Tag: peshawar

  • قبائلیوں‌ کے لیے بھرپور جدوجہد کروں‌ گی، فاٹا کا اپنا بلدیاتی نظام اور وزیراعلی ہوگا: عائشہ گلالئی

    قبائلیوں‌ کے لیے بھرپور جدوجہد کروں‌ گی، فاٹا کا اپنا بلدیاتی نظام اور وزیراعلی ہوگا: عائشہ گلالئی

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی نے کہا ہے کہ قبائلیوں کو حقوق دلوانے کے لیے بھرپور جدوجہد کروں‌ گی، فاٹا کا مستقبل میں اپنا وزیراعلیٰ ہوگا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور میں پاکستان زندہ باد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی حاضرین سے خطاب کیا. جلسےمیں خیبرپختون خواہ اورفاٹا کے عوام بڑی تعداد میں شریک ہوئے.

    عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے کہ دہشت گردی ختم ہونے کے بعد آئی ڈی پیز گھروں کو لوٹ رہے ہیں، فاٹا کا اپنا بلدیاتی نظام لائیں‌ گے، اس کا اپنا وزیراعلیٰ ہوگا.

    عائشہ گلالئی کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان اور بھارت سازش کے تحت پاکستان میں مداخلت کر رہے ہیں، ہمارے ملک کو دوبارہ جنگ میں جھونکنے کی کوشش کی جا رہی ہے.

    ان کا کہنا تھا کہ 20 لاکھ افراد کی قربانی کے بعد ہماراملک وجود میں آیا، پاکستانی مل کر را کی سازشیں ناکام بنائیں گے اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے اپنے حقوق حاصل کریں گے۔

    عائشہ گلالئی کے اور دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ پوری دنیاکی جنگ ہمارے خطے میں لڑی جا رہی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 60 ہزار پاکستانی شہید ہوئے،بھارت اور افغان حکومتیں پاکستان کیخلاف سازشیں کررہی ہیں، آئی ڈی پیز کی واپسی پاکستان کی بڑی کامیابی ہے.


    جنوبی پنجاب کو صوبہ بنایا جائے، عائشہ گلالئی کا مطالبہ


    فاٹا کو سی پیک کا حصہ بنایا جائے: مولانا فضل الرحمان


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فاٹا کو سی پیک کا حصہ بنایا جائے: مولانا فضل الرحمان

    فاٹا کو سی پیک کا حصہ بنایا جائے: مولانا فضل الرحمان

    پشاور: سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی حیثیت میں چیف جسٹس سے ملاقات کی، جب بڑے ملتے ہیں تو مثبت نتیجہ آتا ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے پشاور میں‌ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ اس ملاقات کا نتیجہ مثبت نکلے گا.

    پریس کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان نے وفاقی سطح پرایپکس کمیٹی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ اجلاس بلا کر فاٹا میں‌ قیام امن پر موثر حکمت عملی وضع کی جائے اور اس کا ملکی سطح پر اعلان کیا جائے.

    ان کا کہنا تھا کہ سی پیک میں بھی فاٹا کو حصہ دیا جائے، فاٹا کا سالانہ مالیاتی پیکیج حکومت فوری مہیا کرے، فاٹا میں تعلیمی ادارے اور مدارس سب بند ہیں.

    پریس کانفرنس میں‌ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فاٹا سپریم کونسل نے لاپتا افراد کی بازیابی پرزوردیا، یہ ایک اہم مسئلہ ہے.

    مولانا فضل الرحمان نے نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے دورہ پاکستان پر تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ ملالہ پاکستان کی بیٹی ہے، وطن آئی ہے، اچھی بات ہے.

    یاد رہے کہ گذشتہ دونوں‌ کراچی میں‌ ہونے والے ایک اجلاس میں‌ مذہبی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کو بحال کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کو اس کا سربراہ منتخب کیا گیا تھا. یہ اتحاد اگلے انتخابی معرکے میں حصہ لے گا.


