Tag: PIA cabin crew

  • کیبن کریوکےاوقات کارمیں تبدیلی،  پی آئی اے حکام اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو نوٹس جاری

    کیبن کریوکےاوقات کارمیں تبدیلی، پی آئی اے حکام اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو نوٹس جاری

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے قومی ایئرلائن کے کیبن کریو کے اوقات کار میں تبدیلی کے خلاف درخواست پر پی آئی اے حکام اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں قومی ایئرلائن کے کیبن کریو کے اوقات کارمیں تبدیلی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ، درخواست پاکستان ایئرلائن کیبن کریوایسوسی ایشن کی جانب سے دی گئی ہے۔

    جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کیبن کریو کے اوقات کار 12 سے 16 گھنٹے بڑھانا خلاف قانون ہے، کیبن کریو کے اوقات کار میں اضافہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا اوقات کار میں 4 گھنٹوں کے اضافے سے ملازمین کی نجی زندگی متاثر ہو گی، مسافروں اور کیبن کریو کی زندگیوں کو بھی خطرات لاحق ہوں گے۔

    دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت نئے اوقات کار سے متعلق پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دے اور مقدمے کے حتمی فیصلے تک نوٹیفیکیشن سے متعلق حکم امتناعی جاری کرے۔

    جس پر عدالت نے پی آئی اے حکام اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے : کیبن کریو کے ڈیوٹی اوقات کارسولہ گھنٹے کر دیئے گئے

    یاد رہے چند روز قبل پی آئی اے انتظامیہ نے کیبن کریو کے ڈیوٹی اوقات کار میں اضافہ کردیا تھا اور ڈیوٹی کے اوقات کار بارہ گھنٹے سے بڑھا کر16گھنٹے کر دئیے گئے تھے، نظر ثانی شدہ اوقات کار میں کیبن کریو کے لئے اسپیشل الاؤنسز اور مالی فوائد دئیے جانے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

    اس حوالے سے صدر کیبن کریو ایسوسی ایشن نصراللہ آفریدی کا کہنا تھا فلائٹ ڈیوٹی ٹائم لمیٹیشن میں اضافہ ایوی ایشن قوانین کی خلاف ورزی ہوگی، ایوی ایشن قوانین اور اور طبی ماہرین کے مطابق 12 گھنٹے سے زائد کام نہیں کرسکتے۔

    جبکہ ترجمان پی آئی اے نے کہا تھا کہ16گھنٹے فلائٹ ڈیوٹی ٹائم لیمیٹیشن سی اے اے قوانین کے مطابق ہے، نئے روسٹر سے اخراجات میں بچت اور کارکردگی بہتر ہوگی۔

  • پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کو وزن کم کرنا ہوگا

    پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کو وزن کم کرنا ہوگا

    کراچی: پی آئی اے نے اپنی فضائی میزبانوں سمیت سمیت جہاز کے عملے کو وزن کم کرنے کے لیے 6 ماہ کا وقت دے دیا، زیادہ تر افراد کو تیس پاؤنڈ وزن کم کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ایئر لائن نے کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے جہاز کے عملے کو قد اور عمر کے لحاظ سے وزن کم کرکے عالمی معیار کے مطابق کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیبن کریو کو 6 ماہ کی مہلت دے دی، جن ملازمین کو مہلت دی گئی ہے ان کی تعداد 1800 ہے۔

    پی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 31 جنوری تک جن ملازمین کا وزن، عالمی معیار سے 30 پاؤنڈ زیادہ ہے ، ان سب کو گراؤنڈ کرکے ایئر کریو اسپتال بھیجا جائے گا۔ مراسلے پر جنرل منیجر فلائٹ سروسز عامر بشیر کے دستخط ہیں۔

    ذرا ئع کا کہنا ہے کہ ایئر کریو کو اسپتال میں وزن کم کرنے کی مشق کرائی جائے گی جس کے لیے ہدف جون 2019ء تک 30 پاؤنڈ وزن کم کرنا ہے۔ اس کے بعد بھی عملے میں سے کسی کا وزن کم نہیں ہوا تو تادیبی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

    پی آئی اے فضائی میزبان

    یہ بھی بتایا گیا ہےکہ اس حوالے سے ایک گائیڈ لائن بھی فراہم کی گئی ہے جس کے تحت فروری میں 25 پاؤنڈ، مارچ میں 20، اپریل میں 15، مئی میں 10 اور جون میں باقی ماندہ 5 پاؤنڈ وزن کم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    مقررہ وقت کے بعد یکم جولائی 2019ء کو عملے کے اراکین کا دوبارہ وزن کیا جائے گا اور صرف ان ملازمین کو فلائٹ پر جانے کی اجازت دی جائے گی جن کا وزن مقررہ حد کے عین مطابق ہوگا، ذرا سے بھی اضافی وزن والے عملے کو جہاز پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