Tag: peshawar

  • پارہ چنار میں دھماکہ 23 افراد ہلاک، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک

    پارہ چنار میں دھماکہ 23 افراد ہلاک، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک

    پشاور: پارہ چنار میں زوردار دھماکہ سے 14 افراد جاں بحق ہوگئے، دھماکے میں ساٹھ سے زائد  افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پارہ چنار  کے علاقے  ٹل اڈہ کے لنڈا بازار میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں چودہ افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے.

    مذکورہ علاقہ کرم ایجنسی میں شامل ہے اور اس علاقے میں اس سے قبل بھی دہشت گردی کی وارداتیں ہو چکی ہیں۔

    دھماکہ کے وقت لوگوں کی بڑی تعداد چھٹی کے دن کی وجہ سے خریداری کیلئے وہاں موجود تھی۔

     دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی،ہر طرف افرا تفری مچ گئی  امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے.

    زخمیوں میں سے بیس کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے، ذرائع کے مطابق ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

    اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی ہے، علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے،

     واقعے کے بعد سیکیورٹی فرسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، اور شواہد اکھٹے کئے جا رہے ہیں۔

     دھماکہ کی نوعیت کا تاحال تعین نہیں کیا جاسکا کہ  آیا یہ دھماکہ خود کش تھا یا بارودی مواد نصب کیا گیا تھا۔

  • میر شکیل کیس: پولیس ایک بار پھرعدالتی حکم کی تعمیل میں ناکام

    میر شکیل کیس: پولیس ایک بار پھرعدالتی حکم کی تعمیل میں ناکام

    پشاور : میر شکیل الرحمٰن کے خلاف توہین اہل بیت کیس میں پولیس ایک بار پھر عدالتی حکم پر عمل نہ کر سکی۔ پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بنچ نے پولیس پر برہمی کا اظہار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق میر شکیل کے خلاف توہین اہل بیت کیس کی سماعت جسٹس لال جان خٹک اور جسٹس قلندرعلی پر مشتمل پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد کے ڈبل بنچ نے کی۔

    عدالت نے میر شکیل کے خلاف کیس میں پولیس پر برہمی کا اظہار کر دیا۔ توہین اہل بیت کے معاملے پر میرشکیل کیخلاف مقدمےمیں پولیس کی روایتی ٹال مٹول جاری ہے۔

    پولیس اس بار بھی پولیس بلوچستان ہائیکورٹ کےفیصلےکی نقل عدالت میں پیش کرنے میں ناکام رہی۔ پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آبادبینچ نے پولیس کو آئندہ سماعت پر بلوچستان ہائیکورٹ کےفیصلےکی نقل پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    میر شکیل کے خلاف توہین اہل بیت کیس کی سماعت کی آئندہ تاریخ رجسٹرار آفس طے کرے گا۔ بلال مرتضیٰ نامی شہری نے سردار امان ایڈووکیٹ کے توسط سے میر شکیل کے خلاف ایبٹ آباد میں مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔

  • کشمیر،خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں سردی بڑھ گئی

    کشمیر،خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں سردی بڑھ گئی

    پشاور / اسلام آباد : کشمیر،خیبرپختونخوا ،گلگت بلتستان اور زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں سردی کی لہر بر قرار ہے۔

    کہیں شدید تو کہیں ہلکی سردی اورکہیں ہلکی بارش تو کہیں پر موسم خشک ہے۔ محکمہ موسمیات گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا۔

    زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں شدید سردی نے متاثرین کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ آج سب سے زیادہ سردی قلات اور پاراچنار میں پڑی اور پارہ منفی دو تک گر گیا۔

    موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ کشمیر،خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پربارش اور برفباری ہو سکتی ہے

