Tag: peshawar

  • پشاور: دو یونیورسٹیوں میں غیرقانونی بھرتیوں کا انکشاف

    پشاور: دو یونیورسٹیوں میں غیرقانونی بھرتیوں کا انکشاف

    پشاور : صوابی یونیورسٹی اور ویمن یونیورسٹی صوابی میں غیرقانونی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے، انسپکشن ٹیم نے قائم مقام وائس چانسلر مکرم شاہ کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    انسپکشن ٹیم نے ویمن یونیورسٹی اور صوابی یونیورسٹی کے رجسٹرار کے نام مراسلہ ارسال کیا ہے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ریگولر اور کنٹریکٹ بنیادوں پر ہونے والے تمام بھرتیوں کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔

    مراسلہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ بھرتیوں سے قبل اسامیوں کی تخلیق اور بجٹ سے متعلق تفصیلات اس کے علاوہ کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

    انسپکشن ٹیم کی جانب سے یونیورسٹیز کے رجسٹرار کے نام لکھے گئے مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ گریڈ 18کے افسر کے ذریعے 4دن کے اندر تمام تفصیلات جمع کرکے دی جائیں۔

    پشاور یونیورسٹی میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف

    واضح رہے کہ پشاور کی یونیورسٹی میں5 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا تھا، دستاویزات فراہم نہ کرنے پر ایک ارب17 کروڑ سے زائد نقصانات کی نشاندہی کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور یونیورسٹی کی آڈٹ رپورٹ میں5 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں آڈٹ اعتراضات سال 20-2019 پر لگائے گئے۔

    آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں 5 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد کے 52 آڈٹ اعتراضات کیے گئے، دستاویزات فراہم نہ کرنے پر 1 ارب 17 کروڑ سے زائد نقصانات کی نشاندہی کی گئی۔

  • پشاور: مشین اور میٹر کے بغیر ٹیکسیوں کو ایک ماہ کی مہلت

    پشاور: مشین اور میٹر کے بغیر ٹیکسیوں کو ایک ماہ کی مہلت

    پشاور: خیبر پختون خوا میں مشین اور میٹر کے بغیر ٹیکسیوں کو قانون کے دائرے میں آنے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا حکومت نے یلو کیب ٹیکسی گاڑیوں کو قانون کے دائرے میں لانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس سلسلے میں یلو کیب ٹیکسیوں کے مالکان کو گاڑیوں میں مشینیں اور میٹرز لگانے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

    محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختون خوا کی جانب سے جاری اعلامیے میں وضاحت کی گئی ہے کہ ٹیکسی میں میٹرز لگانے سے سواریوں کو فی کلو میٹر فاصلہ معلوم ہو سکے گا۔

    محکمے نے حکم دیا ہے کہ ٹیکسی ڈرائیور فاصلے اور کلومیٹر کے حساب سے کرایے وصول کریں گے، اور سواریوں کو کرایوں کی مشینوں کے ذریعے رسید دی جائے گی۔

    اعلامیے کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ نے تمام ٹیکسی گاڑیوں کے مالکان کو ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی ہے، ایک ماہ بعد پشاور سمیت بڑے شہریوں میں بغیر مشین اور میٹرز ٹیکسیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔

    یاد رہے کہ 2015 میں محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ خیبر پختون خوا نے عوام کی سہولت کے لیے یلو کیب ٹیکسی کو پشاور اربن ایریا میں چند ایک قانونی قواعد و ضوابط کے ساتھ فریش روٹ پرمٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • ون ڈے سیریز پر چھائی غیر یقینی ختم، افغان کرکٹ ٹیم آج پشاور پہنچے گی

    ون ڈے سیریز پر چھائی غیر یقینی ختم، افغان کرکٹ ٹیم آج پشاور پہنچے گی

    کراچی: پاکستان اور افغانستان کے درمیان ون ڈے سیریز کی تعطلی کے بادل چھٹ گئے، افغان ٹیم آج پشاور پہنچ رہی ہے۔

