اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں عثمان ڈار اور خرم شیرزمان نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کی نااہلی کے لئے درخواست دائر کردی، آصف زرداری پر اثاثے چھپانےاورغیرقانونی بلٹ پروف گاڑی رکھنے کا الزام ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آبادہائی کورٹ میں آصف زرداری کی نااہلی کے لئے مزید 2 درخواستیں دائر کردی گئی ، درخواستیں تحریک انصاف کے رہنماؤں عثمان ڈار اور خرم شیرزمان کی جانب سے دائر کی گئی، آصف زرداری پر اثاثےچھپانےاورغیرقانونی طریقےسےبلٹ پروف گاڑی رکھنےکاالزام ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آصف زرداری پارٹی چیئرمین شپ اور پارٹی عہدے کے لیے اہل نہیں، قومی اسمبلی کی نشست کے لیے بھی تاحیات نااہل قرار دیا جائے۔
درخواست میں آصف زرداری، الیکشن کمیشن اورسیکریٹری قومی اسمبلی کوفریق بنایا گیاہے جبکہ درخواست جلد سماعت کے لیے مقررکرنے کی بھی متفرق درخواست دائر کی گئی۔
یاد رہے گذشتہ ہفتے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے آصف علی زرداری کی نا اہلی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ آصف علی زرداری نے 2018 کے کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی، انہوں نے نے فارم اے اورفارم بی میں غلط بیانیاں کی ہیں، چھپائے گئے اثاثوں کی مالیت 14 کروڑ 37 لاکھ بنتی ہے۔
مزید پڑھیں : سپریم کورٹ نے آصف زرداری کی نااہلی کی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کر دی
درخواست گزار کے مطابق آصف زرداری رکن قومی اسمبلی بننے کے بھی اہل نہیں ہیں، آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے، آرٹیکل 63 اے کے تحت پارٹی صدارت کے لیے بھی نااہل قرار دیا جائے۔
بعد ازاں سپریم کورٹ نے آصف زرداری کی نااہلی کے لئے دائر درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی تھی اور کہا تھا رخواست گزاروں نے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا، فورم کی دستیابی کے باوجود درخواست گزاروں نےعدالت سے رجوع کیا۔
اس سے قبل رواں ماہ 10 جنوری کو تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی نا اہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں دائر درخواست واپس لے لی تھی۔
واضح رہے کہ آصف علی زرداری 25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات میں این اے 213 نواب شاہ سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