Tag: PIA flight

  • یوکرین میں پھنسے پاکستانی وطن واپس پہنچ کر سجدہ ریز

    یوکرین میں پھنسے پاکستانی وطن واپس پہنچ کر سجدہ ریز

    حکومت پاکستان کی جانب سے یوکرین میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی واپسی کیلئےاقدامات جاری ہیں، پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے232 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے۔

    پی آئی اے کا خصوصی طیارہ حکومت پاکستان کی ہدایات پر گزشتہ روز صبح پاکستان سے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا بھیجا گیا تھا۔

    پی آئی اے کی پرواز پی کے 7788نے رات 12بجے اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر لینڈ کیا، وطن واپس پہنچنے پر انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، اس موقع پر  پی آئی اے اور وزارت خارجہ کی حکام بھی  ائیرپورٹ پر موجود تھے۔

    وطن واپسی کی خوشی میں بہت سے مسافر آبدیدہ ہوکر پاک سرزمین پر سجدہ ریز ہوگئے، اس موقع پر مسافروں نے پاکستان زندہ باد اور پی آئی اے پائندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ترجمان پی آئی اے عبدللہ خان نے اے آر وائی نیوز کے نمائندے کو بتایا تھاکہ طیارہ وزارت خارجہ کی اجازت پر روانہ کیا گیا ہے، حکومت پاکستان کی ہدایات پر مزید پروازیں بھی آپریٹ کی جائیں گی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یوکرین میں سات ہزار پاکستانی موجود تھے جن میں تین ہزار طالب علم اور چار ہزار شہری شامل تھے ترجمان کے مطابق زیادہ تر شہری 24 فروری کو سفارتخانے کے کہنے پر یوکرین چھوڑ چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : یوکرین سے پاکستانیوں کی واپسی، پی آئی اے کا طیارہ پولینڈ پہنچ گیا

    دفتر خارجہ نے گزشتہ روز بتایا تھاکہ 1525 پاکستانیوں کو یوکرین سے  ہنگری، پولینڈ، رومانیہ منتقل کیا جاچکا ہے، پی آئی اے کا طیارہ صبح روانہ ہوگا اور اسی روز شام تک واپس آجائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں یوکرین میں پھنسے پاکستانی شہریوں اور طلبا کی واپسی کے لیے آپریشن تیار کیا گیا تھا، سی ای او پی آئی اے ارشد ملک اور یوکرین میں پاکستانی سفیر کے درمیان رابطہ ہوا تھاجس میں یوکرین میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی محفوظ مقام پر منتقلی اور وطن واپسی سے متعلق گفتگو کی گئی تھی۔

     

  • یوکرین سے پاکستانیوں کی واپسی، پی آئی اے کا طیارہ پولینڈ پہنچ گیا

    یوکرین سے پاکستانیوں کی واپسی، پی آئی اے کا طیارہ پولینڈ پہنچ گیا

    اسلام آباد : یوکرین میں پھنسنے والے پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لانے کے لیے خصوصی چارٹرڈ طیارہ پولینڈ پہنچ گیا۔

    اس حوالکے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کو لینے کیلئے آج صبح روانہ ہوا تھا۔

    پی کے7787 لاہور سے صبح23۔7 پرپولینڈ کے دارالحکومت وارسا کیلئے روانہ ہوا، طیارے نے وارسا کے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے لینڈنگ کی۔

    ذرائع کے مطابق طیارہ 300 سے زائد پاکستانیوں کو لے کر وطن واپس پہنچے گا، طیارے کی پاکستان میں لینڈنگ اسلام آباد ایئر پورٹ پر ہوگی۔

    ترجمان پی آئی اے عبدللہ خان نے اے آر وائی نیوز کے نمائندے کو بتایا کہ طیارہ وزارت خارجہ کی اجازت پر روانہ کیا گیا ہے، حکومت پاکستان کی ہدایات پر مزید پروازیں بھی آپریٹ کی جائیں گی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یوکرین میں سات ہزار پاکستانی موجود تھے جن میں تین ہزار طالب علم اور چار ہزار شہری شامل تھے ترجمان کے مطابق زیادہ تر شہری 24 فروری کو سفارتخانے کے کہنے پر یوکرین چھوڑ چکے ہیں۔

    دفتر خارجہ نے گزشتہ روز بتایا تھاکہ 1525 پاکستانیوں کو یوکرین سے  ہنگری، پولینڈ، رومانیہ منتقل کیا جاچکا ہے، پی آئی اے کا طیارہ صبح روانہ ہوگا اور اسی روز شام تک واپس آجائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں یوکرین میں پھنسے پاکستانی شہریوں اور طلبا کی واپسی کے لیے آپریشن تیار کیا گیا تھا، سی ای او پی آئی اے ارشد ملک اور یوکرین میں پاکستانی سفیر کے درمیان رابطہ ہوا تھاجس میں یوکرین میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی محفوظ مقام پر منتقلی اور وطن واپسی سے متعلق گفتگو کی گئی تھی۔

