پشاور میں شہری نے چائے خانے میں لائبریری کھول لی، جہاں گرما گرم چائے کے ساتھ نوجوان کتابیں پڑھ کر علم کی پیاس بجھاتے ہیں، طلبہ کا کہنا ہے کہ اس چائے خانے میں آ کر معلومات میں اضافہ ہوتا ہے۔
پختون روایات کو زندہ رکھنے کے لیے پشاور کے چائے خانے تاریخی اہمیت کے حامل ہیں، اب ان میں سے ایک چائے خانے میں منی لائبریری بنائی گئی ہے، جہاں آنے والے کڑک چائے کی چسکیاں لیتے ہوئے کتب بینی کرتے ہیں۔
لائبریری میں تاریخ، شاعری، سیاست کے ساتھ ساتھ دیگر کتابیں بھی مطالعے کے لیے رکھی گئی ہیں، کتابوں کی تعداد 500 کے قریب ہے، چائے خانے کے اس اقدام سے ایک بار پھر نوجوان بک ریڈنگ کی طرف راغب ہوں گے۔
پشاور : پولیس کی جانب سے محفل موسیقی پر چھاپہ مارے جانے پر خواجہ سرا آپے سے باہر ہوگئے اور چوکی پر دھاوا بول دیا۔
اے آر وائی نیوز پشاور کے نمائندے عدنان طارق کی رپورٹ کے مطابق پشاورکے علاقے نوتھیہ میں منعقدہ محفل موسیقی کے دوران پولیس نے چھاپہ مارا۔
جس کے بعد وہاں موجود خواجہ سرا مشتعل ہوگئے اور احتجاج کرتے ہوئے نوتھیہ چوکی میں داخل ہوگئے۔ خواجہ سراؤں نے متعلقہ حکام سے شکایت کی کہ محفل موسیقی پر چھاپے کے دوران پولیس اہلکاروں نے ہم پراسلحہ تانا۔
احتجاج میں شریک فرزانہ نامی خواجہ سرا نے الزام عائد کیا کہ پولیس اہلکاروں نے ہمارے ایک ساتھی کو رائفل کا بٹ مار کر زخمی بھی کیا ہے۔
مشتعل خواجہ سراؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے، اس کے جواب میں پولیس حکام کا کہنا تھا کہ خواجہ سراؤں کے ساتھ پیش آئے واقعے کی مکمل تحقیقات ہونگی۔،
دوسری جانب چھاپہ مار کارروائی میں شریک پولیس اہلکار نے بتایا کہ محفل موسیقی پر چھاپے کے دوران کسی بھی اہلکار نے کسی خواجہ سرا کو زخمی تک نہیں کیا۔
یاد رہے کہ پشاور میں اس سے قبل گزشتہ سال نومبر میں مبینہ طور پر خواجہ سرا کی لڑکی سے شادی کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی، پولیس نے طالبہ کو بازیاب کراو کر خواجہ سرا افتخار کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق چمکنی پولیس اسٹیشن کی حدود میں مبینہ خواجہ سرا نے سوشل میڈیا پر مدرسے کی ایک طالبہ سے دوستی کی، جس کے بعد لڑکی کو شادی کا جھانسا دے کر اپنے ڈیرے پر بلالیا۔
بعد ازاں لڑکی کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کرائی گئی، مقدمے کے تحت لڑکی گھرسے مدرسے کے لیے نکلی تھی جو واپس نہ لوٹی۔
پشاور : ریلویز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بذریعہ ٹرین کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن کی اسمگلنگ ناکام بنادی، ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ریلوے پولیس کی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ایک کارروائی کے دوران ریلویز پولیس نے ہیروئن کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔
ریلوے اسٹیشن پشاور سٹی پر مسافر سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ ملزم جعفر ایکسپریس پر سفر کے لیے ریلوے اسٹیشن پشاور سٹی پہنچا تھا۔
ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق ایس ایچ او جمال عبدالناصر نے شک کی بنیاد پر مذکورہ مسافر کی تلاشی لی اور سامان سے ایک کلو سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی۔
ملزم نے ہیروئن کا پیکٹ بیگ میں کپڑوں کے اندر خفیہ طریقے سے چھپا رکھا تھا۔ ساہیوال کا رہائشی ملزم ثقلین اللہ منشیات کو پشاور سے ملتان اسمگل کرنا چاہتا تھا۔
ملزم کو گرفتار کرکے تھانہ ریلویز پولیس پشاور کینٹ کے حوالے کردیا گیا ملزم کیخلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے دبئی اور سری لنکا ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی تھی۔
لیپ ٹاپ بیگز اور کیپسولز میں ہیروئن اسمگل کی جارہی تھی،ایس آئی یو نے کارروائی کے دوران دو بین الاقوامی ہیروئن اسمگلرز کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں وقار حسین اور محمد فیصل شامل ہیں۔
پشاور کا نوجوان رکشہ ڈرائیور ٹک ٹاک پر وائرل ہوگیا، معظم علی رکشہ چلانے کے ساتھ کمپیوٹر سائنس کی تعلیم بھی حاصل کررہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں معظم علی نے بطور مہمان شرکت کی اور اپنی جدو جہد کے بارے میں ناظرین کو تفصیل سے بتایا۔
