Tag: peshawar

  • عدالت نے دریائے کابل سے متعلق اہم حکم جاری کر دیا

    عدالت نے دریائے کابل سے متعلق اہم حکم جاری کر دیا

    پشاور: ہائی کورٹ نے دریائے کابل سے متعلق اہم حکم جاری کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر دریا کے کناروں کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج پشاور ہائی کورٹ میں دریائے کابل سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سماعت چیف جسٹس قیصر رشید خان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔

    چیف جسٹس نے سیکریٹری ایریگیشن سے استفسار کیا سیکریٹری صاحب آپ کو پتا ہے کہ آپ کو عدالت نے کیوں بلایا ہے؟ سیکریٹری نے جواب دیا جی مجھے معلوم ہے۔

    چیف جسٹس نے سوال کیا، کیا آپ نے دریائے کابل کا دورہ کیا ہے اور دریا کے کنارے کی حالت دیکھی ہے؟ سیکریٹری نے جواب دیا کچھ دن ہوگئے میں نے آفس سنبھالا ہے، ماضی میں اس کے لیے اتنا کام نہیں ہوا۔ چیف جسٹس نے کہا ماضی میں کام ہوا ہی نہیں، اس عدالت نے نوٹس لیا تو اب ایریگیشن والوں کو خیال آیا۔

    چیف جسٹس نے کہا دریا دن بہ دن خشک ہو رہے ہیں، دریاؤں کے کناروں کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے ہوں گے، یہ اتنہائی سنجیدہ مسئلہ ہے اس کو ایسے نہیں چھوڑ سکتے، ضرورت محسوس ہوئی تو وزیر اعلیٰ اور چیف سیکریٹری کو بھی طلب کریں گے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ موٹر وے سے گزرتے ہوئے کیا سرکاری افسران ادھر ادھر نہیں دیکھتے؟ چیف سیکریٹری کیا کر رہے ہیں؟ سرکاری افسران جب باہر نکلتے ہیں تو انھیں دیکھنا چاہیے کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے۔

    عدالت نے سیکریٹری کو حکم دیا کہ دریائے کابل کا وزٹ کریں، اور دریا کے کناروں کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کریں، کناروں کو قبضہ مافیا سے بھی محفوظ بنائیں۔

    عدالت نے سیکریٹری ایریگیشن کو دریائے کابل کا دورہ کر کے دریا کے کنارے کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے اور رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

  • پشاور میں نامعلوم مسلح  افراد کی فائرنگ سے  اے ایس آئی شہید

    پشاور میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے اے ایس آئی شہید

    پشاور : خیبر پختونخواہ کے دارلحکومت پشاور میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے اے ایس آئی کو شہید کردیا ، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے ملزموں کی تلاش شروع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقہ وی او تھانخ خزانہ کی حدود میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کرکے اے ایس آئی امجد کو شہید کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اے ایس آئی امجد شبقدر سے ڈیوٹی کیلئے پشاور آرہا تھا کہ مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائر کھول دیا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے ملزموں کی تلاش شروع کردی اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے دو روز قبل کراچی میں سپرہائی وے کے قریب فلیٹ میں فائرنگ کے نتیجے میں اےایس آئی جاں بحق ہوگیا تھا ، پولیس نے دوسری بیوی اورسوتیلا بیٹے کے قتل میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا تھا۔

    خیال رہے پشاور میں سینٹرل جیل کے سامنے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی انسپکٹر خوشدل شہید ہوگئے جبکہ ان کا گین مین زخمی ہوگیا۔

  • ‘سیوریج لائن خرابی پر عدلیہ، گورنر اور اسپیکر ہاؤسز پر جرمانہ’

    ‘سیوریج لائن خرابی پر عدلیہ، گورنر اور اسپیکر ہاؤسز پر جرمانہ’

