Tag: PIA

پی آئی اے کا مکمل نام پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ہے۔ یہ پاکستان کی قومی ایئرلائن ہے اور ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن بھی ہے۔ پی آئی اے تقریباً 23 اندرون ملک اور 30 سے زائد بیرون ملک پروازیں چلاتی ہے جو ایشیا، یورپ اور جنوبی امریکہ تک جاتی ہیں۔

پی آئی اے اپنے مسافروں کو مختلف قسم کی سہولیات فراہم کرتی ہے جن میں شامل ہیں:

  • کوڈ شیئر: دنیا کی کئی بڑی ایئرلائنز کے ساتھ کوڈ شیئر کا معاہدہ کیا ہوا ہے جس سے مسافر دنیا کے مختلف حصوں میں آسانی سے سفر کر سکتے ہیں۔
  • مختلف کلاسز:  اپنے مسافروں کو مختلف کلاسز میں سفر کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے جن میں اکانومی، بزنس اور فرسٹ کلاس شامل ہیں۔
  • کیمپ اور ہوٹلز: ایئرلائن نے پاکستان کے مختلف شہروں میں کیمپ اور ہوٹلز بھی قائم کیے ہوئے ہیں۔
  • PIA
  • پی آئی اے PIA
  • پی آئی اے : روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری ایک بار پھر التوا کا شکار

    پی آئی اے : روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری ایک بار پھر التوا کا شکار

    کراچی (28 اگست 2025) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے)  کے امریکا میں روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری ایک بار پھر التوا کا شکار ہوگئی۔

    اس حوالے سے پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ نجکاری سے متعلق نئے مالیاتی مشیر کی تقرری کے لیے نئی درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔

    نجکاری کمیشن نے فنانشل ایڈوائزر کے لیے کمپنیوں سے درخواست طلب کرلی، درخواست کے ساتھ ایک ہزار امریکی ڈالر جمع کرانا لازمی ہونگے۔

    ذرائع کے مطابق مالیاتی مشیر کی سروس کے لیے درخواستیں نجکاری کمیشن اسلام آباد کو 2 ستمبر تک ارسال کرنا ہوں گی۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کے روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری، 3 آپشنز زیر غور

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جولائی میں قومی ایئر لائن کے امریکی روز ویلٹ ہوٹل سے ایک ارب ڈالر کی تاریخ ساز آمدن متوقع تھی، متعلقہ حکام کو امید تھی کہ نجکاری کی کوششیں بارآور ثابت ہونگی۔

    حکومت کی جانب سے روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے سلسلے میں کوششیں کامیاب ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا، اس حوالے سے ذرائع نجکاری کا کہنا تھا کہ روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے سلسلے میں اس وقت 3 آپشنز پر غور کیا جا رہا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/manhattan-hotel-migrant-shelter-will-close/

  • پیرس کا فضائی سفر کرنے والوں کے لیے بری خبر

    پیرس کا فضائی سفر کرنے والوں کے لیے بری خبر

    کراچی (24 اگست 2025): پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے یورپ میں پیرس کے لیے فضائی آپریشنز محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    پی آئی اے ذرائع کے مطابق لاہور اور پیرس کے درمیان فلائٹ آپریشن بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ پیرس سے لاہور کے لیے آخری پرواز 12 ستمبر کو روانہ ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے پیرس کی آخری پرواز 17 ستمبر کو آپریٹ ہوگی، اسلام آباد سے پیرس کے لیے دو طرفہ فلائٹ آپریشن فعال رہے گا، ترجمان نے بتایا کہ ستمبر اور اکتوبر میں جہازوں کی تزئین و آرائش کے لیے آپریشنل بیڑہ محدود کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائن کے بیڑے میں 12 بوئنگ 777 طیاروں میں سے 7 طیارے پہلے ہی گراؤنڈ ہیں، اور پی آئی اے یہ طیارے سعودی عرب، پیرس اور ٹورنٹو کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

    پیرس میں طیارہ گراؤنڈ ہونے سے پی آئی اے کو ہزاروں ڈالر کے نقصان کا سامنا

    یاد رہے کہ رواں ماہ پی آئی اے کا پیرس میں ایک طیارہ گراؤنڈ ہونے سے قومی ایئر لائن کو ہزاروں ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا، طیارے میں فنی خرابی آ گئی تھی، جس پر طیارہ گراؤنڈ کرنا پڑا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ بوئنگ 777 طیارے کے ایک انجن میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی، جس کے باعث طیارے کو پیرس ایئر پورٹ پر گراؤنڈ کر دیا گیا تھا، طیارہ گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے پیرس سے لاہور اور اسلام آباد کی پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہو گیا تھا، ہزاروں ڈالر کے نقصان کے علاوہ پاکستان جانے والے مسافروں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنی پڑی تھی۔

