Tag: Philippines

  • پاکستان میں بھارتی میزائل گرنے پر فلپائن نے کیا قدم اٹھا لیا؟

    پاکستان میں بھارتی میزائل گرنے پر فلپائن نے کیا قدم اٹھا لیا؟

    منیلا: فلپائن نے بھارت سے پاکستان میں میزائل گرنے سے متعلق جواب طلب کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پر میزائل گرنے کے بعد فلپائن بھارت کے ساتھ ایک ڈیل کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہو گیا ہے۔

    واقعے کے بعد اس سوال نے کہ کیا بھارت کے ہتھیار محفوظ ہیں یا نہیں؟ بھارت کی فلپائن کے ساتھ سب بڑی دفاعی ڈیل خطر ے میں ڈال دی ہے۔

    فلپائن نے بھارت سے پاکستان میں میزائل گرنے سے متعلق جواب طلب کر لیا، بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلپائن کے سینیئر وزیر اور سیکریٹری دفاع نے بھارتی سفیر کو طلب کیا اور واقعے سے متعلق وضاحت مانگی۔

    بھارتی سفیر نے بتایا کہ واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، جس کے نتائج فلپائن کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ فلپائن بھارت سے براہموس میزائل کی خریداری کے 37 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا معاہدہ کر چکا ہے۔

  • 2021 کے دنیا کے سب سے طاقت ور طوفان نے فلپائن کو گھیر لیا (دل دہلادینے والی ویڈیو)

    2021 کے دنیا کے سب سے طاقت ور طوفان نے فلپائن کو گھیر لیا (دل دہلادینے والی ویڈیو)

    منیلا: فلپائن کو 2021 کے دنیا کے سب سے طاقت ور طوفان نے گھیر لیا ہے، یہ سال کا پندرہ واں طوفان ہے جس کے باعث ایک لاکھ فلپائنی بے گھر ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائن سال کے بدترین طوفان کی زد میں ہے، سپر طوفان رائی فلپائن کے ساحل سے ٹکرا گیا، ماہرین نے اسے کیٹیگری فور کا سمندری طوفان قرار دیا ہے، جس کے ساتھ ہی ملک میں بارشوں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق فلپائن میں 195 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جب کہ ساحلی علاقوں سے تقريباً ایک لاکھ افراد محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کر گئے ہیں۔

    شدید طوفان کے باعث ملک کے بيش تر حصوں ميں پروازيں منسوخ کی جا چکی ہیں، فلپائن کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ انتہائی تباہ کن سمندری طوفان کے باعث ملک کے کچھ حصوں میں تيز رفتار جھکڑوں کی وجہ سے شديد جانی و مالی نقصانات ہو سکتے ہيں، پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

    انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز نے فلپائن میں آنے والے اس طوفان کو 2021 کے دنیا کے سب سے طاقتور طوفانوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے لاکھوں لوگوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

  • ایک اور ملک نے پاکستان پر عائد سفری پابندیاں  اٹھالیں

    ایک اور ملک نے پاکستان پر عائد سفری پابندیاں اٹھالیں

    منیلا : فلپائن نے پاکستان پر کورونا کے باعث لگی سفری پابندیاں اٹھالیں، تاہم پاکستان، بھارت اور بنگلادیش سمیت دیگر ممالک سے آنےوالوں کو 14 روزہ قرنطینہ کرنا ہو گا۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائن نے پاکستان سمیت 10 ملکوں پر کورونا کے باعث لگی سفری پابندیاں ختم کردیں ، جس کے بعد پاکستان،بھارت اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ملکوں کےمسافر پیر سے فلپائن آ سکیں گے تاہم پاکستان، بھارت اور بنگلادیش سمیت دیگر ممالک سے آنےوالوں کو 14 روزہ قرنطینہ کرنا ہو گا۔

    برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فلپائن کے صدر روڈریگو ڈیویٹرٹے نے پاکستان اور امارات سمیت 10 ملکوں سے مسافروں کے ملک میں آنے پر عائد پابندی اٹھانے کا اعلان کیا۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کئی ملکوں نے سفری پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، پاکستان اس وقت سفری پابندیوں کی برطانوی ریڈ لسٹ میں شامل ہے اور فہرست سے نام نکلوانے کے لیے حکام برطانیہ کی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

    گذشتہ روز ترکی نے پاکستان سےآنے والے مسافروں کیلئے قرنطینہ کی شرط ختم کر دی تھی ، ترک حکام کے مطابق ڈبلیو ایچ او سے مصدقہ ویکسین لگوانے والے مسافر قرنطینہ کی لازمی شرط ‏سے مستثنیٰ ہوں گے، مسافروں کوڈبلیوایچ اوتصدیق شدہ ویکسین کی2ڈوزلگی ہونی چاہئیں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ مسافر دونوں ڈوز لگانے کےکم ازکم 14دن کے بعد ترکی آسکتے ہیں البتہ ‏پاکستانی مسافروں کی ویکسی نیشن سے قطع نظر پی سی آر ٹیسٹ کرانا لازمی ہو گا۔

    ترکی جانے والے پاکستانی 72 گھنٹے قبل پی سی آر رپورٹ دکھانےکے پابند ہوں گے ویکسی نیشن ‏سرٹیفکیٹ فراہم نہ کرنےپرمسافروں کوقرنطینہ میں رکھاجائےگا۔

    ترک حکومت کے نئے قوائد و ضوابط آج سےنافذالعمل ہوں گے جب کہ 12سال سےکم عمر بچے ‏ویکسی نیشن اورپی سی آرٹیسٹ سےمستثنیٰ ہوں گے۔

  • فلپائن میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، بڑا جانی نقصان

    فلپائن میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، بڑا جانی نقصان

    منیلا: جنوب مشرقی ایشیائی ملک فلپائن میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں بڑا جانی ومالی نقصان ہوا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق حادثہ جنوبی فلپائن میں اس وقت پیش آیا جب فوجی طیارہ صوبے سولو کے جولو نامی جزیرے پر لینڈ کررہا تھا کہ فنی خرابی کے باعث گرا، طیارے کے گرتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

    فلپائن آرمڈ فورسز کے سربراہ نے دلخراش حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں 85 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    فلپائن کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل سیریلو سوبیجانا نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ طیارے کے جلتے ہوئے ملبے سے پندرہ افراد کو بچالیا گیا ہے، علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہے، ہماری کوشش ہے کہ مزید افراد کو زندہ بچایا جاسکے۔

  • 5 سالہ بچہ پچاس سال کی عمر تک عجیب شوق پالتا رہا

    5 سالہ بچہ پچاس سال کی عمر تک عجیب شوق پالتا رہا

    منیلا: فلپائن کے ایک پانچ سالہ بچے کو جب پہلی بار ایک ریسٹورنٹ میں تحفے میں کھلونا ملا تو وہ خوشی سے پھولا نہ سمایا، لیکن یہ خوشی اتنی تھی کہ اس کے بعد سے کھلونے جمع کرنا اس کا اولین شوق بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائن کے ایک شخص نے اپنے دل چسپ شوق کے سبب مختلف ریسٹورنٹس سے پینتالیس سال کے دوران 20 ہزار کھلونے جمع کر کے ایک ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔

    یہ فلپائنی ہیں ایک گرافک آرٹسٹ، جن کا نام پرسیول لُوگ ہے، اور یہ فاسٹ فوڈ سینٹرز سے کھانوں کے ساتھ بچوں کو تحفے میں ملنے والے کھلونے جمع کر کے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کرا چکے ہیں۔

    کھلونے جمع کرنے کا عالمی ریکارڈ تو انھوں نے 2014 میں بنا لیا تھا، تاہم اب ان کھلونوں کی تعداد بڑھتے بڑھتے 20 ہزار سے بھی زائد ہو چکی ہے، جب کہ پرسیول کی عمر بھی 50 سال سے زائد ہو گئی ہے، انھوں نے 5 سال کی عمر سے کھلونے جمع کرنا شروع کیا تھا۔

