Tag: peshawar

  • شارجہ سے پشاور آنے والی پرواز فنی خرابی کا شکار

    شارجہ سے پشاور آنے والی پرواز فنی خرابی کا شکار

    کراچی: متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ سے پشاور آنے والی پرواز فنی خرابی کا شکار ہوگئی جس کی وجہ سے مسافر گزشتہ 24 گھنٹے سے شارجہ ایئرپورٹ پر محصور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شارجہ سے پشاور آنے والی ایئر بلو کی پرواز پی اے 613 فنی خرابی کے باعث اڑان نہ بھر سکی، مسافر گزشتہ 24 گھنٹے سے شارجہ ایئرپورٹ پر محصور ہیں۔

    مسافروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایئر بلو انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کی وطن واپسی کے لیے کوئی انتظامات نہیں کیے گئے، شارجہ ایئرپورٹ پر کئی گھنٹے سے موجود مسافروں کو کھانے پینے سمیت کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔

    مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں ہوٹل بھی منتقل نہیں کیا گیا اور نہ ہی پرواز کی روانگی کے حوالے سے درست معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔

    ترجمان ایئر بلو کے مطابق طیارے میں فنی خرابی ہوگئی تھی، طیارہ شارجہ ایئرپورٹ پر گراؤنڈ کیا گیا ہے، انجینیئرز کی ٹیم پارٹس کے ہمراہ لاہور سے شارجہ روانہ کردی گئی ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مسافروں کو ہوٹل منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن شارجہ ایئرپورٹ پر امیگریشن نے مسافروں کو ہوٹل منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی

  • ملک بھر میں‌ ایک دن روزہ، کمشنر پشاور کا اہم فیصلہ

    ملک بھر میں‌ ایک دن روزہ، کمشنر پشاور کا اہم فیصلہ

    پشاور: ملک بھر میں ایک دن روزہ رکھنے اور عید منانے کے لیے کمشنر پشاور سرگرم ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے کمشنر ریاض خان محسود نے ملک بھر میں ایک ہی دن روزہ اور عید کرنے کے سلسلے میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے ملاقات کی ہے۔

    ملاقات میں کمشنر نے علما سے درخواست کی کہ ایک ہی دن روزہ اور عید کرنے کے لیے وہ اپنا اہم کردار ادا کریں، اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور مسجد قاسم علی خان کی مقامی کمیٹی کا اجلاس ایک جگہ منعقد کیا جائے۔

    کمشنر پشاور نے مقامی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے پاس جرگہ بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

    کمشنر ریاض محسود کی سربراہی میں اس جرگے میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام شامل ہوں گے، یہ جرگہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے درخواست کرے گا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور مسجد قاسم علی خان کی مقامی کمیٹی کا ایک ہی جگہ پر مشترکہ اجلاس بلایا جائے۔

    کمشنر پشاور نے کہا کہ ملک میں ایک ہی دن رمضان اور عید کرنے، اور ماہ مقدس کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے ان کی طرف سے کوششیں جاری رہیں گی۔

  • پشاور: 2 دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے اشتہار جاری

    پشاور: 2 دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے اشتہار جاری

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں 2 دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے اشتہار جاری کردیا گیا، دونوں دہشت گرد انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور نے 2 دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے اشتہار جاری کردیا۔

    مبینہ ملزمان حسن شاہ اور خالد کی گرفتاری کے لیے 20 لاکھ روپے کی رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔

    دونوں دہشت گرد پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی کو مطلوب ہیں۔

    اشتہار میں اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھنے کا کہا گیا ہے، اشتہار کے مطابق دونوں دہشت گرد انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں اور عوام سے انہیں پکڑنے میں مدد کی اپیل کی گئی ہے۔

  • پشاور حملے کے 3 ملزمان کی شناخت ہو چکی: شیخ رشید

    پشاور حملے کے 3 ملزمان کی شناخت ہو چکی: شیخ رشید

    اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پشاور حملے کے 3 ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے، آئندہ ایک سے 2 روز میں تمام ملزمان گرفتار ہو جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پشاور حملے کے حوالے سے اہم ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پشاور حملے کے 3 ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پختونخواہ پولیس اور تفتیشی ادارے ملزمان تک پہنچ چکے ہیں، آئندہ ایک سے 2 روز میں ملزمان گرفتار ہو جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی طرف سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی، عدم اعتماد کا بڑا شور مچایا جارہا ہے، ابھی تک ریکوزیشن کی درخواست نہیں آئی۔ اجلاس کی ریکوزیشن کی درخواست اور تحریک عدم اعتماد دو الگ چیزیں ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن عوام میں غلط فہمی پیدا نہ کریں، ملک سیلابوں اور زلزلوں سے تباہ نہیں ہوتے، افواہوں اور انتشار سے تباہ ہوتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ابھی دلی دور است، عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔ انہیں پہلے بھی قومی اسمبلی میں شکست ہوچکی ہے دوبارہ بھی ہوگی۔

  • قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں دھماکا، 56 افراد شہید

    قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں دھماکا، 56 افراد شہید

    پشاور: ملک دشمن عناصر نے مذموم کارروائی کرتے ہوئے پشاور کے معروف قصہ خوانی بازار کو خون میں نہلادیا ہے۔

    پشاور کے مشہور و معروف قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں دھماکا ہوا ہے، دھماکے میں بچوں سمیت 56 افراد شہید ہوگئے ہیں۔

    ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال نے بتایا کہ دھماکے میں 56 افراد شہید ہوچکے ہیں دھماکےکے194زخمی ایل آرایچ لائےگئے،، جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے،ادویات،طبی عملہ، خون ایمرجنسی میں فراہم کیاگیا.

