Tag: Pet

  • کتے کے لئے طیارے کی پوری بزنس کلاس بک

    کتے کے لئے طیارے کی پوری بزنس کلاس بک

    کتے کے مالک نے اپنے پالتو جانور کے آرام دہ سفر کے لئے لاکھوں روپے خرچ کر ڈالے۔

    کتوں کو پالنے کے شوقین افراد اپنے پالتو جانوروں کو بڑے ناز ونخرے سے پالتے ہیں، بہترین غذا اور ماحول کے ساتھ ان کی تربیت کرتے ہیں، اس طرح کے واقعات آئے روز خبروں کی زینت بنتے ہیں۔

    ایسا ہی واقعہ بھارتی ریاست ممبئی میں پیش آیا، جہاں کتے کے مالک نے اپنے پالتو جانور کے آرادم دہ سفر کے لئے ڈھائی لاکھ روپے کی خطیر رقم خرچ کرڈالی، مالک نے ممبئی سے چنئی جانے والی دو گھنٹے طویل پرواز کے لیے ڈھائی لاکھ روپے سے زیادہ خرچ کیے،

    واقعہ کچھ یوں ہے کہ ایک کتے کے مالک نے اپنے پالتو جانور کے لیے ایئر انڈیا کی فلائٹ کا پورا بزنس کلاس کیبن بک کرایا، ایئر انڈیا اے 320 طیارے کے جے کلاس کیبن میں 12 نشستیں ہیں، جس پر پالتو کتے نے عیش و آرام سے سفر کیا۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ کتے پہلے بھی ایئر انڈیا کی بزنس کلاس میں سفر کر چکے ہیں ، شاید یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پالتو جانور کے لیے ایک پورا بزنس کیبن بک کیا گیا ہو۔

    واضح رہے کہ ایئر انڈیا ، ہندوستان کی پہلی فضائی سروس ہے جو مسافروں کے کیبن میں گھریلو پالتو جانوروں کو سفر کی اجازت دیتا ہے، ایک پرواز میں زیادہ سے زیادہ دو پالتو جانوروں کی اجازت ہے اور پالتو جانوروں کو بک شدہ کلاس کی آخری قطار میں بٹھایا جاتا ہے۔

    پچھلے سال جون اور ستمبر کے درمیان ، ایئر انڈیا نے اپنی مقامی پروازوں میں دو ہزار پالتو جانوروں کو سفر کرایا۔

  • گھر میں بھیڑیے پالنے والا سعودی نوجوان

    گھر میں بھیڑیے پالنے والا سعودی نوجوان

    ریاض: سعودی عرب میں ایک نوجوان نے اپنے گھر میں بھیڑیے پال لیے جو اس کے ساتھ گھر کے افراد کی طرح رہ رہے ہیں اور سب سے نہایت مانوس ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی نوجوان راید العریما نے قصیم ریجن کے الفوارہ شہر میں واقع اپنے گھر میں کئی بھیڑیے پالے ہوئے ہیں، نوجوان نے بھیڑیوں کے بچوں کی پرورش کی اور اب وہ خاندان کے فرد کے طور پر اس کے ساتھ رہنے لگے ہیں۔

    ایک انٹرویو میں سعودی نوجوان نے بتایا کہ مجھے بھیڑیے اچھے لگتے تھے اسی لیے انہوں نے بھیڑیا پالنا شروع کیا۔ ان کے مطابق ان کے گھر میں 6 بھیڑیے موجود ہیں اور اب تو ان کے گھر والے بھی بھیڑیوں سے نہایت مانوس ہوگئے ہیں۔

    سعودی نوجوان نے بھیڑیوں کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں جنہیں دیکھ کر لوگ حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔

    راید العریما کا کہنا ہے کہ اسے ان منفرد جانوروں کے لیے ایک بڑا فارم بنانے کی خواہش ہے اور وہ چاہتا ہے کہ اسے اس کا لائسنس مل جائے۔

    ان کے مطابق جب وہ بھیڑیے کے بچے گھر پر لایا تھا تو اہلیہ نے مخالفت نہیں کی اور پھر رفتہ رفتہ سب لوگ ان سے مانوس ہوگئے۔ جب بھی وہ گھر سے دور جاتا ہے تو واپسی پر بھیڑیے اسے بچوں کی طرح ملتے ہیں۔

    نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ ان بھیڑیوں کو 9 کلو کچا گوشت کھلاتے ہیں، ہر بھیڑیے کی یومیہ خوراک ڈیڑھ کلو گوشت ہے، میرے جاننے والوں میں کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جو اپنے بھیڑیوں کو پیزا بھی کھلاتے ہیں۔

  • مہوش حیات کو گہرا صدمہ

    مہوش حیات کو گہرا صدمہ

    معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات اپنے پالتو کتے کی موت کے بعد بے حد غمگین ہوگئیں جس کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر مہوش حیات نے اپنے پالتو کتے بلونی کے ساتھ اپنی تصاویر پوسٹ کیں۔

