Tag: PIA flight

  • وزیراعظم کا سفر پی آئی اے مسافروں کیلئے وبال جان بن گیا

    وزیراعظم کا سفر پی آئی اے مسافروں کیلئے وبال جان بن گیا

    لاہور : وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی دورہ سعودی عرب سے واپسی پی آئی اے مسافروں کیلئے پریشانی کا باعث بن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سمیت سعودی عرب کے دورے سے واپس آنے والے وفد کے ارکان نے پی آئی اے کی جدہ سے اسلام آباد پرواز پر سفر کیا تھا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی جدہ اسلام آباد پرواز کو اسلام آباد کے بجائے لاہور ایئر پورٹ پر لینڈ کروایا گیا۔

    اس سے قبل جدہ ایئرپورٹ پر مذکورہ طیارہ سرکاری وفد کے انتظار میں دو گھنٹے تک کھڑا رہا، مسافر نہ چاہتے ہوئے بھی طیارے میں بیٹھے سرکاری وفد کا انتظار کرتے رہے۔

    ذرائع کے مطابق جدہ سے واپسی میں طیارہ اسلام آباد کے بجائے لاہور میں اتار لیا گیا، تاہم سرکاری وفد کے اترنے کے باوجود طیارہ 2گھنٹے تک لاہور ایئرپورٹ پر ہی کھڑا رہا۔

    اس موقع پر لاہور ایئرپورٹ پر کھڑے طیارے میں بیٹھے اسلام آباد کے مسافروں نے شدید ذہنی اذیت اور کوفت کا اظہار کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔

    مسافروں کا کہنا تھا کہ خدارا ہمیں اس طیارے سے اترنے دو ہم پرائیویٹ بس میں کرایہ دے کر خود ہی اسلام آباد چلے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اپنے وفد کے ہمراہ جس پرواز سے سعودی عرب گئے تھے اسے بھی جدہ کے بجائے مدینہ میں اتارا گیا تھا۔

  • پی آئی اے کی سعودیہ سے کراچی کی پرواز میں فنی خرابی، جدہ میں واپس لینڈنگ

    پی آئی اے کی سعودیہ سے کراچی کی پرواز میں فنی خرابی، جدہ میں واپس لینڈنگ

    پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کی سعودیہ سے کراچی آنے والی پرواز فنی خرابی کے باعث جدہ میں واپس لینڈ کر گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے کی پرواز پی کے 746 نے رات 2 بجکر 23 منٹ پر جدہ سے کراچی کیلئے ٹیک آف کیا۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی پرواز نے شیڈول کے مطابق صبح 7 بجے کراچی پہنچنا تھا لیکن روانگی کے 30 منٹ بعد ایئر بس طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی۔

    طالبعلم لاریب کا قتل : ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا معطل

    ترجمان پی آئی اے نے مزید بتایا کہ اے ٹی سی جدہ کی ہدایت پرپائلٹ نے واپسی کا رخ کیا اور ایئربس اے 320 طیارہ سوا گھنٹہ بعد باحفاظت جدہ ایئرپورٹ پر لینڈ کر گیا۔

  • پی آئی اے کی پرواز کو کینیڈا میں کیوں روکا گیا؟

    پی آئی اے کی پرواز کو کینیڈا میں کیوں روکا گیا؟

    کراچی: گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی کے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کی پرواز آج ٹورنٹو ایئرپورٹ پر روک لی گئی تھی، ادائیگی ہونے کے بعد پرواز نے اڑان بھری۔

    تفصیلات کے مطابق ٹورنٹو ایئرپورٹ پر پی آئی اے نے گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی سوئسپورٹ کو لاکھوں ڈالر کے واجبات ادا نہیں کیے تھے، جس پر کمپنی نے پی آئی اے پرواز کی گراؤنڈ ہینڈلنگ سروس بند کر دی تھی۔

    ایئر لائن ذرائع کے مطابق گراؤنڈ ہینڈلنگ اور فیول کمپنی کی شکایت پر ٹورنٹو سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 790 کو روکا گیا تھا، اور پرواز کی روانگی میں کئی گھنٹے تاخیر ہوئی، مسافروں کی بورڈنگ کا عمل بھی رک گیا تھا۔

    ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹورنٹو ایئر پورٹ پر ہینڈلنگ ایجنسی کے ساتھ واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے پرواز کی لاہور روانگی میں تاخیر ہوئی تھی، پاکستان اور کینیڈا میں نظام الاوقات کے فرق کی وجہ سے ادائیگی میں تاخیر ہو گئی، جس کی وجہ سے پرواز اپنے مقررہ وقت سے چار گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔

    ترجمان نے کہا گراؤنڈ ہینڈلنگ اور فیول کمپنی کے واجبات 2 لاکھ ڈالر ادا کر دیے گئے ہیں واجبات کی ادائیگی کے بعد پی آئی اے کی پرواز ریلیز کی گئی، اور اب پی آئی اے کا کینڈا کے لیے فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد اور لاہور سے ٹورنٹو کے لیے دو طرفہ چار پروازیں ہفتہ وار روانہ ہوتی ہیں۔

    ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ ایسی خبروں کو نشر اور شائع کرنے سے پہلے ادارے سے رجوع کر لینا چاہیے، تاکہ حقیقی صورت حال سے آگاہی ہو سکے، ایسی خبریں قومی ادارے کی ساکھ اور وقار کو نقصان پہنچاتی ہیں اور مسافروں کا اعتماد بھی متزلزل کرتی ہیں۔

  • پی آئی اے کا چین کے 16 شہروں تک پروازیں چلانے کا اعلان

    پی آئی اے کا چین کے 16 شہروں تک پروازیں چلانے کا اعلان

    کراچی : پاکستان کی قومی ایئر لائن نے چین کے دیگر شہروں تک رسائی کا فیصلہ کرلیا، مذکورہ اقدام سے پاک چین دوستی کو مزید تقویت ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے نے چین کے16شہروں تک بیک وقت فضائی آپریشن بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے بیجنگ، شنگھائی کے بعد مزید 14شہروں تک فلائٹس چلانےکا پلان تیار کرلیا۔

    china

    پی آئی اے کراچی، اسلام آباد اور لاہور سمیت دیگر شہروں سے چین کے16شہروں کیلئے فلائٹس چلائے گی۔

    چین کے16شہروں میں بیک وقت فلائٹس سے پاکستان اور چین تعلقات اور دوستی میں مزید اضافہ ہوگا، پی آئی اے کے اس فیصلے سے چین میں فلائٹس نیٹ ورک بڑھانے سے ایئرلائن کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

  • پی آئی اے کا کمال : دوران لیںڈنگ کھڑکی کا شیشہ ٹوٹ گیا

    کراچی : پی آئی اے پرواز741کے طیارے کی جدہ ایئرپورٹ پر دوران لیںڈنگ کھڑکی کا شیشہ ٹوٹ گیا، پرواز کئی گھنٹے تاخیر کا شکار رہے گی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ جدہ میں پی آئی اے عملے کے پاس متبادل شیشہ نہ ہونے کے باعث واپسی کی پرواز میں 16 گھنٹوں کی تاخیر ہوگی۔

    بوئنگ 777 طیارے کے 3 سو سے زائد مسافر وطن آمد میں تاخیر سے ذہنی اذیت کا شکار ہیں، گزشتہ روز اسلام آباد سے جدہ پہنچنے والے متاثرہ طیارے کو پی کے 740 کی صورت آج واپس آنا تھا۔

    ذرائع کے مطابق متبادل شیشہ آج کراچی سے پرواز نمبر 731 کے ذریعے جدہ روانہ کیا گیا ہے، متاثرہ طیارے کے باعث جدہ کے لئے جمعہ تک کی پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوگا۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ متاثرہ طیارے میں خرابی کے باعث جدہ کی متاثرہ پروازوں کی تعداد 8 اور مسافروں کی تعداد دو ہزارسے زائد ہوگئی ہے۔

    ترجمان پی آئی اے نے اس حوالے سے بتایا کہ طیارے کا شیشہ دوران لینڈنگ کسی بیرونی چیز کے لگنے سے ٹوٹا ہے، متبادل شیشہ جدہ ائپورٹ پہنچ گیا ہے، مرمت کے بعد طیارہ وطن واپسی کے لئے آج اڑان بھرے گا۔