    افغان میڈیا کے مطابق پاکستان سے ون ڈے سیریز کی میزبان افغانستان کرکٹ ٹیم آج پشاور پہنچےگی، افغانستان کرکٹ ٹیم پشاور سےاسلام آباد اور براستہ دبئی کولمبو پہنچےگی۔

    افغان میڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کوآمد سےمطلع کردیا گیا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز اگلے ماہ کی تین، پانچ اور آٹھ تاریخ کو سری لنکا کے شہر ھمبن ٹوٹامیں کھیلی جائےگی۔

    اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں بتایا تھا کہ پاکستان نےافغانستان کرکٹ ٹیم کو ویزےجاری کردیئے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ دعا کرتےہیں کہ افغان کرکٹ ٹیم اپنےعوام کےچہروں پرمسکراہٹیں لائیں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل افغانستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کیلئے حکمت عملی بنائی تھی، پلان بی کے تحت افغان کھلاڑی پاکستان کے راستے دبئی پھر سری لنکا جاسکتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: پاک افغان سیریز کے لیے پلان بی تیار

     

    دوسری جانب سری لنکا میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث 10 دنوں کے لیے مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے، پاکستان اور افغانستان کی سیریز کے لیے حکومت کی اجازت درکار ہوگی۔

    سیریز کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کو سری لنکا میں تین روز کا قرنطینہ کرنا ہوگا۔

  • پشاور: ملازمین کو ویکسین نہ لگانے پر ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز کے خلاف بڑی کارروائی

    پشاور: ملازمین کو ویکسین نہ لگانے پر ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز کے خلاف بڑی کارروائی

    پشاور: خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور میں اسٹاف کو کرونا ویکسین نہ لگانے پر متعدد ریسٹورنٹس اور شاپنگ مالز سیلز کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں ہوٹلز اور ریسٹورنٹس اسٹاف کے لیے کرونا وائرس کی ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے، جس کے بعد کرونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ پشاور نے ملازمین کو کرونا ویکسین نہ لگانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے صدر میں مشہور الیکٹرانکس شاپ، چارسدہ روڈ پر 4 ریسٹورنٹس اور 2 شاپنگ مالز کو سیل کر دیا ہے۔

    انتظامیہ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 12 دکانیں بھی سیل کر دیں، جب کہ 33 دکان داروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر پشاور نے بتایا کہ کرونا وائرس خطرناک ہے، عوام اور تاجر برادری ایس او پیز پر عمل کر کے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں انتظامیہ کی مدد کریں۔ انھوں نے کہا تاجر برادری خود بھی ویکسین لگائے اور اپنے اسٹاف کو بھی جلد از جلد کرونا ویکسین لگائے، جو ویکسین نہیں لگائے گا ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ رات بھی کارروائی کرتے ہوئے اسٹاف کو کرونا ویکسین نہ لگانے پر 118 افراد کو گرفتار کیا تھا۔

  • پشاور میں انٹر نیشنل باکسنگ میلہ سج گیا

    پشاور میں انٹر نیشنل باکسنگ میلہ سج گیا

    پشاور: صوبائی دارالحکومت میں انٹرنیشنل باکسنگ کا میلہ آج سجے گا، ایونٹ میں پاکستان، افغانستان اور ایران کے بہترین باکسر شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کے تعاون سے انٹرنیشنل پروفیشنل باکسنگ مقابلوں کا میلہ آج قیوم اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں سجے گا جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور کھلاڑی پشاور پہنچ چکے ہیں، پشاور آمد پر ملکی و غیر ملکی باکسرز کا شاندار استقبال کیا گیا۔

    ڈائریکٹرجنرل اسپورٹس اسفندیار خان خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانیوالے ان مقابلوں میں پاکستان کے مختلف شہروں سمیت افغانستان اور ایران کیساتھ دوسری ممالک سے باکسرز حصہ لینگے۔

