Tag: PIA CEO

  • پی آئی اے: فضائی میزبانوں کیلئے پالیسی میں نئی اصلاحات کی منظوری

    پی آئی اے: فضائی میزبانوں کیلئے پالیسی میں نئی اصلاحات کی منظوری

    کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبانوں کیلئے پالیسی میں نئی اصلاحات کی منظوری دے دی، پالیسی کا اطلاق مستقل اور عارضی ملازمین پر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے سی ای او ایئر ارشد ملک نے فضائی میزبانوں کیلئے پالیسی میں نئی اصلاحات کی منظوری دے دی، فضائی میزبانوں سے متعلق پالیسی کو ازسر نو مرتب کیا گیا ہے، پالیسی کا اطلاق مستقل اور عارضی ملازمین پر ہوگا، پی آئی اے انتظامیہ نے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دس سال کی ملازمت پر ہی گراؤنڈ سروس کے لیےدرخواست دی جاسکتی ہے، انتظامیہ کیبن کریو کو کسی بھی شعبے میں تعینات کرنے کا فیصلہ خود کرے گی۔

    ایک بار انتظامیہ کی منظوری کے بعد فلائٹ سروس کی اجازت نہیں ہوگی، گراؤنڈ سروس پردی گئی ڈیوٹی اور شفٹ کی پابندی کرنی ہوگی، ضرورت پڑنے پر فلائنگ ڈیوٹیز کیلئے طلب کیا جاسکتا ہے۔

    اس حوالے سے پی آئی اے کے چیف ہیومن ریسورسز آفیسر نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن کی کاپی اے آر وائی نیوز کو بھی موصول ہوگئی ہے۔

    پالیسی کے مطابق تمام مرد و خواتین کیبن کریو پر یکسر نافذ ہوگی، دس سال سے زائد ملازمت کرنے والے فضائی میزبانوں اور اہلکار ہی گراؤنڈ سروس کے لئے حلف نامہ جمع کرا کر درخواست دے سکتے ہیں۔

    نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کیبن کریو کو کسی بھی شعبہ میں تعینات کرنے کا فیصلہ خود کرے گی، ایک بار انتظامیہ کی منظوری کے بعد دوبارہ فلائٹ سروس کی اجازت نہیں ہوگی۔

    گراؤنڈ سروس کئے جانے والوں کو جو ڈیوٹی اور شفٹ دی جائے گی وہ اس کا پابند ہوگا،انتظامیہ کی جانب سے ضرورت پڑنے پر فلائنگ ڈیوٹیز کیلئے طلب کیاجاسکتا ہے۔

  • پی آئی اے میں مزید چار نئے طیارے شامل کئے جائیں گے، ایئر مارشل ارشد ملک

    پی آئی اے میں مزید چار نئے طیارے شامل کئے جائیں گے، ایئر مارشل ارشد ملک

    کراچی : پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ پی آئی اے اپنے فضائی بیڑے میں چار نئے طیارے شامل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

    اس بات کا اعلان انہوں نے ہیڈ کوارٹر میں پی آئی اے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالی حالت بہتر ہوتے ہی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کر دیا جائے گا، ہم پہلے ہی فضائی بیڑے میں اضافے کا فیصلہ کر چکے ہیں اور انشاء اللہ پی آئی اے بہت جلد اپنے فضائی آپریشن کو وسیع کرے گی تا کہ اس کی رسائی دنیا بھر میں ہو۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے میں تعینات ہوتے ہی ان کا مشن قومی ائر لائن کو کارکنان کے ساتھ مل کر دنیا کی بہترین ائر لائنز میں شامل کرنا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہا کہ ائر لائن میں بہتری کی بہت گنجائش ہے اور وہ مثبت نتائج کے لئے پُر امید ہیں ۔ ائر مارشل ارشد ملک نے مزید کہا کہ نئے منافع بخش روٹس پر پروازیں شروع کی جائیں گی، ہم پہلے ہی سیالکوٹ سے شارجہ اور لاہور سے مسقط کی پروازیں شروع کر چکے ہیں جن کے مثبت نتائج ظاہر ہو رہے ہیں جبکہ بہت جلد ہم سیالکوٹ سے بارسلونا اور لاہور سے بنکاک کی پروازیں بھی شروع کرنے جا رہے ہیں۔