  • پیرس میں طیارہ گراؤنڈ ہونے سے پی آئی اے کو ہزاروں ڈالر کے نقصان کا سامنا

    پیرس میں طیارہ گراؤنڈ ہونے سے پی آئی اے کو ہزاروں ڈالر کے نقصان کا سامنا

    کراچی (11 اگست 2025): پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کا پیرس میں ایک طیارہ گراؤنڈ ہونے سے قومی ایئر لائن کو ہزاروں ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیرس میں پی آئی اے کے طیارے میں فنی خرابی آ گئی تھی، جس پر طیارہ گراؤنڈ کرنا پڑا، 4 روز گزرنے کے باوجود طیارے کی فنی خرابی دور نہیں کی جا سکی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہےکہ بوئنگ 777 طیارے کے ایک انجن میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی، جس کے باعث طیارے کو پیرس ایئر پورٹ پر گراؤنڈ کر دیا گیا تھا، طیارہ گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے پیرس سے لاہور اور اسلام آباد کی پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہو گیا ہے، ہزاروں ڈالر کے نقصان کے علاوہ پاکستان جانے والے مسافروں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 749 اسلام آباد سے 20 گھنٹے کی تاخیر کے بعد پیرس کے لیے روانہ ہو سکی، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پرواز میں گراؤنڈ ہونے والے طیارے کے پرزہ جات اور ضروری سامان روانہ کیا گیا ہے، طیارے کی مرمت کے بعد پیرس سے لاہور کے لیے پرواز پی کے 734 کو آج رات روانہ کیا جائے گا۔

    متاثر ہونے والا فلائٹ شیڈول


    قومی ایئر لائن کے طیاروں میں فنی خرابی کے باعث بین الاقوامی فلائٹ شیڈول بری طرح متاثر ہو چکا ہے، اور متعدد پروازوں میں تاخیر ہو رہی ہے، قومی ایئر لائن کی لاہور دبئی کی 2 پروازیں پی کے 203، 204 منسوخ کر دی گئی ہیں، اسلام اباد کوالالمپور کی پرواز پی کے 894 میں 8 گھنٹے کی تاخیر ہے۔


    کراچی میں جدید طرز کا ریلوے اسٹیشن 10 ستمبر کو افتتاح کے لیے تیار ہو جائے گا


    قومی ایئر لائن کے ترجمان نے کہا ہے کہ پیرس میں بوئنگ 777 طیارہ خراب ہونے کی وجہ سے شیڈول متاثر ہوا ہے، کراچی ایئرپورٹ کی آمد اور روانگی کی کئی پروازوں میں تاخیر رپورٹ کی گئی ہے، کراچی گوادر تربت سکھر کی 6 پروازوں کی روانگی میں چار تک گھنٹوں کی تاخیر ہوئی۔

    کراچی سے تربت کی قومی ایئر کی پرواز پی کے 501 کی روانگی شام 4 بجے متوقع ہے، کراچی سے سکھر کی پرواز پی کے 536 کی روانگی میں پونے تین گھنٹے تاخیر ہے، کراچی لاہور کی پرواز پی ایف 142 کی روانگی میں 6 گھنٹے تاخیر ہے، اسلام آباد جدہ کی پرواز 801 کی روانگی میں 8 گھنٹے تاخیر کر دی گئی ہے۔

  • پی آئی اے کا بعد ازحج آپریشن تواتر سے جاری

    پی آئی اے کا بعد ازحج آپریشن تواتر سے جاری

    کراچی : پاکستان ائیر لائن (پی آئی اے) کا بعد از حج آپریشن تواتر سے جاری ہے، اب تک 24 ہزار حجاج کرام کو پاکستان پہنچایا جا چکا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بعد از حج آپریشن کےدوران 109کے لگ بھگ پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں، اب تک 24 ہزارحجاج کرام کوپاکستان پہنچایا جا چکا ہے۔

    پی آئی اے کا بعد حج آپریشن 10جولائی کو اختتام پذیر ہوگا، آپریشن کے دوران 109کے لگ بھگ پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں۔

    پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بعد ازحج آپریشن کے تحت کل 42 ہزار حجاج کرام پاکستان پہنچیں گے۔

    بعد از حج آپریشن کے لیے قومی ائیر لائن کے فضائی بیڑے میں شامل بوئنگ 777اور ائیر بس 320ساختہ طیارے استعمال کیے جارہے ہیں۔