    مہوش نے لکھا کہ میرے پیارے بلونی، تمہیں گزرے ہوئے 3 دن ہوگئے ہیں، اور میرا دل اور دماغ ابھی بھی اس پر یقین نہیں کر پارہا۔

     

    View this post on Instagram

     

    My dear Balooni .. It’s been 3 days that you’ve been gone .. and my heart and mind still doesn’t want to believe It. I’ve been through a lot but these last few days have been the worst of my life. A decade of having you next to me through all my highs, lows and breakdowns .. your one gaze would make me feel everything’s going to be alright. You taught me so much about unconditional love and life itself. Never thought I’d lose you .. thought you’d always be there at the gate waiting for me with those big piercing brown eyes .. My best friend .. you loved me so much that you spared me the pain of saying good bye and letting you go .. I wish you’d waited for me a day more .. I wish I could have got to hug you for one last time .. I wish .. 💔 Nothing will ever replace the void that you have left in my life. All I am left with is tears .. memories .. and a lifetime to miss you… 🥀 RIP Bruno 06.03.2020

    A post shared by Mehwish Hayat (@mehwishhayatofficial) on

    انہوں نے لکھا کہ میں نے اپنی زندگی میں بہت کچھ سہا لیکن تمہارے جانے کے بعد یہ دن بدترین ہیں۔ ایک دہائی سے تم میرے پاس، دن رات، ہر اونچ نیچ میں ساتھ رہے۔

    مہوش کا کہنا تھا کہ تمہاری ایک پیار بھری نظر سے یوں لگتا تھا کہ سب کچھ ٹھیک ہوگیا، تم نے مجھے محبت اور زندگی کے بارے میں بہت کچھ سکھایا۔

    اداکارہ نے مزید لکھا کہ میں سمجھتی تھی کہ تم ہمیشہ میرے ساتھ رہو گے اور روزانہ دروازے پر میرا انتظار کرتے رہو گے۔ کاش کہ تم ایک دن اور ٹھہر جاتے، کاش کہ میں ایک آخری بار تمہیں گلے لگا سکتی۔

    آخر میں انہوں نے لکھا کہ ان کے پالتو کتے کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا کیونکہ وہ ان کی زندگی میں ایک اہم حیثیت رکھتا ہے۔

  • لمبی زندگی جینے کا آسان نسخہ

    لمبی زندگی جینے کا آسان نسخہ

    انسان اپنی زندگی کو طویل کرنا چاہتا ہے اور اس کے لیے کئی جتن کرتا ہے، یوں تو طویل صحت کا تعلق اچھی صحت سے ہے تاہم آج ہم آپ کو طویل صحت کا بہترین نسخہ بتانے جارہے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پالتو جانور رکھنے والے افراد صحت مند رہتے ہیں اور ان کی زندگی طویل ہوتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق پالتو جانور بے شمار فائدوں کا باعث ہے، یہ جسم میں سیرو ٹونین اور اوکسی ٹوسن نامی ہارمون میں اضافہ کرتے ہیں جس سے خوشی اور محبت کے جذبات پیدا ہوتے ہیں۔

    ایک تحقیق کے مطابق پالتو جانور قبل از وقت موت کا باعث بننے والے عوامل سے بچاتا ہے، یہ اپنے مالک کو تنہائی اور ڈپریشن سے محفوظ رکھتا ہے۔ مالک جب اپنے جانور کو باہر گھمانے کے لیے لے کر جاتا ہے تو اس کے سماجی رابطے قائم ہوتے ہیں جس سے اس میں تنہائی کا احساس کم ہوتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پالتو جانور اپنے مالک کو ذہنی تناؤ سے بچا کر رکھتا ہے جس سے بلڈ پریشر کم رہتا ہے، جبکہ کولیسٹرول کی سطح بھی مناسب رہتی ہے جس سے دل صحت مند رہتا ہے۔

    بعض اوقات پالتو جانور کسی کی جان بھی بچاسکتے ہیں، بعض مرگی کے مریض کے پالتو کتوں کو ایسی تربیت دی جاتی ہے جس سے وہ دورے کی کیفیات بھانپ کر دیگر افراد کو مدد کے لیے بلانا شروع کردیتے ہیں۔

    ایسے کتے مریض کے قریب بھی لیٹ جاتے ہیں تاکہ اگر وہ دورے کی حالت میں نیچے گریں تو انہیں چوٹ نہ لگے۔

    کیا آپ طویل زندگی کے لیے پالتو جانور رکھنا چاہیں گے؟

  • جانوروں کا عالمی دن: پالتو جانور رکھنے کے حیران کن فوائد

    جانوروں کا عالمی دن: پالتو جانور رکھنے کے حیران کن فوائد

    آج دنیا بھر میں جانوروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد پالتو جانوروں اور ان کے حقوق کا خیال رکھنے کا شعور پیدا کرنا ہے۔

