Tag: peshawar school attack

  • قومی کرکٹرز کی سانحہ پشاورکے زخمی طلباء کی عیادت

    قومی کرکٹرز کی سانحہ پشاورکے زخمی طلباء کی عیادت

    پشاور: قومی کرکٹرز نے پشاور کے متاثرہ آرمی پبلک اسکول پر حملے میں زخمی ہونے والے بچوں کی سی ایم ایچ اسپتال میں عیادت کی اور سانحہ میں شہید ہونے والے بچوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور شاہد آفریدی سمیت چھ کرکٹرز اور تین آفیشلز نے پشاورآرمی پبلک اسکول میں زخمی ہونے والے بچوں کی اسپتال میں عیادت کی، کھلاڑیوں نے اپنے دورۂ پشاور کے دوران شہید طلباء کے لواحقین سے ملاقات اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

    قومی کرکٹرز نے افسوس ناک واقعے میں شہید ہونے والے بچوں کو خراج عقیدت پیش کیا، کھلاڑیوں نے سانحے میں زخمی ہونے والے طلباء کو تحائف بھی پیش کئے۔

    قومی ہیروز کو اپنے درمیان پاکر بچے بہت خوش ہوئے، کھلاڑیوں نے بچوں کا حوصلہ بڑھایا، تصاویر کھچوائیں اور ان کے ساتھ گھل مل گئے۔

    ایک ماہ قبل گذشتہ سال 16 دسمبر کو آرمی پبلک اسکول پر دہشت گرد حملے میں ایک سو پینتیس بچوں سمیت ایک سو سینتالیس افراد شہید ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے لئے روانگی سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات طے تھی تاہم وزیرِاعظم کی مصروفیت کے باعث ملاقات منسوخ ہوگئی۔

  • پاک فضائیہ کے شاہینوں کی سانحہ پشاور کے شہداء کوسلامی

    پاک فضائیہ کے شاہینوں کی سانحہ پشاور کے شہداء کوسلامی

    پشاور: پاک فضائیہ کے شاہینوں نے نچلی پروازوں کے ذریعے سانحہ پشاور کے شہداء کو سلامی دی اور خراج تحسین پیش کیا ، سربراہ پاک فضائیہ کہتے ہیں قوم کے شانہ بشانہ ملک دشمنوں سے لڑیں گے۔

    دہشتگردوں کے حملے میں بچ جانے والے غازیوں نے علم کی شمع روشن کر کے نئی مثال قائم کر دی، معصوم شہیدوں کی قربانی رائیگاں نہ جائیں۔

    پاک فضائیہ کے شاہینوں نے آرمی پبلک اسکول کے شہید طلباء کو سلامی پیش کی، شاہینوں نے سانحہ میں جان کا نذرانہ دینے والے معصوموں کو فضاء میں مارچ کر کے خراج عقیدت پیش کیا۔

    فلائی پاسٹ میں جے ایف سیونٹین تھنڈر طیاروں نے بھی حصہ لیا، ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق فلائی پاسٹ آرمی پبلک اسکول پرحملے کوایک ماہ مکمل ہونے پر کیا گیا۔ جس میں بچوں اور والدین سمیت اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

     لاہورکینٹ کے اے پی ایس میں مختلف اسکولوں کے طلبہ اوران کے والدین پشاور کے طلبہ سے اظہاریکجہتی کیلئےپہنچے اور انسانی ہاتھوں کی طویل زنجیر بنائی ، ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کرطلبہ نے دہشت گردوں کوواضح پیغام دے دیا کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں۔

    یاد رہے کہ سانحۂ پشاور میں برپا کی جانے والی بربریت کو آج ایک ماہ بیت گیا ہے، پشاور سانحے میں بچوں کی شہادت نے دنیا بھر کو ہلا کر رکھ دیا تھا، اندوہناک واقعے آرمی پبلک سکول و کالج پشاور پر وحشیانہ حملے کے دوران ایک 134معصوم بچوں سمیت 148افراد شہید ہوگئے تھے، جن میں کالج کی پرنسپل اور دیگر اساتذہ اور اسٹاف ممبر شامل تھے۔