    جب انھیں پہلی بار کھانے کے ساتھ کھلونا ملا تو وہ بہت خوش ہوئے، پھر انھوں نے معروف برانڈز کے برگر اور فاسٹ فوڈ کھانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اس کے عوض تحفے میں ملنے والے کھلونوں کو بھی جمع کرتے چلے گئے۔

    فلپائن کے شہری کا گھرتین منزلہ ہے، جس کے ایک کمرے کو انھوں نے کھلونوں سے بھر کر رکھا ہوا ہے، اور وہ اب بھی ان کھلونوں کے ساتھ کھیلتے ہیں۔

    پرسیول نے ان کھلونوں کے حوالے سے بڑی دل چسپ بات بتائی، انھوں نے کہا کہ ان میں سے ہر کھلونا کہانی نویس کی طرح ایک کہانی بیان کرتا ہے، اور یہ اس وقت کی یاد دلاتا ہے جس وقت اسے خریدا گیا تھا، صرف یہی نہیں بلکہ ان کھلونوں کے ساتھ کچھ نہ کچھ واقعات بھی منسلک ہوتے ہیں۔

  • فلپائن میں بھی کرونا وائرس کی نئی قسم رپورٹ

    فلپائن میں بھی کرونا وائرس کی نئی قسم رپورٹ

    دنیا بھر میں کرونا وائرس کی نئی اقسام سامنے آنے کے بعد اب فلپائن میں ایک اور نئی قسم کا انکشاف ہوا ہے، ماہرین اس نئی قسم کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    فلپائن میں محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ نئی قسم کا پتہ تب چلا جب طبی اہلکاروں نے کرونا وائرس کے 85 نئے کیسز کا جائزہ لیا۔

    محکمہ صحت کے مطابق کرونا وائرس کی اس نئی قسم کا نام پی 3 ہے اور پورے فلپائن میں ابھی تک اس نئی قسم کے 98 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نئی قسم کے پھیلنے اور اس سے ہونے والی اموات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

    خیال رہے کہ فلپائن میں اب تک کرونا وائرس کے 6 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ اب تک 13 ہزار اموات ہوچکی ہیں۔

  • بچی نے آن لائن کیا آرڈر کیا کہ فوڈ کمپنی حیران رہ گئی ؟

    بچی نے آن لائن کیا آرڈر کیا کہ فوڈ کمپنی حیران رہ گئی ؟

    منیلا: کرونا وبا کے دوران دنیا بھر میں آن لائن فوڈ ڈلیوری ایپ کے زریعے گھروں پر اپنے پسندیدہ کھانے منگوانے کا رجحان تیزی سے بڑھتا جارہا ہے، ایسے میں فلپائن میں ہونے والے واقعے پر لوگ بھی حیران رہ گئے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلپائن میں ایک سات سالہ بچی نے آن لائن فوڈ ڈلیوری ایپ کے ذریعے کھانا آرڈر کیا، مگر تماشہ اس وقت ہوا، جب ایک دو نہیں بلکہ بیالیس ڈیلیوری بوائے آرڈر لے کر بچی کے گھر پہنچ گئے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلپائن کی سیبو سٹی کے اسکول میں پڑھنے والی ایک لڑکی نے فوڈ پانڈا ایپ سے لنچ کیلئے چکن کٹ لیٹ آرڈر کیا تھا، اس کے والدین گھر پر نہیں تھے اور آرڈر کے بعد وہ اپنی دادی کے ساتھ کھانے کا انتظار کرنے لگی۔