    ترجمان کے مطابق بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ، جس کے باعث خدشہ ہے کہ شہادتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

    ایس پی سٹی نے افسوسناک واقعے سے متعلق بتایا کہ دھماکا جامع مسجد کوچہ رسالدار میں اسوقت ہوا جب نمازی جمعے کی نماز کی ادائیگی میں مصروف تھے، دھماکے کے بعد مسجد میں افراتفری پھیل گئی اور ہر کوئی اپنے پیاروں کی تلاش میں مارا مارا پھرتا رہا۔

    حملہ آوروں نے مسجد میں گھسنے کی کوشش کی

    پولیس کی جانب سے جاری ابتدائی بیان میں بتایا گیا ہے کہ دو نامعلوم حملہ آوروں نے جامع مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس جوان نے جام شہادت نوش کیا ہے جبکہ دوسرے کی حالت تشویشناک ہے۔

    دھماکے سے قبل فائرنگ

    ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف نے میڈیا کو بتایا کہ اطلاعات ہیں کہ دہشتگردوں نے پہلے مسجد میں گھسنے کی کوشش کی جہاں پولیس سے مقابلہ ہوا اور مسجد میں جا گھسے، واقعے کے بعد علاقے کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لےلیاہے۔

    ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال

    ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال محمد عاصم نے بتایا کہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے بعد عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں اور غیر حاضر طبی عملے کو فوری طلب کرلیا گیا ہے۔

    ترجمان ایل آر ایچ نے بتایا کہ زخمیوں کو زیادہ تر سر میں زخم آئے ہیں، اس وقت ایمرجنسی کی صورت حال ہے، پہلی ترجیح زخمیوں کی جان بچانا ہے۔

  • پشاور دھماکا خودکش قرار، پولیس کے 2 جوان بھی شہید

    پشاور دھماکا خودکش قرار، پولیس کے 2 جوان بھی شہید

    پشاور: پشاور کے تاریخی قصہ خوانی بازار کو ایک بار پھر خون میں نہلادیا گیا، پولیس نے دھماکے کو ‘خود کش’ حملہ قرار دے دیا ہے۔

    ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ کوچہ رسالدار میں واقع جامع مسجد میں آج ایک نامعلوم خودکش حملہ آور نے نماز جمعہ کے وقت داخلے کی کوشش کی، اس دوران سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں اور خود کش حملہ آور کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ حملہ آور کی فائرنگ سے ایک اہلکار موقع پر ہی شہید جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا، بعد ازاں حملہ آور اسلحہ لہراتے ہوئے مسجد میں داخل ہوگیا اور منبر کے قریب جاکر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔

    واقعے کے بعد شدید زخمی پولیس اہلکار کو طبی امداد کے لئے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:دھماکے کا کوئی تھریٹ الرٹ جاری نہیں ہوا تھا، شیخ رشید

    ایس ایس پی آپریشنزہارون رشید نے میڈیا کو بتایا کہ مسجد پر سیکیورٹی تعینات تھی، سیکیورٹی نہ ہونے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ آج نماز جمعہ کے وقت قصہ خوانی بازار میں واقع جامع مسجد کوچہ رسالدار میں دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 30 افراد شہید جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، شہید ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

  • ظالموں نے زکوٰۃ کے نام پر غریب کو لوٹ لیا

    ظالموں نے زکوٰۃ کے نام پر غریب کو لوٹ لیا

    پشاور: ظالموں نے ایک غریب شخص پر بھی رحم نہ کھایا، اور زکوٰۃ کے نام پر اسے لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں سر پر تھال رکھ کر دس روپے والا ڈونٹ بیچنے والے ایک غریب محنت کش کو بھی بے حس نوسربازوں نے نہ چھوڑا۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جو پشاور کے ایک غریب شخص کی ہے، نوسربازوں نے انھیں زکوٰۃ کے نام پر 5 ہزار کا جعلی نوٹ تھمایا اور 4 ہزار روپے واپس لے کر چلے گئے۔

    نوسربازوں کے نئے لیکن نہایت بے حسی پر مبنی طریقہ واردات نے لوگوں کے دل دکھا دیے، معلوم ہوا کہ پشاور کے سول کوارٹر میں ڈونٹ بیچنے کے لیے جانے والے ایک شہری کو سڑک پر ایک چمچماتی گاڑی میں بیٹھے نوسربازوں نے زکوٰۃ کے نام پر ٹھگ لیا۔

