Tag: petition file

  • جعلی ڈگریوں کے ذریعے وکالت کرنے والے وکلاء کا معاملہ عدالت پہنچ گیا

    جعلی ڈگریوں کے ذریعے وکالت کرنے والے وکلاء کا معاملہ عدالت پہنچ گیا

    اسلام آباد : جعلی ڈگریوں کے ذریعے وکالت کرنے والے وکلاء کا معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گیا ، درخواست میں کہا ہے کہ وکلاء اور وکالت کی ساکھ کی بحالی کے لیے جعلی ڈگریاں رکھنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی ڈگری رکھنے والے وکلاء کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ، درخواست ایڈوکیٹ سردار محمد یعقوب مستوئی نے دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وکالت ایک عظیم پیشہ ہے مگر کچھ لوگ جعلی ڈگریوں کی آڑ میں اس پیشے کو بدنام کررہے ہیں، وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل کو کئی بار خط لکھا مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

    درخواست میں کہا گیا کہ جعلی ڈگری رکھنے والوں کی وجہ سے دیگر وکلاء بھی تذبذب کا شکار ہیں، استدعا ہے کہ وکلاء اور وکالت کی ساکھ کی بحالی کے لیے جعلی ڈگریاں رکھنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت جعلی ڈگریوں کے خلاف کاروائی جبکہ بار کونسل کو وکلاء کی ڈگریاں ایچ ای سی سے چیک کرانے کے احکامات جاری کرے۔

    درخواست میں اسلام آباد بار کونسل، اسلام آباد ہائی کورٹ بار، اسلام آباد بار، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور اسلام آباد بار کونسل کو فریق بنایا گیا ہے۔

  • محمود آباد کے رہائشیوں نے گھر گرانے کیخلاف درخواست دائر کردی

    محمود آباد کے رہائشیوں نے گھر گرانے کیخلاف درخواست دائر کردی

    کراچی : محمود آباد کے رہائشیوں نے گھر گرانے کیخلاف درخواست دائر کردی اور استدعا کی کہ اینٹی انکروچمنٹ سیل ودیگراداروں کو گھر مسمارکرنے سےروکا جائے اور گھروں کے معائنے کیلئے ناظرمقرر کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں محمود آباد میں تجاوزات آپریشن کیخلاف درخواست دائر کردی گئی، درخواست محمود آباد کے رہائشیوں نے گھر گرانے کیخلاف دائر کی۔

    علاقہ مکین نے کہا ہے کہ متعلقہ حکام سپریم کورٹ فیصلے کی غلط تشریح کر رہے ہیں، برسوں سے لیز شدہ گھروں کو بھی گرایا جا رہا ہے ، ہمارے گھر لے آؤٹ پلان کاباقاعدہ حصہ ہیں۔

    درخواست میں کہا گیا کہ اینٹی انکروچمنٹ سیل ودیگراداروں کوگھرمسمارکرنے سےروکا جائے، سندھ ہائی کورٹ گھروں کے معائنے کیلئے ناظر مقرر کرے۔

    دائر درخواست میں چیئرمین این ڈی ایم اے، چیف سیکرٹری ، کے ایم سی، میونسپل کمشنر، کمشنر کراچی کو فریق بنایا گیا ہے۔

    خیال رہے کراچی کے علاقے محمود آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن تیسرے روز بھی جاری ہے، آپریشن کے پہلے مرحلے میں سو فٹ تک تجاوزات ہٹائی جارہی ہے، دوسری مرحلےمیں اگلے جمعے سے گھروں کو گرانا شروع کیا جائے گا۔

  • لنک روڈ  زیادتی  کیس :  جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے درخواست دائر

    لنک روڈ زیادتی کیس : جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے درخواست دائر

    لاہور : لنک روڈ زیادتی کیس پر جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے درخواست دائر کردی گئی ، جس میں کہا ایسے واقعات کو روکنے میں پولیس ڈیپارٹمنٹ ناکام ہوگیا ہے، وزیراعظم کو جوڈیشل کمیشن بنانے کا حکم دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں لنک روڈ زیادتی کیس پر جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے درخواست دائر کردی گئی، درخواست ایڈووکیٹ میاں آصف محمود کی طرف سے دائر کی گئی۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور پولیس شہریوں کے جان, مال و عزت کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، لاہور میں 2 ماہ میں 73 ریپ کیس سامنے آئے، جن میں چھوٹی عمر کے بچے بچیاں بھی شکار ہوئے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ پولیس اور استغاثہ کی غفلت کی وجہ سے مجرموں کو سزائیں نہ مل سکیں اور انکے حوصلے بلند ہوٸے ، ایسے واقعات کو روکنے میں پولیس ڈیپارٹمنٹ ناکام ہوگیا ہے. ایسے تمام واقعات پر وزیراعظم کو جوڈیشل کمیشن بنانے کا حکم دیا جاٸے جبکہ سی سی پی او لاہور کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیانات پر ایکشن لیا جائے۔