    https://youtu.be/K8HIyeuXER4

    کچھ دیر بعد اس لڑکی کے گلی میں ڈلیوری بوائے کھانا لیکر پہنچے لیکن وہی ایک کھانا لئے کئی ڈلیوری بوائے اس گلی میں دکھائی دئیے، دیکھتے ہی دیکھتےایک دو نہیں بلکہ بیالیس ڈیلیوری بوائے آرڈر لے کر بچی کے گھر پہنچ گئے، ڈلیوری بوائز کو بھی سمجھ نہیں آرہا تھا کہ آخر ماجرا کیا ہے، اس واقعے کو دیکھنے کیلئے گلی میں بھیڑ لگ گئی تھی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق پہلے پہل محلے داروں کو شک ہوا کہ کہیں غلطی سے بچی نے ایسی کوئی حرکت کو نہیں کی، بعد ازاں معاملے کی تفتیش کی گئی تو حقیقت سامنے آئی کہ ایپ میں تکنیکی خرابی کے باعث یہ کارنامہ ہوا ہے۔

    معاملے پر کمپنی کا کہنا ہے کہ لڑکی کے گھر میں انٹرنیٹ اسپیڈ کی رفتار سست تھی، جس کے باعث ایپ نے ٹھیک سے کام نہیں کیا اور ایک کے بعد ایک 42 آرڈر ریسیو ہو گئے۔

    واقعے کے وقت ایک لڑکے نے اس تمام ویڈیو اپنے کیمرے میں قید کر لیا اور سوشل میڈیا پر وائرل کردیا ہے۔

  • فلپائن اسٹاک مارکیٹ بند کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا

    فلپائن اسٹاک مارکیٹ بند کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا

    منیلا: جنوب مشرقی ایشیا کا ملک فلپائن اسٹاک مارکیٹ بند کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائن میں اسٹاک مارکیٹ غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی گئی ہے، جس کے بعد وہ دنیا کا پہلا ملک بنا ہے جہاں کرونا کے باعث اسٹاک مارکیٹ بند کی گئی ہے۔

    فلپائن نے اسٹاکس، کرنسی اور بانڈز کی ٹریڈنگ روک دی ہے، اور کیپیٹل ریجن میں ایک ماہ کا لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے، خیال رہے کہ رواں ماہ میں فلپائن اسٹاک مارکیٹ میں 20 فی صد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    کرونا کے منفی اثرات کے خلاف امریکی مرکزی بینک کا بڑا اقدام

    دوسری طرف آج ایشیائی حصص بازاروں میں معمولی میں تیزی دیکھی گئی، جاپانی اسٹاک مارکیٹ میں 82 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، ہانگ کانگ انڈیکس میں 222 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، تمام چینی اسٹاک مارکیٹ میں بھی معمولی تیزی آئی، جب کہ امریکی اور یورپی اسٹاک مارکیٹس کا اختتام شدید مندی پر ہوا۔

    ڈاؤ جونز انڈیکس میں13، نیس ڈیک انڈیکس میں 12 فی صد کی کمی ہوئی، تمام یورپی منڈیوں کا اختتام بھی مندی پر ہوا، فرانسیسی مارکیٹ میں 5.7 فی صد کی کمی ہوئی، برطانوی اسٹاک مارکیٹ میں 4، جرمن اسٹاک مارکیٹ میں 5.2 فی صد کمی ہوئی۔

    مئی کے اختتام تک دنیا کی بیشتر ایئر لائنز کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ

    ایشیائی منڈی میں کاروبار کے آغاز پر خام تیل کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا، برینٹ خام تیل کی قیمت میں 61 سینٹ کا اضافہ ہوا، برینٹ کی قیمت 30 ڈالر 69 سینٹ فی بیرل ہو گئی، امریکی خام تیل کی قیمت میں ایک ڈالر 17 سینٹ کا اضافہ ہوا، اور قیمت 30 ڈالر 15 سینٹ فی بیرل ہوئی۔

    سونے کی عالمی قیمت میں 16 ڈالر 45 سینٹ فی اونس کا اضافہ ہوا، سونے کی فی اونس قیمت 1502 ڈالر 65 سینٹ ہو گئی۔

  • فلپائن: خوف ناک ٹرک حادثہ، 20 افراد ہلاک

    فلپائن: خوف ناک ٹرک حادثہ، 20 افراد ہلاک

    منیلا: فلپائن میں پیش آنے والے ایک افسوس ناک ٹریفک حادثے میں بیس افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے.

