Tag: petroleum product prices

  • پٹرول کی قیمت میں کمی کردی گئی

    پٹرول کی قیمت میں کمی کردی گئی

    اسلام آباد : حکومت نے پٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ فی لیٹر کمی کرکے عوام کو عید کا تحفہ دے دیا جبکہ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے آئندہ 15 دن کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کردیا، جس میں پٹرول ایک روپیہ فی لٹر سستا کرنے کی نوید سنائی گئی ہے۔

    حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ فی لیٹر کمی کردی گئی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت 254 روپے 63 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔

    وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب بارہ بجے سے ہوگا۔

    رپورٹ کے مطابق مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت ڈی ریگولیٹڈ ہے اس لیے اس کی قیمتیں بعد میں جاری کی جائیں گی، اس کے علاوہ ہائی اوکٹین کی فی لیٹر قیمت کا اعلان بھی آج ہی ہوگا۔

    ہائی اوکٹین کے حوالے سے اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ اس پر جو 50 روپے کی لیوی ہے اس میں 20 روپے اضافہ کرکے 70 روپے کردیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ حکومت نے 15 روز قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت 255 روپے 63 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی تھی۔

  • پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اہم خبر آگئی

    پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اہم خبر آگئی

    اسلام آباد : اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے گردش کردہ خبریں بے بنیاد قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان اوگرا کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے گردش کردہ خبریں بے بنیاد ہیں، قیمتوں کا تعین 15 ستمبر 2022 رات کو کیا جائے گا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے سے گریز کیا جائے۔

    اوگرا کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں خلل پیدا ہوسکتا ہے۔

    یاد رہے یکم ستمبر کو وفاقی حکومت نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    جس کے مطابق پیٹرول 2 روپے 7 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوکر 235.98 روپے کا ہوگیا جبکہ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 99 پیسے اضافے کے ساتھ 247 روپے 43 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی تھی۔

  • پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے کا کیا طریقہ کار ہے؟ وزارت پٹرولیم اور اوگرا سے جواب طلب

    پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے کا کیا طریقہ کار ہے؟ وزارت پٹرولیم اور اوگرا سے جواب طلب

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کےخلاف درخواست پر اوگرااور پیٹرولیم منسٹری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف متفرق درخواست پر سماعت ہوئی۔

    جسٹس شاہد کریم نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی متفرق درخواست پر سماعت کی ، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جبکہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔

    درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے قبل کابینہ سے منظوری بھی نہیں لی گئی۔

    درخواست میں کہا گیا کہ قیمتوں میں اضافے کے لیے ٹھوس وجوہات بھی بیان نہیں کی گئی لہذا عدالت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو کالعدم قرار دے۔

    عدالت نے کہا کس طرح پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، پوری دنیا میں فی بیرل پیٹرول سستا ہو رہا ہے۔

    عدالت نے استفسار کیا پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں کیوں بڑھا رہےہیں؟ ڈپٹی اٹارنی جنرل سے پیٹرولیم کی قیمت وضع کرنے کے طریقہ کار پر استفسار کرتے ہوئے کہا پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے کا کیا طریقہ کار ہے؟

    عدالت نے درخواست پر وفاقی حکومت، وزارت پٹرولیم اور اوگرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اگلے ہفتے جواب طلب کر لیا۔

    عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ اگلی سماعت پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بارے طریقہ کار پیش کریں۔

  • اوگرا کی پیٹرول2روپے 36پیسے مہنگا کرنے کی تجویز

    اوگرا کی پیٹرول2روپے 36پیسے مہنگا کرنے کی تجویز

    اسلام آباد : حکومت کی جانب سے عوام پر ایک اور کاری وار کی تیاری کرلی گئی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں انیس روپے تینتیس پیسے تک کا اضافہ تجویز کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مہنگے ٹما ٹر پیاز کی قیمت سے بے حال عوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاری کر لی گئی ہے، اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری ارسال کردی ہے۔

    سمری میں سفارش کی گئی ہے کہ یکم اکتوبر سے پیٹرول دو روپے چھتیس پیسے فی لیٹر مہنگا کیا جائے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے بیس پیسےفی لیٹر اضافہ کیا جائے ۔

    اوگرا نے مٹی کا تیل انیس روپے سرسٹھ پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی چودہ روپے دس پیسے کا اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب وزارت خزانہ کو یہ بھی تجویز دی ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی اور ٹیکس کی شرح کم کرکے قیمتوں کو پرانی سطع پر برقرار رکھا جائے۔

    وزیر خزانہ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد حتمی اعلان کل کریں گے، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ کومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا۔

    اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی تھی ، جس کے بعد وزارت خزانہ نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