  • پی آئی اے : پاکستان سے براہ راست آسٹریلیا پروازوں کا اعلان

    پی آئی اے : پاکستان سے براہ راست آسٹریلیا پروازوں کا اعلان

    کراچی : قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی جانب سے آسٹریلیا کیلئے براہ راست پروازیں چلانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، پروازوں کا باقاعدہ آغاز جلد کیا جائے گا۔

    پاکستان سے براہ راست آسٹریلیا جا نے والے مسافروں کیلئے اچھی خبر آگئی، پی آئی اے نے آسٹریلیا کے لئے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے مارچ کے آخری ہفتے میں کراچی اور لاہور سے آسٹریلیا کے لئے پروازیں آپریٹ کرے گا۔

    پی آئی اے کراچی اور لاہور سے ہفتہ وار دو پروازوں کیلئے بوئنگ777لانگ رینج طیارے استعمال ہوں گے۔

    ترجمان پی آئی اے نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ادارے نے آسٹریلیا ایوی ایشن اتھارٹی سے طیاروں کی لینڈنگ کی اجازت کیلئے درخواست جمع کرادی ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ آسٹریلین ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اجازت ملتے ہی پی آئی اے اپنا آپریشن باقاعدہ شروع کردے گی۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے نے آسٹریلیا کے علاوہ مالدیپ اور ہانگ کانگ کے لیے بھی پاکستان سے براہ راست پروازوں کی منصوبہ بندی پر کام تیز کردیا ہے۔

    اس سلسلے میں گزشتہ ماہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے کہا تھا کہ استنبول اور بنکاک کے لیے بھی دوبارہ براہ راست فضائی آپریشن شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ، امریکا اور یورپی ملکوں کے لیے براہ راست پروازیں بحالی کے لیے یورپی، برطانوی اور امریکی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے بات چیت جاری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایاسا نے یورپی ملکوں کے لیے پروازیں چلانے کے لیے آڈٹ کا کہا ہے، آڈٹ کلیئر ہوتے ہی پروازیں بحال ہو جائیں گی۔

  • پی آئی اے نے 5 سال بعد ایران کیلئے پروازیں بحال کردیں

    پی آئی اے نے 5 سال بعد ایران کیلئے پروازیں بحال کردیں

    کراچی : پی آئی اے کی جانب سے ایران کے شہر مشہد کیلیے پانچ سال کے وقفے کے بعد پروازوں کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے پانچ سال کے وقفے کے بعد مشہد کے لئے پروازیں شروع کردیں، پہلی پرواز پی کے119 کے ذریعے165 مسافر لاہور سے مشہد روانہ ہوئے۔

    اس حوالے ذرائع کا کہنا ہے کہ مشہد کی پروازیں پہلے سے شروع کی گئی نجف، بغداد اور دمشق کی پروازوں کے سلسلے کی کڑی ہیں۔ مشہد کی پرواز کے ساتھ زائرین کی تمام مقدس مقامات کی رسائی ممکن ہوگئی۔

    سی ای او پی آئی اے ائر مارشل ارشد ملک نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مشہد کی پروازیں خصوصی طور پر زائرین کی سہولت کے لئے چلائی جارہی ہیں کیونکہ براہ راست پروازیں زائرین کا دیرینہ مطالبہ تھا۔

    ائر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے زائرین کو مقدس مقامات تک پہنچانے کے مذہبی فریضہ میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے اور آئندہ بھی اپنی خدمات پیش کرتی رہے گی، ان پروازوں سے زائرین کو براہ راست اور آسان سفر کی سہولت میسر آگئی ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ مشہد کی براہ راست پروازوں کے آغاز سے دونوں ہمسایہ ممالک کے مختلف گروپوں کی ایک دوسرے کے ممالک میں نقل و حرکت میں اضافہ ہوگا، جس میں ایران میں مقدس مقامات کی زیارت اور تجارتی و تجارتی وفود کا تبادلہ بھی شامل ہے۔

    قومی ایئرلائن کے ترجمان نے مزید کہا کہ پی آئی اے زائرین کی سہولیات کے لئے شام، عراق اور ایران کے سیکٹر پر پروازوں میں اضافہ پر بہت زیادہ توجہ دے رہا ہے تمام مقدس مقامات پی آئی اے کے نیٹ ورک میں آجائیں گے۔

