Tag: PIA Administration

  • پی آئی اے کے85 سے زائد فضائی میزبانوں کے تبادلے

    پی آئی اے کے85 سے زائد فضائی میزبانوں کے تبادلے

    کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبانوں کے تبادلوں کا فیصلہ کرتے ہوئے85سے زائد مرد و خواتین میزبانوں کا ٹرانسفر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے شعبہ فلائٹ سروسز میں بڑے پیمانے پر تبادلے کیے ہیں،85سے زائد فضائی میزبانوں کے اسلام آباد تبادلے کردیئے گئے، جن میں خواتین فضائی میزبان بھی شامل ہیں۔

    زیادہ ترتبادلے ہونے والوں کا تعلق کراچی سے ہے۔ اے آر وائی نیوز کو فضائی میزبانوں کے تبادلوں کی فہرست موصول ہوگئی.

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ تبادلے اسلام آباد میں فضائی میزبانوں کی کمی کے باعث کیے گئے ہیں، بیرون ملک جانے والی پروازوں کا سب سے زیادہ آپریشن اسلام آباد سے ہوتا ہے۔

    مزید پڑھیں: پیرس میں پی آئی اے کی فضائی میزبان کے غائب ہونے پر انتظامیہ کا سخت ایکشن

    ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ فضائی میزبانوں کا تبادلہ ضرورت کے تحت کیا گیا ہے، اسلام آباد اور لاہور سے بین الاقومی پروازوں کی آمدورفت زیادہ ہے، زیادہ تر ایسے فضائی میزبانوں کا ٹرانسفر کیا گیا ہے جو کراچی کے ہاسٹلز میں رہائش پذیر تھے۔

  • پی آئی اے کے گھوسٹ ملازمین کے گرد گھیرا تنگ، انتظامیہ نے نوٹس جاری کردیا

    پی آئی اے کے گھوسٹ ملازمین کے گرد گھیرا تنگ، انتظامیہ نے نوٹس جاری کردیا

    کراچی : پی آئی اے کے گھوسٹ ملازمین کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاخیر سے دفتر آنے اورجلدی جانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

    پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ  تاخیر سے آنے اور جلد ی جانے والے عادی ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی جائے گی، پی آئی اے انتظامیہ نے سرکلر جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مہینے میں تین بار تاخیر پر ایک دن کی چھٹی تصور کی جائے گی۔

    رپورٹنگ افسر کے ذریعے3مرتبہ آفیشل معاملات پرتاخیر کو ایڈجسٹ کرایا جاسکے گا، پی آئی اے ملازمین مقررہ جگہ پر نصب مشین پر ہی حاضری کو یقینی بنا یا جائے، اس کے علاوہ ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضر رہنے والے ملازمین کو فارغ کر دیا جائے گا۔

  • پی آئی اے انتظامیہ کا ادارے کو سیاسی دباؤ سے نکالنے کا عزم

    پی آئی اے انتظامیہ کا ادارے کو سیاسی دباؤ سے نکالنے کا عزم

    کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے ادارے کو سیاست سے پاک کرنے کیلئے فیصلہ کیا ہے کہ اب کسی ملازم نے کوئی سیاسی دباؤ یا اثر و رسوخ استعمال کیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ادارے کو سیاست سے پاک کرنے کا عزم کیا ہے، پی آئی اے میں کوئی بھی سیاسی دباؤ یا اثر و رسوخ برداشت نہیں کیا جائے گا اگر کوئی بھی ملازم اس میں ملوث پایا گیا تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    چیف ایچ آر کی جانب سے حکم نامہ جاری کردیا گیا، حکم نامہ کی کاپی اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی، حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے میں کچھ ملازمین تبادلہ اور تقرریوں کیلئے سیاسی اثر رسوخ استعمال کرتے ہیں، اب کوئی بھی ملازم سیاسی اثر رسوخ استعمال کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    سیاسی اثر رسوخ استعمال کرنا پی آئی اے میں قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے شعبہ ہیومن ریسورسز کی جانب سے جاری کردہ حکم نامہ میں غیر قانونی عمل کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

    کوئی ملازم براہ راست یا دیگر ذرائع سے اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی، اگر کسی ملازم کو تحفظات ہیں تو وہ کمیٹی کو انتظامیہ کی کمیٹی کو آگاہ کرے۔

  • پی آئی اے: سی او اوکی مدت ملازمت بڑھانے کیلئے حکومت کوخط

    پی آئی اے: سی او اوکی مدت ملازمت بڑھانے کیلئے حکومت کوخط

    کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے عنقریب ریٹائر ہونے والے چیف آپریٹنگ آفیسر کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے حکومت کو خط روانہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال ائر لائن پی آئی اے کی انتطامیہ نے لاجواب کارنامہ انجام دیا ہے، دو سالہ کنٹریکٹ ملازمت پر ساڑھے تین ماہ کے لیے چیف آپریٹنگ آفیسر کو بھرتی کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    چودہ جولائی2017 کو بھرتی کیے گئے ضیاء قادر قریشی کی عمر30اکتوبر کو60 سال کی ہو جائے گی، قانون کے مطابق30اکتوبر کے بعد وہ ازخود ریٹائر ہوجائیں گے اور ملازمت پر نہیں رہ سکتے۔