    تمام کارکنان کو مل کر ایک ٹیم کی صورت میں کام کرنا ہوگا۔ائر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ ان کو کارکنان کی مشکلات کا اندازہ ہے خاص طور پر نچلے درجے کے ملازمین کی تنخواہیں بہت کم ہیں اور جیسے ہی ائر لائن مالی مشکلات سے نکل آئے گی تنخواہوں میں اضافہ کر دیا جائے گا۔

    انہوں نے کارکنان کو ائر لائن کی بہتری کے لئے کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سروس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ ارشد ملک نے کہا کہ کارکنان سے رابطے اور ان کے مسائل جاننے کے لئے وہ ہرشعبے کا دورہ کریں گے ۔

    میرٹ کو ائر لائن میں نافذ کر دیا گیا ہے اور اب تمام ترقیاں میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی۔ انہوں نے ملازمین کی تما م ایسوسی ایشنز اور سی بی اے یونین کی جانب سے بھر پور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ادارے کی بہتری کے لئے کام جاری رکھیں۔

    علاوہ ازیں پی آئی اے کی چیف ہیومن ریسورسز آفیسر محترمہ عاصمہ باجوہ نے ذاتی وجو ہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ائر لائن انتظامیہ نے شرکت کی۔ پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسرائر مارشل ارشد ملک نے محترمہ عاصمہ باجوہ کی ائر لائن کے لئے خدمات کو سراہااور ان کے روشن مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

  • پی آئی اے : گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال پر پابندی عائد، افسران کی فہرست مرتب

    پی آئی اے : گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال پر پابندی عائد، افسران کی فہرست مرتب

    کراچی : پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے پی آئی اے میں گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال پر پابندی عائد کردی، ایک سے زائد گاڑیاں استعمال کرنے والے افسران کی فہرست مرتب کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے سی او نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کفایت شعاری مہم شروع کردی، ایئرمارشل ارشد ملک نے ادارے کے تمام افسران پر گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال پر پابندی عائد کردی۔

    جن افسران کے زیر استعمال ایک سے زائد گاڑیاں ہیں ان کی فہرست مرتب کی جارہی ہے، اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی واپسی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

    یونین اور ایسوسی ایشن افسران گاڑیوں کا ناجائز استعمال کررہے تھے، اس کے علاوہ غیر استعمال شدہ گاڑیوں کو نیلام کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے، جس سے پی آئی اے کے اخراجات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

    ذرائع کے مطابق گاڑیوں کے استعمال پر ماہانہ لاکھوں روپے فیول کے اخراجات ہورہے تھے، پی آئی اے کے سی ای او نے دفتری ماحول کو بہتر بنانے کے احکامات جاری کردیئے۔

    حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی افسر سی بی اے یونین یا ملازمین دفاتر میں کھانا نہیں کھائیں گے، تمام افسران و ملازمین دوپہر کا کھانا کیفے ٹیریا میں کھائیں گے، دفاتر میں کوئی افسر کھانا کھاتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • نئے سسٹم کی تنصیب سے پی آئی اے مسافروں کو جدید سہولیات میسر ہوں گی، ثاقب عزیز

    نئے سسٹم کی تنصیب سے پی آئی اے مسافروں کو جدید سہولیات میسر ہوں گی، ثاقب عزیز

    کراچی : پی آئی اے کے چیئرمین و چیف ایگزیکٹو آفیسر ثاقب عزیز نے کہا ہے کہ ادارے میں نئے سسٹم کی تنصیب سے مسافروں کو جدید سہولیات میسر ہوں گی، یہ بات انہوں نے اپنے ایک جاری بیان میں کہی۔

