Tag: peshawar

  • پشاور: بی آر ٹی منصوبے نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا

    پشاور: بی آر ٹی منصوبے نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا

    پشاور کے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کو جدید سفری نظام لانے کے سلسلے میں عالمی  اعزازی تذکرے سے نوازا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا، سسٹین ایبل ٹرانسپورٹ ایوارڈز 2024 میں بی آئی آر پی پروگرام کو اعزازی تذکرے سے نوازا گیا ہے۔

    ٹرانس پشاور کے سی ای او کے مطابق بی آئی آرپی کو جدید سفری نظام لانے کے سلسلے میں عالمی  اعزازی تذکرے سے نوازا گیا، عالمی سطح پر بی آر ٹی پشاور کا پانچواں ایوارڈ  پاکستان اور صوبے کیلئے اعزاز کی بات ہے۔

    ٹرانس پشاور کے سی ای او  نے کہا کہ اس فہرست میں چین، برازیل، ہندوستان، ترکیہ اور دیگر مملک شامل تھے، 500 سے زائد پرانی بسوں اور ویگنوں کو اسکریپ کر کے مالکان کو معاوضہ دیا گیا۔

    سی ای او ٹرانس پشاور کا کہنا تھا کہ 2022 میں بھی اعزازی تذکرے سے نوازا گیا تھا، بی آر ٹی پراجیکٹ کو عالمی سطح پر گولڈ اسٹینڈرڈ اور دیگر ایوارڈز مل چکے ہیں۔

  • اطالوی سیاح کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی

    اطالوی سیاح کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی

    پشاور: صوبہ خیبر پختون خوا کے شہر پشاور کے علاقے ناصر باغ میں خود کشی کرنے والے اطالوی سیاح کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے ناصر باغ میں اطالوی سیاح جوشوا موائسز ورگاس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کو موصول ہو گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سیاح کی موت لٹکنے کے باعث ہوئی ہے، اور گلے پر پھندے کا نشان ہے۔

    متوفی کی دستاویزات، موبائل سمز اور دیگر سامان بھی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، واضح رہے کہ اطالوی شہری کی خود کشی کا واقعہ 3 دسمبرکو پیش آیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق پشاور میں تھانہ ناصر باغ کی حدود میں واقع علاقے مراد آباد میں اطالوی شہری عارضی طور پر ایک نجی سوسائٹی کے فلیٹ میں مقیم تھا، جوشوا موائسز ورگاس کو 9 اکتوبر کو سیاحتی ویزا جاری ہوا تھا۔ فلیٹ کے مالک عثمان خان نے متوفی کو فلیٹ کرایے پر دیا تھا، عثمان خان نے پولیس کو بتایا کے متوفی سیاح سے ان کا گزشتہ کئی دنوں سے کوئی رابطہ نہیں ہوا تھا۔

    پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس کو 4 دسمبر کو اطالوی شہری کی خود کشی سے متعلق اطلاع ملی تھی، پولیس متعلقہ فلیٹ پر پہنچی تو وہاں ایک کمرہ لاک پایا گیا، اور کمرے پر لکھا تھا پولیس کو بلا لیں اور کمرے کی چابی کچن میں ہے۔

    کچن سے کمرے کی چابی اور ملکی و غیر ملکی کرنسی بھی برآمد ہوئی۔

  • پشاور میں سڑک کنارے دھماکا، 3 بچوں سمیت 7 زخمی

    پشاور میں سڑک کنارے دھماکا، 3 بچوں سمیت 7 زخمی

    پشاور: خیبر پختون خوا کے شہر پشاور میں سڑک کنارے دھماکے میں‌ 3 راہ گیر بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں ورسک روڈ پر دھماکا ہوا ہے، جس کی زد میں آ کر سات افراد زخمی ہو ئے جن میں تین راہ چلتے بچے بھی شامل ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر دھماکا سڑک کنارے نصب بارودی مواد کا لگتا ہے، ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق پولیس موبائل شدت پسندوں کا ہدف تھا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ کو محفوظ کر کے شواہد حاصل کرنا شروع کر دیا ہے، اور دھماکے سے متعلق مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کو بھی طلب کیا گیا جس نے جائے وقوعہ کی سرچنگ کی۔

    ایس پی ورسک ارشد خان کے مطابق دھماکا آج صبح 9 بج کر 10 منٹ پر ہوا، یہ دیسی ساختہ آئی ای ڈی بلاسٹ تھا، دھماکے میں 4 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

    ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی کے مطابق شدت پسندوں کی ٹارگٹ پولیس موبائل تھی، آج تھانہ مچنی گیٹ کی موبائل روٹین گشت پر تھی، جیسے ہی موبائل گزری اس کے 3 سیکنڈ بعد بلاسٹ ہوا، بارودی مواد کنکریٹ بلاک کے اندر نصب تھا۔ انھوں نے بتایا کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، دھماکے میں ملوث پورے نیٹ کو گرفتار کر کے انجام تک پہنچائیں گے۔