    یاد رہے کہ ہر سال 3 مارچ کو جنگلی حیات کا عالمی دن بھی منایا جاتا ہے تاہم آج کا دن گھروں میں پالے جانے والے، یا انسانوں کے ساتھ رہنے والے پالتو جانوروں کا دن ہے جس میں سرکس، فلموں، یا ریسکیو ٹیموں کے ساتھ رکھے جانے مختلف جانور بھی شامل ہیں۔

    دنیا بھر میں گو کہ گھروں میں پالے جانے عام جانوروں میں کتے، بلی، کچھوے، گھوڑے، گائے، بکریاں اور مختلف پرندے وغیرہ شامل ہیں، تاہم جانوروں کے شوقین بعض افراد خطرناک جانور بھی گھر میں رکھ لیتے ہیں جیسے شیر، چیتے، سانپ یا زیبرا وغیرہ۔

    لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ گھر میں موجود پالتو جانور آپ کے لیے بے شمار فوائد کا سبب بن سکتے ہیں۔ آئیں جانتے ہیں کیسے؟


    ذہنی تناؤ میں کمی

    گھر میں جانور خصوصاً کتا یا بلی پالنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ آپ کے ذہنی تناؤ میں کمی واقع ہوتی ہے۔

    دن بھر کے تھکے ہارے جب شام کو آپ واپس گھر پہنچتے ہیں تو گھر والوں سے زیادہ پرجوش استقبال آپ کا پالا ہوا بلی یا کتا کرتا ہے جو یکدم آپ کے ذہنی تناؤ کو کم ترین سطح پر لے آتا ہے۔


    درد میں کمی

    طویل عرصے تک گھر میں پالا جانے والا جانور گھر کے ایک فرد کی سی حیثیت اختیار کرجاتا ہے۔ اس کی غیر موجودگی میں اس کی بے حد کمی محسوس ہوتی ہے، جبکہ اس کی موجودگی تکلیف میں مبتلا افراد کے لیے ایسی ہی ثابت ہوتی ہے جیسے کسی قریبی عزیز یا اپنے کی موجودگی۔

    دکھ اور بیماری کے موقع پر پالتو جانور بھی آپ کو آرام پہنچانے کا سبب بن سکتے ہیں۔


    موڈ میں تبدیلی

    تصور کریں آپ نہایت برے موڈ کے ساتھ گھر میں داخل ہوئے، لیکن گھر میں داخل ہوتے ہی آپ کے پالتو کتے نے لپک کر آپ کو گلے لگا لیا، یا پالتو بلی نے میاؤں میاؤں کرتے ہوئے آپ کے گرد چکر لگانا شروع کردیا، تو آپ کا موڈ فوراً تبدیل ہو کر نہایت خوشگوار ہوجائے گا۔


    رویوں میں نرمی

    گھر میں پالتو جانور رکھنا مجموعی طور پر اہل خانہ کے مزاج میں نرمی لاتا ہے۔

    پالتو جانوروں کو پیار کرنا انہیں انسانوں اور دیگر معاملات کی طرف بھی نرمی سے دھیان دینے کی طرف مائل کرتا ہے۔


    قوت مدافعت میں اضافہ

    آپ نے بعض افراد کو جانوروں کے قریب جانے پر زکام کی شکایت ہوجانے یا جلد پر کسی قسم کی الرجی ہوتے دیکھا ہوگا۔ ایسے افراد دراصل جانوروں سے بہت دور رہتے ہیں اور ان کی قوت مدافعت کمزور ہوجاتی ہے۔

    گھر میں پالتو جانور رکھنا آپ کی قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے اور جانوروں کے ساتھ رہتے رہتے آپ مختلف قسم کی الرجیوں سے محفوظ ہوجاتے ہیں۔


    بچوں کی نشونما میں معاون

    پالتو جانور آپ کے گھر میں موجود بچوں کے بہترین دوست ثابت ہوتے ہیں۔ یہ انہیں بہت کچھ سکھانے کا سبب بھی بنتے ہیں جبکہ آپ کی غیر موجودگی میں بچوں کا خیال بھی رکھتے ہیں اور انہیں کسی بڑے نقصان سے بچا سکتے ہیں۔

    پالتو جانوروں سے نرمی اور محبت کا برتاؤ کرنا آپ کے بچوں کو بھی نرم دل اور جانوروں سے محبت اور ہمدردی کرنے والا انسان بنا سکتا ہے۔

    کیا آپ کے گھر میں کوئی پالتو جانور موجود ہے؟ اگر نہیں تو اس مضمون کو پڑھنے کے بعد آپ اپنے گھر میں ضرور کوئی پالتو جانور رکھنا چاہیں گے۔