    گاڑی میں سوار شخص نے غریب محنت کش سے سوال کیا تھا کہ کیا وہ زکوٰۃ لینے کا اہل ہے، جواب میں ہاں میں پا کر اس نے پانچ ہزار کا نوٹ نکال کر کہا کہ اس نے ایک ہزار روپے زکوٰۃ دینی ہے، اگر چار ہزار آپ کے پاس ہیں تو یہ نوٹ لے کر مجھے باقی واپس کردو۔

    سادہ لوح محنت کش نے نوٹ رکھ کر چار ہزار واپس کر دیے، بعد ازاں ایک دکان دار کو نوٹ دکھایا تو جعلی نکلا۔

    سامنے آنے والی ویڈیو میں غریب محنت کش نے جعلی نوٹ دکھاتے ہوئے فریاد کی کہ میں دن میں بہ مشکل تین سے چار سو روپے کماتا ہوں، چار ہزار کا نقصان مہینے میں بھی پورا نہیں کر سکتا۔

    بے بس سادہ لوح شہری کو ویڈیو میں نوسربازوں کو بد دعائیں دیتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

  • پشاور: پولیس اسٹیشن پر دستی بم حملہ،3 اہلکار زخمی

    پشاور: پولیس اسٹیشن پر دستی بم حملہ،3 اہلکار زخمی

    پشاور: صوبائی دارالحکومت میں پولیس اسٹیشن پر دستی بم حملہ کیا گیا ہے، اے آر وائی نیوز نے واقعے کی سی سی ٹی وی ٖفوٹیج حاصل کرلی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور میں واقع پھندو تھانے پر علی الصبح دستی بموں سے حملہ کیا گیا، حملے کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق تھانے پر 2 دستی بم حملے کئے گئے۔

    اے آر وائی نیوز نے تھانے پر دستی بم حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صبح 6 بجکر24 منٹ پر ایک نقاب پوش شخص تھانے کے سامنے آیا اور اس نے یکے بعد دیگرے دو بم تھانے پر پھینکے اور با آسانی فرار ہوگیا۔

    سی سی ٹی وی میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حملہ آور کا ہدف تھانہ پھندو ہی تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: پولیس کی گاڑی کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام

    واقعے کے بعد زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی فوری طور پر جائے حادثے پر پہنچا اور شواہد اکھٹے کئے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل کوئٹہ میں سب انسپکٹر ٹریفک پولیس کی گاڑی کو مقناطیسی بم سے اڑانے کی کوشش کو ناکام بنایا گیا تھا۔

    محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) بلوچستان کے ترجمان کے مطابق تخریب کاروں ن گاڑی کے نیچے ایک کلو گرام مقناطیسی آئی ای ڈی لگایا گیا تھا، تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈ نے آئی ای ڈی کو ناکارہ بنایا۔

  • پشاور : مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے والے ملزمان گرفتار

    پشاور : مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے والے ملزمان گرفتار

    پشاور : کے پی کے کی ضلعی انتظامیہ نے پشاور میں مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردیں۔

    انتظامی عملے نے مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنادی، پشاور کے موٹروے ٹول پلازہ کے قریب فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے کامیاب کارروائی کی۔

    پشاور کی فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گاڑی سے دو مردہ جانور برآمد ہوئے، چارسدہ لے جایا جارہا تھا، دونوں جانوروں کو مرنے کے بعد ذبح کیا گیا تھا۔

    ترجمان فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق مردہ جانوروں کو تلف کردیا گیا ہے جبکہ کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق فوڈ سیفٹی اتھارٹی حکام کو مختلف مویشی منڈیوں سے مردہ جانوروں کو اکٹھا کرکے ان کا گوشت پشاور میں سپلائی کرنے والے گروہ کی شکایت موصول ہوئی تھی جس پر انہوں نے فوری کارروائی کا حکم دیا۔

  • پشاور میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز  ، مزید 4 اسکول اور ایک ہاسٹل  بند

    پشاور میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز ، مزید 4 اسکول اور ایک ہاسٹل بند

    پشاور : خیبر پختونخواہ کے دارلحکومت پشاور کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر مزید چار اسکول اور ایک ہاسٹل کو بند کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کے دارلحکومت پشاورمیں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظرانتظامیہ نے مزید چار اسکول اور ایک ہاسٹل کو بند کردیا۔

    بند کئے جانے والے اسکولز میں گورنمٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول یونیورسٹی ٹاؤن، گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری اسکول وڈ پگہ، ورکنگ فاکس سکول حیات آباد، اقرا پبلک سکول ورسک روڈ اور بے نظیر گرلز ہاسٹل شامل ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسکولوں اور ہاسٹل کو ایک ہفتے کے لئے بند کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کورونا کیسز میں اضافے کے بعد پشاور بند کیے گئے اسکولوں کی تعداد بیس سے زائد ہوگئی ہے۔

    یاد رہے خیبرپختونخوا میں کورونا کے وار تیزی سے جاری ہے ، پشاور میں کورونا کی شرح پینتیس فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ نوشہرہ میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح چھیالیس فیصد سے زائد ہے۔

    واضح رہے ملک میں کورونا کیسز اور اموات میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، ایک روز میں 21 اموات اور 7 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