Tag: PIA flight

  • پی آئی اے کا سیالکوٹ سے لندن کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ

    پی آئی اے کا سیالکوٹ سے لندن کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ

    کراچی / سیالکوٹ : پی آئی اے نے نئی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے سیالکوٹ سے لندن کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے علاوہ ملازمین کی جعلی ڈگریوں کی جانچ پڑتال کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے سیالکوٹ اور لندن کے درمیان پروازوں کا آغاز کررہی ہے، مذکورہ پروازیں دس ستمبر سے آپریٹ کی جائیں گی۔

    اس حوالے سے پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ سے لندن سے سیالکوٹ کیلئے براہ راست پرواز سے اوورسیز کو سہولت ہوگی جبکہ آزاد کشمیر، جہلم اور گجرات کے ہم وطنوں کو زیادہ سہولت میسرہوگی۔

    ذرائع کے مطابق سیالکوٹ اورلندن کے درمیان پروازوں سے پی آئی اے کے ریونیو میں اضافہ ہوگا، پروازیں شروع ہونے سے سیاحت اورتجارت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

    پی آئی اے ملازمی کی جعلی ڈگریوں کی تحقیقات ، کمیٹی تشکیل

    دوسری جانب پی آئی اے ملازمین کی جعلی ڈگریوں کی ازسرنو جانچ پڑتال کیلئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، ایئر وائس مارشل نور عباس کمیٹی کے چیئرمین مقرر کردیئے گئے، اس سلسلے میں باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    پانچ رکنی کمیٹی ملازمین کی ڈگریوں کی ازسرنو تحقیقات کریگی مذکورہ کمیٹی جعلی ڈگری کیس میں سزا اور جرمانے کا تعین کرے گی۔

    جعلی ڈگری کیس سے متعلق حتمی طور پر جرمانے کی نوعیت اور سفارشات سے انتظامیہ کوآگاہ کرے گی، کمیٹی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اپنی رپورٹ پی آئی اے کے سی ای او کو پیش کرے گی۔

    اس حوالے سے پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں جعلی ڈگری رکھنے والے تمام ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔

  • طیارے میں فنی خرابی : بیجنگ ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے مسافر پریشانی کا شکار

    طیارے میں فنی خرابی : بیجنگ ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے مسافر پریشانی کا شکار

    کراچی : پی آئی اے کی پرواز پی کے852 طیارے میں فنی خرابی کے باعث گزشتہ سولہ گھنٹے سے چین میں موجود ہے، مذکورہ پرواز کل دوپہر روانہ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے بیجنگ پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے852  میں فنی خرابی16گھنٹے گزرنے کے باوجود دور نہ ہوسکی، مذکورہ پرواز کو بیجنگ سے ٹوکیو جانا تھا۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے نےکہا ہے کہ طیارے کے اے پی یو میں فنی خرابی کے باعث پرواز تاخیر کا شکار ہوئی، تمام مسافروں کو ہوٹل منتقل کردیا گیا ہے۔

    ترجمان کا مزیدکہنا ہے کہ طیارہ ٹھیک ہوتے ہی پرواز اب کل دوپہر دو بجے پاکستانی وقت کے مطابق روانہ ہو گی، طیارے کو واپس ٹوکیو سے بیجنگ اور بیجنگ سے اسلام آباد آنا ہے ۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق بیجنگ اور ٹوکیو میں پی آئی اے کا عملہ مسافروں سے رابطہ میں ہے اور ان کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ فنی خرابی کی وجہ سے پرواز میں تاخیر پر ادارہ مسافروں سے معذرت خواہ ہے۔

  • پی آئی اے پرواز کے ایمرجنسی سلائیڈ کھلنے کا واقعہ، تحقیقاتی کمیٹی قائم

    پی آئی اے پرواز کے ایمرجنسی سلائیڈ کھلنے کا واقعہ، تحقیقاتی کمیٹی قائم

    اسلام آباد : پی آئی اے کی پرواز پی کے 702کے ایمرجنسی سلائیڈ کھلنے کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ،غلام سرورخان نے کہا تحقیقاتی کمیٹی نے پرواز پر تعینات فضائی میزبانوں کے بیان قلمبندکرلیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مانچسٹر ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی پرواز پی کے 702کے ایمر جنسی سلائیڈ کھلنے کا معاملہ پر پی آئی اے انتظامیہ نے اعلی سطحی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی۔

    وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے بتایاکہ کمیٹی کے سربراہ چیف پائلٹ کارپوریٹ سیفٹی کیپٹن عامر آفتاب ہوں گے، تحقیقاتی کمیٹی نے تحقیقات شروع کردی۔

    غلام سرور خان نے مزید کہا مانچسٹر سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز پرتعینات فضائی میزبانوں کے بیان قلمبند کر لئے گئے ہیں، فضائی میزبانوں نے تحقیقاتی کمیٹی کو شارٹ کریو اور مسافر خاتون سے متعلق معلومات فراہم کیں، واقعے سے قبل فضائی میزبان مسافروں کو جہاز میں ایمرجنسی سے متعلق ڈیموسٹریشن پیش کررہی تھی۔

    وفاقی وزیر برائے ہوا بازی کا کہنا تھا ایمر جنسی دروازہ کھولنے والی مسافر خاتون 74 الفا سیٹ پر موجود تھیں، تحقیقاتی کمیٹی دوسرے مرحلے میں خاتون مسافر سے رابطہ کر کے ان کا بیان بھی ریکارڈ کرے گی۔

    فضائی میزبان اپنے بیان میں کہا کہ خاتون مسافر نے بوئنگ 777 طیارے کے ایمرجنسی دروازہ ایل فائیو کو باتھ روم سمجھ کر کھول دیاتھا۔بوئنگ 777 طیارے میں 10 دروازے میں ہوتے ہیں ہر دروازے پر فضائی میزبان کا موجو د ہونا لازمی ہے ، فضائی میزبانوں کی کمی کی وجہ سے واقعہ پیش آیا، پرواز پی کے 702 ایئر ٹریفک کنٹرول کی کلیئرنس کے بعد روانگی کیلئے تیار تھی۔

    مزید پڑھیں : خاتون مسافر نے پی آئی اے طیارہ کا  دروازہ کھول دیا

    یاد رہے چند روز قبل مانچسٹر ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارہ میں  سیٹ نمبر ایل 5 پر بیٹھی ہوئی خاتون مسافر نے طیارہ کا  دروازہ باتھ روم سمجھ کر کھول دیا تھا۔

    سلائیڈنگ کھلنے کی وجہ سے مانچسٹر سے اسلام آباد آنیوالی پرواز 7 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی ۔

    ذرائع کے مطابق قوانین کی رو سے طیارے کے جس حصے کی ایمرجینسی سلائیڈنگ کھل جائے، اس ایریا کو خالی رکھنا لازمی ہوتا ہے، اس سے .ایریا کو خالی چھوڑنے کی وجہ سے 37  مسافروں کو آف لوڈ کرنا پڑا تھا۔ْ

  • خاتون مسافر کے نازیبا رویے کے باعث پی آئی اے کی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار

    خاتون مسافر کے نازیبا رویے کے باعث پی آئی اے کی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار

    کراچی : خاتون مسافر کی بد تمیزی کے باعث پی آئی اے کی کراچی سے لاہور جانے والی پرواز تاخیر کا شکار ہوگئی، مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے304 کو اس وقت ٹیک آف پوائنٹ سے واپس لانا پڑا جب خاتون مسافر کی بدتمیزی کے باعث دیگر مسافروں نے طیارے میں شور شرابہ شروع کردیا جس پر کپتان نے طیارے کو واپس جیٹی پر لگادیا اور خاتون مسافر کو آف لوڈ کردیا گیا۔

    تین بجے روانہ ہونے والی پرواز کو اکانومی کلاس کی سیٹ نمبر ایف تھری سے خاتون مسافر کی وجہ سے واپس لایا گیا، اکانومی کلاس کی سیٹ نمبر ایف تھری میں موجود خاتون اپنے نومولود بچے کے ساتھ اکانومی پلس میں جا بیٹھی۔

    جہاز کے عملے اور کپتان نے خاتون مسافر کو اپنی نشست پر واپس جانے کی ہدایت کی تو مذکورہ خاتون مسافر نے اکانومی کلاس میں واپس جانے سے انکار کردیا۔