  • پی آئی اے کی ایک اور پرواز میں تاخیر، مسافر ذہنی اذیت کا شکار

    پی آئی اے کی ایک اور پرواز میں تاخیر، مسافر ذہنی اذیت کا شکار

    کراچی باکمال لوگ لاجواب سروس کی دعویدار قومی ایئرلائن پی آئی اے کے طیارہ ٹورنٹو میں خراب ہوگیا جس کے سبب مسافروں کو اتار لیا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی ٹورنٹو سے کراچی آنے والی پروازکا ہائیڈرولک سسٹم خراب ہوگیا، جس کے بعد پروازمیں موجود مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے بعد جہازخالی کرالیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ٹورنٹو ایئر پورٹ پر پرواز نمبر پی کے784کا بوئنگ777طیارہ روانگی کے لئے تیار تھا کہ اس دوران خرابی کا معلوم ہوا اور پرواز منسوخ کردی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ طیارے میں ڈھائی سو سے زائد مسافر موجود تھے، پرواز کی منسوخی کے بعد آج کراچی پہنچنے والی پرواز اب ہفتہ کی شام 6بج کر50منٹ پرکراچی پہنچے گی۔ مجموعی طور پر پرواز کی ٹورنٹو سےکراچی آمد30گھنٹے تاخیر سے ہوگی۔

    یاد رہے کہ رواں ہفتے طیارہ خرابی کے باعث12گھنٹے سے زائد تاخیر کی شکار یہ دوسری پرواز ہے، دو روز قبل کراچی تا جدہ پرواز کے بوئنگ777 طیارہ میں خرابی کے باعث 18 گھنٹے تاخیر ہوئی۔

  • یوم عاشور : پی آئی اے نے زائرین کیلئے خصوصی پروازوں کا اعلان کردیا

    یوم عاشور : پی آئی اے نے زائرین کیلئے خصوصی پروازوں کا اعلان کردیا

    کراچی : قومی ایئر لائن پی آئی اے نے محرم الحرام کے موقع پر زیارتوں کیلئے عراق جانے والے پاکستانیوں کیلئے اپنی پروازوں کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ عاشورہ پر زائرین کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے7 خصوصی پروازیں عراق کے شہر نجف روانہ ہوں گی۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ خصوصی پروازوں کے باقاعدہ سلسلے کا آغاز کل 2 اگست بروز منگل سے شروع ہوگا اور 7 اگست تک جاری رہے گا۔

    ترجمان پی آئی اے نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ادارہ اپنی روایات کے مطابق زائرین کو حتی الامکان تمام سہولیات فراہم کرے گا۔

    ان کا کہنا ہے کہ پروازیں کراچی تا نجف العشرف روانہ ہوں گی اور ملک کے دیگر شہروں سے آسان کنکشن فراہم کئے جائیں گے۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ پی آئی اے پر سال کی طرح اس سال بھی عاشورہ کے ساتھ ساتھ اربعین کیلئے پروازیں ترتیب دے رہا ہے، پروازوں پر زائرین کی بکنگ کا آغاز کردیا گیا۔

  • پی آئی اے کا چینی شہر چینگڈو کیلئے پروازوں کا آغاز

    پی آئی اے کا چینی شہر چینگڈو کیلئے پروازوں کا آغاز

    اسلام آباد : پی آئی اے نے چین کے شہر چینگڈو کے لیے پروازوں کا آغاز کر دیا ، وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے پی آئی اے حکام کو مبارکباد دی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے چین کے شہر چینگڈو کے لیے پروازوں کا آغاز کر دیا، پہلی پرواز بدھ کو اسلام آباد سے چینگڈو کے لیے روانہ ہوئی۔

    پی آئی اے چینگڈو کے لئے اسلام آباد سے بدھ کو ہفتہ وار ایک پرواز چلا رہی ہے ۔

    اسلام آباد سے پہلی پرواز کے مسافروں کو پی آئی اے کے سینئر حکام نے رخصت کیا جبکہ اسلام آباد آنے والے مسافروں کوبھی پی آئی اے حکام نے خوش آمدید کیا۔