    پشاور: گلیات میں غیر قانونی تعمیرات اور دریاؤں کے کنارے تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالت کو اداروں کی کارکردگی کے حوالے سے بتایا گیا کہ سیوریج لائن کی خرابی پر عدلیہ، گورنر اور اسپیکر ہاؤسز پر بھی جرمانہ کیا جا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کے لیے ایڈیشنل کمشنر ہزارہ، ڈی جی گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، اے سی ایبٹ آباد، ڈی سی سوات اور سپرنٹنڈنٹ انجنیئر محکمہ آب پاشی سوات اور اے اے جی سید سکندرحیات شاہ، بابر خان یوسفزئی ایڈوکیٹ اور دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔

    چیف جسٹس قیصر رشید خان نے استفسار کیا کہ گلیات میں بلڈنگز بن رہی ہیں ان کی سیوریج کے لیے کچھ انتظامات ہیں یا نہیں، ایسا نہ ہو کہ عمارتوں کی سیوریج لائنز جنگل میں جا رہی ہوں اور اس سے ماحول متاثر ہو، سیاحت کو فروغ دیں اچھی بات ہے، لیکن ماحول متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

    اے سی ایبٹ آباد نے عدالت کو بتایا کہ گلیات میں جہاں پر غیر قانونی عمارتیں یا بلڈنگ بن رہی ہیں ان پر پابندی لگائی گئی ہے اور انھیں سیل کیا گیا ہے۔

    ڈی جی گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی رضا علی حبیب نے بتایا کہ جہاں پر بھی سیوریج یا پانی کے پائپ خراب تھے، ان پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے، گورنر ہاؤس اور اسپیکر ہاؤس کے سیوریج پائپ خراب تھے ان کو بھی جرمانہ کیا ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا بہت اچھا کیا ہے جوڈیشری میں بھی کوئی خلاف وزری کرے تو ان کو بھی جرمانہ کریں۔ ڈی جی نے کہا جوڈیشری کو بھی خلاف وزری پر جرمانہ کیا گیا ہے، خلاف وزری کرنے والوں کو نہیں چھوڑا گیا۔ چیف جسٹس نے کہا سب کے ساتھ ایک جیسا سلوک کریں گے تو پھر کسی کو مسئلہ نہیں ہوگا، منظور نظر افراد کے ساتھ رعایت کریں گے تو پھر مسائل ہوں گے۔

    اے سی ایبٹ آباد نے بتایا کہ ہرنوئی ندی کے کنارے تعیرات کی اجازت ٹی ایم اے اور محکمہ آب پاشی نے دی تھی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ٹی ایم اے کے کرپٹ افسران کی وجہ سے کام خراب ہے، ٹی ایم اے نے کوئی غلطی کی ہے تو اس کو اب ٹھیک بھی کرے ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ آپ بھی ویسے ہی چھوڑ دے۔

    ایڈیشنل کمشنر ہزارہ نے بتایا جھیل سیف الملوک کو صاف کر دیا ہے، جنریٹر بوٹس اور مچھلی کے غیر قانونی شکار پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے بتایا کہ دریائے سوات کے کنارے جو بھی غیر قانونی تعمیرات اور مائیننگ ہو رہی تھی اس پر پابندی لگا دی گئی ہے، بونیر میں ماربل سٹی بن رہا ہے اس کے لیے پی سی ون تیار ہے، ایک ہزار کنال زمین بھی حاصل کی گئی ہے۔

    سپرنٹنڈنٹ انجنئیر محکمہ آب پاشی سوات نے بتایا کہ 2010 کے سیلاب کی وجہ سے دریائے سوات کو بہت نقصان پہنچا ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا دریائے سوات کا جو حلیہ بگاڑ دیا گیا ہے تو اس کواب ٹھیک کریں، صوبائی حکومت نے دریائے سوات کے لیے 2.5 بلین، دریائے پنجگوڑہ کے لیے 2 بلین اور دریائے کنہار کے لیے 500 ملین روپے جاری کیے ہیں، اب کوئی غیر قانونی کام نہیں ہونا چاہیے۔

    عدالت نے متعلقہ حکام سے پیش رفت کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 14 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس قیصر رشید خان اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔

  • پشاور ڈینگی کیسز: ضلعی افسر ہیلتھ کو عہدے سے ہٹانے، انکوائری کا فیصلہ

    پشاور ڈینگی کیسز: ضلعی افسر ہیلتھ کو عہدے سے ہٹانے، انکوائری کا فیصلہ

    پشاور: وزیر اعلیٰ محمود خان نے پشاور میں ڈینگی کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ناقص کارکردگی پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پشاور کو عہدے سے ہٹانے اور انکوائری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کی زیر صدارت ڈینگی صورت حال کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں معاون خصوصی کامران بنگش، پشاور سے منتخب اراکین اسمبلی اور چیف سیکریٹری کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ڈینگی کے تدارک کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ صوبے میں پہلی بار 37 اینٹامولوجسٹ بھرتی کیے گئے ہیں، وزیر اعلیٰ نے عوامی نمائندوں اور متعلقہ اداروں پر مشتمل کوآرڈینیشن کمیٹی بنانے کی ہدایت جاری کی۔

    اجلاس میں ڈینگی کے تدارک کے لیے گھر گھر مہم اور عوامی آگہی کے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، محمود خان نے ہدایات دیتے ہوئے کہا صوبے بھر میں ڈینگی تشخیصی ٹیسٹ مفت کیے جائیں، اور عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر ڈینگی سے متاثرہ علاقوں میں اقدامات کو مؤثر بنایا جائے، اور ان کے ساتھ ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے۔

    انھوں نے کہا ڈینگی تدارک کے لیے محکمہ صحت، بلدیاتی ادارے، ڈبلیو ایس ایس پی باہمی اشتراک سے اقدامات تیز کریں، اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا ڈینگی وبا سے شہریوں کا تحفظ حکومت کی پہلی ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے تمام ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔

    انھوں نے کڈنی سینٹر کے لیے بھی دو دن میں فنڈز جاری کیے جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو ادویات کی فراہمی کا عمل بلا تعطل جاری رہ سکے۔

  • ڈھائی ہزار قیدیوں‌ نے ڈگریاں حاصل کر لیں

    ڈھائی ہزار قیدیوں‌ نے ڈگریاں حاصل کر لیں

    پشاور: سینٹرل جیل پشاور کے ڈھائی ہزار کے قریب قیدیوں‌ نے پڑھ لکھ کر ڈگریاں‌ حاصل کر لیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل پشاور میں 2434 قیدیوں نے ڈگریاں حاصل کر لی ہیں، 528 قیدیوں نے میٹرک کر لیا ہے، جب کہ 273 قیدیوں نے ایف اے پاس کر لیا۔

    سینٹرل جیل کے قیدیوں میں 106 نے بی اے اور 12 قیدیوں نے ماسٹر ڈگری بھی حاصل کی ہے۔

    واضح رہے کہ سینٹرل جیل پشاور میں قیدیوں کو دینی اور دنیاوی دونوں تعلیم دی جا رہی ہے، جیل میں قیدیوں کے لیے ایک بڑی لائبریری بھی موجود ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس سینٹرل جیل پشاور میں ملک کا پہلا پریزن انڈسٹریل بیسمنٹ بھی بنایا گیا تھا، اس بیسمنٹ کی تعمیر کا مقصد چھوٹی صنعتوں کا قیام عمل میں لانا تھا، جہاں قیدیوں کو مختلف کارخانوں میں کام کرنے کے مواقع کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں ٹریننگ بھی دی جاتی ہے۔

  • پشاور ایئرپورٹ کے اندر حادثہ

    پشاور ایئرپورٹ کے اندر حادثہ

    پشاور: باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے اندر حادثہ پیش آیا ہے، پی آئی اے کی ایک گاڑی بورڈنگ برج سے ٹکرا گئی۔

    تفصیلات کے مطابق باچاخان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر قومی ایئر لائن کی گاڑی بورڈنگ برج سے ٹکرانے سے ہنگامی اخراج کی سیڑھیوں کو نقصان پہنچا۔

    ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی گاڑی جہاز سے سامان لوڈ کر کے واپس آ رہی تھی، اس دوران گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر برج سے ٹکرا گئی۔

    ایئر پورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کو ویجلینس نے حراست میں لے لیا ہے، اور ان کا کارڈ بھی ضبط کر لیا گیا ہے، ان پر پشاور ایئرپورٹ میں داخلے پر پابندی بھی لگا دی گئی ہے، دوسری طرف پی آئی اے انتظامیہ نے بھی واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

    قومی ایئر لائن کے ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے، اور حادثے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جائے گی۔

    لاہور ایئرپورٹ کے رن وے پر کارگو طیارے کے ٹائرپھٹنے کے واقعے کی تحقیقات کا حکم

    یاد رہے کہ چند دن قبل لاہور ایئر پورٹ پر ایک غیر ملکی کارگو طیارے کے ٹائر پھٹنے سے رن وے پر آپریشن معطل ہو گیا تھا، جہاز میں سامان بھرا ہونے کی وجہ سے ٹائر تبدیل نہیں کیے جا سکتے تھے، جس پر سامان اتارنے کے بعد جہاز رن وے سے ہٹایا گیا تھا۔

     

  • دبئی جانے والے مسافر سے 50 ہزار سعودی ریال برآمد

    دبئی جانے والے مسافر سے 50 ہزار سعودی ریال برآمد

    پشاور: باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک شخص ہزاروں سعودی ریال اسمگل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ایئر پورٹ پر 50 ہزار سعودی ریال کی اسمگلنگ ناکام بنا دی گئی، کارروائی ایئر پورٹس سیکیورٹی فورس نے کی۔

    اے ایس ایف اہل کاروں نے نجی ایئر لائن سے دبئی جانے والے مسافر سے پچاس ہزار سعودی ریال برآمد کیے، مسافر عادل احمد نے یہ رقم اپنے دستی سامان میں چھپا رکھی تھی۔

    اے ایس ایف کے عملے نے مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران ریال برآمد کیے، ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ رقم سمیت مزید کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

    3 غیر ملکیوں سمیت 10 منشیات اسمگلرز گرفتار

    واضح رہے کہ آج اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کارروائیاں کر کے 3 غیر ملکیوں سمیت 10 منشیات اسمگلرز کو گرفتار کیا ہے۔

    اے این ایف انٹیلیجنس نے کارروائیوں میں 595 کلوگرام ہیروئن اور 5.033 کلوگرام کوکین برآمد کی، گرفتار اسمگلرز میں 3 ویسٹ افریقن باشندے بھی شامل تھے، اور ان میں ایک عورت بھی تھی۔

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور پر ایتھوپیا سے آنے والی مغربی افریقی خاتون سے جب 1.393 کلوگرام کوکین برآمد ہوئی، تو اس کیس کے تعاقب میں اے این ایف نے فیصل آباد ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 2 غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کیا۔

    ایک اور کارروائی میں اے این ایف انٹیلیجنس کی سری لنکن سیکیورٹی حکام کو فراہم کی جانے والی خفیہ معلومات کے نتیجے میں کھلے سمندر میں 2 کشتیوں سے مجموعی طور پر 595 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی، اور 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

  • بی آر ٹی میں سفر کے لیے آج سے اہم شرط

    بی آر ٹی میں سفر کے لیے آج سے اہم شرط

    پشاور: بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) میں سفر کے لیے اہم شرط عائد کر دی گئی، آج سے ان بسوں میں سفر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ سے مشروط ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ٹرانس کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی میں سفر کرونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ سے مشروط کر دیا گیا ہے۔

    آج سے کرونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھا کر ہی بی آر ٹی میں سفر کیا جا سکے گا، ترجمان ٹرانس کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسینیشن سرٹیفیکٹ نہ ہونے پر سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ترجمان نے بتایا کہ حکومتی احکامات پر بی آر ٹی میں 20 ستمبر تک ویکسینیشن کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی، جو آج ختم ہو گئی ہے، فیصلے کے مطابق کرونا ویکسینیشن کی ایک ڈوز والے مسافر بی آر ٹی میں سفر کر سکیں گے۔

