Tag: PHF

  • قومی ہاکی ٹیم کی ادھار ٹکٹ پر چین روانگی، اسپورٹس بورڈ کی سختی سے تردید

    قومی ہاکی ٹیم کی ادھار ٹکٹ پر چین روانگی، اسپورٹس بورڈ کی سختی سے تردید

    پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اس بات کی سختی سے تردید کی ہے کہ قومی ہاکی ٹیم ادھار ٹکٹ پر چین روانہ ہوئی۔

    گزشتہ دنوں چین میں ہونے والی ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کی ہاکی ٹیم کا اسکواڈ چین کی ہوائی کمپنی کے ساتھ ادھار ٹکٹ پر روانہ ہوا جس کی تصدیق خود پی ایچ ایف کے صدر نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔

    اس حوالے سے پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے اس بات کی صریحاً نفی کردی کہ ایسا کچھ نہیں ہوا اور خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ہمیشہ وقمی ہاکی ٹیم کی حمایت کی ہے اور96ملین روپے کی رقم جاری کی ہے، جس میں بین الاقوامی مقابلوں میں ٹیم کی شرکت بھی شامل ہے۔

    بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا یہ دعویٰ بالکل بے بنیاد ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ ان کی فنڈنگ میں رکاوٹ ڈال رہا ہے، ہم نے 19 کھلاڑیوں اور 4عہدیداروں کیلئے مالی امداد کی منظوری دی۔

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کے الزامات کے برعکس پاکستان اسپورٹس بورڈ نے قومی ہاکی ٹیم کے ہوائی جہاز کے ٹکٹوں کے پیسے دینے کی رضامندی ظاہر کی تھی بشرطیکہ اس کی اصل رسیدیں جمع کرائی جائیں۔

    پی ایس بی نے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں میں کھلاڑیوں کیلئے تین ہفتے کا تربیتی کیمپ بھی منعقد کروایا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پی ایس بی ٹیم کی تیاری کیلئے پر عزم تھی۔

    فنڈز کے اجراء کی تاخیر صرف پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات بروقت فراہم نہ کرنے کی وجہ سے ہوئی۔

    قومی ہاکی ٹیم ادھار ٹکٹ لے کر بیرون ملک کیوں گئی؟ اہم انکشافات

    پی ایس بی اگرچہ قومی ہاکی ٹیم کی حمایت کرتا ہے لیکن ہر مالی درخواست کو پورا کرنے کا پابند نہین ہے پی ایچ ایف کے آئین کے مطابق فیڈریشن کو اپنے فبڈز جمع کرانے کی ذمہ داری ہے۔

  • انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے دونوں دھڑوں کو مؤقف پیش کرنے کے لیے تاریخ دے دی

    انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے دونوں دھڑوں کو مؤقف پیش کرنے کے لیے تاریخ دے دی

    کراچی: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے پاکستان میں متوازی ہاکی فیڈریشن کے معاملے کا نوٹس لے لیا، اور دونوں دھڑوں کو مؤقف پیش کرنے کے لیے تاریخ دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے انٹرنیشنل باڈی کے صدر کو پاکستان میں ہاکی سے متعلق تشویش ناک حالات سے آگاہی کا خط لکھا تھا۔

    خط پر ایف آئی ایچ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں دھڑوں کو 25 اپریل تک اپنا مؤقف اور ثبوت جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے، سینئر ڈائریکٹر جان ویٹ نے کہا کہ ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام کو پاکستان سے تعلق ہونے کی بنیاد پر اس معاملے میں شامل نہیں کیا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی ایچ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر احسن حل نکالنے کی بھی درخواست کرے گی، کیوں کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی کھلاڑی انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کرتے رہیں۔‘‘

    قبل ازیں، سیکریٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین نے خط میں انٹرنیشنل باڈی سے درخواست کی تھی کہ وہ آئی او سی اسپورٹس گورننس چارٹر پر عمل پیرا ہو کر پی ایچ ایف کا ساتھ دے، آئی او سی، ایف آئی ایچ اور پی ایچ ایف کے آئین میں متوازی تنظیم کی گنجائش نہیں ہے۔