    ملک میں اسلامی انقلاب کیلئے نئے سفرکا آغاز کریں گے، مولانا فضل الرحمان


     کراچی معاشی شہ رگ ہے، کسی کو یہ شہ رگ کاٹنے نہیں دیں گے: مولانا فضل الرحمان

  • ملک میں اسلامی انقلاب کیلئے نئے سفرکا آغاز کریں گے، مولانا فضل الرحمان

    ملک میں اسلامی انقلاب کیلئے نئے سفرکا آغاز کریں گے، مولانا فضل الرحمان

    پشاور :جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں اسلام کے انقلاب کیلئے اپنے نئے سفر کا آغاز کریں گے، پیپلزپارٹی کی حکومت ہو یا مسلم لیگ ن کی دونوں قرضے لیتی ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوابشاہ میں باب الاسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے کہا گیا کہ روٹی ،کپڑا اورمکان دیں گے، مگر انہیں آج تک کچھ نہ ملا۔

    آپ کے بچے کے ہاتھ میں جوروٹی کا نوالہ تھا وہ چھین لیا گیا، بدن پرجو کپڑا تھا وہ بھی چھن گیا، اب آپ کے سر پر جو چھت باقی بچی اب وہ بھی چھین رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ70سال سے ہماری معیشت دباؤ میں ہے لیکن اگر ایران اور ترکی بحران سے نکل سکتے ہیں تو پاکستان کیوں نہیں نکل سکتا؟

    مولانافضل الرحمان نے مزید کہا کہ ان قوتوں سے نجات کےلئے ہمیں بھرپور جدوجہد کرنی ہے، ایم ایم اے نے اعلان کیا ہے کہ قوم کو جبرسے نجات دلائیں گے۔

    باب الاسلام کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت ہو یا مسلم لیگ ن کی دونوں قرضے لیتی ہیں، پھر ایک دوسرے پر الزامات لگاتے ہیں کہ تم نے اتنا قرض لیا، ان لوگوں سے نہ مرکز میں نہ صوبوں اور نہ ہی بلدیاتی حکومتیں چل رہی ہیں۔

    ۔ متحدہ مجلس عمل وڈیروں سے عوام کو نجات دلائے گی اور اب غریب اس ملک پر راج کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ ادارے ہمارے لئے قابل اعتماد ہیں ان کیخلاف کبھی بات نہیں کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہم اقتدارمیں آکرکرپشن کا خاتمہ کریں گے، سراج الحق

    ہم اقتدارمیں آکرکرپشن کا خاتمہ کریں گے، سراج الحق

    پشاور  : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں لوگ بھیڑ بکریوں کی طرح بک گئے، ہم اقتدارمیں آکرکرپشن کاخاتمہ کریں گے، جوڈیشل مارشل لاء کی تجویز کو کہیں سے بھی پذیرائی نہیں مل رہی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح پارک پشاور میں یوتھ فیسٹویل سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ترقی پسند اور جمہوری جماعت ہے، ہم سینیٹ میں نوجوانوں کےحقوق کیلئےلڑیں گے، سینیٹ الیکشن میں لوگ بھیڑبکریوں کی طرح بک گئے۔

    سراج الحق نے کہا کہ کے پی کے میں معدنیات اتنے زیادہ ہیں کہ یہ ترقی یافتہ صوبہ بن سکتا ہے، آج مرکزی حکومت نے ان پرقبضہ کررکھا ہے، صوبائی اورمرکزی حکومت نے اس پر قرضوں کا بوجھ ڈال دیا،آج کروڑوں نوجوان روزگاراورتعلیم سے محروم ہیں۔

    امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے عام شہری کو صوبائی اسمبلی کا ممبر بنایا، ہم اقتدارمیں آکرکرپشن کاخاتمہ کریں گے، پاکستان میں قانون اور میرٹ کی بالادستی ہوگی، پاکستان ایک دن سپر پاور بنے گا۔

