Tag: peshawar

  • پشاور: کورونا کا پھیلاؤ، شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی بند

    پشاور: کورونا کا پھیلاؤ، شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی بند

    پشاور میں کورونا کے بڑھتے  ہوئے کیسز کے پیش نظر شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی کو تاحکم ثانی بند کردیا گیا ہے۔

    شہید بےنظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث یونیورسٹی کو تاحکم ثانی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اعلامیہ کے مطابق طالبات یونیورسٹی آنے کے بجائے آن لائن کلاسز سے مستفید ہوں گی۔

    اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی کھلنے کے بعد بھی صرف ویکسینیٹڈ طالبات اور اسٹاف کو یونیورسٹی میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

    پشاورمیں کورونا پھیلاؤ کےباعث اب تک 4 جامعات کو بند کیا جاچکا ہے۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوتا جارہا ہے اور وفاقی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں متعدد تعلیمی ادارے بند کیے جاچکے ہیں۔

     مزید پڑھیں: اسلام آباد کے مزید 12 تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ

  • پشاور: اسپتال کے گیٹ پر بچے کی پیدائش، عدالت کا اظہار برہمی

    پشاور: اسپتال کے گیٹ پر بچے کی پیدائش، عدالت کا اظہار برہمی

    پشاور ہائی کورٹ میں قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کے گیٹ پر ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے خاتون کے بچہ جنم دینے کے واقعہ کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

    اس موقع پر اسپیشل سیکرٹری اور سیکرٹری ہیلتھ، چیئرمین بورڈ آف گورنر قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس اور اے جی عدالت میں پیش ہوئے۔

    چیف جسٹس قیصر رشید خان نے کہا کہ قاضی حسین احمد کمپلیکس سے متعلق روزانہ کوئی نہ کوئی رپورٹ سامنے آتی ہے، اس اسپتال میں ہو کیا رہا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ ایک ٹھیکیدار کو چیئرمین بورڈ آف گورنر بنایا گیا۔

    جس کے جواب میں ایڈووکیٹ جنرل شمائل بٹ نے بتایا کہ اب نیا چیئرمین بورڈ آف گورنر ہے اس کو ہٹا دیا گیا ہے، اے جی نے کہا کہ اسپتال میں کل افسوسناک واقعہ پیش آیا اس کی انکوائری ہورہی ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ اب ہٹا دیا ہے لیکن ایک ٹھیکیدار کواسپتال حوالے کیا گیا تھا۔

    چیئرمین بی او جی نور الاایمان نے کہا کہ مجھے چارج سنبھالے ہوئے100دن ہوگئے ہیں میں 100دن کی گارگردگی پیش کرونگا، بدقسمتی سے اسپتال میں غیرقانونی طور پرغیرضروری اسٹاف بھرتی کیا گیا، جس چیزکوبھی ہاتھ لگائیں غیرقانونی چیزیں ہی نکل آتی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اسپتال کا 90فیصد بجٹ تنخواہوں میں جاتا ہے، غیر قانونی بھرتی 126لوگوں کو نکالا  تواحتجاج شروع ہوگیا، گزشتہ 8 دن سے ہسپتال بند ہے وہاں کوئی کام نہیں کررہا۔

    چیف جسٹس قیصررشیدخان کا کہنا تھا کہ اسپتال بند ہے توحکومت کیا کر رہی ہے، اسپتال کو کوئی کیسے بند کرسکتا ہے، جوغیر قانونی کام ہےاس کےخلاف سخت کارروائی کریں، اس اسپتال کا نام بھی بہت بڑا ہے۔

    ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ جوغیرقانونی کام کررہے ہیں ان کےخلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی، بعد ازاں عدالت نے چیئرمین بورڈآف گورنر سےاسپتال سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ کے گیٹ پر خاتون نے دو بچوں کو جنم دیا تھا ہسپتال میں ڈاکٹرز اور دیگر عملہ کے احتجاج کی وجہ سے کوئی بھی ہسپتال میں موجود نہیں تھا ہسپتال سے واپسی پر گیٹ میں ہی خاتون کی حالت غیرہوگئی ریسکیو 1122 کی ٹیم پہنچ گئی جس میں موجود خاتون اہلکار نے خاتون کی ڈلیوری کرائی خاتون نے دو بچوں کو جنم دیا۔

  • پنجاب اسمگل کی جانے والی منشیات اور اسلحہ کہاں سے آیا؟ اہم انکشاف

    پنجاب اسمگل کی جانے والی منشیات اور اسلحہ کہاں سے آیا؟ اہم انکشاف

    پشاور: کے پی پولیس نے غیر قانونی اسلحہ اور منشیات پنجاب اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 3 اسمگلرز کو گرفتار کرلیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسمگلرز کی گرفتاری دو مختلف واقعات میں ہوئی، پہلی کارروائی پولیس کی جانب سے صوابی کے انبار انٹر چینج پر کی گئی۔