    سعودی ادارہ شماریات کے مطابق دنیا بھر سے آئے 16 لاکھ 73 ہزار 230 عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی۔

    ان میں سے 15 لاکھ 6 ہزار 576 حجاج کرام 171 مختلف ممالک سے آئے، جب کہ سعودی عرب کے اندر سے ایک لاکھ 66 ہزار 654 افراد نے فریضہ حج ادا کیا۔

    حجاج کرام میں 8 لاکھ 77 ہزار 841 مرد اور 7 لاکھ 95 ہزار 389 خواتین شامل تھیں، جسے تاریخ کا ایک متوازن تناسب قرار دیا جا رہا ہے۔

  • پی آئی اے نجکاری کیخلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ

    پی آئی اے نجکاری کیخلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ

    راولپنڈی: قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔

    جسٹس جواد حسن نے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں سماعت کی جس میں پی آئی اے اور نجکاری کمیشن کے وکیل بیرسٹر مناہل طارق نے دلائل دیے۔

    بیرسٹر مناہل طارق نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ بہت زیادہ خسارے کی وجہ سے کیا گیا، اس کی تشکیل نو اور نجکاری بہت ضروری ہے، قومی ادارہ مزید خسارے کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتا۔

    یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری کا اشتہار

    وکیل نے کہا کہ نجکاری کے فیصلے کو چیلنج کرنا غیر متعلقہ ہے لہٰذا درخواست کو خارج کیا جائے، نجکاری کیلیے 36 ملین کی بڈ وصول کی گئی ہے لیکن اس پر حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے، کسی بھی ادارے کی نجکاری کا عمل شفاف اور قانونی ہونا چاہیے۔

    عدالت کی جانب سے پی آئی اے نجکاری کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ اگلے ہفتے سنایا جائے گا۔

    نجکاری کی آخری تاریخ اور کتنی کمپنیاں خریدنے کی خواہشمند؟

    چند روز قبل اے آر وائی نیوز نے خبر شائع کی کہ نجکاری کمیشن نے پی آئی اے نجکاری کیلیے بولیوں کی تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا،

    اعلامیہ میں نجکاری کمیشن کا کہنا تھا کہ نجکاری کیلیے بولیوں کی آخری تاریخ 19 جون مقرر ہے اور اس کیلیے 8 کمپنیوں نے اظہار دلچسپی کی درخواستیں وصول کیں۔

    اعلامیہ کے مطابق اب تک 5 کمپنیوں کی جانب سے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ ملک کے بڑے گروپس اور پی آئی اے ملازمین نے خریداری میں دلچسپی ظاہر کر دی، فوجی فرٹیلائزر کمپنی نے اپنی پیشکش پرائیویٹائزیشن کمیشن کو جمع کروا دی، بینکنگ گروپ، عارف حبیب اور ٹبا گروپ نے بھی درخواست دی۔

    اس کے علاوہ سی بی اے پیپلز یونٹی اور ساسا نے خریداری کی مشترکہ پیشکش جبکہ پی آئی اے ملازمین نے بھی ایئرلائن کی خریداری کیلئے پیشکش جمع کروا دی۔

    پیشکش جمع کروانے کی آخری تاریخ 19 جون 2025 تھی۔

  • پی آئی اے خریدنے کے لیے درخواست کے ساتھ کتنے ہزار ڈالر جمع کرنے ہوں گے؟

    پی آئی اے خریدنے کے لیے درخواست کے ساتھ کتنے ہزار ڈالر جمع کرنے ہوں گے؟

    کراچی: قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نجکاری کا عمل جاری ہے، اس سلسلے میں کاروباری گروپوں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی فروخت کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، نجکاری کمیشن نے درخواستیں طلب کرنے کے لیے تاریخ کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

    نجکاری کمیشن نے کہا ہے کہ پی آئی اے خریدنے میں دل چسپی رکھنے والے کاروباری گروپ 3 جون تک نجکاری کمیشن کو درخواست ارسال کر سکتے ہیں۔

    قومی ایئر لائن کی نجکاری کے لیے درخواست کے ساتھ 5 ہزار امریکی ڈالر یا 14 لاکھ روپے ناقابل واپسی ارسال کرنے ہوں گے، کمیشن نے یہ بھی کہا ہے کہ حکومت پی آئی اے کے 51 فی صد سے 100 فی صد تک شیئرز فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔


    کتنے اداروں کی نجکاری، پی آئی اے کی کب تک ہوگی؟ قومی اسمبلی میں تفصیلات پیش


    یاد رہے کہ 12 مئی کو قومی اسمبلی میں اُن اداروں کی فہرست پیش کی گئی تھی جنھیں پرائیویٹائز کیا جا رہا ہے، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے گزشتہ سال 2 اگست 2024 کو 24 اداروں کی نجکاری کی منظوری دی تھی، جن کی تین مراحل میں نجکاری کی جائے گی۔