    عملے کے اسرار پر خاتون مسافر نے عملے سے بدتمیزی کی اور نازیبا الفاظ استعمال کیے۔ خاتون مسافر دو دن کا نومولود بچہ لے کر سفر کررہی تھی۔

    پی آئی اے کے عملے نے جب بچے کی پیدائش کا سرٹیفکیٹ طلب کیا جس پر بھی خاتون نے انکار کردیا، خاتون مسافر کی ضد کے باعث ڈیڑھ سو مسافر جہاز کی روانگی کے منتطر رہے۔

    بعد ازاں برتھ سرٹیفکیٹ نہ دکھانے پر پرواز کو ٹیک آف پوائنٹس سے واپس کردیا گیا، ترجمان پی آئی اے کے مطابق خاتون مسافر کے نازیبا رویے کے باعث پرواز کی روانگی میں ایک گھنٹے سے زائد تاخیر ہوئی، بعد ازاں مسافر خاتون کو نومولود بچے سمیت آف لوڈ کردیا گیا۔

  • پی آئی اے کی ملتان سے شارجہ کی پہلی پروازعلی الصبح روانہ

    پی آئی اے کی ملتان سے شارجہ کی پہلی پروازعلی الصبح روانہ

    کراچی : پی آئی اے نے ملتان سے شارجہ کے لئے ہفتہ وار دو پروازوں کا آغاز کر دیا، اس سلسلے میں افتتاحی پرواز بدھ کو علی الصبح روانہ ہوگئی۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ وزیر ہوا بازی محمد میاں سومرو مہمان اعزاز تھے۔ پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک بھی اس موقع پر موجود تھے، پہلی پرواز پی کے 293 کے ذریعے 166 مسافر صبح 35۔1 بجے روانہ ہوئے۔

    شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پی آئی اے کو ایک منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ مجھے امید ہے کہ سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک کی کوششیں کامیاب ہوں گی اور پی آئی اے میں ترقی کا سفر جاری رہے گا۔

    وزیر ہوا بازی محمد میاں سومرو نے کہا کہ وہ ائیر مارشل ارشد ملک اور انکی انتظامیہ کی کارکردگی اور کاوشوں سے مطمئن ہیں۔
    ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے میں ترقی کا سفر جاری ہے۔ شارجہ کے لئے پروازوں کا آغاز جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے تحفہ ہے جس سے انکی عرب امارات تک رسائی براہ راست ہو جائے گی۔

    ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ گزشتہ 4 ماہ کے دوران یہ ہماری چھٹی نئی پرواز ہے جبکہ 21 فروری کو پشاور سے شارجہ اور 22 فروری کو پشاور سے العین کے لئے پروازوں شروع کی جا رہی ہیں جو خیبر پختون خواہ کے عوام کے لئے پی آئی اے کا تحفہ ہوگا۔

  • پی آئی اے نے سیالکوٹ سے شارجہ کے لئے پروازوں کا دوبارہ آغاز کردیا

    پی آئی اے نے سیالکوٹ سے شارجہ کے لئے پروازوں کا دوبارہ آغاز کردیا

    کراچی : پی آئی اے کی دو ہفتہ وار پروازیں سیالکوٹ سے شارجہ کے لئے شروع کر دی گئی ہیں یہ پروازیں منگل اور جمعہ کو چلائی جائیں گی۔

    سیالکوٹ سے شارجہ کے لئے شروع کی جانے والی ان پروازوں کے بعد شارجہ کے لئے پروازوں کی ہفتہ وار تعداد پانچ ہو جائے گی جن میں سے تین پہلے ہی تربت سے شارجہ کے لئے روانہ ہوتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے اپنے بند کئے گئے منافع بخش روٹس پر پروازیں دوبارہ سے شروع کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں لاہور سے مسقط کے بعد اب سیالکوٹ سے شارجہ کے لئے بھی پروازیں دوبارہ شروع کی جارہی ہیں۔

    پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئرمارشل ارشد ملک نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سیالکوٹ پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کا دنیا سے تیز رفتار رابطہ نا گزیر ہے۔

    پی آئی اے نے پاکستان کے پہلے نجی شعبے کے تحت چلنے والے ائر پورٹ سے سب سے پہلے اپنی پروازیں شروع کیں۔ پی آئی اے مستقبل میں سیالکوٹ سے یورپی ممالک کے لئے بھی پروازوں کی منصوبہ بندی کر رہی۔

    ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ ان کی یہ کوشش ہے کہ پی آئی اے کے ریونیو میں اضافہ کیا جائے اور مسافروں کو ان کے قریب ترین ایئر پورٹس سے بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں پی آئی اے کی مارکیٹنگ ٹیم حکمت عملی طے کر رہی ہے۔

    چیف ایگزیکٹو آفیسر سیالکوٹ انٹر نیشنل ایئر پورٹ،میجر جنرل (ر) محمد عابد نذیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے، پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ منیجر محمد عارف، اسٹیشن منیجر طارق گلزار اور پی آئی اے اور دیگر محکموں کے اعلی افسران بھی شریک تھے۔

  • پی آئی اے کے جہاز کا اے سی خراب، نومولود بچہ بے ہوش

    پی آئی اے کے جہاز کا اے سی خراب، نومولود بچہ بے ہوش

    ان

    اسلام آباد : قومی ایئر لائن کی اسلام آباد سے پیرس جانے والی پرواز کے سنٹرل ایئرکنڈیشننگ سسٹم میں خرابی پیدا ہونے کے سبب مسافر بلبلا اٹھے، حبس کی شدت سے نومولود بچہ بے ہوش ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائر ل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حبس اور گرمی سے مسافروں کی حالت خراب ہے، اور گرمی سے نڈھال ایک نومولود بچے کی والدہ ایئر لائن کے عملے سے الجھ رہی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیرس ایئرپورٹ پر اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 750 میں روانگی کے وقت اے سی سسٹم میں خرابی پیدا ہوگئی تھی ، جہاز کے دروازے بند کیے جاچکے تھے جس کے سبب طیارے میں شدید حبس اور گرمی سے مسافر بلبلا اٹھے۔

    نومولودبچے کے بیہوش ہونے پر بچے کی ماں چیخنے چلانے لگی، خاتون کی جانب سے بار بار دروازہ کھلوانے کی درخواست کی گئی تاہم پی آئی اے کا عملہ تماشا دیکھتا رہا اور جہازکے دروازے نہیں کھولے گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز مجموعی طور پر 2 گھنٹے 40 منٹ تاخیر کا شکار رہی ۔ طیارے میں مسافروں کے شور شرابہ کرنے پر کپتان نے اے ٹی سی سے ہنگامی بنیادوں پر اڑان بھرنے کی اجاز ت طلب کی، پیرس ایئرپورٹ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پی آئی اے کا طیارہ میلان سے پیرس تاخیرسے پہنچا تھا جس کی وجہ سے اس کو اسلام آباد اڑان بھرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ پیرس میں پی آئی اے کی انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث طیارے میں دو اے سی وین کے بجائے ایک اے سی وین لگائی گئی تھی جو کہ ناکافی تھی۔

    پی آئی اے کی انتظامیہ نے میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد واقعے کا نوٹس لے لیا ہے، فلائٹ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ نے پرواز پی کے 750 کے عملے کو طلب کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

  • پیرس میں پی آئی اے کے طیاروں کی سراغ رساں کتوں سے جانچ پڑتال

    پیرس میں پی آئی اے کے طیاروں کی سراغ رساں کتوں سے جانچ پڑتال

    پیرس : فرانس میں پی آئی اے کے فضائی میزبانوں سے ہیروئن برآمدگی کے واقعے کے بعد فرانس میں پی آئی اے کی تمام پروازوں کی جانچ پڑتال کا عمل مزید سخت کردیا گیا ہے۔

    پاکستان سے پیرس پہنچنے والی پی آئی اے کی پروازوں کی سراغ رساں کتوں کی مدد سے مکمل جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق لاہور سے پیرس پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز کے مسافروں کو بھی اترنے کی اجازت نہیں دی گئی، انتظامیہ کی جانب سے سراغ رساں کتوں کی مدد سے طیارے کو پہلے سرچ کیا گیا۔

    پیرس ایئر پورٹ پر کسٹم کے عملے نے پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کی مکمل طور پر جامہ تلاشی لی، طیارہ کلیئر ہونے کے بعد مسافروں کو باہر جانے کی اجازت دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے فضائی میزبان گلزار تنویر کے قبضے سے چار کلو ہیروئن برآمد ہونے کے بعد ان کے دوسرے ساتھی کی گرفتاری اور سزا کے بعد پی آئی اے کی پروازوں پر سختی کی گئی ہے۔