    پشاور: بی آر ٹی کی کامیابی کے بعد پرانی بسوں کو اسکریپ کرنے کا کام تیزی سے جاری

    واضح رہے کہ خیبر پختون خواہ کے دارالحکومت میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبہ شروع ہونے کے بعد پرانی ویگنوں اور ڈبلیو گیارہ بسوں میں عوامی سواری کا رجحان تقریباً ختم ہوگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بی آر ٹی پشاور کا ڈبلیو گیارہ بسیں اور پرانی فورڈ ویگنوں کو کباڑ (اسکریپ) کرنے کا منصوبہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ ٹرانس پشاور کے ترجمان محمد عمیر خان کے مطابق بی آر ٹی جیسے جدید سفری سہولت کے بعد صوبائی دارالحکومت پشاور میں چلنے والی پرانی دھواں چھوڑنے والی بوسیدہ ڈبلیو گیارہ ٹائپ منی بسوں اور ویگنوں کو مرحلہ وار اسکریپ کرنے کا سلسلہ جاری ہے، اور اب تک 226 پرانی بسوں اور ویگنوں کو اسکریپ کیا جا چکا ہے۔

  • پشاور : سی این جی اسٹیشن پر رکشہ میں دھماکا، 4 افراد زخمی

    پشاور : سی این جی اسٹیشن پر رکشہ میں دھماکا، 4 افراد زخمی

    پشاور: کوہاٹ روڈ پر سی این جی اسٹیشن پر رکشہ کا سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    تھانہ رحمان بابا کی حدود کوہاٹ اڈے کے قریب سی این جی فلنگ اسٹیشن میں رکشہ میں سی این جی ڈلواتے ہوئے سلنڈر زورداردھماکے سے پھٹ گیا جس میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور  دراز علاقوں تک سنی گئی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، واقعے کے بعد پولیس اور قانان نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

    واقعہ کے بعد ریسکیو اہلکاروں کو اطلاع دی گئی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

  • پشاور ہائیکورٹ کا فواد چوہدری، فردوس عاشق کو پیشی کا حکم

    پشاور ہائیکورٹ کا فواد چوہدری، فردوس عاشق کو پیشی کا حکم

    پشاور: ہائی کورٹ کے بینچ نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور فروس عاشق اعوان کو توہین عدالت کیس میں آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں فواد چوہدری اور سابق معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو آئندہ سماعت پر عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے اور جواب جمع کرنے کا تحریر حکم جاری کر دیا۔

    پرویز مشرف سنگین غداری کیس کا فیصلہ آنے کے بعد وفاقی وزرا نے اسلام آباد کے خصوصی عدالت کے جج جسٹس وقار احمد سیٹھ کے خلاف توہین آمیز پریس کانفرس کی تھی۔

    توہین عدالت کیس کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے عدالت نے قرار دیا کہ بار بار نوٹس کے باوجود فریق نمبر 5 فواد چوہدری اور فریق نمبر 6 فردوس عاشق اعوان عدالت میں پیش نہیں ہو رہے۔

    ان کے وکلا کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ وفاقی وزیر کابینہ اجلاس میں مصروف ہیں، جب کہ دوسرا فریق لاہور میں مصروف ہیں، اس لیے وہ حاضر نہیں ہوئے، تاہم عدالت نے فریقین کے وکلا کی استدعا کو غیر تسلی بخش قرار دے کر مسترد کر دیا، اور حکم جاری کیا کہ دونوں فریق آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہوں۔

    عدالت نے قرار دیا کہ فریق 2 وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، فریق 3 بیرسٹر شہزاد اکبر اور فریق 4 سابق اٹارنی جنرل انور منصور ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر معافی مانگ چکے ہیں، اور حاضری سے استثنیٰ کے لیے تحریری درخواستیں دے کر خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑا ہے، یہ عدالت فریق 5 اور 6 کو 19 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتی ہے۔

    سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کی جانب سے پھانسی کی سزا سنائے جانے کے بعد وفاقی وزرا کی جانب سے خصوصی عدالت کے جج چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ (مرحوم) جسٹس وقار احمد سیٹھ کے بارے میں توہین آمیز پریس کانفرنس کرنے پر پشاور ہائیکورٹ میں دائر توہین عدالت درخواستوں پر جسٹس روح الامین اور جسٹس مسز مسرت ہلالی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔

    سابق وفاقی وزیر اور سابق معاون خصوصی اطلاعات پنجاب حکومت فردوس عاشق اعوان کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں کل شام فون کال پر عدالتی نوٹس کا پتا چلا، فواد چوہدری اور فردوس عاشق اعوان کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا عدالتی نوٹس نہیں ملا، اس وجہ سے وہ پیش نہیں ہوئے۔

    جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیے کہ فواد چوہدری کو نوٹس کیسے نہیں ملا، میڈیا، اخبارات، سوشل میڈیا سب پر یہ خبریں چلتی ہیں، ان کو کیسے نہیں پتا، جسٹس مسز مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ اگر نوٹس نہیں ملا تھا تو پھر آپ لوگ عدالت میں کیوں پیش ہوئے۔

    جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے 3 بار نوٹس جاری کیا، یہ پھر بھی پیش نہیں ہوئے، یہ جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہوتے، کیوں ان کو عدالت میں پیش ہونے میں شرم آتی ہے، ایسا ہے تو انھیں کہیں کہ اپنا منہ بند رکھا کریں، اگر نہیں رکھ سکتے تو پھر عدالت میں پیش ہوں، ان لوگوں نے پریس کانفرنس میں توہین آمیز زبان استعمال کر کے پوائنٹ اسکورنگ کی اور کسی کو اپنا جذبہ دکھانے کی کوشش کی ہے۔

    جسٹس مسز مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ حاضر سروس چیف جسٹس کے خلاف ایسی توہین آمیز زبان کا استعمال ناقابل برداشت ہے۔ جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر، اٹارنی جنرل اور ایک سنیئر وکیل سے کوئی کیسے یہ توقع کر سکتا ہے کہ وہ جج کے لیے ایسی زبان استعمال کرے گا، جب اٹارنی جنرل اور وکیل عدالتوں کا احترام نہیں کریں گے تو پھر کون کرے گا۔

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر جاوید نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، معان خصوصی احتساب شہزاد اکبر اور سابق اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہو کر معافی مانگ چکے ہیں، انھوں نے تحریری طور پر معافی نامہ بھی جمع کیا، عدالت فروغ نسیم کو حاضری سے استثنیٰ دے چکی ہے، شہزاد اکبر اور انور منصور کی استثنیٰ درخواست بھی منظور کی جائے۔

    درخواست گزار وکیل عزیز الدین کاکا خیل نے کہا فواد چوہدری اور فردوش عاشق بار بار عدالتی نوٹس کے باوجود پیش نہیں ہو رہے، یہ اب دوبارہ توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی مشرف فیصلہ آنے کے بعد پریس کانفرس کی تھی لیکن انھوں جج کے بارے میں کوئی ایسی بات نہیں کی، مسلم لیگ کے نہال ہاشمی، طلال چوہدری نے توہین عدالت کی تو عدالت نے معافی مانگنے کے باوجود انھیں سزا دی، وفاقی وزرا نے بھی توہین عدالت کی ہے ان کو معافی نہ دی جائے۔

    جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیے کہ فروغ نسیم، شہزاد اکبر اور سابق اٹارنی جنرل توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر معافی مانگ چکے ہیں، تاہم ان کی معافی کو قبول کرنا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ عدالت خود کرے گی۔

    وفاقی وزیر فواد چوہدری اور فردوس عاشق اعوان کے وکلا نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے مؤکل آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں گے، اس لیے عدالت ان کے وارنٹ جاری نہ کرے، جس پر جسٹس روح الامین نے کہا کہ ہم آرڈر لکھ رہے ہیں وہ پھر آپ دیکھ لیں۔