Tag: peshawar

  • پی آئی اے پشاور آفس سیل، حکام نے فوری ایکشن لے لیا

    پی آئی اے پشاور آفس سیل، حکام نے فوری ایکشن لے لیا

    پشاور : خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت میں واقع پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے ) کا دفتر ٹیکس ادا نہ کرنے پر سیل کردیا گیا جسے مذاکرات کے بعد کھول دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کے پشاور آفس کو سیل کردیا تھا، جسے اب دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ دفتر سیل کرنے کے بعد پی آئی اے انتظامیہ اور کنٹونمنٹ بورڈ کے درمیان مذاکرات ہوئے جس کے بعد معلوم ہوا کہ کنٹونمنٹ بورڈ پشاور نے واجبات کی ادائیگی سے متعلق غلط اعداد و شمار جاری کئے تھے۔،

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کنٹونمنٹ پشاور سے مذاکرات کے دوران جب دوبارہ سے اسسمنٹ کرائی گئی تو اس میں پی آئی اے30لاکھ روپے کا مقروض نکلا۔ پی آئی اے نے فوری طور پر10لاکھ روپے کنٹونمنٹ پشاور کو ادا کردیئے ہیں۔

    پی آئی اے ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے 20لاکھ روپے آئندہ مختلف اقساط میں ادا کرے گا، کنٹونمنٹ پشاور نے پی آئی اے کے دفتر کو ڈی سیل کردیا ہے۔

    قبل ازیں ریونیو حکام کا کہنا تھا کہ 11.8 ملین روپے کے پراپرٹی ٹیکس کی عدم ادائیگی پر کنٹونمنٹ کے علاقے میں واقع پی آئی اے کا علاقائی دفتر سیل کیا گیا تھا۔

    پی آئی اے آفس نے پراپرٹی ٹیکس اکھٹا کرنے والے حکام کے بار بار بھیجے جانے والے نوٹسز پر کوئی توجہ نہیں دی تھی جس پر کارروائی کی گئی۔

  • ٹکٹ نہ ملنے کے بعد پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی خطروں کے کھلاڑی بن گئے (ویڈیوز وائرل)

    ٹکٹ نہ ملنے کے بعد پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی خطروں کے کھلاڑی بن گئے (ویڈیوز وائرل)

    پشاور: خیبر پختون خوا سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی انجیئر حامد الحق خطروں کے کھلاڑی بن گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کپتان عمران خان کے کھلاڑی حامد الحق انتخابات میں پارٹی ٹکٹ میں نظر انداز ہونے کے بعد جب سے پراجیکٹ انجینئر بنائے گئے ہیں، تب سے ان کے سر پر خطروں کا کھلاڑی بننے کا بھوت سوار ہو گیا ہے۔

    انجینئر حامد الحق دوستوں کے ساتھ شرط لگا کر کبھی بغیر حفاظتی کٹ 50 میٹر اونچے اشتہاری بورڈ کے پول پر چڑھتے نظر آتے ہیں، وہ بھی فقط ایک ہزار روپے جیتنے کے لیے اور کبھی چیتے جیسی پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوڑتی ہرن کو دبوچ لینے کا مظاہرہ کرتے نظر آتے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹ میں نظر انداز کر دیے گئے تھے جس کے بعد وہ سینٹ انتخابات میں پارٹی ٹکٹ ملنے کی آس پر خاموشی سے سیاسی گوشہ نشینی کی زندگی گزار رہے تھے، تاہم سینٹ انتخابات میں دوڑ دھوپ کے بعد بھی حامد الحق کو ٹکٹ نہ مل سکا، انھوں نے ٹکٹ ملنے کی آس پر جنرل اور ٹیکنو کریٹ کی نشستوں پر کاغذات بھی جمع کرا دیے تھے۔

    پارٹی سے طویل وابستگی اور ٹکٹ کی تقسیم میں نظر انداز ہونے کے باوجود اُف تک نہ کرنے پر صوبائی حکومت نے انھیں خیبر ٹیچنگ اسپتال میں تعمیراتی کاموں کی نگرانی پر مامور کرتے ہوئے پراجیکٹ انجیئر کا عہدہ دے دیا۔