    خط میں کہا گیا تھا کہ ایف آئی ایچ کو اس معاملے پر با رہا مطلع کیا گیا کہ کچھ عناصر متوازی تنظیم سازی میں ملوث ہیں، جب کہ حکومت پاکستان کی جانب سے اسپورٹس فیڈریشنز کے معاملات میں مداخلت نہ کرنے کا لیٹر بھی ریکارڈ پر موجود ہے، اور انٹر پراونشل کوآرڈینیشن (آئی پی سی) کی وزارت نے آئی او سی کو اسپورٹس فیڈریشنز معاملات میں مداخلت نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    پاکستان ہاکی فیڈریشن نے لکھا کہ نا مناسب حالات کے باوجود انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کو یقینی بنایا گیا، 2018 پرو لیگ میں شرکت نہ کرنے کا خمیازہ پاکستان ہاکی کو تنزلی کی صورت میں بھگتنا پڑا تھا، پی ایچ ایف کی بھرپور کوشش ہے کہ انٹرنیشنل رینکنگ کو بہتر بنایا جائے۔

    خط میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ایف آئی ایچ اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرے اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ یکجہتی کرے۔

  • پاکستان ہاکی کا سنہرا دور جلد لوٹے گا: سیکریٹری جنرل پی ایچ ایف

    پاکستان ہاکی کا سنہرا دور جلد لوٹے گا: سیکریٹری جنرل پی ایچ ایف

    کراچی: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی کا سنہرا دور جلد لوٹے گا، پاکستان ہاکی کو اولمپکس اور ورلڈ کپ کے میدان میں کھڑا کرنے کے لیے پُرعزم ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ساتھ کراچی میں ملاقات کی ہے، گورنر سندھ کی جانب سے سیکریٹری پی ایچ ایف حیدر حسین کو قومی کھیل میں خدمات پر تعریفی سند دی گئی۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ اولمپک کوالیفائر ایونٹ کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے، پی ایچ ایف کوشش کرے کہ اس ایونٹ کے ایک دو میچز کراچی میں کرائے جائیں، حیدر حسین نے کراچی میں گراس روٹ لیول پر مثالی کام کیا ہے۔

    انھوں نے امید ظاہر کی کہ حیدر حسین پاکستان ہاکی کا کھویا ہوا مقام واپس لانے کی پوری کوشش کریں گے، گورنر سندھ نے حیدر حسین کو انٹرنیشنل ایونٹ کے سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

    پی ایچ ایف سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے کہا کہ پاکستان ہاکی کا سنہرا دور جلد لوٹے گا، میں پاکستان ہاکی کو اولمپکس اور ورلڈ کپ کے میدان میں کھڑا کرنے کے لیے پُرعزم ہوں، اور ہم مل کر قومی کھیل کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

  • وزیر اعظم کا پاکستان ہاکی فیڈریشن کا آئین تبدیل کرنے کا فیصلہ

    وزیر اعظم کا پاکستان ہاکی فیڈریشن کا آئین تبدیل کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے ہاکی کی بہتری کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا آئین تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری جنرل محمد آصف باجوہ نے خصوصی ملاقات کی، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایچ ایف کا آئین تبدیل کیا جائے گا۔

    ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا آئین پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرز پر بنایا جائے گا، قبل ازیں، سیکریٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے وزیر اعظم کو فیڈریشن کے امور پر بریفنگ دی، وزیر اعظم عمران خان نے فیڈریشن انتظامیہ پر مکمل اظہار اطمینان کیا۔

    https://www.facebook.com/PHFOfficial/posts/3315195908556901

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ فیڈریشن کا انتظامی ڈھانچا فوری طور پر پی سی بی کی طرز پر بنایا جائے، اور پی ایچ ایف حکام پی ایس ایل طرز کی ہاکی لیگ بھی کرائے۔

    وزیر اعظم نے چاروں صوبوں میں ایلیٹ ہاکی اکیڈیمز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی، انھوں نے کہا صوبائی حکومتیں پی ایچ ایف کے ساتھ مل کر اکیڈیمز کا قیام عمل میں لائیں، ہم ہاکی کے کھیل کی بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے خوش خبری سناتے ہوئے کہا کہ اب قومی کھیل ہاکی کو بحال کر کے ماضی کا عروج واپس لایا جائے گا۔

  • لاک ڈاؤن : ہاکی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ویڈیو لنک کے ذریعے لیے جا رہے ہیں

    لاک ڈاؤن : ہاکی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ویڈیو لنک کے ذریعے لیے جا رہے ہیں