    ایشین باکسنگ چیمپئن عثمان وزیر ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بے حد خوش ہیں، میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور خصوصاخیبر پختونخوا میں باکسنگ کے حوالے سے کافی ٹیلنٹ موجود ہے، اس ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے مواقع مہیا کرنا چاہئے۔

    باکسرعثمان وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں انٹرنیشنل پروفیشنل باکسنگ کا انعقاد سنگ میل ثابت ہوگا۔

    پاکستان کے کامران خان مین فائٹ میں افغان حریف حامد خان سے ٹکرائیں گے، کو مین فائٹ میں پاکستان کے یامین کا مقابلہ افغانی حریف ہارون سے ہوگا۔

  • ایمانداری کا صلہ : نائب قاصد ائیرپورٹ مینجر بن گیا

    ایمانداری کا صلہ : نائب قاصد ائیرپورٹ مینجر بن گیا

    پشاور : باچاخان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سول ایوی ایشن نے نئی مثال قائم کردی، ادارے کے ملازم کو ریٹارمنٹ پر انوکھے اور منفرد انداز میں رخصت کیا گیا۔

    باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایک نئی روایت کا آغاز کرتے ہوئے ادارے کے عہدیداروں نے فرض شناس اور دیندار نائب قاصد محمد جعفر کو ریٹائرمنٹ پر انوکھے انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔

    سینئرایڈیشنل ڈائریکٹر عبیدالرحمن عباسی نے 35 سال سے اپنی ڈیوٹی مکمل ایمانداری اور فرض شناسی کے کرنے کے صلے میں نائب قاصد کو ایک دن کے لئے اعزازی طور ائیرپورٹ مینجر بنادیا۔

    اس موقع پر سینئرایڈیشنل ڈائریکٹر عبیدالرحمن عباسی کا کہنا تھا کہ مدت ملازمت پوری کرنے والے سی اے اے کے نائب قاصد محمد جعفر نے دوران ملازمت فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ محمد جعفر نے دوران ملازمت اپنی ڈیوٹی کے دوارن اپنے فرائض بہت خوش اسلوبی سے انجام دیئے، 35سال ملازمت کے دوران ہمیں ان کیخلاف کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

    ملازمت کے آخری روز چھوٹی سی پروقار تقریب کے بعد نائب قاصد محمد جعفر کو نہایت عزت اور اعزاز کے ساتھ سرکاری گاڑی میں رخصت کیا گیا۔

  • پشاور: ایک ہی گھر کے سات افراد کا قتل : واردات کا ڈراپ سین، ملزم گرفتار

    پشاور: ایک ہی گھر کے سات افراد کا قتل : واردات کا ڈراپ سین، ملزم گرفتار

    پشاور : چمکنی میں ایک ہی گھر میں فائرنگ سے خاندان کے 7 افراد کے قتل کا معمہ پولیس نے حل کرلیا، کوئی اور نہیں گھر کا سربراہ ہی اس گھناؤنے جرم میں ملوث نکلا۔

    تفصیلات کے مطابق چار روز قبل پشاور کے علاقے چمکنی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر میں فائرنگ کرکے ایک ہی خاندان کے7 افراد کو قتل کر دیا تھا اس واردات کا پولیس نے ڈراپ سین کردیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں ہونے والی فائرنگ سے 7افراد کے قتل کا کیس حل کرلیا گیا ہے، واردات میں گھر کا سربراہ ہی ملوث ہے، ملزم کا نام ابراہیم ہے۔ پولیس نے تمام تر شواہد کے حصول کے بعد ملزم ابراہیم کو چارسدہ کے علاقے تنگی سے گرفتار کرلیا۔

    ملزم نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ اس نے غیرت کے نام پر پہلے فائرنگ کرکے بیوی کو قتل کیا،اس کے بعد بچوں سمیت گھر میں موجود دیگر افراد کو بھی طیش میں آکرگولیاں مار کر قتل کیا۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے لانڈھی شیرپاؤ کالونی میں ایک گھر میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں دو خواتین جاں بحق ہوگئی پولیس کے مطابق فائرنگ سےجاں بحق ہونے والی خواتین آپس میں ماں بیٹی ہیں۔