    یہ عہدہ ملنے کے بعد پارٹی سرگرمیوں میں ہمیشہ گرم جوشی کا مظاہرہ کرنے والے انجینئر حامد الحق کے سر پر خطروں کا کھلاڑی بننے کا بھوت سوار ہوگیا ہے، اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر ان کی کئی ویڈیوز وائرل ہو گئی ہیں، جن میں وہ شرط جیتنے کے لیے پھرتی کا مظاہرہ کرتے نظر آتے ہیں۔

    اپنی تیز رفتاری کے لیے مشہور ہرن کا پکڑنا آسان نہیں ہوتا، لیکن ایک ویڈیو میں حامدالحق دوستوں سے 5 ہزار کی شرط پر ہرن پکڑنے کا مظاہرہ کرتے نظر آتے ہیں، سابق رکن قومی اسمبلی نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ سوئمنگ پول میں 10 فٹ اونچی دیوار سے چھلانگ لگانے کی شرط بھی لگا بیٹھے، جس کے جیتنے کے بعد انھوں نے اس عمر میں اپنے سے کم عمر تیراک کے ساتھ تیراکی کا مقابلہ بھی کیا اوراس میں بھی کامیابی حاصل کی۔

    اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی انجینئر حامد الحق کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی متحرک رہنے کے لیے روزانہ بیڈمنٹن کھیلتے ہیں، جب کہ اکثر دوستو کے ساتھ گپ شپ میں شرط لگا کر کوئی مشکل ٹاسک سر انجام دینے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، جس کا مقصد پیسہ کمانا نہیں بلکہ خود کو متحرک رکھنا ہوتا ہے۔

    کپتان کے کھلاڑی کی شرطیں لگا کر مشکل ٹاسک پورے کرنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی ہیں، صارفین ان پر دل چسپ تبصرے کرتے ہیں، کسی نے انھیں عمر کی ففٹی کراس کرنے کے بعد بھی اتنی چستی اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر داد دی، تو کسی نے طنز کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ ایم این اے صاحب کا اب تنخواہ میں گزارہ مشکل ہوگیا ہے اس لیے وہ گزر بسر کے لیے شرطیں لگا کر پیسہ کما رہے ہیں، جب کہ کسی نے کپتان کے کھلاڑی کی ان حرکات کو مشروبات کے اشتہارات میں چانس ملنے کی کوشش قرار دیا۔

  • وزیراعلیٰ کے پی بھیس بدل کر پہنچ گئے، رشوت خور کلرک رنگے ہاتھوں پکڑا گیا

    وزیراعلیٰ کے پی بھیس بدل کر پہنچ گئے، رشوت خور کلرک رنگے ہاتھوں پکڑا گیا

    پشاور : وزیراعلیٰ کے پی نے عام شہری کا روپ دھار کر رشوت لینے والے کلرک کو معطل کردیا، ان کا کہنا ہے کہ عوام کی خدمت میں غلفت و بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے بھیس بدل کر ڈی سی پشاور آفس کا اچانک دورہ کیا اس دوران محمود خان عام شہریوں کے درمیان کھڑے ہو کر دفتر میں ہونے والے متعلقہ امور کا جائزہ لیتے رہے۔

    اسی دوران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے لائسنس برانچ کے ایک کلرک اور دیگر عملہ کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور موقع پر ہی احکامات جاری کرتے ہوئے دو اہلکاروں کو معطل کرکے معاملات کی مکمل انکوائری کیلئے تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ تمام اداروں و محکموں پر واضح ہو کہ کسی قسم کی غلفت لاپرواہی اور بدعنوانی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ میں اب خود مختلف مقامات اور اداروں میں عوام کے درمیان جاکر اس طرح کے جائزے لیتا رہوں گا، کرپشن میں ملوث عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

  • ابوظبی اور ریاض سے پشاور پہنچنے والے مسافر کرونا متاثر نکلے

    ابوظبی اور ریاض سے پشاور پہنچنے والے مسافر کرونا متاثر نکلے

    پشاور: ابوظبی اور ریاض سے پشاور پہنچنے والے 6 مسافروں کے کرونا ٹیسٹ مثبت نکلے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی سے پشاور پہنچنے والے 5 مسافروں کے کرونا ٹیسٹ مثبت نکلے، سعودی دارالحکومت ریاض سے بھی پشاور پہنچنے والے ایک مسافر کا کرونا مثبت آ گیا ہے۔

