Tag: PIA air hostess

  • پی آئی اے ایئرہوسٹس کا کارنامہ، بغیر پاسپورٹ کینیڈا پہنچ گئیں

    پی آئی اے ایئرہوسٹس کا کارنامہ، بغیر پاسپورٹ کینیڈا پہنچ گئیں

    کراچی: پی آئی اے ایئرہوسٹس انوکھا کارنامہ انجام دیتے ہوئے بغیر پاسپورٹ کینیڈا پہنچ گئیں، جس پر قومی ایئرلائن نوٹس لے لیا ہے۔

    ایئر لائن ذرائع کے مطابق ٹورنٹو پرواز پر پی آئی اے کی فضائی میزبان سمیرا پاسپورٹ کے بغیر ہی کینیڈا پہنچ گئیں، یہ واقعہ 15 مارچ کا ہے، ایئرہوسٹس کی ڈیوٹی اسلام آباد ٹورنٹو پرواز پی کے 781 پر تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے ایئرہوسٹس نے اسلام آباد سے ٹورنٹو کا سفر جنرل ڈکلیئریشن کی دستاویزات پر کیا، بغیر پاسپورٹ کینیڈا پہنچنے پر فضائی میزبان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

    قومی ایئرلائن کے ترجمان عبداللہ خان نے کہا کہ ایئرہوسٹس کے کینیڈا میں رک جانے اور سیاسی پناہ طلب کرنے کی اطلاعات درست نہیں ہیں، بغیر پاسپورٹ کے فضائی میزبان کے فلائٹ میں ڈیوٹی دینے کا نوٹس لے لیا گیا ہے، ترجمان نے کہا کہ فضائی میزبان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، قوی امکان ہے کہ مذکورہ فضائی میزبان کو سزا کے طور پر انٹرنیشنل فلائٹ سے آف لوڈ کر دیا جائے گا۔

    ترجمان نے جرمانے کی بھی تردید کی، اور کہا کہ کینیڈا میں پی آئی اے پر جرمانہ نہیں ہوا ہے، وہاں کی سیکیورٹی بارڈر نے ایئرہوسٹس پر جرمانہ کیا اور اس سے ویزہ فیس لی ہے، ایئرہوسٹس کو 250 ڈالر کے عوض 72 گھنٹے کا ویزہ جاری کیا گیا، فضائی میزبان اب واپس اسلام آباد آ رہی ہیں اگلی ہی فلائٹ سے۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے کے پے در پے کئی فضائی میزبانوں کے کینیڈا میں امیگریشن کے لیے غائب ہو جانے کی وجہ سے اس تازہ واقعے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 برسوں میں پی آئی اے کے 10 سے زائد فضائی میزبان کینیڈا میں لاپتا ہو چکے ہیں۔

  • کینیڈا میں فضائی میزبانوں کے سلپ ہونے کو روکنے کے لیے پی آئی اے نے کیا اقدامات کیے؟

    کینیڈا میں فضائی میزبانوں کے سلپ ہونے کو روکنے کے لیے پی آئی اے نے کیا اقدامات کیے؟

    کراچی: کینیڈا میں فضائی میزبانوں کے سلپ ہونے کو روکنے کے لیے پی آئی اے نے متعدد اقدامات کیے ہیں تاہم یہ واقعات پھر بھی رونما ہو رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ٹورنٹو جانے والی پروازوں پر تمام فضائی عملے سے ڈکلیئریشن لیا جاتا ہے، اور ٹورنٹو پہنچنے پر فضائی میزبانوں کے پاسپورٹ اسٹیشن منیجر کے پاس جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کے کینیڈا میں سلپ ہونے کے معاملے پر قومی ایئرلائن پی آئی اے کی انتظامیہ ایکشن لے چکی ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایئر لائن نے 2 سالوں کے دوران کینیڈا میں سلپ ہونے والے 7 ملازمین کو ملازمتوں سے برخاست کیا، ان میں 3 خواتین فضائی میزبان بھی شامل ہیں۔

    پی آئی اے کا ایک اور فضائی میزبان کینیڈا میں پُر سرار طور پر لاپتہ

    ترجمان نے کہا کہ سلپ ہونے والے تمام ملازمین کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ترجمان کے مطابق فلائٹ اسٹیورڈ اعجاز علی شاہ کے خلاف بھی تحقیقات کی جا رہی ہے، انکوائری مکمل ہوتے ہی ان کو بھی ملازمت سے فارغ کر دیا جائے گا۔