    فیز ون میں شامل اداروں کی ایک سال کے اندر، فیز 2 میں شامل اداروں کی ایک سے تین سال جب کہ فیز تھری میں شامل اداروں کی تین سے پانچ سال میں نجکاری کر دی جائے گی۔ نجکاری ڈویژن کے مطابق فیز ون میں پی آئی اے، فرسٹ وویمن بینک، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، زرعی ترقیاتی بینک، پاکستان انجینئرنگ کمپنی پیکو، آئیسکو، گیپکو، فیسکو اور سندھ انجینئرنگ لیمٹڈ کی نجکاری کی جائے گی۔

    فیز ٹو میں اسٹیٹ لائف، پاکستان ری انشورنس کمپنی، سنٹرل پاور جنریشن کمپنی، جامشورو پاور، ناردرن پاور جنریشن اور لاکھڑا پاور جنریشن کمپنی، لیسکو، میپکو ہزارہ الیکٹرک، حیدرآباد الیکٹرک، پشاور الیکٹرک اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کی جائے گی۔ جب کہ فیز تھری میں پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کی نجکاری کی جائے گی۔

  • پی آئی اے کی پرواز بھارت کی بجائے چین کی فضائی حدود استعمال کرے گی

    پی آئی اے کی پرواز بھارت کی بجائے چین کی فضائی حدود استعمال کرے گی

    کراچی: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز بھارت کی بجائے چین کی فضائی حدود استعمال کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے فیصلے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی پہلی پرواز پی کے 898 لاہور سے کوالالمپور روانہ ہو گئی۔

    پی آئی اے کی پرواز بھارت کی بجائے چین کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے ملائیشیا پہنچے گی، اس پرواز میں 120 سے زائد مسافر سوار ہیں، نارمل حالات کے دوران پی آئی اے کی ملائیشیا کی پروازیں بھارتی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے پہنچتی تھیں۔

    واضح رہے کہ پاکستانی فضائی حدود بند ہونے سے بھارتی ایئر لائنز کی پروازوں کے دورانیے میں بھی اضافہ ہوا ہے، اور ٹکٹس بھی مہنگے ہو گئے ہیں، بھارت سے یورپ اور امریکا جانے والی پروازوں کے دورانیے میں اضافہ ہوا، جس سے پروازوں کے لیے زیادہ ایندھن درکار ہوگا۔


    پاکستانی فضائی حدود بند ہونے سے بھارتی ایئر لائنز کی پروازوں کے دورانیے میں اضافہ، ٹکٹس بھی مہنگے


    فضائی حدود بند ہونے سے بھارتی ایئر لائنز کے لیے ایندھن لاگت اور آپریشنل پیچیدگیوں میں بھی اضافہ ہوا، جس کے باعث بھارت سے وسطی ایشیا، مغربی یورپ، مغربی ایشیا، برطانیہ اور امریکا جانے والی پروازیں متاثر ہیں۔

    بھارتی فضائی کمپنیوں کو متبادل راستہ اختیار کرنے سے کروڑوں کا اضافی خرچ اور مسافروں سے محرومی برداشت کرنا پڑ رہی ہے، 24 گھنٹوں میں 70 سے زائد بھارتی پروازوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

  • پی آئی اے کے 3 سنیئر افسران کو قید اور جرمانے کی سزائیں

    پی آئی اے کے 3 سنیئر افسران کو قید اور جرمانے کی سزائیں

    اسلام آباد: این آئی آر سی بلوچستان نے پی آئی اے کے 3 سنیئر افسران کو سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن کوئٹہ بینچ کے ممبر عبدالغنی مینگل نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کوئٹہ کے ملازمین کی مستقلی سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے تفصیلی فیصلہ سنا دیا۔

    پی آئی اے افسران کو یومیہ اجرت والے 17 ملازمین کو مستقل نہ کرنے کے عدالتی فیصلے کی حکم عدولی پر سزا سنائی گئی ہے۔ پی آئی اے کے ڈپٹی سی ای او، ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ کے سربراہ اور جی ایم پی آئی اے بلوچستان کو 6,6 ماہ قید 50،50 ہزار جرمانے کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

    عدالت نے تمام افسران کو سرکاری عہدوں کے لیے نااہل بھی قرار دے دیا ہے، عدالت کی جانب سے افسران کی تنخواہیں اور مراعات فی الفور روکنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں، اور آئی جی اسلام آباد، آئی جی بلوچستان کو فیصلے پر عمل درآمد کا حکم دے دیا۔