    مسافر پی کے 218 کے ذریعے ابوظبی سے پشاور پہنچے تھے، 153 مسافروں کے پشاور ایئر پورٹ پر ریپڈ ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں مجموعی طور پر 6 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    ایئر پورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرونا متاثرہ مسافروں کو قرنطینہ کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پاکستان میں کرونا کیسز میں اضافہ، ایک دن میں 4 ہزار کیسز رپورٹ ،88 اموات

    واضح رہے کہ پاکستان میں ایک بار پھر کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو گیا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 4 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے اور 88 مزید افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد ملک میں کرونا سے اموات کی مجموعی تعداد 20 ہزار 177 تک پہنچ گئی۔

    خیبر پختون خوا میں اب تک ایک لاکھ 29 ہزار 13 کیسز سامنے آ چکے ہیں، کے پی میں فعال کیسز کی تعداد 6 ہزار 790 ہے، اموات 3 ہزار 900 ہو چکی ہیں، جب کہ 1 لاکھ 18 ہزار 323 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے 300 دکاندار گرفتار

    کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے 300 دکاندار گرفتار

    پشاور : خیبر پختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کورونا ایس پیز پر عمل درآمد کیلئے اقدامات جاری ہیں، مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران خلاف ورزی کرنے والے پکڑے گئے۔

    اس حوالے سے پشاور میں پاک فوج، ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد کیلئے متحرک ہیں احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر300 سے زائد دکانداروں سمیت ودیگر افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر خالد محمود کے مطابق پشاور کے مختلف علاقوں صدر ، یونیورسٹی روڈ، حیات آباد ، کوہاٹ روڈ، چارسدہ روڈ، اندرون شہر ودیگر علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں، اس دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 100 سے زائد دکانوں کو سیل کیا گیا۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے ایس او پیز پر عملدرآمد کی اپیلیں کی جاتی رہیں، ڈپٹی کمشنر خالد محمود نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام کورونا ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کریں۔

  • حیات آباد آپریشن اور جسٹس ایوب حملہ کیس میں گرفتار 5 ملزمان بری

    حیات آباد آپریشن اور جسٹس ایوب حملہ کیس میں گرفتار 5 ملزمان بری

    پشاور: انسداد دہشت گردی عدالت نے حیات آباد آپریشن اور جسٹس ایوب حملہ کیس میں گرفتار ملزمان کو بری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے حیات آباد آپریشن اور جسٹس ایوب حملہ کیس میں جرم ثابت نہ ہونے پر تمام ملزمان کو بری کر دیا۔

    ملزمان پر 27 فروری 2019 کو حیات آباد میں پشاور ہائی کورٹ کے جج جسٹس ایوب خان پر حملے کا الزام تھا، اس حملے میں جسٹس ایوب اور ان کا ڈرائیور زخمی ہوا تھا، واقعے میں جسٹس ایوب کو دو گولیاں لگی تھیں۔

    16 اپریل 2019 کو حیات آباد کے فیز 7 میں ایک گھر میں دہشت گردوں کی موجودگی پر آپریشن ہوا تھا، جس میں 5 دہشت گرد مارے گئے تھے، بعد ازاں دہشت گردی کا منصوبہ بنانے والوں کی معاونت کے الزام میں دیگر کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد آج اے ٹی سی نے ملزم عامر، رئیس، عرفان، خیال ولی اور سعد کو الزام ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا۔

    جج آفتاب آفریدی قتل کیس کا اہم ملزم گرفتار ، اعترافِ جرم کرلیا

    یاد رہے کہ 4 اپریل کو خیبر پختون خوا کے ضلع صوابی میں فائرنگ سے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج آفتاب آفریدی، اہلیہ اور 2 بچے شہید ہوگئے تھے، حملے میں 2 محافظ بھی زخمی ہوئے۔

    پولیس نے جج آفتاب آفریدی قتل کیس میں تین ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں عزیز، داؤد اور اہم ملزم بلال آفریدی شامل ہیں، پولیس بیان کے مطابق جج کو ذاتی دشمنی پر قتل کیا گیا، جب کہ ملزم بلال نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔

  • رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    پشاور: پاکستان میں ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں ہوگا، اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کرینگے۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج شام پشاور میں ہو رہا ہے۔چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے دوسرے ارکان، علماء اور متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

    ملک میں ایک ہی دن روزہ رکھنے کیلئے غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو بھی اعتماد میں لے لیا گیا ہے۔

    غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مسجد قاسم علی خان میں طلب کیا گیا ہے، جس کی صدارت مفتی شہاب الدین پوپلزئی کرینگے،کمیٹی کو موصول ہونیوالی شہادتوں کے حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

    محکمہ موسمیات و فلکیات کے مطابق آج پاکستان میں چاند دکھائی دینے کا امکان ہے اور یکم رمضان کل 14 اپریل بروز بدھ کو متوقع ہے تاہم حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند پیر کی صبح 7 بجکر 32 منٹ پر پیدا ہوچکا ہے، آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 35 گھنٹے سے زائد ہوگی۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں پیر کے روز رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا تھا، عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ ہے۔

  • اسپتال کے کورونا وارڈ میں یوٹیوبر نے اچانک آکر کیا کردیا؟ انتظامیہ پریشان

    اسپتال کے کورونا وارڈ میں یوٹیوبر نے اچانک آکر کیا کردیا؟ انتظامیہ پریشان

    پشاور: خیبر پختونخوا کے ایک اسپتال میں یوٹیوبر نے اچانک آکر کورونا کے تمام مریضوں پر پھونک مار کر دم کیا، غیر متعلقہ شخص کی آمد پر ذمہ داران کیخلاف تحقیقات کا حکم دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے شہر پشاور کے ایک اسپتال میں عجیب واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک شخص بغیر کسی روک ٹوک کے لیڈی ریڈنگ اسپتال آیا اور کورونا وارڈ مین داخل مریضوں پر دم کیا اور چلتا بنا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قاری افتخار نامی یوٹیوبر رات گئے ایک سیکیورٹی گارڈ کے ہمراہ کورونا کمپلیکس آیا، قاری افتخار نے کورونا کے تمام مریضوں کو پھونک مار کردم کیا۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ کورونا کمپلیکس کے سیکیورٹی انچارج نائٹ ایڈمن اس واقعہ سے بےخبر رہے، ڈیوٹی پر موجود ذمہ داران کی اس مجرمانہ غفلت پر اسپتال انتظامیہ نے اس واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں جہاں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دن بدن بڑھتی جا رہی ہے وہیں اس کے علاج کیلئے ویکسین کے ساتھ ساتھ کچھ دیسی طریقہ علاج کی بھی باتیں کی جارہی ہیں۔

    ایک ایسے وقت میں جب کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے دنیا کے بہت سارے ممالک اور بہت بڑ ی بڑی کمپنیا ں کوویڈ 19کے علاج کے لیے مؤثر دوا تیار کرنے کی کوشش میں دن رات مصروف ہیں۔

    کہیں کوئی سنامکی کی بات کرتا ہے تو کہیں ادرک کی چائے اور کلونجی کے استعمال کو کورونا وائرس کا علاج قرار دیا جاتا ہے۔ بھارت میں تو کچھ لوگ اس حد تک چلے گئے ہیں کہ انہوں نے گئو موتر ( گائے کا پیشاب) کو اس وبا کا مؤثر علاج بتا رہے ہیں۔

  • پشاور کے بڑے اسپتالوں پر کرونا بوجھ بڑھ گیا، صوبے کی مجموعی صورت حال بھی تشویش ناک

    پشاور کے بڑے اسپتالوں پر کرونا بوجھ بڑھ گیا، صوبے کی مجموعی صورت حال بھی تشویش ناک

    پشاور: خیبر پختون خوا کے دارالحکومت کے بڑے اسپتالوں پر کرونا میں مبتلا مریضوں کا بوجھ بڑھ گیا ہے، صوبے کی مجموعی صورت حال بھی تشویش ناک ہو گئی ہے۔

    محکمہ صحت کے پی سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی تیسری لہر میں گزشتہ ایک ہفتے میں شدت آگئی ہے، صوبے میں ایک ہفتے (27 مارچ سے 4 اپریل تک) میں کرونا وائرس کیسز میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں صوبے میں 160 افراد کرونا وائرس سے جاں بحق ہوئے جب کہ مزید 7 ہزار 772 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے، کرونا وائرس وبا میں پہلی بار گزشتہ دن کے پی میں ریکارڈ 35 افراد وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے۔