  • سانحہ پشاور آج بھی ذہنوں میں تازہ ہے، عمران خان کا ٹوئیٹ

    سانحہ پشاور آج بھی ذہنوں میں تازہ ہے، عمران خان کا ٹوئیٹ

    اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ قوم کی حفاظت کے لیے دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

    پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہے کہ ایک ماہ گزرنے کے بعد بھی سانحہ پشاور ذہنوں میں تازہ ہے، ان کاکہنا تھا کہ آرمی پبلک اسکول کے بچوں کی جرات اور ان کے والدین کے عزم پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں، تمام دعائیں اور ہمدردیاں شہید بچوں کے والدین کے ساتھ ہیں۔

    اپنے پیٖغام میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کو جاری رکھیں گے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل عمران خان نے آرمی پبلک اسکول کا دورہ کیا، اسکول پہنچنے پر شہید بچوں کے مشتعل والدین نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور عمران خان کا گھیراؤ کرلیا تھا۔

    جب عمران خان بچوں کیلئے دعائے مغفرت کررہے تھے تو اسی اثناء میں ایک شہید بچے اسفند کی والدہ سیکورٹی حصار توڑتے ہوئے عمران خان کے قریب پہنچ گئیں اوران کا گریبان پکڑ کر کہا کہ ہمیں ہمارے بچوں کے خون کا حساب دیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’’تم یہاں ہمارے لئے نہیں بلکہ میڈیا، اخبارات اور اپنی نئی دلہن کو سیر کرانے کے لئے آئے ہو، ہمیں اس کی کوئی ضرورت نہیں ہم نے آپ کو ووٹ دے کرغلطی کی۔

    دوسری جانب آرمی پبلک اسکول کے اندر بچوں نے عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا، بچوں نےعمران خان کے ساتھ تصویریں کھنچوائیں جبکہ بچوں نے عمران خان کی اہلیہ ریحام خان سے آٹو گراف بھی لئے۔

  • سانحۂ پشاور کو ایک ماہ بیت گیا

    سانحۂ پشاور کو ایک ماہ بیت گیا

    سانحۂ پشاور کو آج ایک ماہ پورا ہوگیا، اس سانحے نے جہاں قوم کو غمزدہ کر دیا وہیں پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی۔

    سانحۂ پشاور میں برپا کی جانے والی بربریت کو آج ایک ماہ بیت گیا ہے، پشاور سانحے میں بچوں کی شہادت نے دنیا بھر کو ہلا کر رکھ دیا تھا، اندوہناک واقعے آرمی پبلک سکول و کالج پشاور پر وحشیانہ حملے کے دوران ایک 134معصوم بچوں سمیت 141افراد شہید ہوگئے تھے، جن میں کالج کی پرنسپل اور دیگر اساتذہ اور اسٹاف ممبر شامل تھے۔

      سولہ دسمبر کا سورج جب طلوع ہوا تو آرمی پبلک اسکول جانے والے ننھے پھولوں کو علم نہیں تھا کہ وہاں موت ان کی منتظر ہے، دہشتگردوں نے دس بجے کے قریب اسکول پر حملہ کیا اور وحشت وبربریت سے انسانیت کا سینہ چھلنی کر دیا، پاک فوج نے چھ گھنٹے کے آپریشن کے بعد سکول کو کلیئر کر دیا لیکن اس سانحے میں 134ننھے پھول زندگی سے محروم ہوگئے، 17 سٹاف ممبر بھی بربیت کا نشانہ بنے۔

    وزیرِاعظم محمد نواز شریف خود پشاور پہنچے اور انہوں نے آپریشن کو مانیٹر کیا، وزیرِاعظم کی جانب سے تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا، سانحے کے اگلے وزیراعظم کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس ہوئی، جس میں تمام سیاسی جماعتوں نے دہشتگردی کے خلاف مل کر لڑنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    سانحہ پشاور کے بعد ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج اور سیکیورٹی نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔

    سانحے پشاور کے بعد صوبے بھر کے اسکول 12 جنوری تک بند کر دیئے گئے،حکومت کی جانب سے اسکولوں کی سیکیورٹی بہتر بنانے کیلئے اقدامات شروع کئے گئے،  بارہ جنوری کو آرمی پبلک سکول سمیت تمام اسکولوں کو کھول دیا گیا۔ آرمی چیف نے خود اسکول پہنچ کر غازیوں کا استقبال کیا۔