  • پی آئی اے کے طیارے میں دورانِ پرواز افسوسناک واقعہ

    پی آئی اے کے طیارے میں دورانِ پرواز افسوسناک واقعہ

    اسلام آباد : : اسلام آباد سے راس الخیمہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں ایک مسافر دل کا دورہ پڑنے سےانتقال کر گیا تاہم پرواز کے راس الخیمہ پہنچنے پر مسافرکی میت اسپتال منتقل کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے طیارے میں دوران پرواز افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جہاں اسلام آباد سے راس الخیمہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں مسافر کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر موت واقع ہو گئی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ 40سالہ مسافرمعذاللہ خان دل کادورہ پڑنے سے انتقال کرگیا، پرواز کےراس الخیمہ پہنچنےپرمسافرکی میت اسپتال منتقل کردی گئی۔

    یاد رہے 2 ماہ قبل اسلام آباد سے لندن جانے والی برٹش ایئر ویز کی پرواز میں ایک پاکستانی نژاد خاتون مسافر کو دل کا دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا تھا۔

    بعد ازاں جہاز کے کپتان نے تاشقند کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر کے تاشقند ایئر پورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی، اجازت ملنے پر طیارے کو تاشقند ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا تھا۔

  • پی آئی اے کی خصوصی پرواز شام سے وطن واپس پہنچ گئی

    پی آئی اے کی خصوصی پرواز شام سے وطن واپس پہنچ گئی

    کراچی : پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی خصوصی پرواز شام سے واپس وطن پہنچ گئی، 27سال بعد شام پہنچنے پر قومی ایئر لائن کے طیارے کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی خصوصی پروازیں اربعین کے سلسلے میں نجف، بغداد اور دمشق روانہ ہوئی تھیں، قومی پرچم بردار طیارے کو دمشق ائیرپورٹ پر واٹر گن سلامی دی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی ابتدائی پرواز پر وزیر ہوابازی غلام سرور خان اور سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر ائیرپورٹ پر وزیر ہوابازی اور سی ای او پی ائی اے کی شامی وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات ہوئی اور ملاقات میں پاکستان میں شام کے سفیر بھی موجود تھے۔

    واضح رہے کہ پاکستانی وفد ایک قافلے کی صورت میں حضرت بی بی زینب کے مزار پر حاضری دینے بھی گیا مزار پر شامی وزیر اوقاف نے وفد اور پی آئی اے کے عملے کا استقبال کیا ہے۔

    اس کے علاوہ وفد نے بی بی زینب کے روضے پر فاتحہ پڑھی اور مسجد میں نوافل ادا کیے اور وزیر ہوابازی غلام سرور خان اور سی ای او پی آئی اے اس ہی پرواز کے ہمراہ وطن واپس بھی پہنچ گئے ہیں۔ خیال رہے کہ پی آئی اے کا طیارہ322 زائرین لے کر 27 سال بعد شام کی سر زمین پر اترا تھا۔

  • کابل سے 150سے زائد مسافروں کی پاکستان آمد

    کابل سے 150سے زائد مسافروں کی پاکستان آمد

    اسلام آباد : کابل سے پی آئی اے خصوصی پرواز 150سے زائد مسافروں کو لے کر پاکستان پہنچ گئی، پرواز میں غیرملکی سفارتی مشن، عالمی اداروں سے وابستہ افراد بھی سوار تھے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے براہ راست آپریشن کی نگرانی کی افغانستان میں نئی حکومت بننےکے بعد یہ پہلی بین الاقوامی پرواز تھی، کابل ایئرپورٹ بند ہونے کے باوجود پی آئی اے کے طیارے کو خصوصی اجازت دی گئی۔

    اس موقع پر سی ای او پی آئی اے ارشد ملک اور دیگر حکام اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود تھے، سی ای او نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابل ایئرپورٹ پر صرف ملٹری طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت ہے۔

    ارشد ملک نے کہا کہ کابل ایئرپورٹ پر امیگریشن کا نظام غیر ملکیوں کے ہاتھ میں ہے، سویلین گیٹ سے مسافروں کے آنے میں خاصہ وقت لگا جس کے باعث رات کو فلائٹ  آپریشن منسوخ کیا گیا تھا۔

    ،سی ای اوارشدملک نے کہا کہ امیگریشن میں وقت لگنے  پر  رات فلائٹ میں تاخیر ہوئی اور روانگی ملتوی کردی گئی، پی آئی اے کا کابل کیلئے آپریشن ہولڈ پر کردیا گیا۔

  • پورے جہاز میں صرف ایک مسافر پاکستان پہنچا، 370 سیٹیں خالی، ویڈیو وائرل

    پورے جہاز میں صرف ایک مسافر پاکستان پہنچا، 370 سیٹیں خالی، ویڈیو وائرل

    کراچی : پی آئی اے کی چارٹر  پرواز برطانیہ سے صرف ایک مسافر کو لے کر پاکستان پہنچ گئی، جہاز میں 371 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی، حکومت پاکستان نے انسانی ہمدردی کے تحت آنے کی اجازت دی۔

