Tag: peshawar

  • ویڈیو: کلاس روم میں پڑھائی کے دوران چھت کا پنکھا ٹیچر پر گر گیا

    ویڈیو: کلاس روم میں پڑھائی کے دوران چھت کا پنکھا ٹیچر پر گر گیا

    پشاور: خیبر پختونخوا کے ایک گاؤں کے اسکول میں اُس وقت بچے شدید خوف زدہ ہو گئے جب پڑھائی کے دوران ہی اچانک چھت کا پنکھا نیچے آ گرا، اور اس کی زد میں ٹیچر آ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے چغل پورہ میں گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول میں کلاس روم کا چھت کا پنکھا اچانک گر گیا، جس کی زد میں آ کر ٹیچر شدید زخمی ہو گئیں۔

    زخمی ٹیچر کو واقعے کے فوراً بعد اسپتال منتقل کیا گیا، معلوم ہوا کہ پنکھا لگنے کی وجہ سے انھیں سر میں چوٹیں آئی ہیں اور کان بھی زخمی ہو گیا ہے۔

    واقعہ اس وقت پیش آیا جو کلاس میں پڑھائی جاری تھی، پنکھا ٹیچر پر گرنے کے بعد بچیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ چیخنے چلانے لگی تھیں۔

    ایس ڈی ای او شمیم اختر نے واقعے پر کہا کہ اسکول بلڈنگ بھی خستہ حال ہے، جو 1916 میں تعمیر ہوئی، اس سلسلے میں ایک سمری محکمہ تعلیم کو ارسال کی ہوئی ہے لیکن کوئی سنوائی نہ ہونے کے سبب بچے ابھی بھی خستہ حال عمارت میں بیٹھنے پر مجبور ہیں۔

  • پشاور میں 12 سرکاری دفاتر کی بجلی منقطع کر دی گئی

    پشاور میں 12 سرکاری دفاتر کی بجلی منقطع کر دی گئی

    پشاور: ایف آئی اے نے پشاور میں 12 سرکاری دفاتر کی بجلی منقطع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے ایک ہفتے کے دوران پشاور کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں، اور بجلی کے بقایا جات نہ دینے پر بارہ سرکاری دفاتر کی بجلی منقطع کی۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اینٹی کرپشن، افغان کمشنریٹ اور ڈی جی ایکسائز کے دفتر کی بجلی منقطع کی گئی، چیف انجینئرنگ پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور ورکرز وومن ہاسٹل کی بجلی بھی بند کی گئی۔

    فرانزک سائنس لیبارٹری اور پبلک فوڈ لیبارٹری کی بجلی بھی منقطع کی گئی، ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ڈی جی ایکسائز دفتر پر 13 لاکھ سے زیادہ بقایا جات ہیں، جب کہ اینٹی کرپشن اور فرانزک سائنس لیبارٹری پر 7 لاکھ سے زائد کے بقایا جات ہیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق ورکرز وومن ہاسٹل اور افغان کمشنریٹ پر 6 لاکھ سے زائد واجبات ہیں، جن دفاتر نے بقایا جات ادا کر دیے ان کی بجلی بحال کی جا رہی ہے۔

  • پاکستان کا ایک گاؤں جس کی بجلی کاٹ دی گئی ہے، اور کیس عدالت میں چل رہا ہے

    پاکستان کا ایک گاؤں جس کی بجلی کاٹ دی گئی ہے، اور کیس عدالت میں چل رہا ہے

    پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع پشاور کے ایک گاؤں متنی کی بجلی کاٹ دی گئی ہے، جس پر شہریوں نے پیسکو کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں مقدمہ کر دیا ہے۔

    پشاور ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار عدنان خان یوسفزئی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ پیسکو حکام نے ایک سال سے بجلی کاٹی ہوئی ہے جس سے لوگوں کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے۔

    جب پیسکو کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ لوگ بل نہیں دیتے اس وجہ سے بجلی کاٹی گئی ہے، تو جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیے کہ بجلی چوری عام صارف نہیں کر رہا، جو لوگ کر رہے ہیں ان پر آپ ہاتھ نہیں ڈالتے۔ جج نے کہا بجلی چوری کارخانہ دار کرتا ہے اور آپ تکلیف عوام کو دے رہے ہیں۔