    ترجمان کے مطابق فلائٹ اسٹیورڈ اعجاز علی شاہ پیپلز یونٹی سی بی اے یونین کا رہنما بھی ہے۔

  • پی آئی اے کی فضائی میزبان قیمتی موبائل فونز کی اسمگلنگ میں ملوث

    پی آئی اے کی فضائی میزبان قیمتی موبائل فونز کی اسمگلنگ میں ملوث

    کراچی : ٹورنٹو سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز میں تعینات تین فضائی میزبانوں کے مبینہ طور پر قیمتی موبائلوں کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی فضائی میزبان شازیہ تبسم، حنا ثانی اورعلی احمد پر قیمتی موبائل اورمہنگے ترین پرفیوم سمیت دیگر قیمتی اشیاء لانے کا الزام ہے۔

    ذرائع کےمطابق تینوں فضائی میزبان لاہور ایئرپورٹ پہنچتے ہی اپنا دستی سامان چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے، کسٹمز کو یہ بیگ پڑے ہوئے ملے تھے۔ کسٹمز اہلکاروں نے بیگ کی تلاشی لی تو اس میں سے آئی فون موبائل، پرفیوم اور دیگر ممنوعہ قیمتی اشیاء برآمد ہوئیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ کسٹمز نے مزید کارروائی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی تو اس میں پی آئی اے کے تین فضائی میزبانوں کی شناخت سامنے آئی۔

    بعد ازاں پی آئی اے انتظامیہ سے شکایت کرنے پر پی آئی اے کی ویجلنس ٹیم نے واقعہ کا سختی نوٹس لے لیا، ذرائع کے مطابق تین فضائی میزبان اور بیس منیجر کو بھی تحقیقات میں شامل کرلیا گیا۔

    ترجمان پی آئی اے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے ویجلنس معاملے کی مکمل تحقیقات کررہی ہے، تحقیقات مکمل ہوتے ہی مذکورہ فضائی میزبانوں کیخلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • پی آئی اے کی ایک اور فضائی میزبان ٹورنٹو پہنچنے کے بعد مبینہ طور پر لاپتہ

    پی آئی اے کی ایک اور فضائی میزبان ٹورنٹو پہنچنے کے بعد مبینہ طور پر لاپتہ

    کراچی: پی آئی اے کی ایک اور فضائی میزبان ٹورنٹو پہنچنے کے بعد مبینہ طور پر لاپتہ ہوگئی ، فضائی میزبان کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی ایک اورفضائی میزبان ٹورنٹوپہنچنے کے بعد مبینہ طور پر لاپتہ ہوگئی ، زاہدہ بلوچ نامی ایئرہوسٹس پی آئی اے کی پرواز پی کے797 پرتعینات تھی اور پرواز پی کے797 کراچی سے 29جنوری کو ٹورنٹوروانہ ہوئی تھی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ پروازکی 31جنوری کو وطن واپسی پر زاہدہ نامی فضائی میزبان کےمبینہ لاپتہ ہونے کا علم ہوا، فضائی میزبان کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ترجمان کے مطابق کینیڈین امیگریشن اتھارٹی کو گمشدگی سے متعلق آگاہ کر دیاگیا، فضائی میزبان جنرل ڈکلیئریشن پر کینیڈا جاتے ہیں ، واپسی پرایک بندے کی کمی پرکینیڈین امیگریشن کو اطلاع کرنا لازمی ہوتا ہے۔

    یاد رہے 29جنوری کورمضان گل نامی فلا ئٹ اسٹیورڈبھی ٹورنٹو پہنچنے پرلاپتہ ہواتھا ، کینیڈا کے اسٹیشن منیجر نے ایئر پورٹ اتھارٹی کو فضائی میزبان کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی، جس پر پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبان کی کینیڈا میں گمشدگی کا نوٹس لے لیا۔

    خیال رہے ستمبر 2018 میں بھی پی آئی اے کی فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے پر پرسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھی ، فریحہ نامی ایئر ہوسٹس پی کے789سے ٹورنٹو کی پرواز پر تعینات تھی، پرواز کے ٹورنٹو پہنچنے پر دیگر عملے کے ساتھ جہاز سے ہوٹل جانے کیلئے روانہ ہوئی تاہم فضائی میزبان فریحہ مختار مبینہ طور پر ایئرپورٹ سے باہرنہیں آئی اور پی آئی اے حکام سے رابطے میں بھی نہیں رہی۔

  • پائلٹس کے بعد پی آئی اے کی ایئرہوسٹس میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق

    پائلٹس کے بعد پی آئی اے کی ایئرہوسٹس میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق

    لاہور : پی آئی اے کے پائلٹس کے بعد ایک ایئرہوسٹس میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ، جس کے بعد متاثرہ ایئر ہوسٹس کو ایکسپو سینٹر لاہور قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے 34سالہ پی آئی اے کی ایئرہوسٹس میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے متاثرہ ایئرہوسٹس کو ایکسپو سینٹر لاہور قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے۔

    محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی ایئرہوسٹس ٹورنٹو کی پرواز سے لاہور پہنچی تھی۔

    یاد رہے اس سے قبل قومی ائیرلائن ( پی آئی اے ) کے دو پائلٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی ،دونوں پائلٹ گزشتہ روز ٹورنٹو سے لاہور آئے تھے، متاثرہ پائلٹس کو اسپتال کےآئیسولیشن وارڈ میں منتقل کردیاگیا تھا۔

    محکمہ صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ پی آئی اےکےدونوں پائلٹس کواسپتال کےآئسولیشن وارڈمنتقل کردیا گیا ہے جبکہ پائلٹ سمیت پانچ افراد کئی روزسےٹورنٹومیں پھنسے ہوئے تھے۔

    دوسری جانب ترجمان قومی ایئرلائن کے مطابق لندن سے آنے والے چاروں پائلٹس اور کریو کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا ، جس پر سیکریٹری صحت سندھ نے پائلٹس اور کریو کو جانے کی اجازت دے دی تھی ، لندن سے واپسی پرچاروں پائلٹ اورعملے کو قرنطینہ منتقل کیا گیا تھا۔

  • پی آئی اے کی فضائی میزبان سونے کے زیورات اسمگل کرتے ہوئے پکڑی گئی

    پی آئی اے کی فضائی میزبان سونے کے زیورات اسمگل کرتے ہوئے پکڑی گئی

    لاہور : قومی ایئرلائن کی فضائی میزبان سونے کے زیورات اسمگل کرتے ہوئے پکڑی گئی ، جس کے بعد فضائی میزبان کو 3دن کیلئےمعطل کردیاگیا جبکہ 1ماہ تک بین الاقوامی پرواز پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ائیرپورٹ پر پی آئی اے ویجلنس نے کارروائی کرتے ہوئے قومی ائیرلائن کی فضائی میزبان کو سونے کے زیورات اسمگل کرتے پکڑلیا، بینش سلیم کو لندن جاتے ہوئے پکڑا گیا ، وہ سونے کی چوڑیاں اسمگل کررہی تھی۔

    ذرائع ایئرپورٹ کا کہنا ہے کہ فضائی میزبان کوفلائٹ سےآف لوڈکردیاگیا وہ پی آئی اےکی پروازپی کے757پر ڈیوٹی پرتھی ، ڈیوٹی کےدوران فضائی میزبان زیورات نہیں لے جاسکتی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ خاتون اہلکار تین روز کیلئے معطل کر دیا ہے اور بین الاقوامی پروازوں پر ایک ماہ کی پابندی لگا دی گئی ہے، خاتون پیپلز یونٹی کےجوائنٹ سیکرٹری علی عثمان کی اہلیہ ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ سال ستمبر میں پی آئی اے یونیفارم میں ملبوس فضائی میزبانوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انتظامیہ نے ان کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے تینوں فضائی میزبانوں کو بین الاقوامی فلائٹس سے گراونڈ کردیا تھا۔

  • جعلی اسناد، غیر قانونی چھٹیوں پر متعدد فضائی میزبان نوکری سے فارغ

    جعلی اسناد، غیر قانونی چھٹیوں پر متعدد فضائی میزبان نوکری سے فارغ

    کراچی: پی آئی اےانتظامیہ نے جعلی اسناد اور غیرقانونی چھٹیوں پر متعدد فضائی میزبان نوکری سے فارغ کردیا ، سروس ڈسپلن ریگولیشن کےتحت ملازمین کوفارغ کیا، برطرف ملازمین کوشوکازبھی دیئےگئےجس کاجواب داخل نہ کرایاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے جعلی تعلیمی اسناد پر نوکری حاصل کرنے والے اور ایئر لائن قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا۔

    انتظامیہ جعلی تعلیمی اسناد اور غیر قانونی چھٹیاں کرنے والے فضائی میزبانوں کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا، پہلے مرحلے میں شعبہ فلائٹ سروسز سے تین ایئر ہوسٹسز اور دو اسٹیورڈز کو فراغت کے پروانے جاری کئے گئے۔

