Tag: petrol crisis in punjab

  • پٹرول کی فراہمی میں بہتری، سی این جی بند کرنے کا فیصلہ

    پٹرول کی فراہمی میں بہتری، سی این جی بند کرنے کا فیصلہ

    لاہور: پٹرول کی فراہمی میں بہتری آنے کے بعد سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ نے سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی دوبارہ بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پٹرول کی رسد میں بہتری آنے کے بعد ایس این جی پی ایل نے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    سوئی گیس کمپنی ذرائع کے مطابق آج شام چھ بجے سی این جی اسٹیشنزکو گیس کی فراہمی معطل کردی جائے گی۔
    واضح رہے کہ پٹرول بحران کے باعث حکومت کی جانب سے چارروز قبل سی این جی اسٹیشنز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    ایس این جی پی ایل سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی تاحکم ثانی بند رہے گی۔

    دوسری جانب پاکستان اکانومی واچ کے صدرڈاکٹرمرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ پٹرول کے بحران نے حکومت کے گڈ گورننس کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کی نصف سے زیادہ آبادی اورمعیشت بحران سے بری طرح متاثر ہوئی ہے ، مگر حکومت اب بھی سنجیدہ نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بدانتظامی کو پٹرول کی طلب میں اضافے کی آڑمیں چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے،ہنگامی اقدامات کی صورت میں بھی صورتحال کو معمول پرآنے میں دوماہ لگیں گے۔

  • پٹرول کا بحران: پی ایس او نے 50 ہزار میٹرک ٹن پٹرول منگوالیا

    پٹرول کا بحران: پی ایس او نے 50 ہزار میٹرک ٹن پٹرول منگوالیا

     

    لاہور: پنجاب میں پٹرول کا بحران ختم کرنے لئے پی ایس او نے پچاس ہزارمیٹرک ٹن پیڑول منگوالیا جو چوبیس جنوری کو کراچی میں لنگراندازہوگا۔

    ترجمان آئل ٹینکرزکنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پی ایس او کی جانب سے مزید پچاس ہزارمیٹرک ٹن پیٹرول کا آرڈر دیا جاچکا ہے، یہ آرڈر لاہور، ملتان، فیصل آباد، گجرانوالہ، اسلام آباد اور پنڈی سے جاری کئے گئے ہیں۔

    ترجمان آئل ٹینکرزکنٹریکٹرزایسوسی ایشن کے مطابق آج بھی پی ایس او کے تمام ٹرمینلز کھلے ہیں اورآئل ٹینکرز میں پیٹرول لوڈ کیا جارہا ہے جبکہ پنجاب کے لئے آئل ٹینکرزروانہ ہو کے ہیں اور آج رات مزید آئل ٹینکرز روانہ ہوں گے۔

    پنجاب میں گزشتہ سات روز سے پٹرول کی قلت ہے جس کے سبب عوام شدید اذیت کا شکارہیں، گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے دو دن میں بحران کا خاتمہ کرنے کا حکم دیا تھا۔