Tag: petrol pumps

  • سینکڑوں پیٹرول پمپس غیر قانونی طور پر چلائے جانے کا انکشاف

    سینکڑوں پیٹرول پمپس غیر قانونی طور پر چلائے جانے کا انکشاف

    اسلام آباد: ملک بھر میں سینکڑوں پیٹرول پمپس غیر قانونی طور پر چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، مذکورہ پمپس اسمگل ہو کر آنے والی پیٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے میں بھی ملوث ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ میں ملک میں سینکڑوں پیٹرول پمپس غیر قانونی طور پر چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، لیز ختم ہونے سے 206 پیٹرول پمپس نے غیر قانونی طور پر پیٹرول کی فروخت جاری رکھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پمپس اسمگل ہو کر آنے والی پیٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے میں بھی ملوث ہیں۔

    آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول پمپس نے لیز ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی فروخت جاری رکھی، اوگرا نے پیٹرول پمپس کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔ غیر قانونی فروخت بند کروانے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ بھی نہیں کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق کابینہ ڈویژن نے معاملہ وفاقی کابینہ میں اٹھایا، وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

  • کویت : پیٹرول پمپوں پر اضافی رقم کی وصولی کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

    کویت : پیٹرول پمپوں پر اضافی رقم کی وصولی کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

    کویت سٹی : کویت نیشنل پیٹرولیم کمپنی نے پیٹرول پمپوں پر صارفین سے اضافی رقم 200فلس کی وصولی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیٹرول اسٹیشنوں میں ملازمین کی قلت کے بحران کو دور کرنے کے حوالے سے کویت کی نیشنل پیٹرولیم کمپنی (کے این پی سی) نے گزشتہ روز دو کمپنیوں کے نمائندوں سے مذاکرات کیے۔

    اس موقع پر مذکورہ کمپنیوں کو پابند کیا گیا کہ وہ اسٹیشنوں میں موجود تمام فیول پمپوں کو چلائیں اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے ان میں سے کسی پر بھی کام معطل نہ کریں۔

    کویتی میڈیا کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ نیشنل پیٹرولیم نے دونوں کمپنیوں کو گیس اسٹیشنوں پر سروس کے لیے دو آپشنز پیش کرنے کی اجازت دی ہے جن میں سے پہلا آپشن صارف اضافی رقم ادا کیے بغیر خود پٹرول بھرے۔

    دوسرا آپشن یہ ہے کہ صارف کو پٹرول پمپ ملازمین کی جانب سے بغیر کسی اضافی معاوضے کے ایک جامع سروس فراہم کرنا ہے جس کی کچھ پٹرول کمپنیوں نے200 فلس اضافی چارج کرنے کی درخواست کی تھی۔

    ذرائع کے مطابق کے این پی سی ملک کے تمام فیول اسٹیشنوں کا وقتاً فوقتاً معائنہ کرے گی اور اگر کسی خلاف ورزی کا پتہ چلتا ہے یا کوئی کمپنی اضافی فیس وصول کرتے ہوئے پائی گئی تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    ذرائع نے تصدیق کی کہ کے این پی سی نے اپنے ذمہ دارانہ کردار کے فریم ورک کے اندر دونوں کمپنیوں کو پیشکش کی کہ وہ اسٹیشنوں کے انتظام کے لیے خصوصی تکنیکی افرادی قوت فراہم کرنے میں مدد کریں تاکہ پمپس کی بندش سے بچا جاسکے لیکن دونوں کمپنیوں نے پیشکش قبول نہیں کی۔

    مزید پڑھیں : کویت میں پیٹرول بھروانے پر اضافی پیسے دینے ہوں گے

    واضح رہے کہ کچھ فیول اسٹیشنز پر سروس کے معیار کو بہتر بنانے اور جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے صارفین سے پیٹرول بھروانے پر 200 فلس زائد ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

  • عوام ہوشیار ہوجائیں !  کل سے پیٹرول نہیں ملے گا

    عوام ہوشیار ہوجائیں ! کل سے پیٹرول نہیں ملے گا

    اسلام آباد : پاکستان پیٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن نے کل سے ملک بھر میں صبح 6بجےسے پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کردیا اور کہا ڈیلر مارجن 6 فیصد کرنے تک حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن نے کل ملک میں ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کل صبح 6بجےسے پیٹرول پمپ بندرہیں گے، جی بی ، آزادجموں کشمیر اورچترال میں بھی پیٹرول پمپ بند رہیں گے۔

    پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے، ڈیلر مارجن 6 فیصد کرنے تک حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

    پیٹرولیم ڈیلرز نے کہا کہ حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دانی کرائی تھی اور حکومت کی یقین دہانی کے بعد 5نومبر کی ہڑتال کی کال واپس لی تھی، تاحال حکومت کی جانب سےرابطہ نہیں کیا گیا۔

    ‏یاد رہے وزیراعظم نے پاکستان میں پہلی بار پٹرول پر سیلز ٹیکس صفر کردیا، وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں عالمی سطح پر100 فیصد اضافہ ہوا تاہم اضافےکے باوجود حکومت نے عوامی ریلیف کیلئے سینکڑوں ارب کی ٹیکس آمدن کانقصان کیا ، ن لیگ عالمی قیمتیں کم ہونےکےباوجود پٹرول پرزیادہ ٹیکس وصول کرتی تھی۔

  • سعودی عرب : پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان

    سعودی عرب : پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان

    ریاض : سعودی عرب کے متعدد شہروں میں نئے ضوابط پر پورا نہ اترنے والے پیٹرول پمپ بند رہیں گے، سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق بند کئے جانے والے پیٹرول پمپ کے مالکان کو نئے ضوابط پر پورا اترنے کے لیے مہلت دے رکھی ہے۔

    وزارت بلدیاتی و دیہی امور کے ذرائع نے کہا ہے کہ پیٹرول پمپس کی تنظیم نو کرنے والی کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نئے ضوابط پر پورا نہ اترنے والے پیٹرول پمپس کے مالکان کو مزید مہلت دی جائے۔

    کمیٹی نے کہا ہے کہ مالکان کو واضح کیا جائے کہ مہلت کے دوران ضوابط پر پورا نہ اترنے پر لائسنس منسوخ ہوسکتا ہے۔

    Authorities zoom in on fraudulent fuel pump operators - Saudi Gazette

    تنظیم نو کمیٹی نے واضح طور پر کہا ہے کہ ان تمام پٹرول پمپس پر نئے ضوابط لاگو ہوں گے جن میں پیٹرول پمپ کے اندر تمام عوامی خدمات کی فراہمی شامل ہے۔

    پیٹرول پمپ کے باہر الیکٹرانک نرخ نامہ آویزاں ہونا چاہئے دیگر عوامی خدمات کے مراکز ملحقہ ہونے چاہئیں، اس کے علاوہ بیت الخلاء اور نماز کے لیے مصلے بھی لازمی ہیں۔

    واضح رہے کہ وزارت بلدیات ودیہی امور نے جدہ اور ریاض سمیت متعدد شہروں کے علاوہ ہائی ویز پر ضوابط پر پورا نہ اترنے والے کئی پیٹرول پمپس بند کروا دیئے ہیں۔

  • پٹرول پمپس پر کراچی کے شہریوں کو پٹرول کیساتھ جعلی کرنسی نوٹ تھمانے کا انکشاف

    پٹرول پمپس پر کراچی کے شہریوں کو پٹرول کیساتھ جعلی کرنسی نوٹ تھمانے کا انکشاف

    کراچی : پٹرول پمپس پر کراچی کے شہریوں کوپٹرول کیساتھ جعلی کرنسی نوٹ تھمانے کا انکشاف سامنے آیا ، پولیس نے جعلی کرنسی پھیلانے والے گروہ کوگرفتارکر کے ایک لاکھ 85 ہزارروپے کی جعلی کرنسی برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پٹرول پمپس پرشہریوں کو پٹرول کیساتھ جعلی کرنسی نوٹ تھمانے کے انکشاف پر تھانہ فیروز آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرنسی کا کاروبار کرنے والا گروہ کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان میں گروہ کاسرغنہ اسماعیل ،2ساتھی میرنواز ،محمداویس شامل ہیں اور گروہ کاسرغنہ اسماعیل کا تعلق کوہاٹ سے ہے۔