    لاہور : پاکستان ہاکی فیڈریشن نے لاک ڈاؤن کے دوران کھلاڑیوں کی فٹنس برقرار رکھنے کیلئے کام شروع کردیا ہے، تین ہفتوں کے فزیکل ٹریننگ پلان کے بعد اب ممکنہ اڑتالیس کھلاڑیوں کے ٹیسٹ ویڈیو کے ذریعے لیے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق  پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا سلسلہ جاری ہے، تین روزہ ٹیسٹ کے پہلے دن ہی پندرہ کھلاڑیوں نے فٹنس ٹیسٹ دیئے جن میں سے چار کھلاڑیوں نے بیرون ملک رہتے ہوئے ویڈیوز ریکارڈ کرکے بھیج دی ہیں۔

    پی ایچ ایف نے ہدایت کی ہے کہ کھلاڑیوں کو پلان کے مطابق پانچ مختلف ورزش کو چالیس سیکنڈ فی ورزش کرتے ہوئے ویڈیو بنانی پڑیں گی،گزشتہ ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی کارڈیو ویسکولر اینڈورنس اور مسل اسٹرینتھ کو مانیٹر کیا جائے گا۔

    پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کے مطابق فٹنس ٹیسٹ کیلئے ان کھلاڑیوں کو پلان جاری کیا گیا ہے جو اذالان شاہ کپ کے تربیتی کیمپ میں شامل تھے۔ لاک ڈاؤن کی صورتحال میں جب کوئی گھر سے باہر نہیں نکل سکتا۔

    ایسے وقت میں کھلاڑیوں کو کمزور پڑنے نہیں دیا جائے گا۔ اس دوران فٹنس کی بہتری کیلئے کھلاڑیوں کو جنک فوڑ کھانے کی اجازت نہیں ہوگی اگر کوئی چیٹنگ بھی کرے گا تو اس کا وزن ویڈیو لنک کے ذریعے جانچا جائے گا، کھلاڑی گھر میں رہتے ہوئے ڈرلز سمیت دیگر اسکلز ٹریننگ کرسکتے ہیں۔

  • لاہور میں ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز، 26 کھلاڑیوں نے رپورٹ کی

    لاہور میں ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز، 26 کھلاڑیوں نے رپورٹ کی

    لاہور : پاکستان ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہوگیا، چند کھلاڑی نجی مصروفیات کے باعث شرکت نہ کرسکے، گول کیپر اور کیمپ سے غیر حاضر رہنے والے وقار یونس کو قواعد و ضوابط سے ہٹ کے پھر منتخب کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہوگیا، ٹریننگ کے پہلے سیشن میں26کھلاڑیوں نے رپورٹ کی۔

    ذرائع کے مطابق کیمپ کے پہلے سیشن میں فزیکل ٹریننگ پر زور دیا گیا جبکہ شام کے سیشن میں ہاکی اسکیل پر توجہ دی جائے گی، دو کھلاڑی علی اور گول کیپر وقار یونس ڈار اکیڈمی کے ساتھ ہالینڈ میں موجود ہیں۔

    دونوں کھلاڑی ایک دو روز میں کیمپ جوائن کریں گے جبکہ توثیق احمد والدہ کی بیماری کے سبب تاخیر سے کیمپ جوائن کریں گے۔

    اس کے علاوہ عماد، شکیل بٹ، سمیع اللہ جونئیر، علی شان ابوبکر اور فیصل قادر بھی مختلف وجوہات کی بنا پر چند روز میں کیمپ جوائن کریں گے۔ غیر حاضر کھلاڑیوں نے پی ایچ ایف کو اپنی مصروفیات کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق گول کیپر کیمپ سے تین گول کیپرز کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں امجد علی، اکمل اور وقار یونس شامل ہیں، چوتھے گول کیپرکا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کا صاف شفاف سلیکشن کا نعرہ ہوا میں اڑ گیا، ہاکی ٹیم کے گول کیپر اور کیمپ سے غیر حاضر رہنے والے وقار یونس پھر منتخب ہوگئے۔

    گول کیپر وقار یونس ان دنوں ایک اکیڈمی کے ساتھ ہالینڈ میں موجود ہیں، وقار یونس نے گول کیپر کیمپ میں شرکت ہی نہیں کی، جبکہ تجربہ کار گول کیپر مظہر عباس کیمپ میں ٹریننگ کے باوجود منتخب نہ ہوسکے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گول کیپر وقار یونس کو واٹس ایپ پیغام پر منتخب کیا گیا، چیف سلیکٹر منظور جونیئر نے واٹس اپ سلیکشن کیخلاف آواز اٹھائی تھی، جس کے بعد من پسند گول کیپرز کی سلیکشن پر سوالات اٹھنے لگے۔