    ڈی پی او شعیب محمد کے مطابق اسنیپ چیکنگ کے دوران کار سے بھار تعداد میں اسلحہ اور منشیات برآمد کیں گئیں جبکہ ایک اسمگلر کو بھی گرفتار کیا گیا، برآمد اسلحے میں 25پستول نائن ایم ایم، 7پستول تیس بور،7ریپیٹر، 3ایم پی فائیو رائفل، ایک ایم فور رائفل، ایک44بور رائفل سمیت ایک سب مشین گن،16میگزین اورہزاروں گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔

    یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں پولیس مقابلہ، 2ڈاکو ہلاک، اہلکار شہید

    ڈی پی او محمد شعیب کے مطابق کار سے ساڑھے7کلوچرس بھی برآمد کی گئی، اسلحہ و منشیات پنجاب اسمگل کی جارہی رہی تھی۔

    دوسری کارروائی پشاور کے علاقے پہاڑی پورہ میں عمل میں لائی گئی، جہاں چارسدہ اور پشاور سےتعلق رکھنے والے 2منشیات اسمگلرز کو گرفتار کیا گیا،پولیس کے مطابق 62 کلو سےزائد اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد ہوئی جو ملزمان گاڑی کےذریعے پنجاب اسمگل کرنےکی کوشش کررہےتھے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید کارروائی کا آغازکردیا گیا ہے۔

  • وزیر اعظم کی عوامی فلاح کے منصوبے ترجیحی بنیاد پر مکمل کرنے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی عوامی فلاح کے منصوبے ترجیحی بنیاد پر مکمل کرنے کی ہدایت

    پشاور: وزیر اعظم عمران خان کے ایک روزہ دورہ پشاور کے دوران انہیں عوامی فلاح و ترقیاتی منصوبوں بالخصوص ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان اور جنگلات کے تحفظ کے منصوبے کے بارے میں آگاہی دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کا ایک روزہ دورہ کیا، وزیر اعظم سے گورنر شاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ محمود خان کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں صوبے میں سیاسی صورتحال، انتظامی امور اور امن و امان کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

    ملاقات میں عوامی فلاح و ترقیاتی منصوبوں بالخصوص ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان، جنگلات کے تحفظ کے منصوبے اور صحت کارڈ کی عوامی پذیرائی پر بھی گفتگو ہوئی۔

    وزیر اعظم کو مہنگائی کی روک تھام کے لیے کیے گئے انتظامات اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن پر پیش رفت سے متعلق آگاہی دی گئی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے عوامی فلاح کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

  • مکان کی چھت گر گئی، ماں چار بیٹیوں سمیت جاں بحق

    مکان کی چھت گر گئی، ماں چار بیٹیوں سمیت جاں بحق

    پشاور : صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک ماں اپنی چار بچیوں سمیت لقمہ اجل بن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے انقلاب کالونی تہکال کے قریب گھر کی چھت گرگئی، چھت کے ملبے میں دب کر5افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔

    ریسکیو اہلکاروں اور اہل علاقہ نے امدادی کارروائیاں کرکے جاں بحق ہونے والی ماں اور بچیوں کی لاشوں کو ملبے تلے سے باہر نکالا۔

    زخمی ہونے والے دو افراد کو ابتدائی طبی امداد کیلئے خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا، جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

  • پشاور میں فورسز کی کارروائی، داعش کے 3 دہشت گرد ہلاک

    پشاور میں فورسز کی کارروائی، داعش کے 3 دہشت گرد ہلاک

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی میں داعش کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں تھانہ فقیر آباد کی حدود میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی۔

    سی ٹی ڈی اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے، دہشت گرد رنگ روڈ قبرستان میں واردات کی غرض سے موجود تھے۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، آپریشن کے دوران ملزمان کے قبضے سے جدید خود کار اسلحہ اور مختلف دستاویزات برآمد ہوئے۔

    دہشت گردوں کا تعلق داعش سے تھا

    کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) نے بعد ازاں میڈیا کو بتایا کہ پشاور میں ہلاک دہشت گردوں کا تعلق داعش سے تھا، ہلاک ملزمان میں ایک کمانڈر حیات تھا جو پشاور داعش کا انچارج تھا۔

    سی سی پی او کے مطابق مرکزی کمانڈر سلیمان تھا جس کا تعلق باجوڑ سے تھا، تیسرا دہشت گرد افغانی تھا۔

