Tag: Philippines

  • امریکا سمیت تین بڑے ملکوں نے فلپائن سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا

    امریکا سمیت تین بڑے ملکوں نے فلپائن سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا

    سنگاپور: امریکا، جاپان اور آسٹریلیا نے چین کے مقابلے کے لیے فلپائن کی دفاعی صلاحیت بڑھانے میں مدد کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ہفتے کے روز سنگاپور میں منعقدہ چار فریقی دفاعی اجلاس میں جاپان، امریکا اور آسٹریلیا کے وزرائے دفاع نے فلپائن کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مدد کرنے پر اتفاق رائے کیا ہے۔

    جاپان کے وزیرِ دفاع ناکاتانی گین، امریکی وزیر دفاع پِیٹ ہیگستھ، آسٹریلوی وزیر دفاع رچرڈ مارلس اور فلپائنی وزیر دفاع گِلبیرتو تیئودورو نے اجلاس میں شرکت کی، جن کا مقصد ایک آزاد اور کھلا ہند-بحرالکاہل خطّہ بنانا ہے۔

    جاپانی وزیر دفاع نے اس اجلاس کے آغاز میں کہا کہ چین مشرقی اور جنوبی بحیرۂ چین میں اپنی سرگرمیاں بڑھا رہا ہے، اجلاس میں وزرائے خارجہ نے چین کی سرگرمیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور ان سرگرمیوں کو علاقائی عدم استحکام کا باعث قرار دیا۔


    روس کا نیٹو پر ممکنہ حملہ، جرمن ڈیفنس چیف نے خبردار کردیا


    وزرائے خارجہ نے اس تحفظ کی ضرورت کو تسلیم کیا کہ علاقے میں جہاز رانی اور پروازیں آزادی سے ہوں، جس کے لیے وزرائے دفاع نے فلپائن کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مدد دینے کی غرض سے اسے آلات برآمد کرنے پر اتفاق کیا۔

    وزرائے خارجہ نے امریکی ٹام ہاک کروز میزائلوں کو آزمائشی طور پر فائر کرنے کی غرض سے مشقیں کرنے اور اپنے میزائل دفاعی نظام کے لیے معلومات کا تبادلہ کرنے کا نظام بنانے پر بھی اتفاق کیا، انھوں نے نگرانی اور جاسوسی کے ایک مشترکہ نظام کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

  • امریکی فوج کا طیارہ گر کر تباہ، 4 افراد ہلاک

    امریکی فوج کا طیارہ گر کر تباہ، 4 افراد ہلاک

    جنوبی فلپائن میں امریکی سرویلنس طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس میں سوار کم از کم 4 افراد ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلپائن میں امریکی سرویلنس طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں ایک امریکی فوجی سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے، حادثے کا شکار طیارہ کنٹریکٹ پر امریکی فوج کے زیر استعمال تھا۔

    رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین امریکی وزارتِ دفاع کے کنٹریکٹرز شامل ہیں، طیارہ فلپائن کی درخواست پر انٹیلیجنس نگرانی اور جاسوسی کے لیے مختص تھا۔

    فلپائن کے حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ طیارہ گرنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، طیارہ گرنے سے کھیت میں موجود ایک بھینس بھی ہلاک ہوگئی۔

    مقامی حکام کے مطابق طیارہ گرنے سے کھیت میں موجود ایک بھینس بھی ہلاک ہوگئی۔

  • فلپائن لوزون میں 5.6 شدت کا زلزلہ

    فلپائن لوزون میں 5.6 شدت کا زلزلہ

    فلپائن میں لوزون میں 5.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق زلزلہ پیما ایجنسی فیوولکس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ زیر زمین گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

    زلزلہ پیما ایجنسی فیوولکس کے مطابق فلپائن میں زلزلہ صوبہ الوکوس کے شمالی قصبے بنگوئی میں آیا ہے، جبکہ زلزلے سے آفٹر شاکس کا امکان ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے کیوبا میں بھی 5.9 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا جس کے سبب عمارتیں لرز گئی تھیں۔

    یورپی میڈیٹیرینیئن سیسمولوجیکل سینٹر (ای ایم ایس سی) کے مطابق زلزلے کے جھٹکے کیوبا میں محسوس کیے گئے تھے۔

    رپورٹس کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی، لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    دبئی کی کثیر المنزلہ عمارت میں خوفناک آتشزدگی

    میڈیا رپورٹس کے مطابق کیوبا میں زلزلہ 25 کلومیٹر گہرائی میں آیا، جس نے جزیرے کے باشندوں تشویش میں مبتلا کر دیا، زلزلے سے کسی قسم کے نقصان کی اطلاعات فی الحال موصول نہیں ہوئیں۔