  • پشاور کی تاریخی گور گٹھڑی سے متعلق سیاحوں کے لیے خوش خبری

    پشاور کی تاریخی گور گٹھڑی سے متعلق سیاحوں کے لیے خوش خبری

    پشاور: شہر پشاور کے وسط میں واقع 379 سالہ قدیمی گور گٹھڑی کا مغربی دروازہ سیاحوں اور شہریوں کے لیے کھول دیا گیا۔

    ڈھائی ہزار سال پرانے شہر پشاور میں ایک سے بڑھ کر ایک صدیوں پرانی عمارتیں آج بھی اپنی اصلی حالت میں موجود ہیں، جو مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کے لیے باعث کشش ہیں۔

    گور گٹھڑی کا مغربی دروازہ موسمی حالات کی وجہ سے خستہ حالی کا شکار ہونے کے سبب بند کر دیا گیا تھا، 2018 میں محکمہ آثار قدیمہ (آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ) نے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کے لیے کام آغاز کیا، اور 3 سال کی کٹھن محنت کے بعد اس دروازے کو اپنی اصلی حالت میں بحال کر کے کھول دیا ہے۔

    پشاور کی تاریخی عمارتوں میں ایک گور گٹھڑی بھی ہے، اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد نے بتایا کہ فصیل پشاور کے سب سے اونچے مقام پر گور گٹھڑی واقع ہے، گور گٹھڑی مغل بادشاہ شاہ جہان کی بیٹی جہاں آرا بیگم نے 1642 میں تعمیر کی تھی، جہاں آرا بیگم نے گور گٹھڑی میں ایک جامع مسجد اور 2 کنوئیں بھی بنائے، 1642 سے قبل بھی گور گٹھڑی میں مختلف ادوار میں سرگرمیاں جاری رہیں۔

    مہا راجا رنجیت سنگھ نے 1838 میں جب اس شہر پر قبضہ کیا، تو اس وقت پشاور کے گورنر پولو اویٹا بائل (جس کو پشتو میں لوگ ابو ٹبیلہ کہتے تھے) نے گور گٹھڑی کو اپنی رہائش گاہ میں تبدیل کر دیا تھا۔

    1838 سے 1842 تک پشاور شہر سکھوں کے قبضے میں رہا، اس کے بعد 1858 میں انگریز اس شہر پر قابض ہوئے، تو اس دور میں بھی گور گٹھڑی کو خاص اہمیت حاصل رہی، پاکستان بننے کے بعد یہ شہر پاکستان کا حصہ بنا، اور اب بھی روزانہ ہزاروں لوگ اس تاریخی اہمیت کی حامل جگہ کی سیر کے لیے آتے ہیں۔

    عبدالصمد نے بتایا کہ گورگٹھڑی کا مغربی دروازہ 8 کمروں پر مشتمل ہے، محکمہ آرکیالوجی نے جرمنی کی حکومت کے تعاون سے 2 کروڑ روپے میں اس کی تزئین و آرائش مکمل کر کے اس کو اپنی اصل حالت میں بحال کیا ہے۔

    چیف سیکریٹری خیبر پختون خوا کاظم نیاز نے بتایا کہ 2 سال پہلے جب وہ گور گٹھڑی آئے تھے، تو اس وقت اس تاریخی دروازے کی حالت ناگفتہ بہ تھی، لیکن آج دو سال بعد یہ دروازہ اصلی حالت میں دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔

    انھوں نے کہا پشاور شہر کی خوب صورتی کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، مقامی لوگوں کو ساتھ ملا کر کسی بھی شعبے میں ترقی کی جا سکتی ہے، ہم سیاحت کو فروغ دینے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، بین الاقوامی ٹورسٹ میپ پر پاکستان کی مثبت پہچان کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ اس سال یونیسکو ورلڈ ہیریٹیج ایوارڈ کے لیے گور گٹھڑی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    تصاویر کریڈٹ: امین مشال، عامر خان