  • پاکستان کو بین الاقوامی دباؤ سے نکلنا ہوگا، فضل الرحمن

    پاکستان کو بین الاقوامی دباؤ سے نکلنا ہوگا، فضل الرحمن

    پشاور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ملک میں عالمی طاقتوں کی ترجیحات مسلط ہورہی ہیں اس لئے ہمیں اپنے ملک کو بین الاقوامی دباؤ سے نکالنا ہوگا۔

    پشاور میں مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن تب ہوگا جب آئین اور قانون کے مطابق چلیں گے جب کہ بظاہر لگتا ہے کہ ملک میں عالمی طاقتوں کی ترجیحات مسلط ہورہی ہیں اورملک کو بین الاقوامی دباؤ سے نکالنے کے لئے ہمیں کردار ادا کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ بند کمروں کے غلط فیصلے قبائلیوں پر مسلط کرنے کے خلاف ہیں، اگر حکومت قبائلیوں کو صوبوں میں ضم کرنا چاہتی ہے تو کھل کر بات کرے ہم کسی تجویز کی مخالفت نہیں کرتے لیکن کسی قوم اور برادری کے حق پر جبر نہیں کرسکتے اس لئے پاکستان اور قبائل کے مستقبل کا سوچیں اور فاٹا میں تبدیلیاں لائیں، ہم کسی سنجیدہ موضوع کو رد نہیں کریں گے۔

    سربراہ جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ تصادم کی بنیادپرکوئی ادارہ اطمینان سے ملک کی خدمت نہیں کرسکے گا، تصادم کے ذریعے مسائل حل نہیں ہونگے مزید بگڑیں گے، ملک میں امن تب ہوگاجب آئین اورقانون کے مطابق چلیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تقسیم ہندکے بعد ہندوستان کو2 سال میں مستقل آئین دیاگیا لیکن پاکستان میں 23 سال بعد پہلا مستقل آئین دیا گیا جس کے بعد آمروں نے آئین کو موم کی ناک بنائے رکھا لیکن جمہوری حکومت نے پورے آئین پر نظرثانی کی اور صوبوں کو 18 ویں ترمیم میں اختیارات دیئے گئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مفتی محمود کے قافلے میں شامل ساتھیوں پرفخرہے،مفتی محمود نے اپنے نظریات اور عقائد پر سمجھوتا نہیں کیا، ان کا نظریہ آج بھی زندہ ہے، جمیعت کاہرکارکن مفتی محمود کے نظریات کو لوگوں تک پہنچاتارہےگا۔

  • کانگو وائرس موت کا پیغام بن گیا، پشاور کی خاتون بھی چل بسی

    کانگو وائرس موت کا پیغام بن گیا، پشاور کی خاتون بھی چل بسی

    پشاور : رواں سال ملک بھر میں دو درجن سے زائد افراد کانگو وائرس کا شکار بن گئے، پشاورکی ایک خاتون بھی کانگو وائرس کاشکارہوکرزندگی کی بازی ہارگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کانگو وائرس موت کا پیغام بن گیا، وائرس کی تازہ شکار پشاور کی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں زیرعلاج گل پری تھی۔ چھبیس سالہ گل پری کا تعلق افغانستان سے تھا۔

    اجل بن کر شہریوں کی رگوں میں سرایت کرنیوالے کانگو وائرس نے اب تک دو درجن سےزائد افرادکو درگورکردیا ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کےمطابق گل پری کی موت کےبعدخیبرپختونخوامیں کانگوسےجاں بحق افراد کی تعداد بارہ ہوگئی ہے جبکہ بتیس متاثرہ مریض زیرعلاج ہیں۔

    کےپی کے میں کانگووائرس سےجاں بحق افرادکاتعلق پشاوراوربنوں جبکہ دوکا تعلق افغانستان سے تھا۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مخلتف شہروں میں کانگووائرس نےچھ جیتےجاگتےافراد کو موت کی تاریکیوں میں دھکیل دیاجبکہ ایک سوپچاس مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے بعض کو صحت یابی کےبعد فارغ کردیاگیا۔

    کراچی میں ڈیفنس سے تعلق رکھنےوالی خاتون سمیت اب تک چھ افرادکانگو وائرس کاشکاربن کر زندگی کی بازیہارچکے ہیں۔