  • فلپائن میں سمندری طوفان یاگی نے تباہی مچا دی، 14 افراد ہلاک

    فلپائن میں سمندری طوفان یاگی نے تباہی مچا دی، 14 افراد ہلاک

    منیلا: فلپائن میں سمندری طوفان یاگی نے کئی صوبوں میں تباہی مچا دی، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 14 افراد ہلاک ہو گئے۔

    روئٹرز کے مطابق مقامی ڈیزاسٹر ایجنسی نے پیر کے روز بتایا کہ فلپائن میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے چودہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں، سمندری طوفان یاگی نے دارالحکومت منیلا اور قریبی صوبوں میں شدید بارشوں کی وجہ بننے کے بعد تباہی پھیلا دی ہے۔

    منیلا میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئی ہیں، کچھ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں کی چھتوں تک جمع ہو گیا، دفاتر اور اسکول بند کر دیے گئے، 105 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں ہر شے کو اڑا لے گئیں۔

    قدرتی حادثات کے ادارے کے سربراہ کا جانی نقصان کے بارے میں کہنا تھا کہ منیلا کے مشرق میں واقع علاقے اینٹی پولو ایک پہاڑی علاقہ ہے اور یہ لینڈ سلائیڈنگ کا شکار علاقہ ہے، مقامی رہائشیوں کو کافی عرصے سے ترغیب دی جا رہی ہے کہ وہ یہ علاقہ چھوڑ کر دوسرے مقامات پر منتقل ہوں۔

    حکام کے مطابق یاگی رواں سال فلپائن میں آنے والا پانچواں سمندری طوفان ہے۔ فلپائن میں عام طور پر سالانہ اوسطاً 20 سمندری طوفان ریکارڈ کیے جاتے ہیں، اور ان میں سے اکثر طوفانوں میں جو ہلاکتیں ہوتی ہیں اس کی بڑی وجہ لینڈ سلائیڈنگ ہوتی ہے۔

  • میں چین کی جاسوس نہیں ہوں، فلپائنی میئر اپنی پیدائش کا راز کھولنے پر مجبور ہو گئیں

    میں چین کی جاسوس نہیں ہوں، فلپائنی میئر اپنی پیدائش کا راز کھولنے پر مجبور ہو گئیں

    فلپائن کے ایک چھوٹے قصبے کی میئر ایلس گوا کا بیان عالمی میڈیا پر بہت زیادہ نمایاں ہو رہا ہے، جس میں وہ اپنی پیدائش کا راز کھولنے پر مجبور دکھائی دیتی ہیں۔

    ایلس گوا فلپائن کی ایک کاروباری خاتون اور سیاست دان ہیں، جو بامبن کی میونسپلٹی کی موجودہ میئر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

    بی بی سی کے مطابق میئر ایلس گوا سے مجرمانہ کارروائیوں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، سینیٹ کی سماعت کے دوران اپنی خاندانی تاریخ اور پرورش کے بارے میں جن ان سے سوالات کیے گئے تو وہ ان کے جواب نہیں دے سکی تھیں۔

    اس پر ایک سینیٹر نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ بیجنگ کے لیے ’’اثاثہ‘‘ ہیں؟ تو میئر ایلس گوا نے کہا ’’میں عوام کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں چین کی جاسوس نہیں ہوں، میں فلپائنی ہوں اور میں اپنے ملک سے پیار کرتی ہوں۔‘‘

    ان کے خلاف ہونے والی تحقیقات کے باعث سوشل میڈیا پر ہفتوں تک ان پر شدید تنقید ہوتی رہی، سوشل میڈیا صارفین نے ان کی ذاتی زندگی کو نشانہ بناتے ہوئے میمز بنائے اور ان کی توہین کی گئی، کہا گیا کہ چین کے ساتھ ان کے تعلقات ہیں۔

    ملک کے صدر فرڈینینڈ مارکوس نے بھی ان کے خلاف ہونے والی باتوں کو ہوا دی، انھوں نے کہا کہ ایلس گوا سے اس لیے تفتیش کی جا رہی ہے کیوں کہ حکام کو پتا چلا ہے کہ ان کے قصبے بامبن میں ایک آن لائن آف شور کیسینو پکڑا گیا ہے جو سازشوں کا گڑھ تھا۔

    میئر ایلس گوا کا اپنی پیدائش سے متعلق انکشاف

    پیر کی رات میئر ایلس گوا نے فلپائن کی میڈیا کمپنی ABS-CBN کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنی پیدائش کا راز کھولنے پر مجبور ہو گئیں، انھوں نے کہا میں چین کی جاسوس نہیں ہوں، اور انکشاف کیا کہ ان کی پیدائش ’ایک محبت کا نتیجہ‘ تھا۔