    جسٹس شکیل احمد نے کہا جو لوگ بل نہیں دیتے ان کے خلاف کارروائی کریں، جو لوگ بل دیتے ہیں ان کو آپ کس بات کی سزا دے رہے ہیں؟ پیسکو کو لوگوں کی تکلیف کا احساس کرنا چاہیے، بجلی نہیں ہوتی تو بہت سے مسائل ہوتے ہیں۔

    جج نے ریمارکس دیے کہ بجلی چوری میں آپ کے ڈیپارٹمنٹ کے لوگ ملوث ہیں کیا آپ کو پتا نہیں ہے، ادارے والے کام نہیں کرتے اس وجہ سے نقصان بھی ہو رہا ہے، اگر تھوڑا سا احساس کریں تو پھر کچھ ٹھیک ہو سکتا ہے۔

    جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے بھی ریمارکس میں کہا جب آپ بجلی دیں گے تو لوگ بل جمع کریں گے، جب آپ بجلی نہیں دیں گے تو لوگ بل کس بات کا دیں۔

    درخواست گزار صارف نے عدالت کو بتایا کہ ایک سال سے ہمارے علاقے کی بجلی منقطع ہے، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بہت مشکلات ہیں، لوگ خود کشی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ عدالت نے کیس 30 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے پیسکو سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کی، اور کہا کہ آئندہ سماعت پر ہم اس کیس کا فیصلہ کریں گے۔

  • خوبانی کا مُربّہ : تیزابیت ختم اور ہاضمے کیلئے مفید

    خوبانی کا مُربّہ : تیزابیت ختم اور ہاضمے کیلئے مفید

    پشاور کے مرکزی بازار میں ساٹھ سال سے اورنگزیب بابا ماہ رمضان میں خوبانی کا مربہ بنا کرفروخت کررہے ہیں، یہ مربہ ہاضمے کی پریشانیوں میں مبتلا افراد کیلئے دوا کی حیثیت رکھتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز پشاور کی نمائندہ شازیہ نثار کی رپورٹ کے مطابق چٹ پٹے اور مصالحے دار کھانوں کی تیزابیت ختم کرنے میں یہ ہاضمے دار مربہ دوا کی طرح کام کرتا ہے۔

     رمضان المبارک میں سجائی جانے والی ریڑھی 75 سالہ اورنگزیب بابا کی ملکیت ہے جوگزشتہ 60 سال سے ہشت نگری چوک میں مربہ کی ریڑھی لگا رہے ہیں۔

    اورنگزیب بابا اپنے کپکپاتے ہاتھوں سے مربہ خود تیار کرکے حلال رزق کماتے ہیں، پشاور کے شہریوں کو اورنگزیب بابا کے مربہ کی ایسی عادت پڑگئی ہے کہ ہر کوئی انتظار میں ہوتا ہے کہ افطاری کے لیے سائیں بابا کا بنایا مربہ ہی گھر لے کر جائیں گے۔

    اس مربہ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ خوبانی ,کدو پیٹھا، آلو بخارہ، تل اور چینی کے شیرے سے یہ تیار کیا جاتا ہے جس کا نہ صرف ذائقہ بلکہ صفائی بھی شہریوں کو اپنی طرف راغب کرتی ہے۔

  • اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں زلزلے کے جھٹکے

    اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں زلزلے کے جھٹکے

    اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور اور مضافات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اسی طرح اسلام آباد میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

    اس کے علاوہ کوہاٹ، لوئر دیر، چترال اور گردونواح میں بھی شدید زلزلہ محسوس کیا گیا، زلزلہ کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔

    اس کے علاوہ پشاور، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، سوات اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے سے لرز اٹھے۔

    ذرائع کے مطابق زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر آگئے، ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ کسی بھی شہر سے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