    میرے پاکستان میں روزگار ملنےتک بیروزگاری الاؤنس دیا جائیگا، حکومت ہر70سال کے بوڑھے مرد و عورت کو خصوصی الاؤنس دے گی، میرے پاکستان میں حکومت انہیں شیلٹر ہوم فراہم کرے گی، میں نے نوجوانوں کو نمائندگی دینے کا اعلان کیا تھا، سبزباغ دکھانےوالانہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جوبات کی اس پر عمل کرتاہوں، آج پشاورمیں حلقہ نمبرایک کاٹکٹ سلیم پراچہ کودیتاہوں، سرگودھا میں حلقہ نمبر ایک کا ٹکٹ زبیرگوندل کو دیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مشعال قتل کیس: مکمل انصاف نہیں ملا، والد مشعال

    مشعال قتل کیس: مکمل انصاف نہیں ملا، والد مشعال

    کراچی: مشتعل ہجوم کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے طالب علم مشعال خان کے والد نے کہا ہے کہ فوٹیج میں نظر آنے کے باوجود بھی ملزمان کو نہیں پکڑا گیا، ہمیں مکمل انصاف نہیں ملا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائے کے پروگرام الیونتھ آور میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، عدالتی فیصلے کے بعد مشعال کے والد کا کہنا تھا کہ مشعال کے قتل کے بعد مجرمانہ خاموشی اختیار کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ مشعال قتل سے پہلے اے پی ایس، باچا خان یونیورسٹی واقعہ بھی ہوا لیکن موثر اقدامات نہیں کئے گئے، کسی کو بلاوجہ قتل کرنا ایک انتہائی شرمناک جرم ہے۔

    مشعال کیس فیصلہ : مقتول کے بھائی کا عمران خان کو فون

    مشال کے والد کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا کسی غلط سرگرمیوں میں ملوث نہیں تھا، اس پر جھوٹے الزامات لگا کر قتل کیا گیا، اب فیصلہ سامنے ہے ثابت ہوگیا مشعال بے گناہ تھا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ فوٹیج میں نظر آنے والے تمام افراد کے خلاف بھی کاروائی ہونی چاہیے جس کے لیے ہم عدالت جائیں گے۔

    مشال قتل کیس کے دیگرملزمان کو بھی گرفتارکیاجائے، مشال کے بھائی کا مطالبہ

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں عبدالولی یونیورسٹی مردان میں ایک مشتعل ہجوم نے طالب علم مشعال خان پر اہانت مذہب کا الزام لگا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

    خیال رہے مشعال خان کے قاتل کو سزائے موت کے فیصلے کے بعد مقتول کے بھائی ایمل خان نے چیئرمین پی ٹی ائی عمران خان کو ٹیلی فون کرکے اظہار تشکر کیا ہے جبکہ اس موقع پر مشعال کے والد کا کہنا تھا کہ کیس میں مفرور 3 ملزمان کو بھی جلد گرفتار کیا جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • نوازشریف آج پشاورمیں جلسہ عام سےخطاب کریں گے

    نوازشریف آج پشاورمیں جلسہ عام سےخطاب کریں گے

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مسلم لیگ سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، نا اہل وزیراعظم نوازشریف جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر نا اہل وزیراعظم نواشریف آج خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

    جلسہ عام سے میاں نوازشریف، مریم نواز اور دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔

    مسلم لیگ ن کی مقامی انتظامیہ نے جلسے کے لیے 24 فٹ اونچا اور تقریباََ 80 فٹ طویل اسٹیج بنایا ہے جبکہ چار واک تھرو گیٹ بنائے گئے ہیں اور 150 سے زائد لاؤڈ اسپیکر اور ہزاروں کرسیاں لگائی گئی ہیں۔

    جلسہ گاہ کو مسلم لیگ ن کے جھنڈوں سے سجایا گیا ہے جبکہ شہر بھر میں جلسے کے لیے بینرز اور سائن بورڈز لگائے گئے ہیں۔


    عدالت نے آمرکو اُس کام کی اجازت دی جس کا اُسے خود بھی اختیارنہیں، نوازشریف


    یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی میں سابق نا اہل وزیر اعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ عدالتوں نے آمر کو اس کام کی اجازت بھی دی جس کا اختیار خود عدلیہ کے پاس بھی نہیں ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