    مختلف حلقوں کی جانب سے پوچھا جا رہا ہے کہ موجودہ دور کے گول کیپر سلمان اکبر اور عمران بٹ کی خدمات کیوں حاصل نہ کی گئیں ؟ جدید سائنسی تکنیک سکھانے کیلئے نوے کی دہائی کا طریقہ کار اپنایا گیا۔

  • شہباز سینئرعہدے سے مستعفی، آصف باجوہ پی ایچ ایف کے نئے سیکرٹری نامزد

    شہباز سینئرعہدے سے مستعفی، آصف باجوہ پی ایچ ایف کے نئے سیکرٹری نامزد

    لاہور : پی ایچ ایف کے سیکرٹری شہباز سینئر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، ان کی جگہ آصف باجوہ کو نئے سیکیرٹری کی حیثیت سے نامزد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز سینئر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دےدیا ہے۔ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن خالد سجاد کھوکھر نے شہباز سینئر کے استعفے کی تصدیق کردی۔

    صدر پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ شہباز سینئر نے ساڑھے 3 سال اپنی بساط سے بڑھ کر ہاکی کے فروغ کیلئے کام کیا، خالد سجاد کھوکھر نے شہباز سینئر کی جگہ آصف باجوہ کو پی ایچ ایف کا سیکریٹری نامزد کرتے ہوئے بتایا کہ آصف باجوہ کل بروز پیر کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میری شہباز سینئر اور آصف باجوہ دونوں کے لیے نیک خواہشات ہیں۔ خیال رہے کہ شہباز سینئر نے اس سے قبل دسمبر میں بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا تاہم اس وقت صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر نے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا تھا۔

  • ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی، ہاکی ٹیم کے سینئیر کھلاڑی پرو لیگ اسکواڈ سے باہر

    ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی، ہاکی ٹیم کے سینئیر کھلاڑی پرو لیگ اسکواڈ سے باہر

    لاہور : پی ایچ ایف نے سنیئر کھلاڑیوں کے خلاف آپریشن کلین اپ کرتے ہوئے پرو لیگ سے قومی ہاکی ٹیم کے کئی سینئر کھلاڑی ڈراپ کردیئے، اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے جونئیر کھلاڑیوں پر تجربہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سینئر کھلاڑیوں کے خلاف آپریشن کلین سوئپ شروع کردیا، پرو لیگ کیلئے جاری کردہ فہرست سے ڈراپ ہونے پر سینئرز سخت نالاں ہیں۔

    ہاکی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد سینئر کھلاڑیوں کو قصور وار دے کر فیڈریشن نے انہیں اپنی گڈ بک سے باہر کردیا، اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے پی ایچ ایف نے جونئیر کھلاڑیوں کی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    مذکورہ کھلاڑیوں نے قومی ٹیم سے محرومی کے بعد لیگز کھیلنے ارادہ کرلیا۔ سینئرکھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف کا تھنک ٹینک غلط ہاتھوں میں ہے، ٹیمیں کمبی نیشن سے بنتی ہیں، مینجمنٹ قومی کھیل کو ترقی تو نہیں البتہ تنزلی کی جانب ضرور پہنچا دے گی۔

    واضح رہے کہ پرو ہاکی لیگ کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے26کھکلاڑیوں کے ناموں کو فائنل کرکے بھجوا دیا ہے، نئے اسکوڈ میں کپتان رضوان سنئیر، عرفان سنئیر، تصورعباس، محمد توثیق، راشد محمود اور عمربھٹہ شامل نہیں ہیں۔

    عبوری ٹیم میں تین گول کیپر منیب الرحمان، وقار اور حیدر علی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں علی رضوان، تعظیم الحسن، امجد خان، معین شکیل، محمد کمال، محمد مشتاق، عدیل لطیف، محمد یعقوب اور سہیل ریاض، محمد ابوبکر عماد بٹ اور علی مبشر ٹیم کا حصہ ہیں۔

    اس کے علاوہ محمد عتیق، رانا عبدالرحمان، محمد حماد الدین، ساران، افراز اور شان ارشاد کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ خیر شاہ، سہیل انجم،علی غضنفر اور جنید منظور بھی شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے گول کیپر عمران بٹ نے انٹرنیشنل ہاکی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔ بھارت میں ہونے والا ورلڈ کپ ان کا آخری ایونٹ تھا، عمران بٹ نے مجموعی طور پر ڈیڑھ سو سے زائد میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

  • توقیر ڈار ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر، ورلڈ‌ کپ سے متعلق ابہام برقرار

    توقیر ڈار ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر، ورلڈ‌ کپ سے متعلق ابہام برقرار

    لاہور:  پاکستان ہاکی فیڈریشن نے  ورلڈ کپ کے لئے توقیر ڈار کو ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا.