    پی آئی اے سی ای او ثاقب عزیز نے کہا کہ پی آئی اے ٹکٹوں کی ریزرویشن، فلائٹ آپریشن، اکا ؤنٹنگ، کریو منیجمنٹ اور پروازوں کی آمدورفت و چیک ان سروس کے لیے آج سے ترکی کے نئے جدید ترین سسٹم کا استعمال شروع کر رہی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سسٹم کی تبدیلی وقت کے تقاضوں کے مطابق ہے، نئے سسٹم کی سب سے نمایاں خوبی یہ ہے کہ ویب سائٹ سے آن لائن بکنگ کی سہولت کو آسان ترین بنا دیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو اس نئے سسٹم کے استعمال سے خاطر خواہ بچت ہو گی اور سسٹم کی تبدیلی سے پی آئی اے کی ٹیکنیکل صلاحیت کی استعداد اور کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہو گا۔

    نئے سسٹم پر کم وقت میں منتقلی پی آئی اے ٹیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، مسافروں کو کسی بھی قسم کی زحمت سے بچانے کے لیے پی آئی اے کی ٹیم چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہے۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے میں ترکش آپریٹنگ سسٹم نے کام شروع کردیا، امریکی کمپنی سے معاہدہ ختم

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق یہ جدید سسٹم پی آئی اے نے ایوی ایشن انڈسٹری کی صف اول کی ترکش آئی ٹی کمپنی ہٹ اٹ کمپیوٹر سروسز سے حاصل کیا ہے،  پی آئی اے کارکنان اور ائر لائن سے منسلک ٹریول ایجنسیز کے کارکنان کو نئے سسٹم کی ٹریننگ پہلے ہی دی جا چکی ہے۔

  • پی آئی اے کے قائم مقام سی ای او کی تقرری کا فیصلہ نہ ہوسکا، نام وفاق کو ارسال

    پی آئی اے کے قائم مقام سی ای او کی تقرری کا فیصلہ نہ ہوسکا، نام وفاق کو ارسال

    کراچی : پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول کی تعیناتی کالعدم قرار پانے کے بعد ادارے کا بورڈ آف ڈائریکٹرز قائم مقام سی ای او کا فیصلہ نہ کرسکا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول اپنی ذمہ داریوں سے الگ ہوگئے ہیں۔

    ادارے میں سی ای او کی تعیناتی سے متعلق پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری ثاقب عزیز ذاتی طور پر چیف کمرشل افسر کی تعیناتی کے حق میں ہیں، سیکریٹری ایوی ایشن کی سربراہی میں قائم کمیٹی سی ای او کا فیصلہ نہ کرسکی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں قائم مقام چیف ایگزیکٹو افسر کا معاملہ وفاق کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاق کو قائم مقام سی ای او کے لئے3سے 4نام بھجوائیں گے۔

    مزید پڑھیں: پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول کی تعیناتی کالعدم قرار

    مجوزہ طور پر نیئرحیات، اعجاز مظہر ،عامر علی کے نام بھیجے جائیں گے، اس کے علاوہ ان ناموں میں سابق ایم ڈی اور بورڈ رکن طارق کرمانی اور چیف ایچ آر کا نام بھی شامل ہیں۔

  • پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول کی تعیناتی کالعدم قرار

    پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول کی تعیناتی کالعدم قرار

    اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان نے پی آئی اے کے سی ای اومشرف رسول کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا سی ای اوکی تعلیمی قابلیت ایم بی بی ایس ہے، مشرف رسول چیف ایگزیکٹو کے عہدے کے قابل ہی نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں پی آئی اے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سماعت میں چیف جسٹس نے کہا کہ سردار مہتاب عباسی کا بطور سیاستدان احترام ہے، اتنے بڑے ادارے کو چلانے کے لئے مہتاب عباسی کو لگا دیا گیا، گورنر کے عہدے سے ہٹا کر عباسی کو سی اے اے میں تعینات کیا گیا جبکہ مہتاب عباسی کا ہوا بازی سے متعلق کوئی تجربہ نہیں ہے۔

    وکیل نعیم بخاری نے دلائل میں کہا سی ای او کے لیے تقرری کا اشتہار 2016 میں دیا گیا، جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے سی ای او کی تعلیمی قابلیت ایم بی بی ایس ہے، نعیم بخاری صاحب آپ نے منا بھائی ایم بی بی ایس فلم دیکھی ہے۔