    یاد رہے ڈاکووں نے موٹروے پر بچوں کے سامنے ماں کو اجتماعی زیادتی کانشانہ بنایا، خاتون اپنے بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ جا رہی تھی،  خاتون کے مطابق گجرپورہ کے قریب گاڑی میں پٹرول ختم ہوا تو گاڑی سڑک کنارے کھڑی کی،  اسی دوران ڈاکو آ گئے ، جو لوٹ مار کے بعد زبردستی جنگل میں لے گئے اور بچوں کے سامنے زیادتی کرتے رہے۔

    ملزمان نے جاتے ہوئے ایک لاکھ روپے نقدی، سونے کے زیورات اور اے ٹی ایم کارڈز بھی چھین لیے۔

  • سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک  کے خلاف  درخواست دائر

    سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کے خلاف درخواست دائر

    پشاور : سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کے خلاف درخواست دائر کردی گئی، جس میں ٹک ٹاک اور ان جیسی ایپ پر سینسر شپ عائد کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ، درخواست شہری عصمت عاصم کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک پرجو ہورہا ہے، اس کی اسلام اورہمارامعاشرہ اجازت نہیں دیتا، ٹک ٹاک پرلوگ غیراخلاقی ویڈیوز اپ لوڈ کرتے ہیں، اس کی وجہ سے معاشرے میں خودکشی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ ٹک ٹاک کی وجہ سے فحاشی بڑھ رہی ہے، ٹک ٹاک اور ان جیسی ایپ پر سینسرشپ عائدکی جائے۔

    یاد رہے پاکستانی ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک سے غیراخلاقی مواد ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا

    پی ٹی اے نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم کی جانب سے غیراخلاقی مواد کو ہٹانے سے متعلق حالیہ کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے ٹک ٹاک سے مطالبہ کیا تھا کہ مواد کی نگرانی کے لیے مضبوط اور معتدل طریقہ کار اختیار کیا جائے تاکہ پاکستان میں غیر قانونی مواد تک رسائی نہ ہوسکے۔

  • پی آئی اے طیارہ حادثے کے مقدمے کے اندراج کیلئے درخواست دائر

    پی آئی اے طیارہ حادثے کے مقدمے کے اندراج کیلئے درخواست دائر

    کراچی : پی آئی اے طیارہ حادثے کے مقدمے کے اندراج کیلئے درخواست دائر کردی گئی، جس میں استدعا کی گئی پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے اور تمام ریکارڈتفتیشی افسرکو فراہم کرنے کاحکم دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت میں پی آئی اے طیارہ حادثے کے مقدمے کے اندراج کیلئے درخواست دائر کردی گئی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایئرپورٹ پولیس ذمےداروں کےخلاف ایف آئی آردرج نہیں کررہی، معاملات کومشکوک بنایاجارہاہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے اور تمام ریکارڈتفتیشی افسرکوفراہم کرنے کاحکم دیاجائے، حادثےکےذمے دار وزیرہوا بازی، چیف کنٹرولر اور چیئرمین پی آئی اےہیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی جناح گارڈن میں رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر ہلاک جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔ حادثے میں مقامی لوگوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں جبکہ پانچ گھر مکمل تباہ ہوگئے۔

    بعد ازاں پولیس نے پی آئی اے طیارہ حادثہ کی ابتدائی رپورٹ تیار کی تھی ، جس میں بتایا گیا تھا کہ 2 بجکر37منٹ پرجہاز لینڈنگ سے پہلے رہائشی علاقےمیں گرا، طیارہ گرنے سے 12 گھر اور کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ جائے حادثہ سے97 افراد کی لاشیں نکالی گئیں جس میں سے 19کےعلاوہ دیگر لاشیں بری طرح جلنےسےناقابل شناخت ہیں جب کہ بچ جانے والے مسافر اور زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کیاگیا۔