    تفصیلات کے مطابق سابق اولمپیئن توقیر ڈار کو ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، البتہ مالی معاملات سے متعلق ابہام تاحال برقرار ہے.

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اعلامیہ کے مطابق ریحان بٹ اور دانش کلیم کوچز ہوں گے، حسن سردار کو منیجر برقرار رکھا گیا ہے۔

    عہدہ سنبھالنے کے بعد توقیر ڈار نے  اپنے بیان میں  کہا کہ ہاکی نے انھیں‌ شناخت اور عزت دی، اب انھیں اپنا کردار نبھانے کا موقف ملا ہے.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ‌کپ میں سخت مقابلہ متوقع ہے، ہمیں مزید نتائج کے لیے سخت محنت کرنی ہوگی. البتہ ورلڈ کپ کھیلنے سے متعلق انھوں نے لاعلمی کا اظہار کیا۔


    مزید پڑھیں: مالی معاملات حل نہ ہوئے، تو شاید قومی ٹیم ورلڈ کپ نہ کھیل سکے: ہیڈ کوچ حسن سردار


    پی ایچ ایف اعلامیہ کے مطابق یہ مینجمنٹ ورلڈ کپ کے لئے تشکیل دی گئی، ورلڈ کپ 28 نومبر سے بھارت میں شیڈول ہے۔

    دوسری جانب ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہو گیا۔

    واضح رہے کہ مالی بحران کی وجہ سے یہ کیمپ چند روز قبل عارضی طور پر منسوخ ہوگیا تھا، جس کے بعد ورلڈ کپ میں‌ پاکستان کی شمولیت پر سوال اٹھ گئے تھے.

  • ہاکی کھلاڑیوں کا احتجاج رنگ لے آیا، پی ایچ ایف نے ان کے واجبات ادا کردیئے

    ہاکی کھلاڑیوں کا احتجاج رنگ لے آیا، پی ایچ ایف نے ان کے واجبات ادا کردیئے

    لاہور : پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے مکمل واجبات ادا کردیئے، صدر پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ ہم نے عہد پوراکردیا، اب کھلاڑی وعدہ پورا کریں گولڈ میڈل جیت کر لائیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا احتجاج رنگ لے آیا، پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے مکمل واجبات ادا کردیئے۔

    اس حوالے سے ترجمان پی ایچ ایف نے کہا ہے کہ صدر پی ایچ ایف نے ایشین گیمز سے قبل کھلاڑیوں اور آفیشلز کے بقایا جات ادا کرنے کا وعدہ پورا کردیا ہے، بریگیڈئیر (ر) خالد سجاد نے ذاتی حیثیت میں فنڈز کا انتظام کیا ہے۔

    ترجمان پی ایچ ایف کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے واجبات اکاؤنٹس میں منتقل کردیئے گئے، اس کے علاوہ غیر ملکی اسٹاف کو بھی واجبات کی ادائیگیاں کردی گئیں ہیں۔

    دوسری جانب صدر پی ایچ ایف بریگیڈئیر (ر) خالد سجاد نے کہا ہے کہ ہم نے اپنا عہد پورا کردیا اب کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھی وعدہ پورا کریں اور ملک کیلئے گولڈ میڈل جیت کر لائیں۔

    انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ایشین گیمز میں بھارت کو ہرا کر قوم کو تحفہ دیں، انہوں نے کہا کہ فنڈز کے حوالے سے اسپانسرز کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں، قومی کھیل میں بہتری کیلئے نجی سیکٹر سے مدد لے رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: یومیہ الاؤنسز سے محروم پاکستان ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کا بائیکاٹ کردی

    یاد رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے واجبات کی عدم ادائیگی پر احتجاجاً آئندہ ماہ انڈونیشیا میں ہونے والے ایشین گیمز کا بائیکاٹ کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں: پاکستان ہاکی فیڈریشن کھلاڑیوں کی مقروض

    ان کا کہنا تھا کہ اگر جیب خالی ہو تو کارکردگی کیسے دکھائیں؟ قوم کے سامنے شرمندہ ہونا نہیں چاہتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑی تا حال یومیہ الاؤنسز سے بھی محروم ہیں، پی ایچ ایف کے جھوٹے وعدوں اور اعلانات سے گھر کا چولہا نہیں جلا سکتے۔