  • پشاور: ایم این اے کے بیٹے کی منگنی کی تقریب میں ایس او پیز کی خلاف ورزی

    پشاور: ایم این اے کے بیٹے کی منگنی کی تقریب میں ایس او پیز کی خلاف ورزی

    پشاور: خیبر پختون خوا میں اِن ڈور تقریبات پر پابندی کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے حاجی شوکت اللہ کے بیٹے کی منگنی کی تقریب ایک شادی ہال میں منعقد ہوئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کے پی میں حکومتی اراکین نے کرونا ایس او پیز کے باوجود ہفتے کو ایک شادی ہال میں منعقدہ منگنی کی تقریب میں شرکت کی، منگنی کی تقریب میں سیکڑوں دیگر مہمانوں نے بھی شرکت کی۔

    تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر داخلہ شیخ رشید بھی شریک تھے، معاون خصوصی کامران بنگش سمیت دیگر حکومتی اراکین نے بھی تقریب میں شرکت کی اور اس موقع پر سیلفیاں بھی لیتے رہے۔

    تقریب میں وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان اور اسد قیصر کے علاوہ کسی نے بھی ماسک نہیں پہنا تھا، معاون خصوصی اطلاعات تقریب میں لوگوں کے ساتھ سیلفیاں بھی لیتے رہے، تقریب میں کسی نے سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھا اور نہ ہی ماسک لگایا۔

    واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں صرف 150 مہمانوں کی ان ڈور تقریب کی اجازت ہے، نیز حکومتی وزرا عوام کو کرونا ایس او پیز پر عمل کرنے کا درس دیتے ہیں، لیکن خود ایس او پیز کی دھجیاں اڑاتے ہیں۔

    پشاور سمیت خیبر پختون خوا میں شادی ہالوں میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد کے جمع ہونے پر مکمل پابندی ہے، لیکن نجی شادی ہال میں منعقدہ اس تقریب میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

  • تیسری لہر میں قاتل وائرس سے پشاور پہلی بار محفوظ

    تیسری لہر میں قاتل وائرس سے پشاور پہلی بار محفوظ

    پشاور : خیبرپختونخوا کے دارلحکومت پشاور اور مردان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی جبکہ صوبے میں کورونا وائرس ایکٹیو کی تعداد بھی کم ہوکر 3 ہزار 998 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے، خیبرپختونخوا میں بھی قاتل وائرس کا زور ٹوٹنے لگا ہے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 3 ماہ کی کم ترین سطح 1.8 فیصد پر آگئی ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں میں پشاور شہر وائرس کے وار سے محفوظ رہا، کورونا وائرس تیسری لہر میں پہلی بار پشاور میں آج کورونا وائرس سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی جبکہ ضلع مردان جہاں رمضان کے مہینے میں کورونا وائرس مثبت کیسز کی شرح 55 فیصد سے بھی زیادہ تھا اور آج مردان بھی وائرس کے وار سے محفوظ رہا، آج سب سے زیادہ اموات سوات سے رپورٹ ہوئی ہے، جہاں پر وائرس سے 4 افراد زندگی کی بازی ہاگئے ہیں۔

    صوبے میں کورونا وائرس ایکٹیو کی تعداد بھی کم ہوکر 3 ہزار 998 ہوگئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید خیبرپختونخوا بھر میں 6 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    محکمہ صحت رپورٹ کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے جانبحق افراد کی تعداد 4ہزار 170 ہوگئی اور 147 نئے کیسز کے ساتھ وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 34 ہزار 928 تک پہنچ چکی ہے جبکہ کورونا وائرس سے متاثرہ 1 لاکھ 26 ہزار 760 مریض صحتیاب ہوگئے ہیں

    محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے اعداد وشمار کے مطابق صوبے آج بھی 8 ہزار 128 نئے ٹیسٹ کئے گئے، کے پی میں اب تک کل 18 لاکھ 70 ہزار 572 ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