    ایئر ہوسٹس صدف نواز، ارم قادر،شہاب تنویر پر ایئر لائن قوانین کے برخلاف لمبی رخصت کی وجہ سے ملازمتوں سے برطرف کیا گیا جبکہ ایئر ہوسٹس تھریسا کارڈوزا پر بی اے کی جعلی ڈگری جمع کروانے پر نوکری سے فارغ کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کیلئے نیا حکم نامہ جاری

    پی آئی اے انتظامیہ نے سروس ڈسپلن ریگولیشن 1985 کے تحت ایئر ہوسٹس اور فلائٹ اسٹیورڈ ز کو برطرف کیا ، برطرف ملازمین کو ایئر لائن قوانین کے تحت پہلے شو کاز لیٹرز بھی جاری کیئے گئے جن کا جواب داخل نہ کروایا گیا۔

    یاد رہے پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبانوں کے لئے ایمرجنسی چھٹی صرف انتہائی قریبی عزیزکےانتقال پرمنظورکرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔

    اس سے قبل انتظامیہ کی جانب سے فضائی میزبانوں کو ہر ماہ کی 20 تاریخ سے پہلے چھٹیوں کی معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی ، احکامات کے مطابق ڈیڈ لائین کے بعد کسی چھٹی کی درخواست پر عمل درآمد نہیں کیا جائے گا۔

    انتظامیہ نے ایئرلائن کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے جہاز کے عملے کو قد اور عمر کے لحاظ سے وزن کم کرنے کیلئے کہا تھا اور فضائی میزبانوں سمیت جہاز کے عملے کو وزن کم کرنے کے لئے چھ ماہ کی مہلت دی گئی تھی۔

  • پی آئی اے کی ائیر ہوسٹس پیرس میں پُراسرار طور پر لاپتہ

    پی آئی اے کی ائیر ہوسٹس پیرس میں پُراسرار طور پر لاپتہ

    لاہور: قومی ائیر لائن کی ائیر ہوسٹس پیرس میں پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی ، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے شازیہ کیخلاف محکمہ جاتی کاروائی شروع کردی ہے اور پیرس میں اسٹیشن منیجر نے پولیس کو رپورٹ درج کرادی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی فضائی میزبان پیرس پہنچنے پر لاپتہ ہوگئی، لاہور سےتعلق رکھنے والی ائیر ہوسٹس دوران ڈیوٹی پیرس سےلاپتہ ہوئی، فضائی میزبان شازیہ گزشتہ روز لاہور سے پیرس کی فلائٹ پی کے 733پر گئی تھی، بیس انچارج نےمبینہ طور پر سفارشی بنیادوں پر پیرس کی ڈیوٹی لگائی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے پیرس پہنچنے پر فضائی میزبان شازیہ سعید ہوٹل کے کمرے میں اپنا سامان رکھنے کے کچھ دیر بعد وہاں سے بیلجیئم فرار ہوگئی تھی۔

    پی آئی اے ترجمان نے پیرس میں پی آئی اے کی فضائی میزبان لاپتہ ہونے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا فضائی میزبان شازیہ 6اپریل کو سیالکوٹ سے پیرس پہنچی تھی ، منگل کو پرواز734کے ذریعے لاہور پہنچنا تھا، شازیہ کیخلاف محکمہ جاتی کاروائی شروع کردی ہے۔

    ترجمان نے کہا فضائی میزبان کا کوئی استعفیٰ موصول نہیں ہوا ہے، پیرس میں موجود پی آئی اے کےاسٹیشن منیجر نے پولیس کو رپورٹ درج کرادی تھی۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کی فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے پر پرسرار طور پر لاپتہ

    یاد رہے ستمبر 2018 میں بھی پی آئی اے کی فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے پر پرسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھی ، فریحہ نامی ایئر ہوسٹس پی کے789سے ٹورنٹو کی پرواز پر تعینات تھی، پرواز کے ٹورنٹو پہنچنے پر دیگر عملے کے ساتھ جہاز سے ہوٹل جانے کیلئے روانہ ہوئی تاہم فضائی میزبان فریحہ مختار مبینہ طور پر ایئرپورٹ سے باہرنہیں آئی اور پی آئی اے حکام سے رابطے میں بھی نہیں رہی۔

    فضائی میزبان کے پراسرار لاپتہ ہونے پر پی آئی اے انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا تھاجبکہ کینیڈا کی پولیس کے پاس بھی اطلاع درج کرادی تھی۔

