Tag: PIA flight

  • خصوصی پروازیں: جدہ سے مزید 250 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    خصوصی پروازیں: جدہ سے مزید 250 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے 250 پاکستانی سعودی عرب سے وطن واپس پہنچ گئے، اب تک خصوصی پروازوں کے ذریعے ایک ہزار سے زائد مسافر پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 758 جمعے کی رات ساڑھے گیارہ بجے جدہ سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی، اس پرواز کے ذریعے 250 افراد کو سعودی عرب سے پاکستان بھیجا گیا ہے۔

    یہ جدہ سے پانچویں پرواز تھی، اب تک خصوصی پروازوں کے ذریعے ایک ہزار سے زیادہ مسافروں کو پاکستان بھجوایا جا چکا ہے، ریاض سے بھی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز دمام سے 2 پروازوں کے ذریعے 260 افراد اسلام آباد گئے تھے۔

    خصوصی پروازوں میں وزٹ ویزے، خروج نہائی اور میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

    ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹ کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے لگائی گئی فضائی پابندیوں سے متاثر ایسے پاکستانی جن کے ویزوں کی میعاد ختم ہو رہی ہے یا وہ کسی ایمرجنسی کے باعث وطن واپس جانا چاہتے ہیں وہ اپنے کوائف فراہم کریں۔

  • پی آئی اے کی خصوصی پرواز: عراق میں پھنسے 250 پاکستانیوں کی وطن واپسی

    پی آئی اے کی خصوصی پرواز: عراق میں پھنسے 250 پاکستانیوں کی وطن واپسی

    اسلام آباد: قومی ایئر لائن کی خصوصی پرواز عراق سے 250 سے زائد پاکستانی مسافروں کو لے کر وطن پہنچ گئی، تمام مسافروں کو اسکریننگ کے بعد قرنطینہ منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن (پی آئی اے) کا خصوصی طیارہ عراق میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر وطن پہنچ گیا، پرواز پی کے 710 کے ذریعے 250 سے زائد مسافر اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچے۔

    مذکورہ مسافر آئل اینڈ گیس سیکٹر میں ملازم تھے اور کئی ماہ سے عراق میں محصور تھے۔

    دارالحکومت اسلام آباد آمد پر ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم نے تمام مسافروں کی طبی جانچ اور اسکریننگ کی جس کے بعد مسافروں کو مختص ہوٹلز کے قرنطینہ مراکز میں منتقل کردیا گیا۔

    تمام مسافروں کے کرونا وائرس ٹیسٹ کے نمونے حاصل کیے جائیں گے، ٹیسٹ کلیئر آنے پر انہیں گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔

    اس سے قبل 11 مئی کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے 179 مسافروں کو اسلام آباد پہنچا چکی ہے۔

    خیال رہے کہ پی آئی اے کا بیرون ملک پھنسے ہوئے ہم وطنوں کو وطن واپس پہنچانے کے لیے فلائٹ آپریشن جاری ہے، پی آئی اے کی متعدد خصوصی پروازیں اب تک مختلف ممالک میں پھنسے 2 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لا چکی ہے۔

  • کورونا کیخلاف جنگ ،چین پاکستان کی مدد کیلئے سب سے آگے

    کورونا کیخلاف جنگ ،چین پاکستان کی مدد کیلئے سب سے آگے

    اسلام آباد : قومی ائیرلائن پی آئی اے کا خصوصی کارگوطیارہ اور پاک فضائیہ کاخصوصی طیارہ چین سے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچ گیا، طبی سامان میں ماسک، گلوز، ٹیسٹنگ کٹس شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین سےپاکستان پہنچ گیا ، پروازپی کے8897 چینگڈو سے طبی سامان لے کر پاکستان پہنچی ، طبی سامان میں ماسک، گلوز، سینیٹائزر، ٹیسٹنگ کٹس،حفاظتی لباس شامل ہیں۔

    سامان کو طیارے سے اتارتے وقت جراثیم کش اسپرے کا استعمال کیاگیا، جس کے بعد سامان پاکستانی حکام نےرن وے پر طیارے سے وصول کیا۔

