ہوئے کینٹ کے مختلف علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج تحویل میں لے لی گئی ہیں۔

    پولیس ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آوروں کے خون کے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے اسلام آباد بھجوائے جارہے ہیں۔ تحقیقاتی ٹیمیں گھروں میں موجود زخمی بچوں کے بیانات قلمبند کریں گی۔ اس سے قبل حملہ آوروں کی شناخت بھی ہوچکی ہے ،حملہ آوروں کی قیادت کالعدم تحریک طالبان مہمند ایجنسی کا کمانڈر لئیس خان کر رہا تھا جس کا تعلق اپر دیر سےبتایاجاتا ہے،جائے وقوعہ سے بر آمد ٹوپی پر کمانڈر اپر دیر کے الفاظ تحریر تھے۔

  • سانحہ پشاور پر آج ملک بھر میں سوگ کا سماں

    سانحہ پشاور پر آج ملک بھر میں سوگ کا سماں

    اسلام آباد: سانحہ پشاور پر آج ملک بھر میں سوگ کا سماں ہے شہر شہر کاروباری سرگرمیاں معطل اور سرکاری عمارتوں پر پرچم سر نگوں ہے۔ ملک بھر کی عدالتوں میں بھی آج ہڑتال کی جارہی ہے۔

    پاکستانی تاریخ کے المناک سانحے پر ملک کے گلی کوچے سوگ میں ڈوبے نظر آتے ہیں۔ ہر آنکھ اشکبار اور درد دل رکھنے والا سوگوار ہے۔ پشاور میں دہشتگردوں کے ہاتھوں معصوم بچوں کی شہادت پر آج ملک بھر میں یوم سوگ منایا جارہا ہے۔ سانحے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ پشاور کے مختلف علاقوں میں ادا کی جا رہی ہے۔

    ملک بھر میں آج دن کا آغاز خصوصی دعاؤں سے کیا گیا ہے۔ سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے جبکہ ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے اپنی سرگرمیاں معطل کرکے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے تقریبات منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    پاکستان بار کونسل بھی آج ملک گیر ہڑتال کر رہی ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں شہدا کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے کاروباری سرگرمیاں معطل رکھی گئی ہیں ایبٹ آباد میں آل ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی جانب سے شہر بھر میں مکمل شٹرڈاون ہڑتال ہے۔ سرگودہا میں بھی معصوم شہادتوں پر مکمل شٹرڈاؤن ہے۔ اوکاڑہ میں بھی انجمن تاجران نے کاروباربند رکھنے کا اعلان کیاہے۔ سکھر سمیت سندھ کے کئی اہم اور بڑے شہروں میں کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں۔ کراچی کے تمام چھوڑے اور بڑے بازار اور کاروباری مراکز پشاور سانحہ پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے بند ہیں۔

    ادھر آج کوئٹہ میں پشاور سانحہ کے شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے فجر کی نماز کے بعد خصوصی دعائیں کی گئی۔ پشاور میں شہادت پانے والے آرمی اسکول کے طالبعلم اور اسٹاف کی بلندی درجات کیلئے کراچی کے اسکولوں میں قرآن خوانی اور دعا کاسلسلہ جاری ہے۔ شہادت پانے والے آرمی پبلک اسکول کے طلبا اور اسٹاف کے درجات کی بلندی کیلئے لاہور کے اسکولوں میں قرآن خوانی اور دعا کا سلسلہ جاری ہے۔ فیصل آباد کے تعلیمی اداروں میں سانحہ پشاور کے شہداء کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعائیں کی جارہی ہیں۔

    واضح رہے کہ پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں گزشتہ روز دہشت گردوں نے ایک سو بتیس بچوں کی جان لے لی ہے۔ عملے کے نو افراد شہید اور ڈیڑھ سو افراد زخمی ہوئے تھے۔ فوج کی جانب سے جوابی کارروائی میں چھ حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں کے حملے میں ایک سو تیس سے زیادہ بچوں کی شہادت اور سیکڑوں زخموں نے قوم کے دلوں کو زخمی کردیا ہے۔

    پشاور میں وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں وزیراعظم نے دہشت گردوں کو پیغام دیا ہے کہ اسکول حملے میں شہید ہونے والوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے اس واقعے سے ہمارے دل ضرور غم زدہ ہیں مگر ہماراعزم کمزور نہیں ہوا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا وقت آگیا ہے کہ تمام اختلافات بھلا کر قوم دہشت گردی کے خلاف اٹھ کھڑی ہو اور پاکستان کی سرزمین دہشت گردوں کے خلاف تنگ کردی جائے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا پوری قوم آپریشن ضرب عضب میں مصروف پاک فوج کے پیچھے کھڑی ہے۔

    دہشت گردوں کے خلاف برسر پیکار پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں کے حملے کو بزدلانہ اور انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آور نا صرف پاکستان بلکہ انسانیت کےبھی دشمن ہیں، آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے دہشت گردوں نےقوم کےدل پرحملہ کیاہے۔ اس سانحے پر عوام کے دل غم سے نڈھال ضرور ہیں مگر دہشت گردان بزدلانہ کارروئیوں سے قوم کے حوصلے کم نہیں کرسکتے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا انسانیت کے دشمنوں کےخاتمے تک ان کا پیچھا کیا جائے گا۔ پاک فوج دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا خیبرایجنسی میں آج بھی دس مقامات پردہشت گردوں کونشانہ بنایا گیا ہے اور ان کی پناہ گاہوں کو تباہ کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ نے آرمی پبلک اسکول پشاور میں ہو نیوالے سانحے کو قومی المیہ قرار دیتے ہو ئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان کے ہمدردوں و سہولت فراہم کرنے والوں کا بھی پیچھا کیا جا ئے گا۔

    پشاور میں اسکول پر دہشتگردوں کا حملہ جس میں سو سے زائد معصو م بچوں کی شہادت پر عالمی رہنما بھی دکھی ہوگئے۔ ترک وزیر اعظم طیب اردوان نے ملک میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے، امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ پشاور میں بچوں کا جو جانی نقصان ہوا وہ پوری دنیا کا نقصان ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے حملے کو تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے خلاف دہشت گردی اور سفاکیت کی انتہا قرار دیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون، فرانسیسی صدر، امریکی سفیر رچرڈ آلسن اور جرمن وزیر خارجہ نے پشاور واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا ٹیلی فون کرکے دہشت گردی کےواقعے پر دکھ کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔ بھارت نے واقعے کے خلاف اسکولوں میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