    واقعے کو ایک ماہ بیت گیا لیکن اس کے اثرات سے لوگ ابھی تک باہر نہیں آسکے ہیں۔ آرمی پبلک سکول کو سخت سیکیورٹی میں کھولا گیا لیکن اسکول کے بچے زیورِ تعلیم سے آراستہ ہونے کیلئے پرعزم ہیں، بچوں نے بلند حوصلے اور دہشت گردی کے خلاف پر عزم رہنے کا اظہار کیا ہے۔

    ایک ماہ قبل سولہ دسمبر دو ہزار چودہ کی صبح اہل پاکستان کیلئے قیامت سے کم نہ تھی، آرمی پبلک اسکول میں ایک سو چونتیس ننھے پھول زندگی کی رعنائیوں سے محروم ہوگئے، سانحے نے پوری قوم کو یکجا کردیا۔

    سانحہ پشاور میں اپنے پیاروں کو کھو دینے والدین کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ملوث اصل ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہ جائیں۔

    دہشت گردی کے اس المناک سانحے نے بچوں کےعزم کو مزید مضبوط کر دیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ اس قسم کے بزدلانہ اقدام سے دشمن انہیں ڈرا نہیں سکتا۔

  • ضربِ عضب اب قومی آپریشن ہے، میجرجنرل عاصم باجوہ

    ضربِ عضب اب قومی آپریشن ہے، میجرجنرل عاصم باجوہ

    راولپنڈی :ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ ضربِ عضب اب صرف فوجی نہیں بلکہ قومی آپریشن بن گیا ہے، فوجی عدالتوں کا قیام عظیم ترجمہوریت کی جانب ایک قدم ہے۔

    پندرہ جون دوہزار چودہ سے جاری آپریشن ضربِ عضب دہشت گردی کے خاتمے کا آغاز ہے۔

    پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم نے غیرملکی خبررساں ایجنسی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ  ضربِ عضب اب قومی آپریشن کی شکل اختیار کر گیا ہے، آپریشن کے دوران قبائلی علاقہ جات سے باہر پاکستان کے دیگرعلاقوں میں کارروائیوں کرکے چارہزار افراد گرفتار کئے،

    سانحے پشاور سے متعلق انکا کہنا ہے کہ پشاور آرمی پبلک ا سکول حملے کے بعد کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

    میجر جنرل باجوہ نے کہا کہ شدت پسند تنظیموں کی قیادت کا ملک چھوڑ کر افغانستان بھاگ جانا ضربِ عضب کے کارگر ہونے کی دلیل ہے، پشاور حملہ دہشتگردوں کا ردِعمل ہے۔

    پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب شدت پسندی کے خاتمے کے ساتھ مکمل ہوجائے گا،عاصم باجوہ نے کہا کہ فوجی عدالتوں کا قیام عظیم تر جمہوریت کی جانب ایک قدم ہے، جس کا فیصلہ ملک کی سیاسی جماعتوں نے پاکستان کے مفاد میں کیا ہے۔

  • وزیرِاعظم نواز شریف سے باکسرعامر خان کی ملاقات

    وزیرِاعظم نواز شریف سے باکسرعامر خان کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف سے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ملاقات کی اور سانحۂ پشاور کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

    وزیرِاعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران ہیوی ویٹ باکسر عامر خان نے سانحۂ پشاور پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انسدادِ دہشتگردی کے لئے حکومتی اقدامات کی حمایت کی اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لئے اپنے تعاون کی پیش کش کی۔

    عامر خان نے وزیرِاعظم سے پاکستان میں باکسنگ اکیڈمی کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔

    گزشتہ روز باکسر عامر خان نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی تھی، جس کے بعد انہوں نے پشاور کے متاثرہ آرمی پبلک اسکول اور بنوں میں آئی ڈی پیز کے خیموں کا دورہ بھی کیا تھا۔

  • پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان کی آرمی چیف  سے ملاقات

    پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان کی آرمی چیف سے ملاقات

    راولپنڈی: پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان نے آرمی چیف راحیل شریف سے ملاقات کی اور سانحۂ پشاور پر افسوس کا اظہار کیا، ملاقات کے  بعد آرمی پبلک اسکول پشاور کا دورہ بھی کیا، عامر خان کا کہنا تھا کہ سانحۂ پشاور کے دکھ کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔

    پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کے دوران سانحۂ پشاور پر افسوس کا اظہار کیا، آرمی چیف سے ملاقات کے بعد عامر خان نے پشاور میں آرمی پبلک اسکول کا دورہ کیا اور شہداء کی تصاویر دیکھ کر رنج اور دکھ کا اظہار کیا۔

    باکسر عامر خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پشاور اسکول پر حملہ ہمارے مستقبل پر حملہ ہے، عامرخان نے سانحۂ پشاور کےشہداء کے اہلخانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دہشت گردی سے نمٹنا ہے اور بچوں کو ہرصورت تعلیم سے آراستہ کرنا ہے ۔

    عامر خان نے مزید کہا کہ پاکستان پُرامن ملک ہے، یہاں ہر کوئی امن چاہتا ہے۔

  • امریکا پاکستان سے اپنا تعاون جاری رکھے گا،رچرڈاولسن

    امریکا پاکستان سے اپنا تعاون جاری رکھے گا،رچرڈاولسن

    اسلام آباد: امریکی سفیر رچرڈ اولسن کا کہنا ہے کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

    اسلام آباد میں امریکی سفیر رچارڈ اولسن نے وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران سانحۂ پشاور کی تعزیت کی، امریکی سفیر نے سانحۂ پشاور میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس بھی کیا۔

    رچرڈ اولسن کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے آئی ڈی پی کے بحالی اور سیلاب زد گان کی مدد کیلئے ہر ممکن مالی معاونت جاری رہے گی، ملاقات میں نقل مکانی کرنے والوں، سیلاب متاثرین اور دیگرامور پر بات چیت بھی کی گئی۔

  • مختلف شہروں سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری

    مختلف شہروں سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری

    اسلام آباد :پشاور، اسلام آباد اور جڑانوالہ میں پولیس نے سرچ آپریشنز کرتےہوئےغیر ملکیوں سمیت دو سو سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لےلیا ہے، پشاور میں جیوگرافیکل ٹیگنگ کے ذریعے افغان مہاجرین کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔

    دہشتگردی کے خاتمے کا عزم لئے ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک نظر آتے ہیں، سانحۂ پشاور کے بعد مختلف شہروں میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔

    پشاور کے علاقے قاضی کلی میں سرچ آپریشن کے دوران اسی سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، پولیس کے مطابق آپریشن میں خواتین اہلکار بھی شامل تھیں، جن کی مدد سے گھر گھر تلاشی بھی لی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ جیوگرافیکل ٹیگنگ کےذریعے افغان مہاجرین کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں تمام تفصیلات انٹرنیٹ کےذریعےتحقیقات میں مددگارثابت ہوں گی۔

    دوسری جانب اسلام آباد میں آج دوسرے روز بھی مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا، میرآبادی، گولڑہ، سبزی منڈی، افغان بستی میں کارروائی کے دوران دو غیر ملکیوں سمیت تیراسی مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اورمنشیات بھی بر آمد کی گئی۔

    جڑانوالہ میں بھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوبیس افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا، پولیس کے مطابق حراست میں لئے گئےافراد بغیر دستاویزات کے رہائش پذیر تھے۔

  • پشاور:اسکول حملے کا سہولت کار طالبان کمانڈر صدام مارا گیا

    پشاور:اسکول حملے کا سہولت کار طالبان کمانڈر صدام مارا گیا

    پشاور:  آرمی پبلک اسکول پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کا معاون اور اہم طالبان کمانڈر صدام سیکورٹی فورسز سے مقابلہ میں ہلاک ہوگیا ہے۔

    پولیٹیکل ایجنٹ صاحب علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ جمعرات کو تحصیل جمرود کے علاقہ غنڈی میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں ٹی ٹی پی کمانڈر صدام مارا گیا۔

    پولیٹیکل ایجنٹ کے مطابق صدام  سانحہ پشاور میں حملہ آوروں کا سہولت کار اور پولیو ٹیموں پر حملوں کا ماسٹر مائنڈ بھی تھاجبکہ صدام بائیس اہلکاروں کی شہادت میں بھی ملوث تھا۔