    این ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ چین سےخریدےگئےطبی سامان کی ایک اورکھیپ پاکستان پہنچ گئی، پاک فضائیہ کاخصوصی طیارہ آئی ایل76سامان لیکراسلام آبادپہنچا، سامان میں20بائیوسیفٹی کیبینٹ،50ہزاروی ٹی ایم کٹس شامل ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ 116 نیوکلیائی ایسڈایکسٹرکشن کٹس،91بائیوٹیسٹنگ کٹس، 50ہزار کے این95ماسک شامل ہیں ، چند روز میں صوبوں، آزاد کشمیر،جی بی کو مزید حفاظتی کٹس، ٹیسٹنگ کٹس دیں گے۔

    یاد رہے دو روز قبل چین کی پرواز طبی سامان لے کر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی تھی، طبی سامان میں ماسک، گلوز، سینیٹائزر، ٹیسٹنگ کٹس اور حفاظتی کٹس شامل تھیں۔

  • پی آئی اے پروازوں کے ذریعے 2400سے زائد پاکستانیوں کی وطن واپسی

    پی آئی اے پروازوں کے ذریعے 2400سے زائد پاکستانیوں کی وطن واپسی

    کراچی : پی آئی اے کا بیرون ملک پھنسے ہوئے ہم وطنوں کو وطن واپس پہنچانے کیلئے فلائٹ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے 2400 سے زائد ہم وطنوں کو واپس وطن لایا گیا۔

    پی آئی اے ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی 27خصوصی پروازوں کے ذریعے چوبیس سوسے زائد پاکستانیوں کو وطن پہنچایا جاچکا ہے، بیرون ملک سے وطن پہنچنے والے پاکستانیوں کے ایئرپورٹ پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔

    عالمی وبا کی وجہ سے وطن سے دور رہنے والے پاکستانیوں کی ملک سے محبت اور عقیدت کا اظہار بھی اپنی جگہ خاص حیثیت رکھتا ہے، یہ نظارے ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر اس وقت دیکھنے میں آئے جب ہم وطنوں کی وطن واپسی ممکن ہوئی

    پی آئی اے قومی فریضہ ادا کرتے ہوئے 27خصوصی پروازوں کے ذریعے 2400سے زائد ہم وطنوں کو پہنچایا گیا ہے اور مزید واپسی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

    پی آئی اے نے برطانیہ، انڈونیشیا کے شہر جکارتہ، دبئی، ترکی سمیت دیگر ممالک سے ہم وطنوں کو واپس پہنچایا ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق پی آئی اے کا عملہ اس وقت مشکل وقت میں بہادری سے خدمات سر انجام دے رہا ہے۔

  • پی آئی اے  کے طیارے  کا مختلف ممالک میں بغیر کمیونکیشن پرواز کا انکشاف، تحقیقات شروع

    پی آئی اے کے طیارے کا مختلف ممالک میں بغیر کمیونکیشن پرواز کا انکشاف، تحقیقات شروع

    کراچی : لندن سے اسلام آباد کے لئے پی آئی اے کی پرواز کے ریڈیو کمیونیکشن میں فنی خرابی کے باعث مختلف ممالک میں بغیر کمیونکیشن پرواز کے انکشاف کے معاملے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن سے اسلام آباد کے لئے پی آئی اے کی پرواز کا مختلف ممالک میں بغیر کمیونکیشن پرواز کا انکشاف ہوا ، جس کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سیفی اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    پرواز کے کپتان نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے متعلقہ شعبے کو ڈی بریف کیا ، طیارے کے کپتان اور فرسٹ آفیسر کے بیانات قلمبند کئے گئے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن نمبر APBMG کے حامل بوئنگ 200 -777 طیارے کےساتھ یہ مبینہ واقعہ 27 فروری کو دوران پرواز پیش آیا ، لندن سے اسلام آباد کی پرواز نمبر 786 کا یہ طیارہ یورپ کے دو ممالک سے کمیونیکیشن کے بغیر گزرا، بغیر کمیونیکشن پرواز کے بارے میں ایوی ایشن ہیرالڈ نامی آن لائن میگزین نے رپورٹ کیا۔

    جریدہ کا کہنا تھا کہ ہنگری اور سلواکیا کی فضائی حدود سے پرواز کے بغیر کمیونیکیشن گزرنے پر فوجی طیاروں نے طیارے کو اسکارٹ بھی کیا۔

