Tag: peshawar school attack

  • پشاور بربریت، امریکی صدراوباما کا وزیرِاعظم کو فون

    پشاور بربریت، امریکی صدراوباما کا وزیرِاعظم کو فون

    پشاور: پشاور بربریت پر امریکی صدراوباما نے وزیرِاعظم کو فون کرکے سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے، دہشتگردی کیخلاف کاروائیاں اور پاکستان کی قربانیاں قابلِ تعریف ہیں۔

    امریکی صدر باراک اوبامہ نے وزیرِ اعظم نواز شریف کو فون کیا اور سانحۂ پشاور پر اظہار افسوس کیا ہے، اس سے قبل امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے نواز شریف سے رابطہ کیا اور کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر دہشت گردی کیخلاف جو قربانیاں دی ہیں وہ قابلِ تعریف ہیں اور ہم پاکستان کی مدد جاری رکھیں گے۔

      جان کیری نے سانحۂ پشاور میں معصوم بچوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ غمزدہ لمحات میں امریکی عوام پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں، انھوں نے یقین دلایا کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔

    افسوسناک واقعے پر ترکی اور افغانستان میں بھی سوگ کا اعلان کیا، بھارتی وزیرِاعظم نے نریندر مودی اظہارِ افسوس ہوا، جرمنی، فرانس سمیت عالمی برادری نے بھی مذمت کا اظہار کیا۔

  • پشاور اسکول شہداء کی شہر شہرنمازِ جنازہ

    پشاور اسکول شہداء کی شہر شہرنمازِ جنازہ

    پشاور: آرمی پبلک اسکول میں شہید ہونے والے بچوں اور دوسرے افراد کی نمازِجنازہ کا سلسلہ جاری  ہے، جب کہ ملک میں تین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔

    گزشتہ روز آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں 132 بچوں سمیت کل 141 ہلاکتیں ہوئی ہیں ، ہلاک ہونے والوں میں سات خودکش حملہ آور بھی شامل تھے، آرمی پبلک اسکول پر ہونے والی دہشت گردی کے بعد پشاور شہر سوگوار ہے۔

    شہر کے تمام تعلیمی اداروں کے ساتھ تجارتی اور نجی ادارے بھی بند ہیں ، سانحے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ بھی ادا کی جا رہی ہے۔

    پشاور سانحے میں شہید ہونے والے دو بچوں کی نمازِجنازہ امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق نے پڑھائی ، نمازِ جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔  

    دوسری جانب پشاور سانحے میں شہید ہونے والے بچوں میں چودہ سالہ طیب بھی شامل تھا، جس کو نو گولیاں ماریں گئیں، طیب کا جنازہ اٹھا تو کہرام مچ گیا۔

    اس سے قبل پشاور کور ہیڈ کوارٹر میں شہید طلباء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کردی گئی،آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

  • پشاور کور ہیڈ کوارٹر میں شہید طلباء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا

    پشاور کور ہیڈ کوارٹر میں شہید طلباء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا

    پشاور :کور ہیڈ کوارٹر میں شہید طلباء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کردی گئی، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

     غائبانہ نماز جنازہ میں گورنر، وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا اور فوجی افسران اور جوانوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے، نمازِ جنازہ کے بعد آرمی چیف نے فوجی جوانوں کے ساتھ نعرے لگا کر بلند حوصلے اور پختہ عزم کا اظہار کیا۔

    منگل کو آرمی چیف دورہ کوئٹہ مختصرکر کے پشاور پہنچے تھے۔ جہاں انہوں نے سی ایم ایچ کا دورہ کیا اور زخمی بچوں کی عیادت کی، آرمی چیف کی جانب سے کور ہیڈکوارٹرز پشاور میں وزیرِاعظم نواز شریف کو بریفنگ بھی دی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاورکےآرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں نے ایک سو بتیس بچوں کی جان لے لی، عملے کے نو افرادشہید اور ڈیڑھ سوافراد زخمی ہوئے۔

  • سانحۂ پشاور،غیر ملکی ایئر لائنوں کا پشاور کیلئے اپنا فضائی آپریشن بند

    سانحۂ پشاور،غیر ملکی ایئر لائنوں کا پشاور کیلئے اپنا فضائی آپریشن بند

    پشاور:  سانحہ پشاور واقعے کے بعد دنیا بھر کی غیر ملکی ایئر لائنوں نے پشاور کیلے اپنا فضائی آپریشن عارضی طور پر بند کردیا ہے، کوئی بھی پرواز پشاور کیلئے آپریٹ نہیں کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق غیر ملکی ایئرلائن نے پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو آگاہ کردیا ہے کہ دہشتگردی اور سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر کوئی بھی ایئرلائن پرواز آپریٹ نہیں کرے گی اور پشاور میں اپنے تمام کرو کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسلام آباد منتقل ہوجائیں۔

    دوسری جانب قومی ایئرلائن کے لیز شدہ طیاروں کے کرو نے پشاور فلائٹ آپریٹ کرنے سے انکار کردیا ہے۔

  • پشاور اسکول میں حملہ کرنے والے دہشتگردوں کی تصاویر

    پشاور: آرمی پبلک اسکول میں حملہ کرنے والے دہشتگردوں کی تصاویر اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہیں۔