    نعیم بخاری نے جواب میں کہا جی اس فلم میں ایک شخص ڈاکٹر کی طرح اداکاری کرتا ہے۔

    جسٹس اعجازالاحسن نے کہا تقرری کے عمل میں سردارمہتاب عباسی کدھر سے آگئے جبکہ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سردار مہتاب عباسی کا تقرری کے عمل سے کیا تعلق تھا، تقرری کے لئے کمیٹی طریقہ کار کے مطابق تشکیل نہیں دی گئی۔

    وکیل نعیم بخاری نے بتایا مشرف رسول20 سال سے مہتاب عباسی کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں، جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے جب بنیاد ہی غلط ہو تو پوری عمارت گر جاتی ہے۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا مشرف رسول کی تعیناتی قانون اوررولز کے خلاف ہے، تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا،اب اچھے اچھے لوگ آئیں چیزیں ٹھیک کریں۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے دلائل سننے کے بعد پی آئی اے کے سی ای اومشرف رسول کی تعیناتی کو کالعدم قرار دے دیا اور کہا مشرف رسول چیف ایگزیکٹو کے عہدے کے قابل ہی نہیں ہیں۔

  • پی آئی اے کے سی ای او کی تعیناتی خلاف ضابطہ قرار دے دی گئی

    پی آئی اے کے سی ای او کی تعیناتی خلاف ضابطہ قرار دے دی گئی

    کراچی : پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تعیناتی خلاف ضابطہ قرار دے دی گئی، آڈیٹر نے ڈاکٹر مشرف رسول کو بلا تاخیر عہدے سے ہٹانے کی سفارش کر دی۔

    گورنمنٹ آڈٹ کا سی ای او پی آئی اے کو ارسال کردہ پیرا اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگیا، آڈیٹر کے مطابق عہدے پر تعیناتی کے لئے مشرف رسول کو خلاف ضابطہ ترجیح فراہم کی گئی۔

    تعیناتی کے لئے دیئے گئے اشتہارمیں درج تجربے اور دیگر شرائط پر بھی مشرف رسول پورا نہں اترتے، مشرف رسول کی تعیناتی میں ایس ای سی پی گائیڈ لائن کی بھی مکمل خلاف ورزی کی گئی ہے۔

    گورنمنٹ آڈٹ کے پیرا میں گائیڈ لائن کے تحت دوسال کے بجائے تین سالہ مدت پر مبنی تعیناتی بھی خلاف ضابطہ قرار دیا گیا ہے، حکومت کے منظورکردہ ایم ون گریڈ کی تنخواہ کے بجائے 20 لاکھ پر تعیناتی بھی خلاف قانون قرار دی گئی۔

    مشرف رسول کے میٹرک سرٹیفکیٹ اور شناختی کارڈ میں درج تاریخ پیدائش کا فرق پی آئی اے کے پرسنل پالیسی مینول کے خلاف ہے۔

    آڈیٹر کا مزید کہنا ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ڈاکٹر مشرف رسول کی ملازمت کے لئے درخواست کو شارٹ لسٹ نہیں کیا، امیداوروں کے ابتدائی انٹرویوز میں مشرف رسول کو اگلے مرحلے کے لئے منتخب نہیں کیا گیا۔

    انٹرویوز کے دوران مشیر ہو ابازی کی موجودگی بھی پی ایس سی رولز کی خلاف ورزی ہے، آڈیٹر کی جانب سے سفارش کی گئی ہے کہ تعیناتی کے دوران ادا تنخواہ، کار اوراستعمال شدہ ٹکٹوں کی فوری ریکوری کی جائے۔

    تعیناتی کے لئے وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی کی جانب سے ڈالے گئے دباؤ کی تحقیقات کسی خود مختار اور آزاد ایجنسی سے کرائی جائیں۔

  • پی آئی اے کے سی ای او کا اکانومی ٹکٹ پربزنس کلاس میں سفر

    پی آئی اے کے سی ای او کا اکانومی ٹکٹ پربزنس کلاس میں سفر

    کراچی : قومی ادارے پی آئی اے کے سی ای او اکانومی کلاس کا ٹکٹ لے کر بزنس کلاس میں سفر کرتے ہوئے پائے گئے، ایئر ہوسٹس کے کے منع کرنے پر بری طرح ڈانٹ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگ اور لاجواب سروس کا دعویٰ کرنے والے پی آئی اے کے عہدیداران قوانین پرعملدرآمد کروانے کے بجائے خود ہی خلاف ورزی میں ملوث نکلے۔