    ذرائع کے مطابق دوران پرواز طیارہ کےریڈیو کمیونیکیشن میں خرابی پیدا ہوگئی تھی، پی کے 786ہنگری ایئرٹریفک کنٹرولرکیساتھ اچانک رابطہ منقطع ہواتھا اور ایئرٹریفک کنٹرولر نے کپتان سے پو چھا کہ کیا آپ مجھے سن سکتے ہو۔

    کیپٹن سلمان صدر پالپا نے کہا کہ معامہ آفیشل ابھی تک ہمیں رپورٹ نہیں ہوا، رپورٹ ہونے پر معاملے کو دیکھیں گے، آج کاک پٹ کریو کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا، ڈائریکٹر فلائٹ آپریشن سرکاری طور پر آگاہ کریں گے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے نے ازخود ایس آئی بی کو معاملے کی شفاف تحقیقات کے لئے درخواست کی ہے، پرواز کو لڑاکا طیارے کے حفاظتی حصار میں لینے کی خبر میں صداقت نہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ہنگری ائیرٹریفک کنٹرولر نے فضائی ٹریفک کے پیش نظر ڈائریکٹ روٹ دیا تھا جس کی تصدیق رومانیہ اور چیک حکام نے طیارہ سے کی، پی آئی اے کو کسی طرف سے کوئی رپورٹ نہیں موصول ہوئی تاہم اب ایس آئی بی بھی مذکورہ ممالک سے رپورٹ طلب کرے گی۔

    پی آئی اے ترجمان نے مزید کہا کہ پائلٹ کی رپوٹ نے بھی کسی غیرمعمولی واقع کی نشاندہی نہیں کی تھی، طیارے نے معمول کی پرواز بھری تھی اور اپنے مذکورہ راستے سے متوقع وقت پر اسلام آباد اتر گیا، عاملہ ایک غیر ملکی بلاگ کی رپورٹ کی وجہ سے سامنے آیا تھا۔

  • سیالکوٹ ایئرپورٹ کے رن وے کی خستہ حالی، پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

    سیالکوٹ ایئرپورٹ کے رن وے کی خستہ حالی، پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

    کراچی : سیالکوٹ ائیرپورٹ کے رن وے کی حالت انتہائی خراب ہوگئی جس کی وجہ سے پی آئی اے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا ہے، جدہ سے سیالکوٹ آنے والی پی آئی اے کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز پی کے746 سیالکوٹ ائیرپورٹ کا رن وے خراب ہونے کی وجہ سے طیارے کے ٹائروں کو نقصان پہنچا۔

    طیارہ لینڈنگ کے بعد موڑ لے رہا تھا کہ اس دوران رن وے اچانک بیٹھ گیا، رن وے خراب ہونے کی وجہ سے بوئنگ 777 طیارے کا ٹائر پھٹ گیا جس کے باعث ٹائر مکمل طور ناکارہ ہو ٓگیا، حادثے کی وجہ سے پی آئی اے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔

    ذرائع کے مطابق بوئنگ 777 طیارے کے ٹائربیرون ملک سے منگوائے جاتے ہیں، ایک ٹائر پر سے8 سے 10 لاکھ روپے لاگت آتی ہے۔

    سیالکوٹ ائیر پورٹ کے رن کی کچھ عرصے قبل ہی مرمت کی گئی تھی، واقعے کے بعد بوئنگ 777 طیارے کو عارضی طور پر گراؤنڈ کردیا گیا

    طیارہ سیالکوٹ ائیر پورٹ پر تین گھنٹے سے زائد گراونڈ رہا، طیارے گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے کے ٹائر کو لاہور سے منگوا کر تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ واقعے کے بعد لاھور سے جدہ جانے والی پراوز پی کے 759تین گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی۔

    اس کے علاوہ جبکہ جدہ سے لاھور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 760طیارہ نہ ھونے کی وجہ سے3 کھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی۔

  • پی آئی اے کی ٹورنٹو سے کراچی کے لئے پروازوں میں اضافہ

    پی آئی اے کی ٹورنٹو سے کراچی کے لئے پروازوں میں اضافہ

    کراچی : پی آئی اے نے ٹورنٹو سے کراچی کے لئے پروازوں میں اضافہ کردیا، اس اضافہ کے بعد مجموعی طور پر پروازوں کی تعداد5ہوگئی، مسافروں کو سفری سہولت کے ساتھ ساتھ ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے ٹورنٹو سے کراچی کے لئے پروازوں میں اضافہ کردیا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے ہفتہ وار کراچی سے ٹورنٹو سے کراچی کی دو پروازیں آپریٹ کرے گی، جس کے بعد پی آئی اے ٹورنٹو کے لئے مجموعی طور پر پروازوں کی تعداد5ہوگئی ہے۔