  • پی آئی اے کے مسافروں کو مضرصحت پانی کی فراہمی کا انکشاف

    پی آئی اے کے مسافروں کو مضرصحت پانی کی فراہمی کا انکشاف

    کراچی : پی آئی اے کے طیاروں میں مضر صحت پانی کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے، کینیڈا کے محکمہ صحت نے جہاز پر اچانک چھاپہ مار کر پانی کے نمونے حاصل کئے جو مضر صحت ثابت ہوئے۔

    ذرائع کے مطابق اندرون اور بیرون ملک جانے والی پروازوں میں کراچی اور لاہور ایئرپورٹ پر جہازوں کے ٹینکوں میں مضر صحت پانی بھرا جاتا ہے ، دوران پرواز اسی مضر صحت پانی سے مسافروں کو فضائی عملے کی جانب سے چائے بھی فراہم کی جاتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے صلاح الدین کے مطابق پی آئی اے کے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیاروں میں مضر صحت پانی کی شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کراچی سے ٹورنٹو جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 783 پر کینیڈین محکمہ صحت کے عملے نے طیارے پر اچانک چھاپہ مارا، طیارے سے حاصل کیے گئے پانی کے نمونے مضر صحت ثابت ہوئے، جس پر محکمہ صحت کے عملے نے اظہار برہمی بھی کیا۔

    کینیڈین محکمہ صحت نے پی آئی اے کو وارننگ دی کہ اگر آئندہ مضرصحت پانی اور اشیاء برآمد ہوئیں تو پی آئی اے کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    دوسری جانب مضر صحت پانی اور اس سے تیار کی جانے والی چائے پینے کی وجہ سے بیشتر مسافروں کے پیٹ میں درد کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں، جس پر فضائی میزبانوں نے متعدد بار کپتانوں کو رپورٹ درج بھی کروائی۔

    کپتانوں کی جانب سے پی آئی اے کے انجنیئرز اور اعلیٰ حکام کو اس بات کی نشاندہی کرائی گئی کہ طیارے کے ٹینکرز میں مضر صحت پانی بھرا جارہا ہے لیکن اس کی روک تھام کیلئے انتظامیہ نے تاحال کوئی اقدام نہیں کیے۔

  • پی آئی اے کا ایک اور طیارہ حادثے سے بچ گیا

    پی آئی اے کا ایک اور طیارہ حادثے سے بچ گیا

    لاہور: پی آئی اے کی ابوظبی سے لاہور آنے والی پرواز سے دوران لینڈنگ پرندہ ٹکرا گیا تاہم  پائلٹ نے طیارہ بحفاظت لینڈ کرالیا تمام مسافر محفوظ رہے اور جہاز کسی حادثے کا شکار ہونے سے بچ گیا۔

    طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات لاہور ایئرپورٹ پر معمول بن چکے ہیں، اس میں سب سے بڑی ذمہ دار سول ایوی ایشن اتھارٹی ہے، اس کا کام یہی ہے کہ وہ ایئرپورٹ کے اطراف پرندوں کی غیر معمولی آمدورفت کو روکنے کے لیے اقدامات کرے لیکن وہ پرندوں کی آمد روکنے میں ناکام ہے اور لاہور ایئر پورٹ اس حوالے سے خطرناک بن چکا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ لاہور واصف محمود نے بتایا کہ  آج بھی ایسا ایک واقعہ پیش آیا، پی کے پی آئی اے کی ابوظبی سے لاہور آنے والی  فلائٹ 264 ایئرپورٹ پر لینڈ کررہی تھی کہ دوران لینڈنگ اس کی اسکرین سے ایک پرندہ ٹکرا گیا اور جہاز کو نقصان پہنچا پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جہاز کو بحفاظت لینڈ کرادیا جہاز اور مسافر محفوظ رہے۔

    رپورٹر نے بتایا کہ جہاز کو مرمت کے لیے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ منتقل کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس حوالے سے پی آئی اے بھی متعدد بار سول ایوی ایشن اتھارٹی کو پرندوں کے مسئلے کے حوالے سے آگاہ کرچکی ہے تاہم سی اے اے نے کوئی اقدامات نہیں کیے۔