    تفصیلات کے مطابق فلپائن کے جنوبی صوبے کوتاباتو میں ایک ٹرک پہاڑ سے کھائی میں جاگرا، ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

    ٹرک مختلف افراد کو ساحل  سے واپس لا رہا تھا کہ ڈرائیور گاڑی کا توازن کھو بیٹھا۔ واضح رہے کہ اس روٹ کا شمار ملک کی دشوار ترین پہاڑی راستوں میں ہوتا ہے۔ 

    عینی شاہدین کے مطابق گاڑی کے بریک فیل ہونے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا، ٹرک سیدھا کھائی میں جا گرا۔

    حادثے سے بڑا جانی نقصان ہوا، بیس افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے، زخمیوں‌ کی حالت تشویش ناک ہے. 

    واقعے کی اطلاعات ملتے ہی ریسیکو ٹیم جائے وقوعہ پر ہہنچ گئی اور امدادی کام شروع کر دیا گیا.

    ابھی یہ واضح نہیں کہ ٹرک میں کُل کتنے افراد سوار تھے، امدادی کارکن پہاڑی علاقوں میں زخمیوں اور لاشوں‌کو تلاش کر رہے ہیں، حکام کے مطابق امدادی کاررائیوں کے بعد ٹرک کا جائزہ لیا جائے گا.۔

  • فلپائن میں زیر تربیت سعودی پائلٹ کی پراسرار گمشدگی کا معمہ حل نہیں ہوسکا

    فلپائن میں زیر تربیت سعودی پائلٹ کی پراسرار گمشدگی کا معمہ حل نہیں ہوسکا

    منیلا : فلپائن میں زیر تربیت ایک سعودی پائلٹ کی پراسرار گمشدگی کا معمہ حل نہیں ہوسکا، عبداللہ کے ایک قریبی عزیز نے ان کا فون نمبر ملایا تو چوتھی کوشش پر مل گیا تاہم بات نہ ہو سکی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی پائلٹ کیپٹن عبداللہ الشریف جو ڈیڑھ سال سے فلپائن میں اورینٹ فضائی کمپنی کے ایک اسکول میں زیر تربیت تھے اپنے مقامی انسٹرکٹر کے ساتھ ایک ہفتہ قبل لاپتا ہو گئے تھے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر یہ خبر سامنے آئی تھی کہ عبداللہ الشریف جس طیارے میں سوار تھے وہ حادثے کا شکار ہوا ہے تاہم اس طیارے کا کہیں بھی سراغ نہیں مل سکا اور نہ ہی اس کے ملبے کا کوئی پتا چلا ہے۔

    سعودی عرب میں موجود عبداللہ کے ایک قریبی عزیز نے اس کا فون نمبر ملایا تو چوتھی کوشش پر نمبر مل گیا تاہم اس پر بات نہیں ہو سکی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گمشدگی کے واقعے کے تین روز بعد اس کے نمبر سے کوئی فلپائنی زبان میں بات کر رہا تھا مگر اس کا سعودی دوست فلپائنی نہیں سمجھ سکا تاہم بات کرنے والا اونچی اونچی بول رہا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق جب سعودی شہری نے اسے پوچھا کہ آپ انگریزی بول سکتے ہیں تو اس کے ہاں کہہ کر فون بند کردیا، اس کے بعد سے نمبر مسلسل بند مل رہا ہے۔

    خیال رہے کہ فلپائنی حکام جنوب کے جزیرہ میندورو میں لاپتا طیارے کو تلاش کر رہے ہیں۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کیا حقیقت میں طیارے کو کوئی حادثہ پیش آیا ہے۔