    ٹورنٹو سے کراچی کیلئے پروازوں میں اضافے سے مسافروں کو سفری سہولت کے ساتھ ساتھ ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا، ٹورنٹو میں کراچی آنے والے مسافروں کی ڈیمانڈ کے مطابق پرواز میں اضافہ کیا گیا ہے۔

    اس موقع پر ٹورنٹو ایئرپورٹ پر ایک سادہ اور پروقار تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا، ٹورنٹو سے کراچی آنے والی پرواز پی کے784کے مسافروں کو پاکستانی قونصل جنرل عمران احمد صدیقی اور کنٹری منیجر نے الوداع کیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل عمران احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اوورسیز پاکستانیوں کو عوام پر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، ٹورنٹو سے مزید پروازوں کے آغاز سے مسافروں کو سفری سہولت کے ساتھ سیاحت کے فروغ اورملک کے زر مبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا۔

    کنٹری منیجر عمرخان کا کہنا تھا کہ ٹورنٹو سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز کا سیٹ فیکٹر92فیصد ہے، پی آئی اے ٹورنٹو سے دیگر پاکستان کے دیگر شہروں کیلئے بھی پروازیں آپریٹ کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے ٹورنٹو آپریشن سے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تجارت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے، پی آئی اے کراچی سے ٹورنٹو کے لئے بدھ اور اتوار کو پروازیں آپریٹ کر رہی ہے۔

  • پی آئی اے کا ایک اور طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا

    پی آئی اے کا ایک اور طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا

    کراچی : پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا ، لاہور سے ٹورنٹو جانیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے789 کو فنی خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورسے ٹورنٹو کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے بوئنگ777طیارے میں دوران پرواز اچانک فنی خرابی پیدا ہوگئی، جس کے بعد کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کرکے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت طلب کی، اجازت ملنے کے بعد کپتان نے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر باحفاظت اتار لیا۔

    طیارے میں دو سوسے زائد مسافر سوار تھے، جو محفوظ رہے ، ترجمان پی آئی اے کاکہنا ہے کہ طیارے میں فنی خرابی کی نشاندہی پر طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر اتارا گیا، جس کے بعد طیارے کی فنی خرابی دور کرکے پرواز کو ٹورنٹو کیلئے روانہ کردیا گیا۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے مسافروں کیلئے حفاظتی معیار پر سمجھوتا نہیں کرتی پی آئی اے مسافروں کو زحمت پر معذرت خواہ ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز ہی قومی ایئرلائن پی آئی اے کے بوئنگ777طیاروں میں سے ایک میں نقائص کا انکشاف سامنے آیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ نقائص میں انجن کی فائر وارننگ چیک کرنے والاسسٹم شامل ہیں جبکہ بریک کا درجہ حرارت دکھانے والا سسٹم بھی مبینہ طور پر خراب ہے۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیاروں میں سے ایک میں نقائص کا انکشاف

    ذرائع کے مطابق طیارے کے آٹو پائلٹ سسٹمز میں سے ایک سسٹم خراب جبکہ ایک جی پی ایس، ٹائرپریشر دکھانے والا سسٹم بھی مبینہ خرابی کا شکار ہے، طیارے کے دروازے کو لاک دکھانے والاسسٹم بھی مبینہ طور پر خراب ہے

    ذرائع کا کہنا تھا کہ انجن کی اوورہیٹ محسوس کرنیوالے 2سرکٹ میں سے ایک خرابی کا شکار ہے ، ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے میں 2 سے3 نقائص متعلقہ شعبے کے علم میں ہیں اور طیارے کی شعبہ انجینئرنگ میں آمد پر نقائص دور کئے جارہے ہیں۔