  • پبلک پارکوں میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ

    پبلک پارکوں میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور کے پبلک پارکوں میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت پشاور کی بیوٹی فکیشن سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوام کی سہولت کے لیے شہر کے پبلک پارکوں میں مفت وائی فائی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو معاملات کو حتمی شکل دے کرمنظوری کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کی، انھوں نے کہا اگلے مرحلے میں یہ سہولت دیگر شہروں میں بھی فراہم کی جائے گی۔

    اجلاس میں شہریوں کی سہولت کے لیے ناصر باغ روڈ پر جلد بی آر ٹی سروس شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے شہر کی تزئین و آرائش کے لیے پی ڈی اے کو مفصل پلان تیار کرنے کی ہدایت کی۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ تزئین کے لیے پائیدار اقدامات کیے جائیں، سڑکوں کے اطراف کھمبوں پر خوب صورت گملوں میں مصنوعی پودے لگائے جائیں، ہیڈ پلوں اور عمارتوں پر خطاطی اور نقش و نگار بنائے جائیں، جس سے صوبے کی ثقافت اجاگر ہو، اور اس مقصد کے لیے نجی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ پشاور میں اسٹریٹ لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے پر بھی کام کیا جائے، جہاں ضرورت ہو ہیڈ پلوں کی بجائے انڈر پاسز تعمیر کیے جائیں، ورسک روڈ تا ناصر باغ رنگ روڈ کے باقی ماندہ حصے کی تعمیر جلد شروع کی جائے، اور یونیورسٹی روڈ پر بی آر ٹی کوریڈور کے اطراف سڑک بحالی پر بھی کام کا آغاز کیا جائے۔

  • پشاور : صحت کارڈ سے 24 گھنٹے میں 700 آپریشن ہوچکے

    پشاور : صحت کارڈ سے 24 گھنٹے میں 700 آپریشن ہوچکے

    پشاور : خیبر پختونخوا کے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ کے پی میں رات12بجے سے صحت کارڈ بحال ہوچکا ہے،۔

    انہوں نے بتایا کہ رات 12 بجےسے اب تک 700 مختلف مریضوں کے آپریشنز ہوچکے، صحت کارڈ کی ماہانہ لاگت 3 بلین تک پہنچ چکی ہے۔

    صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ اب صحت کارڈ کے بند ہونے کی نوبت دوبارہ نہیں آئے گی، صحت کارڈ میں1800 سے زائد امراض کا علاج شامل ہے۔

    قاسم علی شاہ نے کہا کہ اووربلنگ کے معاملے پر نگرانی خود کروں گا، صحت کارڈ پر پہلے 180اسپتال تھے اب118ہوگئے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ادویات کی کمی پوری کرنے کیلئےاقدامات کریں گے، انکوائری مکمل ہونے پر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ کے پی کے میں مالی بحران کی وجہ سے ایم ٹی آئیز اسپتالوں میں صحت کارڈ پر علاج 19 اکتوبر 2023ء سے بند تھا، تاہم اب صوبے کے تمام بڑے اسپتالوں میں صحت کارڈ کے ذریعے مریضوں کا علاج مفت کیا جائے گا۔

  • پشاور : دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید

    پشاور : دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید

    پشاور میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں نے حملہ کرکے دو اہلکاروں کو شہید کردیا، ایک اے ایس آئی شدید زخمی ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں ڈاگ لار کے علاقے میں مچنی گیٹ پولیس موبائل پردہشت گردوں
    نے اچانک حملہ کردیا۔

    ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے2پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق اس جان لیوا حملے میں موبائل انچارج اے ایس آئی مظہر زخمی ہے، جسے مقامی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    یاد رہے کہ پشاور ان دنوں دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہے، گزشتہ روز بھی پشاور کے علاقہ بورڈ بازار کے قریب صبح سویرے موٹرسائیکل میں دھماکا کیا گیا تاہم دہشت گردی کی یہ کوشش ناکام ہوگئی اور مبینہ دہشت گرد خود اپنے گھناؤنے منصوبے کا شکار ہوکر ہلاک ہوگئے۔

    بعد ازاں مذکورہ دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا، مقدمہ ایس ایچ او ناصر باغ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    مقدمے میں انسداد دہشت گردی سمیت مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں، ایف آئی آر میں کہا گیا کہ دھماکے سے پھٹنے والی موٹر سائیکل پر تین دہشت گرد سوار تھے، دھماکے میں سی ٹی ڈی کو مطلوب دو دہشت گرد ہلاک اور تیسرا زخمی ہوگیا تاہم دہشت گرد اپنے ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہے۔