  • حکومت انصاف فراہم کرے، عاصمہ کی بہن کا ویڈیو بیان جاری

    حکومت انصاف فراہم کرے، عاصمہ کی بہن کا ویڈیو بیان جاری

    پشاور : کوہاٹ میں قتل ہونے وال میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کی بہن صوفیہ رانی کا کہنا ہے کہ مجھے اور میری بہن کو پہلے بھی دھمکیاں ملی تھیں، روز ایسے واقعات ہوتے ہیں، حکومت کچھ نہیں کررہی، ہمیں انصاف چاہیے۔

    یہ بات انہوں نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہی، مقتولہ عاصمہ رانی کی بہن صفیہ رانی کا ایک ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ پھول جیسی بہن کوبے دردی سے گولیاں ماری گئیں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے اور میری بہن کو پہلے بھی دھمکیاں ملی تھیں، ہم غریب گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے، روز ایسے واقعات ہوتےہیں، حکومت کیوں کچھ نہیں کررہی؟

    صوفیہ رانی کا مزید کہنا تھا کہ عاصمہ رانی کو بڑی مشکل سے پڑھایا، بیرون ملک کام کرکے اس کی پڑھائی کے اخراجات پورے کررہی تھی، بہن نے کہا تھا کہ جب آپ واپس آؤگی تو میں ڈاکٹربن چکی ہوں گی۔

    عاصمہ کی بہن نے زارو قطار روتے ہوئے کہا کہ ہم بہت غریب لوگ ہیں پھر بھی اس کو پڑھارہے تھے،عمران خان اورحکومت سے درخواست ہے کہ ہمیں انصاف دیا جائے۔

    ملزم کوابھی تک گرفتارکیوں نہیں کیا گیا؟ ہمیں انصاف چاہیے،مقتولہ عاصمہ کی بہن نے تمام پاکستانیوں سےدرخواست کی ہے کہ میری بہن کیلئے آواز اٹھائیں۔


    مزید پڑھیں: کوہاٹ، میڈیکل کی طالبہ کا قتل، چیف جسٹس کا ازخود نوٹس


    علاوہ ازیں اس حوالے سے کوہاٹ پولیس کا کہنا ہے کہ عاصمہ رانی کے قاتل کو انٹرپول کے ذریعے لانے کی کوشش کریں گے، ملزم مجاہد آفریدی قتل کے فوری بعد عمرے کے ویزے پر سعودی عرب چلا گیا، قتل میں سہولت کاری کے الزام پر ملزم کے بھائی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

  • خیبر پختونخوا میں کورٹ میرج کی شرح میں اضافہ

    خیبر پختونخوا میں کورٹ میرج کی شرح میں اضافہ

    پشاور : خیبر پختونخوا میں کورٹ میرج کی شرح میں اضافہ ہو گیا، سال2018 کے آغاز میں ہی 8 جوڑوں نے شادی کے بندھن میں بندھنے کیلئے عدالت کا راستہ اختیار کیا، شادی کیلئے گواہ بھی سستے داموں ملنے لگے۔

    پشاور سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے عثمان علی کی رپورٹ کے مطابق پشاور میں کورٹ میرج کی شرح میں اضافہ ہوگیا ہے، رواں سال کے ابتدائی دنوں میں 8 جوڑوں نے کورٹ میرج کی۔

    گذشتہ سال پشاور میں کورٹ میرج کرنے والوں کی تعداد پانچ سو سے زائد رہی جبکہ رواں ماہ کے تین ہفتوں میں آٹھ جوڑے شادی کے بندھن میں بندھے۔

     عدالتی نکاح جس کو عرف عام میں کورٹ میرج کہا جاتا ہے، زیادہ ترنوجوانوں نے اب یہ ہی راستہ اپنا لیا، پشاور میں ہر سال کورٹ میرج کی شرح بڑھتی جا رہی ہے۔