    اس سے قبل 22 نومبر کو قومی ایئرلائن کی دو پروازیں حادثے سے بال بال بچ گئیں تھیں ، پائلٹس نے بڑی مہارت سے طیاروں کو لینڈ کیا ، جہازمیں عملے کے ساتھ تمام مسافر بھی محفوظ رہے تھے۔

    پی کے 650 کے انجن میں اچانک خرابی پیدا ہوگئی تھی جبکہ پی کے 257 کے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد طیارے کے سسٹم ٹرپ کرگئے تھے ، جس سے ایئربس 320 کا اگلا وہیل بھی بند نہیں ہورہا تھا، پائلٹ نے وہیل کو بند کرنے کی بہت کوشش کی مگر بند نہ ہوسکا۔

  • پی آئی اے کی پرواز میں ذہنی مریضہ نے مسافروں میں کھلبلی مچا دی

    پی آئی اے کی پرواز میں ذہنی مریضہ نے مسافروں میں کھلبلی مچا دی

    اسلام آباد : پی آئی اے کی بیرون ملک پرواز میں ذہنی مریضہ نے اپنی مشکوک اور احمقانہ حرکتوں سے مسافروں اور عملے کو پریشان کردیا، ایک مسافر نے ذہنی سکون کا انجکشن لگا کر حالات کو قابو میں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی مانچسٹر سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں ذہنی مریضہ نے مسافروں میں کھلبلی مچا دی، اس حوالے سے پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ مانچسٹر سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں خاتون مسافر کو دوران پرواز اچانک نفسیاتی پن کے دورے پڑنا شروع ہوگئے ۔

    شازیہ نامی مسافر خاتون نے دوران پرواز الٹی سیدھی اور احمقانہ حرکتیں شروع کردیں، فضائی میزبان مسافر  خاتون کو بار بار سمجھاتے رہے لیکن مسافر خاتون نے کسی کی نہ سنی۔

    صورتحال کو دیکھتے ہوئے  پی آئی اے کے عملے نے فلائٹ میں موجود ایک مسافر ڈاکٹر کی معاونت سے خاتون مسافر کو ذہنی سکون کا انجکشن لگایا جس کے بعد صورتحال کنٹرول میں آئی۔

    اس حوالے سے پی آئی اے کے سینئر پرسن نے مانچسٹر کے ٹریفک کے عملے کے خلاف لاگ بک میں شکایت درج کردی  ہےکہ اگر مسافر ذہنی مریضہ تھی یا بیمار تھی تو اسے بورڈنگ پاس کیسے جاری کیا گیا اور اگر مریضہ بیمار تھی تو فضائی میزبان کو اس بارے میں آگاہ کیوں نہ کیا گیا۔

  • لاہورسے جدہ جانے والی پرواز کی فنی خرابی کی بنا پرایمرجنسی لینڈنگ

    لاہورسے جدہ جانے والی پرواز کی فنی خرابی کی بنا پرایمرجنسی لینڈنگ

    لاہور: جدہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز اڑان بھرتے ہی انجن میں فنی خرابی کے سبب تکنیکی بنیادوں پر واپس لینڈ کرگئی ، جہاز میں 130 مسافر سوار تھے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سے جدہ جانیوالی پرواز پی کے759کے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد اس کے انجن نمبر1میں فنی خرابی پیدا ہوگئی۔ پی آئی اے کے بوئنگ777طیارے کے کاک پٹ میں فائر الارم بجنا شروع ہوگئے تھے ۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تکنیکی خرابی کے سبب طیارے کے انجن میں سے دھواں نکلناشروع ہوگیا تھا جس کے بعد کپتان نے حفاظتی اقدامات کے تحت کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرتے ہوئے طیارے کو واپس اترنے کی اجازت مانگی۔

    کنٹرول ٹاور نے صورت حال کا اندازہ کرتے ہوئے طیارے کو فی الفور ٹیکنیکل لینڈنگ کی اجازت دی جس پر کپتان نے طیارے کو بحفاظت اتار لیا، طیارے کے ایک انجن کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے ۔

    پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق طیارے میں فنی خرابی کے باعث اسے واپس اتارا گیا۔ مذکورہ پروازمیں 130سے زائد مسافر سوار تھے، پی آئی اے انتظامیہ نے بوئنگ777طیارے کو گراؤ نڈ کردیا گیا ہے اور انجن کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے جدہ روانہ کر دیا ہے ۔