    بعد ازاں یہ بات سامنے آئی تھی کہ فریحہ مختار ماضی میں مختلف مجرمانہ سرگرمیوں ملوث رہی ، انہوں نے پی آئی اے میں بی کام کی جعلی ڈگری جمع کراکر نوکری حاصل کی ، سنہ 2014 میں انہیں جعلی ڈگری کے سبب انہیں شو کاز نوٹس بھی جاری کیا تھا ۔

    جون7، 2015 لندن سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 788 میں اسمگلنگ کے الزام میں پکڑی گئی تھیں ، برطانوی بارڈر سیکیورٹی فورس نے ہیتھرو ائیر پورٹ پر غیر قانونی ،غیر ملکی کرنسی اور موبائل فون برآمد کیے تھے۔

  • پی آئی اے کی فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے پر پرسرار طور پر لاپتہ

    پی آئی اے کی فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے پر پرسرار طور پر لاپتہ

    کراچی:پی آئی اے کی فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے پر پرسرار طور پر لاپتہ ہوگئی، پی آئی اے انتظامیہ نے کینیڈین پولیس کو گمشدگی کی رپورٹ درج کرادی ۔

    تفصیلات کے مطابق فریحہ نامی ایئر ہوسٹس جمعرات کو لاہور سے پی آئی اے کی پرواز پی کے789سے ٹورنٹو کی پرواز پر تعینات تھی، پرواز کے ٹورنٹو پہنچنے پر دیگر عملے کے ساتھ جہاز سے ہوٹل جانے کیلئے روانہ ہوئی۔

    تاہم فضائی میزبان فریحہ مختار مبینہ طور پر ایئرپورٹ سے باہرنہیں آئی اور پی آئی اے حکام سے رابطے میں بھی نہیں رہی۔

    جمعرات سے لاپتہ فضائی میزبان کا پانچ دن بعد بھی سراغ نہیں لگ سکا۔

    ساتھی عملے کی جانب سے کینیڈین پولیس کو فریحہ مختار کی گمشدگی کے حوالے سے رپورٹ درج کرادی ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق فضائی میزبان سیدہ فریحہ مختار کو تیرہ ستمبر کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 782 کے زریعے لاہور پہنچنا تھا ، فضائی میزبان کے پراسرار لاپتہ ہونے پر پی آئی اے انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ فضائی میزبان فریحہ مختار کیخلاف ضابطے کی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سات روز کے اندر جواب جمع نہیں کرایا گیا تو کارروائی کرتے ہوئے ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا۔

    https://youtu.be/3lc1X5X8lwE

  • پی آئی اے کے پائلٹ نے مسافروں کو کاک پٹ میں بٹھا لیا

    پی آئی اے کے پائلٹ نے مسافروں کو کاک پٹ میں بٹھا لیا

    کراچی : پی آئی اے کے پائلٹ نے ایئر ہوسٹسز کیلئے مختص نشستوں پر مسافروں کو بٹھا لیا، مسافروں کو کراچی سے مدینہ کیلئے سفر کرایا گیا، معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگوں کی لاجواب سروس کا ایک اور کارنامہ سامنے آیا ہے، پی آئی اے کے پائلٹ نے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے فضائی میزبانوں کے لئے مختص نشستوں پرمسافروں کو سفر کرا ڈالا، کپتان انورعادل 4 افراد کو جمپ سیٹ اور 2 کو کاک پٹ میں بٹھاکر لے گیا۔

    ذرائع کے مطابق کیپٹن انورعادل نے مسافروں کو کراچی سے مدینہ کے لئے سفر کرایا، جہاز کے جمپ سیٹ پر صرف کیبن کریو کے بیٹھنے کی اجازت ہوتی ہے جبکہ خاص تعداد سے زائد مسافروں کی جمپ سیٹ پر موجودگی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    نشستوں کی دستیابی کی صورت میں اضافی مسافر پرواز پر لئے جاتے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ عملے کے انکار پر کپتان نے پرواز نمبر 743 پر مسافروں کو لینے کے لئے اختیارات استعمال کئے۔

     اطلاع ملنے پر معاملے کی تحقیقات کے لئے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کمیٹی قائم کر دی ، کپتان اورفرسٹ افسرعدیل حامد کیخلاف تحقیقات کاحکم دے دیا گیا۔

    ترجمان پی آئی اے دانیال گیلانی کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، ذمہ داران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