  • رمضان میں دفاتر کے اوقات کار کیا ہوں گے؟

    رمضان میں دفاتر کے اوقات کار کیا ہوں گے؟

    پشاور: خیبر پختون خوا حکومت نے رمضان میں دفتری اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    کے پی میں حکومت کی جانب سے رمضان میں دفتری اوقات کار کے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہفتے میں 5 دن کھلنے والے دفاتر کے اوقات کار صبح 9 سے 3 بجے تک ہوں گے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ کو دفاتر کے اوقات کار صبح 9 سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک ہوں گے۔

    دوسری طرف ہفتے میں 6 روز کھلنے والے دفاتر کے اوقات کار صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک ہوں گے، جمعہ کو دفاتر صبح 9 سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔

  • ویڈیو رپورٹ: بارودی سرنگوں کے متاثرین کے لیے بایونک آرمز اور لیگز کی فراہمی

    ویڈیو رپورٹ: بارودی سرنگوں کے متاثرین کے لیے بایونک آرمز اور لیگز کی فراہمی

    پشاور میں فاٹا ڈس ایبل ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیراہتمام بارودی سرنگوں کے متاثرین کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں متاثرین کو بایونک آرمز اور لیگز فراہم کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں فاٹا ڈس ایبل ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام بارودی سرنگوں سے متاثرین کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی، فاٹا سے تعلق رکھنے والے 50 سے زیادہ متاثرہ افراد جس میں 10 خواتین بھی شامل تھیں، نے شرکت کی۔

    کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات تقریب کے مہمان خصوصی تھے، فاٹا ڈس ایبل ویلفیئر آرگنائزیشن نے پاک فوج کے تعاون سے اب تک ایک ہزار 43 متاثرین کی نہ صرف بحالی میں مدد کی بلکہ ان کی فلاح وبہبود کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کیے۔

    چیئرمین فاٹا ڈس ایبل ویلفیئر آرگنائزیشن عرفان اللہ جان نے پاک فوج کی جانب سے متاثرین کی بحالی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا، پاک فوج فاٹا ڈس ایبل ویلفیئر آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر متاثرین کے لیے بایونک ارمز اور لیگز کی فراہمی کے لیے متعدد کاوشوں پر مالی امداد اور رہنمائی فراہم کر رہی ہے۔

    مہمان خصوصی نے متاثرین میں مالی امداد کی مد میں کیش اور لیپ ٹاپس تقسیم کیے، تقریب میں متاثرین کے لواحقین، چیف سیکریٹری خیبر پختون خوا سمیت بڑی تعداد میں عسکری اور سول حکام نے شرکت کی، چیئرمین فاٹا ڈس ایبل ویلفیئر آرگنائزیشن عرفان اللہ جان نے کہا کہ میں مشکور ہوں کہ جب بھی ہمیں ضرورت پڑی تو پاک فوج نے ہمارا ساتھ دیا، سیکریٹری سپشل ایجوکیشن خیبر پختون خوا ڈاکٹر انیلا درانی نے کہا آج کی تقریب کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت خیبر پختون خوا اور پاک فوج قبائلی اضلاع میں دہشت گردی اور بارودی سرنگوں سے متاثرین کے فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے۔

    لیگل ایڈوائزر فاٹا ڈس ایبل ویلفیئر آرگنائزیشن نتاشا سمن نے کہا کہ فاٹا ڈس ایبل ویلفیئر آرگنائزیشن کے ساتھ پاک فوج کی امداد نہ صرف متاثرہ فرد بلکہ ان کے لواحقین تک بھی اس کا فائدہ پہنچتا ہے، جنوبی وزیرستان کے متاثرہ شخص ناظم اللہ نے کہا کہ میں پاک فوج اور فاٹا ڈس ایبل ویلفئیر آرگنائزیشن کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے ہمارے ساتھ تعاون کیا۔