    فیصلے میں ہدایت کی گئی کہ آئی جی اسلام آباد اور آئی جی بلوچستان تینوں افسران کو جیل منتقل کریں۔

    ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ وہ عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں، تاہم فیصلے سے کئی اہم قانونی نکات سماعت میں شامل ہونے سے رہ گئے ہیں، موجودہ نجکاری عمل اور اس ضمن میں انتظامی پیچیدگیوں سے متعلق عدالت کو آگاہ کرنا پی آئی اے کے دفاع کے لیے ضروری تھا۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن نے فیصلے کے خلاف متعلقہ فورم پر نظر ثانی اپیل دائر کر دی ہے۔

  • پی آئی اے کی نجکاری کا منصوبہ منظور، 51 سے 100 فی صد شیئرز فروخت ہوں گے

    پی آئی اے کی نجکاری کا منصوبہ منظور، 51 سے 100 فی صد شیئرز فروخت ہوں گے

    اسلام آباد: پی آئی اے کی نجکاری کا منصوبہ منظور ہو گیا، 51 سے 100 فی صد شیئرز فروخت ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں قومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔

    منصوبے کے مطابق پی آئی اے کے 51 سے 100 فی صد شیئرز فروخت کرنے کی منظوری دی گئی ہے، اجلاس میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ قومی ایئرلائن کی نجکاری سے قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا۔

    انھوں نے نجکاری کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ پی آئی اے کی مکمل صلاحیتیں اجاگر ہو سکیں، اس کی نجکاری کا فیصلہ قومی مفاد میں کیا گیا ہے، نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نجکاری کے بعد پی آئی اے کا انتظامی کنٹرول بھی منتقل ہوگا۔


    پی آئی اے کی نجکاری کا عمل ایک بار پھر تیز، تین گروپس نے دلچسپی ظاہر کردی


    واضح رہے کہ 14 مارچ 2025 کو خبر دی تھی کہ عارف حبیب گروپ، ٹبا گروپ کے وائی بی ہولڈنگ، اور ایک اور گروپ نے پی آئی اے خریدنے میں دل چسپی ظاہر کی ہے، ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی خریداری کے لیے تینوں گروپوں کی اسلام آباد میں اہم ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق تینوں گروپوں نے اپنی شرائط پر پی آئی اے کی خریداری میں دل چسپی ظاہر کی، گروپس نے شرط عائد کی ہے کہ ایف بی آر، پی ایس او، ایوی ایشن کے اربوں کے واجبات حکومت اپنے ذمے لے۔ واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے پی آئی اے کی نجکاری جولائی تک کرنے کا ہدف دیا ہے۔

  • پاک بھارت ٹاکرا، فضائی مسافروں کے لیے بڑی خوش خبری

    پاک بھارت ٹاکرا، فضائی مسافروں کے لیے بڑی خوش خبری

    کراچی: آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے سب سے بڑے اور سنسنی خیز ٹاکرے کے حوالے سے خوش خبری ہے کہ فضاوٴں میں سفر کرنے والے مسافر بھی پاک بھارت میچ سے اپ ڈیٹ رہیں گے۔

    پی آئی اے کے سی ای او نے تمام پروازوں پر اپنے مسافروں کو میچ سے اپ ڈیٹ رکھنے کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں، اندرون و بیرون ملک جانے والی تمام پروازوں پر کپتان پاک بھارت سنسنی خیز میچ میں مسافروں کو اپ ڈیٹ رکھیں گے۔

    پی آئی اے کی لانگ روٹ پر جانے والی پروازوں پر کپتان مسافروں کو سیٹلائٹ کمیونکیشن اور ACARS سسٹم کے تحت میچ سے متعلق اپ ڈیٹ دیتے رہیں گے۔

    پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیاروں میں خودکار نظام اور ACARS سسٹم کے تحت مسافروں کو میچ کی صورت حال سے آگاہ رکھا جائے گا، ایئر بس 320 طیارے کے کپتان اے ٹی سی، ریڈار کنٹرولر سے میچ کی تفصیلات لے کر مسافروں کو آگاہ کریں گے۔

    چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا مقابلہ: پاکستان کی بھارت کیخلاف بیٹنگ شروع

    نجی ایئر لائن بھی اندرون ملک پروازوں پر میچ سے متعلق مسافروں کو آگاہ رکھے گی، غیر ملکی ایئر لائن نے بھی اپنے مسافروں کو طویل دورانیے کی پروازوں پر وائی فائی اور جدید سسٹم کے تحت میچ سے آگاہ رکھیں گے۔