  • بلاول بھٹو زرداری زلزلہ متاثرین کی عیادت کیلئے پہنچ گئے

    بلاول بھٹو زرداری زلزلہ متاثرین کی عیادت کیلئے پہنچ گئے

    پشاور : بلاول بھٹو بھی زلزے سے متاثرہ افراد کی عیادت کے لئے پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچ گئے۔

    انھوں نے متاثرہ افراد کیلئے امداد کا بھی اعلان کیا۔ فل پروٹوکول میں جب چیئرمین پیپلز پارٹی زلزلے کی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے پشاور پہنچے تو انہیں معلوم نہ تھا اسپتال کے باہر لگی بھیڑ میں سے گو بلاول گو کی آوازیں بھی آجائیں گی۔

    بلاول بھٹو نے پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا تو سید قائم علی شاہ بھی ہمیشہ کی طرح ان کے ہمراہ تھے۔

    بلاول بھٹو نے زخمیوں کی عیادت کی اور متاثر ین کیلئے امداد کا اعلان کیا, دورے کے بعد بلاول بھٹو نےپیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری ہمایوں خان کی رہائش گاہ پرپر یس کانفرنس بھی کی۔

  • وزیر اعظم نے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کردیا

    وزیر اعظم نے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کردیا

    پشاور: وزیر اعظم میاں نواشریف نے زلزلہ سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور متاثرین کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم زلزلہ متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ زلزلہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو فی کس چھ لاکھ روپے دیئے جائیں گے جبکہ زخمیوں کو علاج معالجے کیلئے فی کس ایک لاکھ روپے معاوضہ دیاجائےگا، اور جن افراد کے جسم کا کوئی عضو ضائع ہوگیا ہوگا، ان کو 2 لاکھ روپے فی کس امداد دی جائے گی۔

    اس کے علاوہ مکمل تباہ گھروں کی تعمیر کیلئے 2 لاکھ روپے جبکہ جزوی تباہ گھروں کیلئے ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ معاوضہ کی رقم کا پچاس فیصد حصہ وفاق اورپچاس فیصد صوبہ فراہم کرے گا، اور جمعرات تک متاثرین کو رقوم کی فراہمی کردی جائے گی۔

    کسی بھی گھپلے اور فراڈ سے بچنے کیلئے امداد کی تقسیم کیلئے ایک تین رکنی تصدیقی کمیٹی بنائی جائے گی جس میں پاک فوج، انتظامیہ اور مقامی لوگوں کا ایک ایک نمائندہ شامل ہوگا جومکمل تصدیق کے بعد متاثرین کو چیک فراہم کرے گا جبکہ تمام اضلاع میں امداد کی تقسیم کا کام ایک ساتھ شروع کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ایسا وقت ہے کہ اس میں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تمام جماعتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے ۔ زلزلہ آنے کے بعد تمام اداروں نے جس طریقے سے امدادی کا م شروع کیا ہے وہ قابلِ تحسین ہے ۔

    امدادی کاموں پر پاک فوج ، وزیر اعلیٰ ، گورنر کے پی کے ، این ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کا شکر گزار ہوں۔

    میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہناتھا کہ امدادی کاموں کی نگرانی میں خود کروں گا، انہوں نے کہا کہ سیایسی وابستگیوں کے دن چلے گئے، ملک کی ترقی کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

  • وزیر اعظم زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے پشاور پہنچ گئے

    وزیر اعظم زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے پشاور پہنچ گئے

    پشاور : وزیر اعظم میاں نواز شریف نے خیبر پختونخوا کے زلزلہ زدہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لئےپشاور پہنچ گئے، اس موقع پر انہیں زلزلہ سے ہونے والے جانی اور مالی تقصانات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف گورنر ہاوس پشاور پہنچ گئے، جہاں وہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرررہے ہیں۔