    تفصیلات کے مطابق مانچسٹر برطانیہ سے پاکستان پہنچنے والی انوکھی پرواز میں صرف ایک مسافر کو پاکستان لایا گیا ہے۔ کورونا وائرس کی دوسری خطرناک لہر کے پیش نظر برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد ہے۔

    پی آئی اے کی خصوصی چارٹر فلائٹ کے ذریعے ایک مسافر کو برطانیہ سے اسلام آباد پہنچایا گیا، سی اے اے کی جانب سے سفری پابندی کی وجہ سے برطانیہ کے شہر مانچسٹر سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں صرف ایک مسافر کو وطن واپس آنے کی اجازت ملی تھی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی اے اے کی جانب سے عبدالرزاق اور ان کے اہل خانہ کو کورونا وائرس کی لازمی جانچ کے تحت اجازت دی گئی تھی۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی چارٹر پرواز پی کے9702 پرواز کے واحد مسافر عبدالرزاق چوہدری کا تعلق گجرات سے ہے، جہاز میں صرف ا یک مسافر کو اسلام آباد پہنچایا گیا جبکہ اس میں 371 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔

    اس سلسلے میں ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مانچسٹر سے پاکستان آنے والا طیارے کا قومی ائرلائن کے فضائی بیڑے سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہائی فلائی کا چارٹر طیارہ فیری فلائٹ کے طور پر پاکستان کے لیے پلان تھا۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے میں سوار مسافر کو حکومت پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وطن واپس آنے کی اجازت فراہم کی، طیارے میں سوار مسافر میت کے ہمراہ پاکستان پہنچا ہے، مانچسٹر برطانیہ سے آنے والی واپسی کی پرواز پر 272مسافر روانہ ہوئے۔

  • پی آئی اے : بنکاک میں پھنسے50 سے زائد پاکستانیوں کی وطن واپسی

    پی آئی اے : بنکاک میں پھنسے50 سے زائد پاکستانیوں کی وطن واپسی

    اسلام آباد : پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے آج بنکاک سے پاکستانی مسافروں کو لے کر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بنکاک سے پی آئی اے کی پرواز پی کے895 پچاس سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لے آئی، ایئر پورٹ پہنچ کر مسافروں نے فرط جذبات میں سجدہ کرتے ہوئے اپنی سرزمین کو چوم لیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پاکستانی بینکاک میں اوور اسٹے یا ویزہ کی میعاد ختم ہونے کی بنیاد پر وہاں کی مختلف جیلوں قید میں تھے۔

    حکومت پاکستان کی خاص ہدایات پر پی آئی اے انتطامیہ نے انتہائی کم وقت میں ہنگامی طور پر اقدامات کرتے ہوئے ان کی وطن واپسی کے انتظامات مکمل کیے۔

    پی آئی اے کی پرواز پی کے895 شام 7:20 پر اسلام آباد پہنچی تو انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، لوگ اپنے پیاروں کو سامنے دیکھ کر روپڑے۔

    اس حوالے سے پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ائی اے ہمیشہ قومی فرائض کی تکمیل کے لئے سامنے کھڑی ہوتی ہے۔ یہ پاکستانی ہمارے بھائی ہیں اور ان کو دیار غیر میں تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا تھا۔

  • پی آئی اے کی پرواز میں کورونا متاثرہ مسافروں کا انکشاف

    پی آئی اے کی پرواز میں کورونا متاثرہ مسافروں کا انکشاف

    کراچی : پی آئی اے کی پرواز میں کورونا پازیٹو مسافروں کی موجود گی پر کھلبلی مچ گئی، کینیڈین حکام نے پی آئی اے کیلئے کورونا سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی لاہور سے ٹورنٹو پرواز میں کورونا پازیٹو مسافروں کا انکشاف ہوا ہے، مذکورہ انکشاف کینیڈین پبلک ہیلتھ ایجنسی کی پی آئی اے حکام کو کی گئی ای میل میں کیا گیا۔

    ای میل کے متن میں لکھا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز783پر کورونا پازیٹو مسافروں کا تعلق نشست نمبر22تا28سے تھا، پی آئی اے ٹورنٹو اسٹیشن عملے نے ایئرلائن حکام کو آگاہ کردیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کینیڈین حکام نے پی آئی اے کیلئے کورونا سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے، پی آئی اے نے کینیڈا جانے والے مسافروں کے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیے۔

    پی آئی اے انتظامیہ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ کینیڈا جانے والے مسافروں کو پرواز سے3دن قبل کورونا ٹیسٹ لازمی کرانا ہوں گے۔