  • پشاور میں ناکے پر گاڑی روکے جانے پر سرکاری افسر اور پولیس میں تلخ کلامی کا واقعہ

    پشاور میں ناکے پر گاڑی روکے جانے پر سرکاری افسر اور پولیس میں تلخ کلامی کا واقعہ

    پشاور: پشاور میں ناکے پر گاڑی روکے جانے پر سرکاری افسر اور پولیس میں تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں حیات آباد باغ ناران چوک پر ناکے پر گاڑی روکے جانے پر سرکاری افسر کامران اور پولیس میں تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا ہے جس کی وڈیو منظرعام پر آ گئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حیات آباد میں ناکے کے دوران سبز نمبر پلیٹ گاڑی کو روکا گیا تو سرکاری افسر برہم ہو گئے، اور اہلکاروں سے بدتمیزی کی، گاڑی میں موجود شخص نے بتایا کہ وہ ایڈیشنل ڈپٹی سیکریٹری داخلہ مسٹر کامران ہیں۔

    سرکاری افسر نے کار سڑک کے درمیان روکی، ویڈیو میں سرکاری افسر کو گاڑی سڑک پر کھڑی کرتے دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو میں پولیس اہلکار سرکاری افسر کو سڑک پر گاڑی کھڑی کرنے سے منع کر رہے ہیں جس پر اگلی سیٹ پر بیٹھے شخص نے پولیس اہلکار کو گالیاں دینی شروع کر دیں۔

    ویڈیوکی رپورٹ مرتب کر لی گئی ہے، سی سی پی کو ارسال رپورٹ کے مطابق گاڑی میں موجود ایڈیشنل ڈپٹی سیکریٹری داخلہ نے اپنے عہدے اور اختیارات کا غلط استعمال کیا، سڑک کے درمیان گاڑی کھڑی کر کے عوام کی آمد و رفت میں خلل ڈالا۔

    پولیس کی بے عزتی اور کام میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی گئی، پولیس نے منت سماجت کر کے اسے پُرسکون کرنے کی کوشش کی، جب کہ تھانہ حیات آباد کی پولیس نے معاملہ ختم کرانے کی بھی کوشش کی۔

  • پشاور: محبت ہو تو ایسی، دلہا بارات ہیلی کاپٹر پر لے کر پہنچ گیا

    پشاور: محبت ہو تو ایسی، دلہا بارات ہیلی کاپٹر پر لے کر پہنچ گیا

    پشاور: خیبر پختون خوا کے علاقے صوابی میں ایک دلہا اپنی دلہن کو لینے ہیلی کاپٹر پر بارات پشاور لے کر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوابی کی کاروباری شخصیت حاجی علی زر کے بیٹے ذکریا کی شادی پر انوکھی بارات گئی، دلہن کی خواہش تھی کہ اس کی رخصتی ہیلی کاپٹر پر ہو۔

    دلہن کی فرمائش پوری کرتے ہوئے دلہا کے ابا نے بارات کے لیے ہیلی کاپٹر بک کرا لیا، اور 6 افراد پر مشتمل بارات بہو کو لینے ہیلی کاپٹر پر پشاور پہنچ گئی۔

    نجی ہیلی کاپٹر والوں نے بھی موقع سے پورا فائدہ اٹھایا اور دلہا کے ابا کو 22 لاکھ روپے کا بل تھما دیا۔ سوشل میڈیا پر اس بارات کی مختلف ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔

    سوشل میڈیا صارفین کا اس عمل پر ملا جلا رجحان سامنے آ رہا ہے، کسی نے اس پر تنقید کی اور اسراف سمجھا، اور کسی نے اسےمحبت سے تعبیر کیا۔

  • حیات آباد: داماد نے بیوی کے ساتھ مل کر ساس کے گھر سے ہزاروں ڈالر چرا لیے

    حیات آباد: داماد نے بیوی کے ساتھ مل کر ساس کے گھر سے ہزاروں ڈالر چرا لیے

    پشاور: خیبر پختون خوا کے شہر پشاور کے علاقے حیات آباد میں داماد نے بیوی کے ساتھ مل کر اپنی ہی ساس کے گھر سے ہزاروں ڈالر اور افغان کرنسی چرا لی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد میں ایک افغان شہری نے بے روزگاری سے تنگ آ کر ساس کے گھر میں چوری کا منصوبہ بنایا اور بیوی کی مدد سے بڑی واردات کر ڈالی۔

    پولیس حکام کے مطابق ساس کے گھر میں واردات میں ملوث افغان میاں بیوی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اور ان کے قبضے سے مسروقہ 4 ہزار امریکی ڈالر، 12 لاکھ سے زائد افغان کرنسی، اور سونا برآمد کر لیا گیا ہے۔

    گرفتار میاں بیوی کے خلاف مقامی تھانے میں مقدمہ درج کر کے پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • پشاور میں چینی فی کلو 170 سے 175 روپے میں فروخت ہونے لگی