    اجلاس سے قبل پی ڈی ایم اے نے زلزلے کے نقصانات و انتظامات کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں زلزلے سے 222 افراد جاں بحق اور 1688 افراد زخمی ہوئے جبکہ8453 مکانوں کو نقصان پہنچاہے۔ اور متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    قبل ازیں دورہ امریکا اور برطانیہ سے واپسی پر وزیر اعظم نے زلزلے سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے شانگلہ کا دورہ کیا۔

    وزیر اعظم نے تباہ شدہ مکانات کے مالکان کو تعمیر نو کے لئے مناسب امداد دینے کا اعلان بھی کیا۔ وطن واپسی کے فوری بعد وزیراعظم نے زلزلے سے متعلق ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔

    اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس پی آر، ڈی جی ملٹری آپریشنز، وفاقی وزرا اسحاق ڈار، چودھری نثار ، پرویز رشید،گورنر خیبرپختونخوا اور دیگر حکام شریک ہوئے۔

  • بارش زحمت بن گئی، ایک شخص جاں بحق، مکانات منہدم، سڑکیں تالاب بن گئیں

    بارش زحمت بن گئی، ایک شخص جاں بحق، مکانات منہدم، سڑکیں تالاب بن گئیں

    لاہور /پشاور : ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ تباہی کاپیغام لے آیا۔آسمانی بجلی گرنے سےجھلسنےوالے تین افراد میں سےایک شخص چل بسا۔ بارشوں سےمکانات منہدم ہوگئے،سڑکیں زیر آب آ گئیں۔

    پنجاب ، خیبر پختوانخوا سمیت بالائی علاقوں میں گرج چمک کےساتھ بارشوں سے موسم تو خوشگوار ہوگیا لیکن ساتھ ہی بارشیں حادثات کا باعث بھی بنیں،۔

    ڈی جی خان کے انڈس ہائی وےالحمد ٹیکسٹائل کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے موٹرسائیکل سوار سمیت تین افراد جھلس گئے۔

    متاثرہ افراد کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ناران کےعلاقےبیسرمیں قیمتی پتھر کی کان پر برفانی تودہ گرنے سے چار مزدور زخمی ہوگئے جبکہ کئی لاپتہ مزدوروں کی تلاش جاری ہے۔

    لکی مروت میں موسلا دھار بارش نے درجنوں مکانات منہدم کر دئیے۔ متاثرہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیاگیا ۔

    کئی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی سے سڑکیں بہہ گئیں اور بعض علاقوں کادیگرشہروں سےرابطہ منقطع ہوگیا۔

    موسم کی خرابی کے باعث گلگت، اسکردو اور چترال جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

  • لاہور میں امام بارگاہ کی ریکی کرنیوالا دہشت گرد پشاور سے گرفتار

    لاہور میں امام بارگاہ کی ریکی کرنیوالا دہشت گرد پشاور سے گرفتار

    لاہور : لاہور پولیس کی جانب سے جاری کردہ خاکے کا مبینہ دہشت گرد پشاور سے گرفتار کرلیا گیا ہے، پولیس نے مبینہ دہشت گرد فیضان کا خاکہ جاری کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کے خلاف قانون نافذ کرنیوالے ادارے سرگرم ہوگئے، سی سی پی او لاہور نے دعویٰ کیا ہے کہ مغل پورہ کی امام بارگاہ کی ریکی کرنیوالا مبینہ دہشت گرد پشاور سے دھر لیا گیا۔

    لاہور پولیس نے جمعہ کی صبح مبینہ دہشت گرد فیضان کا خاکہ جاری کیا تھا، جس کا پتلا جسم، درمیانہ قد اور بھوری آنکھیں ہیں۔

    مبینہ دہشت گرد فیضان کا خاکہ شہر کےداخلی اور خارجی راستوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کو دیا گیاتھا۔

    مشتبہ شخص کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی تھی، جو دو محرم کو مغل پورہ میں مرکزی امام بارگاہ ابو الفضل عباس میں ریکی کررہا تھا۔