    کرونا وائرس کے کیسز میں پشاور ڈویژن پہلے نمبر پر ہے، پشاور میں ایک ہفتے میں کرونا وائرس سے 99 افراد زندگی کی بازی ہارگئے، جب کہ 3 ہزار 21 افراد ایک ہفتے میں کرونا وائرس سے متاثر ہوئے۔

    تیسری لہر میں شدت آنے کے بعد پشاور کے بڑے اسپتالوں میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے مختص وارڈز بھر گئے ہیں، صوبے کے سب سے بڑے اسپتال ایل آر ایچ نے او پی ڈی سروس بند کر دی ہے، اسپتال میں مریضوں کو صرف ایمرجنسی سروس فراہم کی جا رہی ہے، کرونا وائرس بے قابو ہونے پر ایل آر ایچ نے 500 بیڈز پر مشتمل نئے تعمیر ہونے والی عمارت کو بھی کرونا کے مریضوں کے لیے مختص کر دیا ہے۔

    پشاور کے 3 بڑے اسپتالوں میں کرونا مریضوں کا بوجھ بڑھنے سے بیڈز اور وینٹی لیٹرز کمی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، پشاور کے تین بڑے اسپتالوں کے ترجمانوں کے مطابق مجموعی طور پر 476 کرونا سے متاثرہ مریض داخل ہیں۔

    محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق خیبر پختون خوا میں کرونا وائرس سے اب تک 2 ہزار 457 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جب کہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 92 ہزار 423 تک پہنچ گئی ہے۔

    کرونا وائرس کیسز میں اب تک پشاور ڈویژن 46 ہزار 614 مثبت کیسز، 1 ہزار 16 اموات کے ساتھ پہلے نمبر پر، ملاکنڈ ڈویژن 17 ہزار 564 مثبت کیسز اور 328 اموات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جب کہ ہزارہ ڈویژن تیسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک 11 ہزار 128 مثبت کیسز اور 273 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

    شمالی وزیرستان خیبر پختون خوا کا واحد ضلع ہے جہاں کرونا کی تیسری لہر کے دوران اب تک کوئی مثبت کیسز رپورٹ نہیں ہوا، کرونا وائرس کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران وہاں سے 187 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

    ملک میں کرونا وائرس سے انتقال کرنے والے پہلے شخص کا تعلق مردان سے تھا، مثبت کیسز اور اموات میں مردان کا نمبر اس وقت چوتھا ہے۔

    محکمہ صحت کے مطابق خیبر پختون خوا میں کرونا وائرس فعال کیسز کی تعداد 11 ہزار 86 ہیں جب کہ مثبت کیسز کی شرح 11 فی صد ہے، صوبے میں اب تک کل 13 لاکھ 89 ہزار 687 ٹسٹ کیے جا چکے ہیں، اور کرونا وائرس سے متاثرہ 78 ہزار 880 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • پختونخواہ میں ایک اور ڈاکٹر کرونا وائرس سے انتقال کر گئے

    پختونخواہ میں ایک اور ڈاکٹر کرونا وائرس سے انتقال کر گئے

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں ایک اور ڈاکٹر کرونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے، پختونخواہ میں کرونا وائرس سے جاں بحق ڈاکٹرز کی تعداد 51 ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس میں مبتلا ڈاکٹر محمد رفیق انتقال کر گئے، محمد رفیق پولیس سروسز اسپتال میں ڈینٹل سرجن تعینات تھے۔

    پی ڈی اے کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد ڈاکٹر محمد رفیق گھر پر قرنطینہ میں تھے۔

    ڈاکٹر رفیق کے انتقال کے بعد پختونخواہ میں کرونا وائرس سے جاں بحق ڈاکٹرز کی تعداد 51 ہوچکی ہے۔

    یاد رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے، ملک میں کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 14 ہزار 821 ہوچکی ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 4 ہزار 323 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 6 لاکھ 92 ہزار 231 ہوچکی ہے۔ ملک میں فعال کیسز کی تعداد 61 ہزار 450 ہے۔