    میئر ایلس گوا کو نے خود ’لَو چائلڈ‘ قرار دیا، اور کہا کہ وہ اپنے چینی والد کی فلپائنی ملازمہ کے ساتھ محبت کا نتیجہ ہیں، دونوں نے کبھی شادی نہیں کی۔

    میئر ایلس نے بتایا کہ ان کی والدہ نے انھیں بچپن ہی میں چھوڑ دیا تھا اور وہ دارالحکومت منیلا کے شمال میں ایک کاشت کاری والے صوبے ترلاک میں اپنے والد کے ساتھ پلی بڑھیں۔

    انھوں نے کہا ’’میرے والد ایک نوکرانی کے ساتھ پیار کرتے تھے، اور میں پیدا ہوئی، یہ ایک بہت ہی نجی معاملہ ہے، میں کسی کو یہ نہیں بتا سکتی کہ میری اپنی ماں نے مجھے چھوڑ دیا تھا۔‘‘ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے سینیٹرز سے معذرت کی کہ وہ اپنے والدین کی مکمل وضاحت کرنے میں ناکام رہی تھیں، کیوں کہ گواہی کے دوران ’’میرا دماغ خالی ہو گیا تھا۔‘‘

    واضح رہے کہ میئر ایلس گوا کا یہ معاملہ ایک ایسے وقت اچھلا ہے جب فلپائن اور بیجنگ کے درمیان قدرتی وسائل سے مالامال جنوبی بحیرہ چین پر ملکیت کے سلسلے میں کشیدگی چل رہی ہے۔

  • کویت کا فلپائن کی جگہ دوسرے ملک سے ملازمین بلانے کا فیصلہ

    کویت کا فلپائن کی جگہ دوسرے ملک سے ملازمین بلانے کا فیصلہ

    کویت سٹی: کویت نے فلپائن کی جگہ سری لنکا سے ملازمین بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت نے فلپائنی گھریلو ملازمین کا متبادل ڈھونڈ لیا ہے، کویت سری لنکا سے ملازمین کو لا کر فلپائن کے ساتھ گھریلو ملازمین کے بحران کو دور کرنا چاہتا ہے۔

    روزنامہ القبس کے مطابق یہ اعلان کویت میں گھریلو مزدوروں کی بھرتی کے دفاتر کی جانب سے کیا گیا ہے، سری لنکا کے ساتھ معاہدے تقریباً 200 دینار کم ہیں اور کویت پہنچنے کی رفتار بھی تیز ہے۔

    روزانہ دو سے تین فلپائنی ملک چھوڑ رہے ہیں، جس پر بھرتی دفاتر کے مالکان نے کہا ہے کہ وہ ایک متبادل فراہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو موجود خلا کو پر کر سکے۔

    واضح رہے کہ فلپائن نے اپنے کارکنوں کو کویت بھیجنا عارضی طور پر معطل کر دیا ہے، جس کی وجہ سے کویت اب متبادل کی طرف جانا چاہتا ہے۔

    گھریلو مزدوروں کی الدرہ کمپنی نے بھی بتایا کہ سری لنکا سے خواتین کارکنوں کی ایک نئی کھیپ پہلے سے اعلان کردہ قیمتوں پر پہنچ رہی ہے، جو 650 دینار ہیں، جس میں ٹکٹ شامل نہیں۔

  • فلپائن میں آندھی اور طوفان، 98 ہلاک

    فلپائن میں آندھی اور طوفان، 98 ہلاک

    منیلا: فلپائن میں شدید طوفان اور بارشوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 98 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائن کے سیلاب زدہ علاقوں سے مزید لاشیں نکال لی گئی ہیں، جس سے ٹراپیکل طوفان ’نلگے‘ سے مرنے والوں کی تعداد کم از کم اٹھانوے ہو گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلپائن کی ڈیزاسٹر ایجنسی نے کہا کہ نصف سے زیادہ ہلاکتیں طوفانی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہوئی ہیں، ایجنسی نے بتایا کہ تقریباً 63 افراد لاپتا ہیں، جب کہ 69 افراد زخمی ہوئے۔

    طوفان نے جنوبی جزیرے منڈاناؤ کے دیہات کو تباہ کر دیا ہے، بنگسامورو کے شہری دفاع کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دو دن کے بعد لاپتا افراد کے زندہ بچ جانے کے امکانات تقریباً صفر ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق اس طوفان نے پانچ مرتبہ لینڈ فال کیا ہے، اور اس نے بڑے پیمانے پر فصلوں کو تباہ کر دیا ہے، کئی علاقوں میں بجلی بھی منقطع ہو گئی ہے۔

    فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے پیر کے روز سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا، انھوں نے طوفان سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد پر صدمے کا اظہار کیا۔

  • فلپائن میں کورین مسافر طیارے کو رن وے پر بڑا حادثہ

    فلپائن میں کورین مسافر طیارے کو رن وے پر بڑا حادثہ

    منیلا: فلپائن میں ایک کورین مسافر طیارے کو رن وے پر بڑا حادثہ پیش آیا، جس سے جہاز کو بری طرح نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق وسطی فلپائن میں کورین طیارہ رن وے سے پھسل کر سگنل کے نشانات سے ٹکرا کر بری طرح تباہ ہو گیا، تاہم طیارے میں سوار تمام 173 مسافر اور عملے کو بہ حفاظت نکال لیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق اتوار کو سیبو ایئرپورٹ پر کورین ایئر کا مسافر طیارہ موسم کی خرابی کے باعث لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر سگنل کے نشانات سے ٹکرا گیا تھا، جس سے جہاز کو شدید نقصان پہنچا۔

    حکام اور ایئر لائن نے بتایا کہ کورین ایئر کی پرواز KE631 پر عملے کے 11 ارکان اور 162 مسافروں نے تباہ شدہ طیارے سے نکلنے کے لیے ہنگامی سلائیڈوں کا استعمال کیا۔

    فلپائن کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ تمام مسافر محفوظ رہے، حادثے کے بعد ایئر پورٹ کو بند کرنا پڑا، اور پچاس سے زائد پروازیں منسوخ کی گئیں۔

    کورین ایئر لائنز کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ انچیون، جنوبی کوریا سے روانہ ہونے والی ایئربس A330 نے تیسری کوشش میں رن وے کو اوور شوٹنگ کرنے سے پہلے دو بار لینڈ کرنے کی کوشش کی تھی۔

  • فلپائن جانے والے مسافروں کیلئے اہم خبر، سفارتخانے نے اعلان کردیا

    فلپائن جانے والے مسافروں کیلئے اہم خبر، سفارتخانے نے اعلان کردیا

    فلپائن میں سعودی سفارت خانے نے کہا ہے کہ فلپائن کے متعلقہ حکام نے سعودی ایپ ’توکلنا‘ میں دستیاب ڈیجیٹل ویکسین سرٹیفکیٹ کو قابل قبول قرار دیا ہے۔

    العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی سفارتخانے نے بیان میں کہا کہ توکلنا ایپ میں ڈیجیٹل ویکسین سرٹیفکیٹ اسی صورت میں قابل قبول ہوگا جب سعودی شہری کورونا ویکسین کی دو خوراکوں کے بعد بوسٹر ڈوز بھی لے چکے ہوں گے۔

    سفارت خانےکا کہنا ہے کہ فلپائنی حکام نے یہ سہولت ملک میں متعدی امراض کے منتظم اداروں کی مشترکہ ورکنگ ٹیم کے فیصلے کے بعد دی ہے۔

  • فلپائن میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 148 ہلاکتیں

    فلپائن میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 148 ہلاکتیں

    منیلا: فلپائن کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والی ہلاکتیں 148 ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائن میں میگی طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ سے اب تک 148 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، کئی زحمی ہیں جب کہ متعدد افراد اب بھی لاپتا ہیں۔

    کئی دنوں سے جاری موسلا دھار بارشوں نے لاکھوں افراد کو بے گھر کر دیا، وسطی صوبے لیتی میں زرعی زمینیں مکمل تباہ ہوگئیں، ریسکیو اہل کاروں کے مطابق خراب موسم اور دشوار گزار راستوں کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات آ رہی ہیں۔

    اتوار کے روز لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا، فلپائن کے مشرقی اور جنوبی ساحلوں پر 65 کلومیٹر (40 میل) فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے تباہی مچائی۔

    فلپائن کے قومی ادارے نے کہا کہ طوفان سے 9 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں، جب کہ 2 لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں، اور 35 ہزار سے زیادہ لوگوں کو متاثرہ علاقوں سے پہلے ہی نکال لیا گیا تھا۔

    فلپائن کے محکمہ زراعت کے مطابق میگی طوفان، جسے فلپائن میں اگاٹون کے نام سے جانا جاتا ہے، کی وجہ سے ہونے والے زرعی نقصان کا تخمینہ بدھ تک 8 ملین ڈالر (423.8 ملین فلپائنی پیسو) سے زیادہ لگایا گیا ہے۔