    خیال رہے گورنر سندھ اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا طیارہ حادثہ سے متاثر ہونیوالے مکانات کی تعمیر حکومت برداشت کرے گی ، وزیراعظم عمران خان نے متاثرین کی ہر ممکن مدد کی ہدایت کی ہے۔

  • ‘سرعام تھوکنے اورماسک نہ پہننے والے شہری کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بن رہے ہیں’

    ‘سرعام تھوکنے اورماسک نہ پہننے والے شہری کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بن رہے ہیں’

    لاہور: ہائی کورٹ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے درخواست دائر کردی گئی ، جس میں کہا گیا سرعام تھوکنے اور ماسک نہ پہننے والے شہری کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بن رہے ہیں۔

    لاہور ہائی کورٹ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے درخواست دائر کر دی گئی، درخواست شہری محمد حسنین کی جانب سے دائر کی گئی۔

    درخواست گزار نے موقف اختیارکیا کہ سرعام تھوکنے اورماسک نہ پہننے والے شہری کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بن رہے ہیں اور ہاتھوں کو سینی ٹائز نہ کرنے اور گلوز نہ پہننے والے شہری بیماری پھیلا رہے ہیں۔

    درخواست میں کیا گیا قانون کے تحت متعدی بیماری پھیلانا قابل سزا جرم ہے، قرنطینہ سے فراربھی قانون کے مطابق جرم ہے، حکومت قوانین پر عمل درآمد کرے تو کورونا کے پھیلاوکوروکا جا سکتا ہے۔

    دائر درخواست میں استدعا کی کہ حکومت کو قانون پرعمل درآمد کا پابند بنایا جائے تاکہ کورونا وبا سے بچا جا سکے۔

    خیال رہے پاکستان میں کوروناوائرس سےمزیدگیارہ افرادجاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 107 ہوگئی،چوبیس گھنٹےمیں دوسو باہتر نئے کیس رپورٹ ہوئے، ملک بھر میں کوویڈ 19 کے مریضوں کی مجموعی تعداد 5988 ہوگئی جبکہ ایک ہزارچارسوچھیالیس افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔

  • چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی تقرری لاہور ہائی کورٹ  میں چیلنج

    چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی تقرری لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

    لاہور : چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی تقرری کولاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ چئیرمین کی تقرری آئینی تقاضوں کے بغیر کی گئی عہدے سے ہٹایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی تقرری کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ، درخواست قانون دان اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے دائر کی۔

    درخواست میں وفاقی حکومت ، وزارت قانون اور چئیرمین نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ صدر پاکستان چئیر مین نیب کی تقرری وزیراعظم اور کابینہ کی سفارشات کی روشنی میں ہی کر سکتا ہے،موجودہ چئیرمین نیب کی تقرری صدر مملکت نے آئینی طریقہ کار کے برعکس کی۔

    درخواست گزار نے کہا صدر نے وزیراعظم اور کابینہ کی سفارشات کا انتظار کئے بغیر براہ راست چئیرمین نیب کی تقرری کر دی جبکہ آئین کے آرٹیکل 48 کے تحت صدر پاکستان وزیراعظم اور کابینہ کی سفارشات کے بغیر کوئی بھی کام نہیں کر سکتا۔

    دائر درخواست میں استدعا کی کہ عدالت چئیرمین نیب کی تقرری کو کالعدم قرار دے کر عہدے سے ہٹانےکا حکم دے۔

  • شراب کی فروخت پر پابندی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

    شراب کی فروخت پر پابندی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

    لاہور : شراب کی فروخت پر پابندی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی، جس میں کہا گیا ہوٹل مالکان آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلمانوں کو بھی کھلے عام شراب فروخت کرتے ہیں، عدالت قانون میں ترمیم کرنے اور شراب کی خرید و فروخت پر کڑی نگرانی کا حکم دے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں شراب کی فروخت پر پابندی کے لیے درخواست دائر کر دی گئی، شہری ندیم سرور کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے تحت شراب غیر مسلموں کو ان کے تہواروں پر فروخت کرنے کی اجازت ہے، حکومت کی آشیرباد سے ہوٹلوں اور دکانوں پر سارا سال شراب فروخت ہوتی ہے۔ ہندو اور مسیحی مذہب سمیت دیگر مذاہب بھی شراب نوشی کی اجازت نہیں دیتے۔