    شہرمیں گزشتہ سال2017 میں کورٹ میرج کرنے والوں کی تعداد 500 سے زائد تھی جبکہ رواں سال 2018 کے پہلے ماہ 3 ہفتوں میں کورٹ میرج کیلئے 8 جوڑوں نے عدالت کا رخ کیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی کے بندھن میں بندھنے والے جوڑوں کیلئے سارے انتظامات نکاح رجسٹرار کرتا ہے، نکاح خواں تو ہے ہی اگر جوڑے کو گواہ میسر نہ تو وہ بھی صرف دو ہزار روپے میں دستیاب ہوتا ہے لیکن یہ سستی شادی دیرپا ثابت نہیں ہوتی اور اکثر ایسی شادیوں کا انجام طلاق پر ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ کورٹ میرج کے بڑھتے ہوئے رجحان کی پہلی وجہ تو معاشرے میں جہیز کی لعنت ہے اور دوسرا بچوں پر والدین کی اپنی مرضی مسلط کرنا ہے، اس کے علاوہ مختلف حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا کو بھی اس کا ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے۔

  • پشاور: خواجہ سراؤں میں صحت انصاف کارڈز کی تقسیم

    پشاور: خواجہ سراؤں میں صحت انصاف کارڈز کی تقسیم

    پشاور : خیبر پختونخوا حکومت نے پہلی بار خواجہ سراؤں کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا، اس سلسلے میں خواجہ سراؤں کو صحت کارڈ تقسیم کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صحت اور مفت علاج معالجے کے حوالے سے بہتر سہولیات پہنچانے کی خاطر خیبرپختونخوا کے شہر پشاور کے خواجہ سراؤں کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی کیلئے ان میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کیے گئے۔

    پروگرام کے پہلے مرحلے میں محکمہ صحت کی جانب سے 270 خواجہ سراؤں کو صحت انصاف کارڈ فراہم کیے گئے، پشاور پریس کلب میں منعقدہ ایک تقریب میں ڈی جی ہیلتھ کے پی کے نے خواجہ سراؤں کو صحت سہولت کارڈ دیئے۔

    اطلاعات کے مطابق صحت انصاف کارڈ کی فراہمی سے خواجہ سراؤں کو مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی، کارڈ سے 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک کا مفت علاج کرایا جاسکے گا۔

    علاج معالجے کی یہ مفت سہولیات نامزد کردہ سرکاری اورنجی ہسپتالوں سے حاصل کی جاسکتی ہیں، اس پروگرام کے ذریعے صوبے کے خواجہ سراؤں کو مفت طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ صوبے میں غربت کی شرح میں خاطر خواہ کمی کو بھی لایا جا سکے گا۔

    تقریب کے موقع پر خواجہ سراؤں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے صوبائی حکومت کے اس اقدام کو سراہا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سراؤں کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے اس اقدام پر ہم اس کے شکر گزار ہیں، خواجہ سراء برادری کو پہلی بار کسی نے اہمیت دی جو خوش آئند ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

     

  • پشاور: مولانا صوفی محمد کی درخواست ضمانت منظور

    پشاور: مولانا صوفی محمد کی درخواست ضمانت منظور

    پشاور : کالعدم نفاذ شریعت محمدی کے امیر مولانا صوفی محمد کی ضمانت کی درخواست پشاور ہائیکورٹ نے منظور کرلی، مولانا صوفی محمد کو چار مارچ 2010کو گرفتارکیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں مولانا صوفی محمد کیس کی سماعت ہوئی، مولانا کے وکیل نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ مولانا صوفی محمد بیماراور گزشتہ کئی عرصے سے جیل میں ہیں۔

    عمرکا تقاضا ہے کہ مولانا صوفی محمد کو ضمانت دی جائے، فریقین کے دلائل سننے کے بعد پشاور ہائیکورٹ نے مولانا صوفی محمد کی درخواست ضمانت منظور کرلی، مولانا صوفی محمد نے ضمانت کیلئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

    واضح رہے کہ3 جولائی2009کو مولانا صوفی محمد کیخلاف حکومت مخالف تقاریر ودیگر الزامات پر ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

    بعد ازاں مولانا صوفی محمد کو4مارچ 2010کو گرفتارکیا گیا، صوفی محمد سمیت ان کے دو بیٹوں اور کمانڈر سفیر اللہ کو بھی اس مقدمے میں نامزدکیا گیا تھا۔

    مولانا کیخلاف غیر قانونی جلسے، کارسرکار میں مداخلت اور دہشت گردی کے تین مقدمات پشاور سینٹرل جیل میں زیر سماعت تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