    ادارے کے نئے چیف ایگزیکٹو افسرکا خلاف قوانین اکانومی کلاس کے ٹکٹ پر بزنس کلاس میں سفر کا انکشاف ہوا ہے، فضائی میزبان کے منع کرنے پرضیا قادر قریشی نے بطور سی ای او فضائی میزبان کو جھاڑ پلا دی، مذکورہ واقعہ اسلام آباد سے کراچی کی پرواز نمبر پی کے 319 کے لیزطیارے پر پیش آیا۔

    سی ای او نے اکانومی کلاس سیٹ نمبر5اے کے بجائے بزنس کلاس کی سیٹ نمبر3ڈی پر سفر کیا، سی ای او کی دیکھا دیکھی اکانومی کے دو مسافر بھی بزنس کلاس سیٹ نمبر3سی3ایف پر براجمان رہے۔

    سی ای او نے کارروائی کے لئے پرواز کے پرسر سے خاتون فضائی میزبان کی تفصیلات بھی طلب کیں، سی ای او نے خاتون فضائی میزبان کے بزنس کلاس میں بیٹھنے سے منع کرنے پر ناپسندیدگی کا بھی اظہار کیا۔

    نورالدین نامی پرسر کی جانب سے جی ایم فلائٹ سروسز کے نام اسٹیٹمنٹ میں واقعے کی تصدیق کی گئی ہے، واقعے کے حوالے سے تحریر کردہ اسٹیٹمنٹ کا ذکر پرواز کی لاگ بک میں بھی درج ہے، لاگ بک اوراسٹیمنٹ پر کارروائی کے بجائے پی آئی اے حکام معاملہ دبانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔


    مزید پڑھیں: پی آئی اے کو حج آپریشن میں بھی کروڑوں کا جھٹکا


    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ائر لائن قوانین کے مطابق واقعے کی تحقیقات کرائی جانا ضروری ہیں، تاہم مذکورہ واقعہ غلط فہمی پر مبنی ہے، جس کی بنا پر اس معاملہ کو ختم کردیا گیا ہے۔


    مزید پڑھیں: سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے پرجرمانہ عائد کردیا


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • ایک اور کرپٹ شخص کو پی آئی اے کا سربراہ لگایا جارہا ہے، پی پی

    ایک اور کرپٹ شخص کو پی آئی اے کا سربراہ لگایا جارہا ہے، پی پی

    کراچی: پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ حکومت کرپٹ شخص کوپی آئی اے کا سربراہ تعینات کررہی ہے، روکا جائے۔

    اپنے بیان میں سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ حکومت اداروں میں کرپٹ افراد کو تعینات کررہی ہے،جرمن سی ای او کے بعد بلال منیر شیخ کو یہ عہدہ دیا جارہا ہے حالاں کہ بلال منیر شیخ کو کرپشن کے چارجز پر نجی کمپنی سے نکالا گیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کا ماہانہ خسارہ ساڑھے 5 ارب سے تجاوز کرگیا ہے،پی آئی اے کا مجموعی نقصان 300 ارب سے زیادہ ہوچکا ہے،پیپلز پارٹی اداروں میں کرپٹ افسران کی تعیناتی پر احتجاج کرے گی۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے کی ائیر بس 310 طیارے کی جرمن میوزیم کو مبینہ فروخت میں ملوث سابق قائم مقام سی ای او برینڈ ہلڈن برنڈ کو عہدے سے معطل کردیا گیا تھا۔

    بعدازاں جرمن 6 مئی کو شہری ہلڈن برنڈ کو ایک بار ملک سے باہر جانے کی اجازت دی گئی، ہلڈن برنڈ روانگی کی تاریخ سے 30 روز تک اپنے آبائی وطن میں رہ سکتے ہیں۔


    پی آئی اے سابق سی ای او کو ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت


    اب ان کی جگہ بلال منیر شیخ کو نیا سی ای او تعینات کرنے کی اطلاعات گردش کررہی ہیں جس پر پیپلز پارٹی نے اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