    درخواست گزار نے کہا ہوٹل مالکان آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلمانوں کو بھی کھلے عام شراب فروخت کرتے ہیں۔ کسی غیر مسلم کو بھی شراب کے لیے اپنے مذہبی پیشوا سے اجازت کا سرٹیفیکیٹ لازمی ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی محکمہ ایکسائز شراب کی غیر قانونی خرید و فروخت پر کوئی کارروائی نہیں کرتا، عدالت قانون میں ترمیم کرنے اور شراب کی خرید و فروخت پر کڑی نگرانی کا حکم دے۔

    یاد رہے مارچ 2017 میں سپریم کورٹ نے سندھ میں شراب کی فروخت پرپابندی کا عبوری حکم معطل کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو قانون کی منافی قرارد دیا تھا۔

    جسٹس ثاقب نے کہا تھا کہ یہ تاثر نہ لیا جائے عدالت نے شراب کی فروخت جائز قرار دے دی۔

    اس سے قبل چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سجادعلی شاہ نے شراب خانوں کے لائسنس منسوخ کرنے اور بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

    پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

    لاہور : پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا اور استدعا کی عدالت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی۔

    درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ عالمی سطح پر پٹرولیم قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جبکہ پاکستان میں اضافہ کر دیا گیا ہے، حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اضافی سیلز ٹیکس کی وجہ سے بڑھی ہیں۔

    دائر درخواست میں کہا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک بھر میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا۔ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر 17 فیصد اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی غیر آئینی ہے۔

    درخواست گزار نے استدعا کی عدالت حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دے۔

    درخواست میں وفاقی حکومت، اوگرا اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا

    یاد رہے گذشتہ روز حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے پٹرول 5 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا تھا جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 37 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔

    پٹرول کی قیمت میں پانچ روپے فی لیٹر اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 97 روپے 83 پیسے ہو گئی ہے۔

    خیال رہے کہ اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات میں 13 روپے فی لیٹر تک اضافے کی سمری وزارتِ پٹرولیم کو ارسال کی تھی۔

  • شہبازشریف کی رہائی کےلئےلاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

    شہبازشریف کی رہائی کےلئےلاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

    لاہور : قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی رہائی کے لیے درخواست دائر کر دی گئی، جس میں کہا گیا کہ شہباز شریف کو نامکمل انکوائری اور جرم ثابت ہوئے بغیر گرفتار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی رہائی کے لئے درخواست دائر کردی گئی ، درخواست لائرز فاؤنڈیشن کی طرف سے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انکوائری مکمل اور جرم ثابت ہونے سے قبل نیب کا ملزم کو گرفتار کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے، شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں انکوائری مکمل ہونے سے پہلے اور جرم ثابت ہوئے بغیر گرفتار کیا گیا۔

    دائر دخواست میں کہا گیا کہ آئین کے تحت فری اینڈ فیئر ٹرائل ہر ملزم کا بنیادی حق ہے، چیئرمین نیب نے شہباز شریف کو کیس میں فری اور فیئر ٹرائل کا حق نہیں دیا۔ چیئرمین نیب کا دوران انکوائری کسی بھی ملزم کو گرفتار کرنے کا اختیار آئین سے متصادم ہے۔

    درخواست گزار نے استدعا کی عدالت شہباز شریف کی گرفتاری کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے۔

    مزید پڑھیں : شہباز شریف کی گرفتاری اور ریمانڈ کے خلاف درخواست دائر

    یاد ررہے اس سے قبل 11 اکتوبر کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری ریمانڈ کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنچ کیا گیا تھا ، جس میں کہا گیا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 248 کے مطابق پبلک آفس ہولڈر کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا، استدعا ہے کہ عدالت شہباز شریف کی گرفتاری اور ریمانڈ کو کالعدم قرار دے۔

    واضح رہے نیب لاہور نے5 اکتوبر کو شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا تاہم ان کی پیشی پر انہیں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    اگلے روز شہبازشریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں انہیں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا گیا تھا۔

    جس کے بعد 16 اکتوبر کو ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا گیا تو احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کے جسمانی ریمانڈ میں 30 اکتوبرتک توسیع کردی تھی۔

    مزید پڑھیں : آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل: شہبازشریف کے جسمانی ریمانڈ میں 30 اکتوبرتک توسیع

    قومی احتساب بیورو کا قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی گرفتاری کی بنیادی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہبازشریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اپنے اختیارا ت کا غلط استعمال کیا۔