    مسافروں نے چینگڈو کے لیے پروازیں شروع کرنے پر پی آئی اے انتظامیہ کو سراہا۔

    وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے چیگنڈو کے لیے پروازوں کے آغاز پر پی آئی اے حکام کو مبارکباد دی۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی آئی اے کے نیٹ ورک میں یہ نیا اضافہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان ہمارے دوستانہ تعلقات کو مزید بہتر بنائے گا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان کاروبار اور تجارت کو سہل بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

    پی آئی اے کے سی ای او ایئر وائس مارشل عامر حیات نے پی آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ وہ چینگڈو کے لیے فلائٹ آپریشن کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر کوششیں کریں۔

    انھوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی فلائٹ فریکوئنسی میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔

  • کراچی : پی آئی اے کی آسٹریلیا جانے والی پہلی  پرواز مؤخر

    کراچی : پی آئی اے کی آسٹریلیا جانے والی پہلی پرواز مؤخر

    کراچی : پی آئی اے حکام نے پاکستان سے براہ راست جانے والی پی آئی اے کی پہلی پرواز کو روک لیا ہے، جس کی وجہ سیکیورٹی صورتحال بتایا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پہلی ڈائریکٹ پرواز آسٹریلوی سول ایوایشن کی اجازت سے22 اپریل کو لاہور سے سڈنی روانہ ہونا تھی۔

    تاہم آخری وقت میں آسٹریلوی وزارت داخلہ کی جانب سے لاہور اور کراچی ائیرپورٹ کی سیکیورٹی صورتحال کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ بعد ازاں آسٹریلوی وزارت داخلہ کی جانب سے پی آئی اے کو پرواز مؤخر کرنے کی ہدایات دی گئیں۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے جائزہ مکمل ہونے تک اپنی پہلی دو پروازیں مؤخر کررہا ہے ۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پاکستانی سیکیورٹی صورتحال اور ائیرپورٹس کے نظام کا ازسرنو جائزہ لینے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ اور پاکستانی سفارت خانہ آسٹریلوی حکام سے مکمل رابطہ میں ہے اور مکمل تعاون فراہم کررہا ہے۔ پہلی دو پروازوں کے مسافروں کو کال سینٹر کے ذریعے سے مطلع کیا جارہا ہے۔

  • کراچی سے ٹورنٹو جانیوالی پرواز میں مسافر کو دل کا دورہ ڈرامہ نکلا

    کراچی سے ٹورنٹو جانیوالی پرواز میں مسافر کو دل کا دورہ ڈرامہ نکلا

    کراچی: ٹورنٹو جانیوالی پرواز میں مسافرکو دل کا دورہ ڈرامہ نکلا، ڈاکٹرز  نے کہا  مسافر کے چیک اپ کے بعد دل کے دورے کے شواہد نہیں ملے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے ٹورنٹو جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں مسافر کو دل کا دورہ پڑنے کے معاملے کی حقیقت سامنے آگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافر کو دل کا دورہ ڈرامہ تھا، گزشتہ روز مسافر کو دل کادورہ پڑنے پر پرواز کو واپس کراچی ایئرپورٹ لایاگیاتھا۔

    ذرائع ایئرپورٹ نے بتایا کہ مسافر کو فوری ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا تھا تو ڈاکٹرز کی رپورٹ میں مسافر کے چیک اپ کے بعد دل کے دورے کے شواہد نہیں ملے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ کینیڈین شہری مسافرسید وصی کی تمام میڈیکل رپورٹس نارمل ہیں، جس کے بعد ترجمان پی آئی اے نے تصدیق کی کہ پی آئی اے نے مسافر کو بلیک لسٹ کردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مسافر کی ڈرامہ بازی کی وجہ سے قومی ائیر لائن کو سوا کروڑ روپے کا ٹیکہ لگ گیا ، ترجمان نے بتایا کہ لینڈنگ سے پہلے بوئنگ 777 کا ایک اضافی ایندھن کو سمندر کے اوپر چکر کاٹ کر فضا میں ضائع کیا گیا تھا، ایندھن پھینکے کی وجہ سے 1 کروڑ 25 لاکھ روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ طیارےکی لینڈنگ سے قبل بوئنگ 777 طیارے میں 100 ٹن ایندھن تھا۔