    پشاور میں ایک اور قیامت گذر گئی، سفاک دہشتگردوں کی تصاویر اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہیں، درندہ صفت دہشتگرد جنہوں نے پشاور کے سینکڑوں گھروں میں صف ماتم بچھا دی،  کئی ماؤں سے ان کے لخت جگر چھین لئے۔

    دہشتگرد سیکیورٹی فورسز سے مقابلے کے بعد ہلاک ہوئے، دہشتگرد تو مارے گئے لیکن ان درندہ صفت انسانوں نے کس جرم کی سزا معصوم بچوں کو دی۔

  • وزیراعلیٰ کے پی کے کی پشاور حملہ میں 104افراد کے شہید ہونے کی تصدیق

    وزیراعلیٰ کے پی کے کی پشاور حملہ میں 104افراد کے شہید ہونے کی تصدیق

    پشاور :وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے پشاور دہشتگردی میں ایک سو چار افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کر دی ہے، جس میں چوراسی بچے شامل ہیں، وزیراعلیٰ کے مطابق دہشتگردوں نے ایف سی کی وردی پہن رکھی ہے۔

    پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ کچھ دیرپہلے تک چار سے پانچ دہشتگرد موجود تھے، دہشت گرد پرنسپل کے کمرے کے پاس موجود ہیں ،جن کے خلاف آپریشن جاری ہے، دہشت گرد ایف سی کی یونیفارم میں آئے تھے۔

    وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے کہا کہ ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ہے جبکہ دو سے تین دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے عمارت کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور آپریشن جاری ہے۔

  • پشاوراسکول حملہ، لیڈی ریڈنگ اسپتال میں افراتفری کا عالم

    پشاوراسکول حملہ، لیڈی ریڈنگ اسپتال میں افراتفری کا عالم

    پشاور: اسکول پر حملے کے بعد لیڈی ریڈنگ اسپتال میں افراتفری کا عالم دیکھا گیا، ڈاکٹرز زخمیوں کی زندگی بچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں،اسپتال عملے نے شہریوں سے خون کےعطیات کی اپیل کی ہے۔  پشاور فائرنگ کی خبر سنتے ہی والدین دیوانہ وار اسکول پہنچ گئے۔

    پشاور کے اسکول میں دہشتگردوں کے حملے نے آن کی آن درجنوں معصوم طلبہ کو خون میں نہلادیا، واقعے کے بعد شہر میں ایمبولینسیں دوڑتی نظر آئیں، زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لئے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا، ہر طرف افراتفری کے مناظر اور بس چیخ و پکار تھی، بچوں کو تیار کرکے اسکول بھیجنے والے والدین اپنے جگر گوشوں کی تلاش میں اسپتال پہنچے۔

    غم سے نڈھال باپ نے فوج کو مدد کیلئے پکار لیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ماں باپ کی بیس بیس سال کی کمائی، بیس منٹ میں لٹ گئی ہے
    پشاور کے نجی اسکول میں سید طاہرعلی کے پڑھنے والے دو بھتیجوں میں ایک کی لاش مل گئی، انکا کہنا تھا کہ میں اس جنازے کا کیا کروں گا، ماں باپ کی بیس بیس سال کی کمائی، بیس منٹ میں لٹ گئی ہے۔

    طاہرعلی نے شکوہ کیا کہ حکمرانوں کی طرح ہمارے بچوں کو سیکیورٹی کیوں نہیں ملتی۔

      اسپتال میں جا بجا رقت آمیز مناظر ہیں، جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کے لواحقین شدت غم سے نڈھال تھے۔

  • پشاور اسکول حملہ،وزیرِاعظم سمیت سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی مذمت

    پشاور اسکول حملہ،وزیرِاعظم سمیت سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی مذمت

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف نے پشاور میں اسکول کے بچوں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مزمت کی ۔

    وزیراعظم نے وزیرِداخلہ چوہدری نثار کو ٹیلی فون کیا اور گورنر کے پی کے سے رابطے کرنے اور صوبائی حکومت سے ہر ممکن تعاون کرنے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے سیکیورٹی فورسز کو بچوں کو بحفاظت بازیاب کرنے کی ہدایت کی ۔

    وزیراعلٰی شہباز شریف نے اسکول پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی، پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور طاہر القادری نے کہا کہ معصوم بچوں پر دہشتگرد حملہ بدترین سفاکیت ہے۔

    مسلم لیگ ق کے چودھری شجاعت اور پرویز الٰہی نے کہا کہ معصوم طلبہ کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا نہایت افسوسناک ہے، امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ حملہ مستقبل کے معماروں کو نقصان پہنچانا ہے ۔

    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ دہشتگردوں کا حملہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے، اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے بھی آرمی پبلک اسکول پر حملے کی مذمت کی، سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشتگرد ملک اور تعلیم کے دشمن ہیں۔

    اہلسنت و الجماعت کے پی کے کے صدر عطاء محمد دیشانی ، وحدت المسلمین ، متحدہ علماء کونسل کے راجا ناصر عباس اور طاہر محمود اشرفی نے حملہ اسکول پر نہیں تعلیم اور انسانیت پر قرار دیا ۔

    تحفظ عزاداری کونسل رحیم جعفری اور آئی ایس او کے مرکزی صدر تہور عباس حیدری نے بھی اسکول پر حملے کی مزمت کی۔