انہوں ںے کہا کہ میں بی ایس کمپیوٹر سائنس کا طالب علم ہوں، صبح سے دوپہر دو بجے تک رکشہ چلاتا ہوں اس کے بعد اپنی بنائی ہوئے ویڈیوز کی ایڈیٹنگ کرتا ہوں۔
اس کے علاوہ جہاں تک میری تعلیم کا تعلق ہے تو اس کیلیے روزانہ تین سے چار گھنٹے میں اپنی پڑھائی کو دیتا ہوں۔
رکشہ چلانے کے سوال پر معظم علی نے بتایا کہ آج کل لوگ رکشہ ڈرائیوروں کو کم تر سمجھتے ہیں ایسا نہیں ہونا چاہیے لوگ اپنے حصے کا روزگار کمانے گھر سے نکلتے ہیں۔
اپنی ویڈیوز سے متعلق ایک سوال کے جواب میں معظم علی کا کہنا تھا کہ میری ویڈیوز میں خواتین نہیں ہوتیں اور جو مسافر میری ویڈیوز میں نظر آتے ہیں میں ان کی اجازت سے انہیں ویڈیو کا حصہ بناتا ہوں۔
لوگوں اور اپنے مداحوں کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پیسہ کمانے کیلیے شارٹ کٹ ڈھونڈتی ہے، اور اس راہ پر چلتے ہوئے لوگوں کے بھٹکنے کا قوی گمان ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کامیاب زندگی گزارنے کیلیے مسلسل اور طویل محنت کرنا پڑتی ہے۔ انہوں نے ایک مثال بیان کرنے کے بعد کہا کہ اگر آپ ہرن ہی یا شیر دونوں صورتوں میں اپنی بقا اور سلامتی کیلیے بھاگنا پڑے گا۔
پشاور : ٹشو پیپرز کے کارخانے میں گزشتہ روز لگنے والی آگ پر 36 گھنٹے بعد بھی مکمل قابو نہ پایا جاسکا، دھماکوں کے بعد دوبارہ آگ بھڑک اٹھی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد میں انڈسٹریل ایریا میں لگی آگ پر 36 گھنٹے گزرنے کے باوجود تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔
رپورٹ کے مطابق کارخانے میں لگی آگ پر 28 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا تھا تاہم ایک پھر دھماکوں کی آواز سنی گئی اور پھر آگ دوبارہ بھڑک اٹھی۔
ریسکیوحکام کے مطابق چارسدہ، مردان اور نوشہرہ سے منگوائے گئے مزید فائر ویکلز اور فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف عمل ہیں۔
امدادی ٹیموں کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے اندورنی حصوں میں ابھی بھی آگ لگی ہوئی ہے، فیکٹری کے بیسمنٹ میں200ٹن سے زائد ربڑ موجود تھی۔
فیکٹری کے بیسمنٹ اور دیگر حصوں میں رکھے ہوئے کیمیکلز کے باعث آگ پر قابو پانے میں ریسکیو کارکنان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے صنعتی زون حیات آباد انڈسٹریل ایریا میں واقع ٹشو پیپرز کے کارخانے میں شارٹ سرکٹ سے بھڑکنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
آپریشن کے دوران آتشزدگی سے خستہ ہونے والی عمارت کی چھت بھی گرگئی جبکہ آگ بجھانے میں ریسکیو 1122کی 20 گاڑیوں نے حصہ لیا، ریسکیو 1122 کے 100 سے زائد اہلکار بھی آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ شدت کے لحاظ سے آگ اول درجے کی ہے۔ آپریشن کے دوران اب تک تقریباً 18ریسکیو اہلکاروں کی حالت غیر ہوئی، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
پشاور: ضلعی انتظامیہ نے اراضی کی خرید و فروخت پر ٹیکس مقرر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں اراضی کی خرید و فروخت پر ٹیکس مقرر کیا گیا ہے، صوبائی ٹیکس کی مد میں زمین کی انتقال فیس، اسٹامپ ڈیوٹی، اور ڈسٹرکٹ کونسل فیس 1 فی صد، رجسٹریشن فیس 0.5 فی صد اور کیپٹل ویلیو ٹیکس 1 فی صد مقرر کیا گیا ہے۔
5 کروڑ مالیت سے کم فروخت کنندہ فائلر پر 3 فی صد، تاخیر پر 6 فی صد، نان فائلر پر 10 فی صد ٹیکس مقرر کیا گیا ہے، جب کہ 5 کروڑ سے زائد اور 100 کروڑ سے کم فروخت کنندہ فائلر پر 3.5، تاخیر پر 7 فی صد، اور نان فائلر پر 10 فی صد ٹیکس مقرر کیا گیا ہے۔
100 کروڑ سے زائد فروخت کنندہ فائلر پر 4 فی صد، تاخیر پر 8 فی صد اور نان فائلر کے لیے 10 فی صد ٹیکس مقرر کیا گیا ہے۔
5 کروڑ سے کم خریدار فائلر پر 3 فی صد، تاخیر پر 6 فی صد، اور نان فائلر پر 12 فی صد ٹیکس مقرر کیا گیا، 5 کروڑ سے زائد اور 100 کروڑ سے کم خریدار فائلر پر 3.5 فی صد، تاخیر پر 7 فی صد، نان فائلر پر 16 فی صد ٹیکس، 100 کروڑ سے زائد خریدار فائلر پر 4 فی صد، تاخیر پر فائلر پر 8 فی صد، اور نان فائلر کے لیے 20 فی صد ٹیکس مقرر کیا گیا ہے۔
پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینئر رہنما اور سابق پارلیمنٹیرین غلام احمد بلور نے سیاست اور پشاور چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ غلام احمد بلور نے نہ صرف سیاست چھوڑنے بلکہ اس کے ساتھ پشاور شہر بھی رہائش بھی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ بلور پشاور سے اسلام آباد منتقل ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حاجی بلور نے انتخابی عمل میں پے درپے شکستوں اور اے این پی کی قیادت میں تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی صورت حال کے بعد انتخابی سیاست سے کنارہ کشی کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک بیان میں غلام احمد بلور نے کہا کہ وہ کچھ قوتوں کے معیار پر پورا نہیں اترتے، انھوں نے کہا اسی لیے مجھے مسلسل چار انتخابات میں شکست دلائی گئی، میرے بھائی بشیر بلور اور بھتیجے ہارون بلور کو شہید کیا گیا، اب اگر الیکشن ہی نہیں لڑنا تو پھر پشاور میں کیوں رہوں؟
دو بار وفاقی وزیر برائے ریلوے اور ایک بار وفاقی وزیر برائے لوکل گورنمنٹ رہنے والے غلام احمد بلور 1988 سے مسلسل پشاور شہر سے انتخابات میں حصہ لیتے رہے ہیں۔
پشاور: خیبر پختون خوا کے مرکزی شہر پشاور میں آبدرہ روڈ پر رکشہ سوار خواتین پر تیزاب پھینکنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں تیزاب گردی کا ایک دل خراش واقعہ پیش آیا ہے، آبدرہ روڈ پر 2 موٹر سائیکل سوار نوجوانوں نے رکشے میں سوار ایک خاتون پر تیزاب پھینک دیا، جس سے کئی خواتین جھلس گئیں۔
نقاب پوش 2 موٹر سائیکل سوار لڑکے رکشے کا پیچھا کر رہے تھے، آبدرہ روڈ پہنچتے ہی پیچھے بیٹھے لڑکے نے رکشہ سوار خواتین پر تیزاب پھینک دیا، فوٹیج میں ملزمان کو واردات کے بعد فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
تفتیشی پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کے باوجود ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی ہے، متاثرہ خاتون کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی، جس کے مطابق 28 سالہ خاتون اور 15 سالہ لڑکی سمیت 4 افراد پر تیزاب پھینکا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق خاتون نے بتایا کہ سابقہ شوہر انھیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا تھا، تیزاب سابقہ شوہر نے ہم پر پھینکا۔
پشاور : سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے لکی مروت میں آپریشن کرکے کالعدم تنظیم کے2 مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
اس حوالے سے سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ عملے نے مصدقہ اطلاعات کے بعد لکی مروت کے علاقے ڈاڈیوالہ میں کارروائی کی۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، ہلاک مبینہ دہشت گرد پولیس پرحملوں، ٹارگٹ کلنگ سمیت درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضہ سے اسلحہ ، ہینڈ گرنیڈز برآمد ہوئے، دہشتگردوں نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران پولیس پر فائرنگ کی، جوابی فائرنگ سے2مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے، دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت میں بھی موبائل فون چھیننے کی وارداتوں کے دوران شہری قتل ہونے لگے، اس سلسلے میں ایک دل دہلا دینے والی فوٹیج سامنے آئی ہے۔
پشاور میں موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، شہر کے علاقے گلبہار میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شہری کی جان لے لی گئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 موٹر سائیکل سوار بے رحم لٹیروں نے راہ چلتے ایک شہری سے موبائل فون مانگا، تاہم شہری بھاگنے لگا تو ایک مسلح لٹیرے نے اسے گولی مار دی۔
گولی لگنے سے شہری سڑک پر گر گیا تو لٹیروں نے اسے اسی حالت میں لوٹا، اور موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو گئے، پشاور پولیس نے بھی ایک روایتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ واردات کے سلسلے میں تفتیش جاری ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