    فیروز آباد پولیس نےجعلی کرنسی پھیلانے میں ملوث 3ملزمان کوگرفتارکیا ، ملزمان کومختلف پیٹرول پمپوں سے گرفتار کیا گیا، پولیس نے گرفتار ملزمان سے ایک لاکھ پچاسی ہزار کے جعلی نوٹ برآمد کر لیے۔

    دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہکراچی کےمتعددپیٹرول پمپوں پرمنظم اندازسےجعلی کرنسی پھیلائی جاتی ہے، جعلی کرنسی پشاورسے بذریعہ کوریئر سروس بطورپارسل منگوائی جاتی ہے۔

    ملزم نے بیان میں بتایا کہ 30ہزار اصلی نوٹوں کےبدلے ایک لاکھ کے جعلی نوٹ خریدے جاتےہیں جبکہ پیٹرول پمپس پرمیٹر میں چھیڑچھاڑکرکےپیٹرول میں بھی چوری کی جاتی ہے اور پیٹرول بھرانے کے بعد 5 ہزار کا نوٹ دینے والے شہری کو جعلی نوٹ دیا جاتا ہے۔

    ملزم کا کہنا تھا کہ اصل نوٹوں کے بیچ ایک ہزار روپے کا جعلی نوٹ رکھ دیتے ہیں، پیٹرول چوری اور جعلی نوٹوں میں زیادہ تر ہیڈکیشئر اور نیچے کاعملہ ملوث ہوتا ہے، سب سےزیادہ دھوکادہی اورچوری نیپا چورنگی کے قریب پیٹرول پمپ پر کی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان پٹرول پمپس پر کام کرنے والے ملازمین کے ذریعے جعلی کرنسی کا دھندہ کرتے تھے، دھوکادہی میں ملوث ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

  • پی ایس او نے عید کے موقع پر پیٹرول سستا کردیا

    پی ایس او نے عید کے موقع پر پیٹرول سستا کردیا

    اسلام آباد : پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے ملک بھر کے عوام کو عیدالفطر کا تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے، جس کے مطابق آج سے عید الفطر کے تین دن پیٹرول کی قیمت میں کمی کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل نے ملک بھر کے عوام کیلئے اپنے تمام پیٹرول پمپس پر آج بروز ہفتہ سے عید کے تین دن تک پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپیہ کمی کااعلان کیا ہے۔

    یہ آفرملک بھر میں پی ایس او کے تمام پیٹرول پمپوں کیلئے ہے جس کے بعد پیٹرول اب 72.80 کے بجائے 71.80 فی لیٹر میں فروخت ہوگا۔

  • پیٹرول پمپس پر اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب، پی ایس او اورالائیڈ بینک میں معاہدہ

    پیٹرول پمپس پر اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب، پی ایس او اورالائیڈ بینک میں معاہدہ

     کراچی : پی ایس او اور الائیڈ بینک نے پی ایس او اسٹیشنوں پر اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب کے لیے معاہدہ کرلیا،معاہدے کے تحت پی ایس او کے اسٹیشنوں پر اے ٹی ایم مشینیں نصب کی جائیں گی۔

     تفصیلات کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنی پاکستان اسٹیٹ آئل نے ملک بھر میں پی ایس او کے اسٹیشنوں پر اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب کے لیے نجی بینک سے معاہدہ کرلیا ہے۔ معاہدے کے تحت ملک بھر میں پی ایس او کے اسٹیشنوں پر اے ٹی ایم مشینیں نصب کی جائیں گی۔

    اس معاہدے سے عوامی سہولت کی فراہمی بھی ممکن ہوسکے گی۔ معاہدے کی تقریب کے موقع پر پی ایس او کے ایم ڈی شیخ عمران الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس او اسٹیشنوں پر اے ٹی ایم کی دستیابی سے ہمارے مشترکہ صارفین کو ایک ہی چھت تلے بہترین سہولت فراہم ہوگی۔ ہم اپنے صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل سرگرم ِ عمل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صارفین کی ضروریات پوری کرنے اور جدید ترین بینکاری مصنوعات اور خدمات کی فراہمی کے لیے پی ایس او کے اسٹیشنوں پر قائم اے ٹی ایم اور برانچ لیس بینکاری مراکز کو بروئے کار لایا جائے گا۔