    سی سی پی او کا کہن ا ہے کہ 2 پولیس اہلکاروں اور سکھ شہری ستنام سنگھ کے قتل میں داعش نیٹ ورک ملوث تھا جکس میں مذکورہ ملزمان بھی شامل تھے، سنہ 2017 میں پشاور میں داعش کا ہیڈ کوارٹر بھی پکڑا گیا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات مقابلے میں 2 دہشت گرد فرار بھی ہوگئے۔

  • پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات، پریذائیڈنگ افسر اور ان کے شوہر گرفتار

    پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات، پریذائیڈنگ افسر اور ان کے شوہر گرفتار

    پشاور: خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کا دنگل سجنے سے قبل ہی دھاندلی کی مبینہ کوشش سامنے آنے پر خاتون پریذائیڈنگ افسر اور ان کے شوہر کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں لائے گئے پشاور کی نیبرہڈ کونسل 33 اور 34 میں بیلٹ پیپرز کھلنے پر شدید ہنگامہ آرائی ہوئی، مختلف جماعتوں کے کارکنان موقع پر پہنچ گئے اور مبینہ دھاندلی کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔

    خاتون پریذائیڈنگ افسر اپنے مقامی رہنما شوہر کو پولنگ اسٹیشن کے اندر لے گئی تھیں، جس پر اپوزیشن نے شور مچایا، پولیس نے میاں بیوی کو ہجوم سے بچایا اور پھر گرفتار کر لیا، عوامی نیشنل پارٹی اور جے یو آئی نے پاکستان تحریک انصاف پر دھاندلی کرانے کا الزام لگا دیا ہے۔

     اس دوران اسسٹنٹ صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ بھی موقع پر پہنچ گئےتھے، انھوں نے کہا پریذائیڈنگ افسر اور ان کے شوہر کو گرفتار کر لیا ہے، دھاندلی میں جو بھی ملوث ہوگا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی، اور پولنگ کے لیے نیا عملہ تعینات کیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا انتخابی مواد محفوظ ہے، اب نئے عملے کو ریٹرننگ افسر کے حوالے کیا جائے گا، کہیں سے دھاندلی کی اطلاع آئی تو عملے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    پی ٹی آئی رہنما

    شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اپوزیشن نے انتخابات سے پہلے ہی شکست تسلیم کر لی، پیپلز پارٹی نے دھاندلی کا شور کر کے مبینہ طور پر ڈراما رچایا، پی پی کے جیالے آخر کیسے اسکول کے اندر پہنچے، اپوزیشن انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنا مؤقف واضح کرے، کیسے دھاندہی ہوئی ذرا بتایا جائے، بیوروکریسی کو ٹارگٹ کرنا افسوس ناک ہے، ہم شفاف اور غیر جانب دار انتخابات پر یقین رکھتے ہیں، صوبائی حکومت کو بدنام کرنے کی سازش ناکام ہوگی۔

    میدان کل سجےگا

    خیبر پختون خوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا میدان کل سجےگا، انتخابی سامان کی ترسیل ہو چکی، ایک کروڑ 26 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے، میئر اور تحصیل چیئرمین کی 66 نشستوں کے لیے 689 امیدوار میدان میں، خواتین کی نشستوں پر 3 ہزار 870، کسانوں کی نشستوں پر 7 ہزار اور نوجوانوں کی نشستوں پر 6 ہزار 11 اور اقلیتی نشستوں پر 293 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔

    ایک افسوس ناک خبر یہ ہے کہ الیکشن سے ایک روز قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں اے این پی کا سٹی میئر کا امیدوار قتل ہو گیا، عمر خطاب شیرانی کوگھر کے باہر نشانہ بنایا گیا، اے این پی کے کارکنوں نے واقعے پر احتجاج کیا، واقعے کے بعد سٹی میئر کی نشست پر انتخاب ملتوی کر دیا گیا ہے۔

    ووٹ مانگ کر شرمندہ نہ کریں

    پشاور کے علاقے نوتھیہ کے محلے جمعہ خان کے مکین عوامی نمائندوں سے ناراض نظر آ رہے ہیں، اس ناراضی کے اظہار کے لیے انھوں نے بینر لگا دیا جس پر لکھا ہے کہ ووٹ مانگ کر شرمندہ نہ کریں۔

    اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ گیس پائپ لائن کا کام برسوں سے تاخیر کا شکار ہے، نکاسئ آب کی لائنیں ڈالی گئیں نہ ہی سڑکوں کی تعمیر ہوئی، عوامی نمائندے ووٹ لینے کے بعد غائب ہو جاتے ہیں، ووٹ چاہیے تو پہلے ہمارے مسائل حل کریں۔

