لاہور والے اب اپنے پیاروں کو آسانی اور سہولت کے ساتھ گلدستے بھیج سکتے ہیں، کیونکہ پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی نے گفٹ سروس کا آغاز کردیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی نے عوام کی سہولت کیلیے ایک سروس شروع کردی ہے جس کے تحت لوگ اپنے عزیز و اقارب کو ایک فون کال کے ذریعے خوبصورت گلدستے بھیج سکتے ہیں۔
یہ سروس کیا ہے اور کیسے کام کرتی ہے؟ اس حوالے سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ایچ اے نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ کسٹمرز کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کام کا آغاز کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے واٹس ایپ اکاؤنٹ بنایا ہوا ہے اس پر رابطہ کرکے آرڈرز اور تجاویز دے سکتے ہیں اور ان کا آرڈر 30 منٹ میں ڈلیور کردیا جائے گا۔
سروس ریٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 1500 سے لے کر 7 ہزار روپے تک کے گلدستے تیار کیے جاتے ہیں۔