    دو سالہ کنٹریکٹ کے مطابق ضیاء قادر کی ریٹائرمنٹ کے بعد ساڑھے سولہ ماہ کی ملازمت رہ جائے گی،15لاکھ ماہانہ تنخواہ پر تعینات ضیاء قادر کے لئے وزیر اعظم سے عمر کی رعایت طلب کی گئی ہے۔

    عمر کی رعایت کے لیے11ستمبر کو وزیر اعظم کی منظوری کے لیےخط کیبنٹ سیکٹریٹ کو خط راوانہ کیا گیا، اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ضیا قادر کی عمر کا معاملہ ایوی ایشن ڈویژن کے پاس ہے۔

     

  • حج اخراجات میں کمی کیلئے پی آئی اے انتظامیہ کا انوکھا فیصلہ

    حج اخراجات میں کمی کیلئے پی آئی اے انتظامیہ کا انوکھا فیصلہ

    کراچی : پی آئی اے نے اخراجا ت میں کمی کیلئے جدہ حج ٹرمینل پر حجاج کی سہولت کے لئے کرائے کا دفتر اس سال نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، فیصلے سے ہزاروں ریال کی بچت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے اخراجات میں کمی کے نام پر انوکھا فیصلہ کرلیا، اس حوالے سے رواں سال جدہ حج ٹرمینل پر حجاج کرام کی سہولت کے لئے کرائے کا دفتر نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سعودیہ میں کنٹری منیجر کا انتظامیہ کے نام ای میل پر مبنی مراسلہ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگیا ہے، ای میل میں کہا گیا ہے کہ دفتر کے بجائے مارکیٹنگ کے ایک ڈیوٹی انچارج کو لیپ ٹاپ کے ساتھ تعینات کیا جائے۔

    اس اقدام سے دفتر کے ہزاروں ریال کرائے کی بچت اورلیپ ٹاپ پر محض 2 ہزار ریال کا خرچ ہو گا۔ ذرائع کے مطابق ایک سے دوسری حج پرواز کی روانگی کے دوران ٹرمینل پر اہلکار کی موجودگی مکمن نہیں ہو گی۔

    گزشتہ برس تک دفتر میں تمام شعبوں کے اہلکار24 گھنٹے حجاج کی سہولت کے لئے تعینات رہے ہیں، دفتر سے تمام حج پروازوں کی بروقت روانگی اور متعلقہ عملے کی ایمرجنسی میں دستیابی بھی ممکن ہوئی۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی آئی اے کے فیصلے سے تمام متعلقہ عملے کی عدم دستیابی سے حجاج کرام کی مشکلات میں اضافہ ہو گا۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ حجاج کرام کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام انتظامات مکمل ہیں، دفتر کی غیر موجودگی سے ان کی فراہمی میں کوئی خلل نہیں ہو گا۔


    مزید پڑھیں: حج آپریشن مکمل‘ ایک لاکھ سےزائد عازمینِ پہنچ گئے


    انہوں نے کہا کہ حج آپریشن کے انتظامات تمام شعبہ جات کی مشاورت سے کیے گئے ہیں، فیصلے سے پوسٹ حج آپریشن متاثر ہونے کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ کسی بھی غیر موافق صورتحال سے نمٹنے کیلئے پہلے سے متبادل انتظامات کیے ہوئے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔ 

  • پی آئی اے انتظامیہ کے اخراجات میں کمی کیلئے اہم اقدامات

    پی آئی اے انتظامیہ کے اخراجات میں کمی کیلئے اہم اقدامات

    کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے اخراجات میں کمی کے لئے یونین سے معاہدہ کیا ہے، ایئر لیگ سے کیے گئے اس معاہدے کے تحت حج آپریشن میں کیبن کریو کے لئے ہوٹل کی سہولت ختم کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق  پی آئی اے انتظامیہ نے اخراجات میں کمی کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں، پی آئی اے کی یونین ایئر لیگ سے کیے گئے معاہدے میں طے کیا گیا ہے کہ حج آپریشن میں کیبن کریو کے لئے ہوٹل کی سہولت ختم کردی جائے گی۔

    ہوٹل کی سہولت کے متبادل کی مد میں کیبن کریو کو رقم کی نقد ادائیگی کا فیصلہ کیا گیا ہے، دوطرفہ حج پرواز کی واپسی پر کریو کو کیش ادائیگی کے نوٹیفکیشن کی کاپی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بارہ گھنٹے سے زائد ڈیوٹی کرنے والے کیبن کریو کو پرواز کی واپسی پر پانچ ہزار روپے کی کیش ادائیگی کی جائے گی۔

    اس سے قبل حج پروازوں پر تعینات کیبن کریو کو ہوٹل کی مد میں ایئر لائن کو64ملین سے زائد کے اخراجات کا سامنا تھا، معاہدے کے بعد کیش ادائیگی کی مد میں کیبن کریو کو ادا کی جانے والی رقم صرف 13 ملین رہ جائے گی،۔

    ذرائع کے مطابق جدہ اور مدینہ میں ہوٹل کی سہولت کے خاتمے سے ایئر لائن کو پانچ کروڑ روپے سے زائد کی بچت ہوگی، معاہدے کے لئے قابل عمل تجاویز جی ایم فلائٹ سروسز یعقوب نعیم نے پیش کیں، اس حوالے سے سی ای او پی آئی اے نیر حیات کا کہنا ہے کہ معاہدے کے لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے متعلقہ قوانین کو مد نظر رکھا گیا ہے۔