  • پشاور: پولیس مقابلے میں 2 اشتہاری ملزمان ہلاک، پولیس اہلکار زخمی

    پشاور: پولیس مقابلے میں 2 اشتہاری ملزمان ہلاک، پولیس اہلکار زخمی

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں پولیس مقابلے میں 2 اشتہاری ملزمان ہلاک ہوگئے، ملزمان کی فائرنگ سے 1 پولیس اہلکار راحت بھی زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے تھانہ پشتہ خرہ کی حدود میں پولیس مقابلے میں 2 اشتہاری ملزمان ہلاک ہوگئے، سی سی پی او حسن عباس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان شیر زئی اور شیر کئی کا تعلق افغانستان سے ہے۔

    سی سی پی او کا کہنا ہے کہ ملزمان قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر پہلے تھانہ ناصر باغ کی حدود میں کارروائی کی گئی، ناصر باغ میں ملزمان کی فائرنگ سے 1 پولیس اہلکار راحت زخمی ہوا۔

    سی سی پی او کے مطابق ملزمان تھانہ پشتہ خرہ کی حدود تاج آباد قبرستان میں روپوش تھے، موقع سے 2 پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

  • آئندہ 10 سال میں 10 ڈیم بنائیں گے: وزیر اعظم

    آئندہ 10 سال میں 10 ڈیم بنائیں گے: وزیر اعظم

    پشاور: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرونا کے دوران پابندیاں نہ لگانے پر مجھ پر بہت تنقید کی گئی، اب دنیا کہہ رہی ہے پاکستان نے سب سے بہتر طریقے سے اپنے ملک کو کرونا سے نکالا۔ اگلے 10 سال میں 10 ڈیم بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے احساس کفالت پروگرام کے تحت چیک تقسیم کیے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 25 سال پہلے تحریک انصاف شروع کی تو ہمارا منشور واضح تھا، ہمارا منشور تھا کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یو این ڈی پی کی رپورٹ تھی کہ سنہ 2013 سے 2018 تک پختونخواہ میں سب زیادہ تیزی سے غربت کم ہوئی، صوبہ دہشت گردی سے بہت زیادہ متاثر تھا، وہاں بہت خوف تھا ارکان اسمبلی یہاں نہیں اسلام آباد میں ملتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ اب صوبے میں پہلی بار 30 فیصد لوگوں کو ہیلتھ انشورنس ملی، غریبوں کے لیے کینسر کے علاج کا اسپتال بنایا۔ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ نے بھی ہیلتھ انشورنس
    دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جہاں جہاں ہماری حکومت ہے وہاں ہر خاندان کو علاج کے لیے 10 لاکھ روپے دیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ علاج کی سہولت دینا ہمیں فلاحی ریاست کی طرف لے کر جا رہا ہے، کرونا کے دوران پابندیاں نہ لگانے پر مجھ پر بہت تنقید کی گئی۔ اب دنیا کہہ رہی ہے پاکستان نے سب سے بہتر طریقے سے اپنے ملک کو کرونا سے نکالا، دی اکانومسٹ نے لکھا پاکستان نے اپنے لوگوں اور معیشت دونوں کو بچا لیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم دنیا میں سب سے کم قیمت پر پیٹرول اور ڈیزل بیچ رہے ہیں، پاکستان میں مہنگائی کی مشکل سے نمٹنے کے لیے احساس راشن پروگرام بنایا، پروگرام کے تحت آٹا ،گھی اور دالیں 30 فیصد کم قیمت پر دی جائیں گی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایک اور پروگرام شروع ہوگا جس کے تحت 20 لاکھ انتہائی کم آمدن والے خاندانوں کو بلا سود قرضہ دیں گے، ہر مستحق خاندان میں ایک فرد کو ہنر سکھائیں گے۔ مستحق خاندان کو کامیاب پاکستان کے تحت گھر بنانے کے لیے 27 لاکھ کا بلا سود قرض دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم 47 ارب 63 لاکھ اسکالر شپس کی مد میں دے رہے ہیں، وزیر اعظم آفس کے تحت میرٹ پر اسکالر شپس دی جائیں گی۔ آئندہ 10 سال میں 10 ڈیم بنائیں گے، ہمارا ملک بہت تیزی سے ترقی کرے گا۔

  • پشاور: ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید

    پشاور: ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید

    پشاور: اشتہاری ملزم کی گرفتاری کیلئے کئے گئے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔

    پولیس ذرائع کے مطابق حیات آباد میں اشتہاری ملزم کی گرفتاری کیلئےرات گئے ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا، کارروائی خفیہ اطلاعات پر مطلوب اشتہاری کی مکان میں موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔

    پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران مشتبہ مکان سے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے، واقعے کے بعد پولیس نے مکان سے دو مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    شہید اہلکاروں کے جسد خاکی کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،شہید اہلکاروں میں اےایس آئی ریاض خان اور کانسٹیبل جعفر شامل ہے ۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دی جاچکی ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