    پشاور میں چینی فی کلو 170 سے 175 روپے میں فروخت ہونے لگی

    پشاور: خیبر پختون خوا کے شہر پشاور میں چینی فی کلو 170 سے 175 روپے میں فروخت ہونے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طرف بجلی کے بھاری برکم بل تو دوسری جانب مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے چینی خریدنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

    پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد دیگر اشیا خورد و نوش کی طرح چینی کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے ہیں، آئے روز قیمتوں میں اضافے سے پریشان شہری مایوسی کا شکار ہونے لگے ہیں۔

    پشاور میں ایک ہفتے کے دوران چینی کی قیمتوں میں 20 روپے سے زائد کا فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، تاجروں نے ملبہ نگراں حکومت کی جانب سے بڑھائے گئے پٹرول، گیس اور بجلی قیمتوں پر ڈال دیا۔

    اس صورت حال میں عوام حکومت سے پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن حکومت ساری ذمہ داری آئی ایم ایف پر ڈال کر ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے نظر آ رہی ہے۔

  • مفتی محمود فلائی اوور پر حفاظتی جنگلہ چوری کرنے کی ویڈیو پر وائرل

    مفتی محمود فلائی اوور پر حفاظتی جنگلہ چوری کرنے کی ویڈیو پر وائرل

    پشاور: مفتی محمود فلائی اوور پر حفاظتی جنگلہ چوری کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے شہر پشاور میں مفتی محمود فلائی اوور پر چور جنگلہ اتار کر لے گئے، سوشل میڈیا پر اس کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک شخص کو فلائی اوور سے حفاظتی جنگلہ اتارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ساتھی اسے جنگلہ اتارنے سے منع بھی کر رہا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جنگلہ چوری کرنے والے ملزم کا سراغ لگا کر ملوث ملزم اور خریدار کباڑی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

  • راولپنڈی اور پشاور کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی

    راولپنڈی اور پشاور کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی

    اسلام آباد: نیشنل پولیو لیبارٹری نے پاکستان کے دو شہروں راولپنڈی اور پشاور کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اور پشاور کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی، رواں برس ملک کے سیوریج کے پانی میں 14 ویں بار پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ذرائع این آئی ایچ کے مطابق راولپنڈی اور پشاور کے سیوریج میں وائلڈ پولیو وائرس ون پایا گیا ہے، پشاور میں شاہین مسلم ٹاؤن کے علاقے، جب کہ راولپنڈی میں سرائے کالا ٹیکسلا کے علاقے کے سیوریج میں وائرس پایا گیا۔

    نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے ذرائع نے بتایا کہ رواں سال پشاور کے سیوریج میں یہ چھٹی بار پولیو وائرس پایا گیا ہے، تاہم شاہین مسلم ٹاؤن کے سیوریج میں پہلی بار پولیو دیکھا گیا، جہاں سے پولیو ٹیسٹ کے لیے سیمپل 17 جولائی کو لیا گیا تھا، یاد رہے کہ پشاور سے آخری بار پولیو کیس 20 جولائی 2020 کو رپورٹ ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق سرائے کالا ٹیکسلا سے پولیو ٹیسٹ کے لیے سیمپل 17 جولائی کو لیا گیا تھا، رواں برس راولپنڈی کے سیوریج میں یہ پہلی بار ہے جو پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی، آخری مرتبہ ستمبر 2022 میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جب کہ آخری بار پولیو کیس جون 2010 میں رپورٹ ہوا تھا۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں شہروں کے سیوریج میں موجود پولیو وائرس کا جینیاتی ٹیسٹ جاری ہے۔

  • پشاور: ریگی میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، 2 پولیس اہلکار جاں بحق

    پشاور: ریگی میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، 2 پولیس اہلکار جاں بحق

    پشاور: خیبر پختون خوا کے شہر پشاور میں ریگی کے علاقے میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں 2 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے ریگی ماڈل ٹاؤن سبحان شیر ناکہ پر نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے 4 پولیس اہلکاروں کو زخمی کر دیا، ایس پی ورسک محمد ارشد کے مطابق 2 زخمی پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے ہیں۔

    ایس پی ورسک کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے، شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کی جا رہی ہے، حملے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات حملے میں شرپسندوں کی تعداد معلوم نہ ہو سکی، کیوں کہ جہاں سے فائرنگ کی گئی تھی وہاں مکمل اندھیرا تھا، سی ٹی ڈی یونٹ اس واقعے سے متعلق تمام پہلوؤں پر تحقیقات کر رہا ہے، حملے میں ایس ایم جی رائفل استعمال ہوئی، اور شدت پسندوں نے 30 میٹر کے فاصلے سے پولیس پر فائرنگ کی۔ پولیس حکام کے مطابق شدت پسندوں کی جانب سے 17 فائر کیے گئے، سی ٹی ڈی نے زخمی اہلکار کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا ہے۔