Tag: PIA fuel suppy stop

  • پی ایس او نے پی آئی اے کو تیل کی فراہمی پھرروک دی

    پی ایس او نے پی آئی اے کو تیل کی فراہمی پھرروک دی

    کراچی : واجبات کی عدم ادائیگی پر پی ایس او کی جانب سے فیول فراہم نہ کیے جانے کی وجہ سے پی آئی اے کی پرواز مقررہ وقت پرروانہ نہ ہوسکی، مسافر پی آئی اے انتظامیہ پر برس پڑے۔

    تفصیلات کے مطابق واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے اورپی ایس او کی چپقلش پھرعروج پر پہنچ گئی ہے، پی آئی اے پی ایس او کا 15 ارب روپے کا نادہندہ ہے۔

    دس روز قبل واجبات کی عدم ادائیگی پرپی ایس او نے پی آئی اے کو تیل کی فراہمی بند کردی تھی، بعد ازاں واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی پرتیل کی فراہمی شروع کی گئی۔

    معاہدے کے مطابق پی آئی اے کو روزانہ کی بنیاد پر تیل کی رقم یومیہ ادا کرنا تھی، پی آئی اے اپنے آپریشنز کو برقرار رکھنے کیلیے یومیہ کی بنیاد پر 30 کروڑ روپے کاتیل خریدتا ہے، جبکہ گزشتہ روز یومیہ ادائیگی بھی نہیں کی گئی۔

    یومیہ ادائیگی روکنے پر پی ایس او نے آج پھرتیل کی فراہمی بند کردی، تاہم تیل کی فراہمی روکنے پر پی آئی اے کا آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔

    مزید پڑھیں : واجبات کی عدم ادائیگی: پی آئی اے کی فیول بند کرنے کی دھمکی

    تیل کی عدم دستیابی کے باعث کراچی سے لاہورجانے والی پرواز تاخیر کا شکارہوئی، کراچی سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 304 کا مقررہ وقت سہ پہر3 بجے ہے، تیل کی عدم دستیابی کی وجہ سے پروازابھی تک روانہ نہ ہوسکی۔

    پرواز کے روانہ نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں نے احتجاج کیا، ان کا کہنا تھا کہ مسافرمہنگے ٹکٹ لینے کے باوجود وقت پراپنی منزل پرنہیں پہنچ سکتے، پی آئی اے مسافروں کو مہنگے ٹکٹ فروخت کرتی ہے اورتیل کے پیسے کیوں نہیں دیتی۔

  • پی آئی اے ادائیگی میں ناکام ، پی ایس او نے ایندھن کی سپلائی بندکردی

    پی آئی اے ادائیگی میں ناکام ، پی ایس او نے ایندھن کی سپلائی بندکردی

    کراچی : پاکستان اسٹیٹ آئل نے واجبات کی ادائیگی نہ ہونے پر پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی بند کر دی ہے، دوسری جانب چیئرمین پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی ایس او انتظامیہ سے بات چیت چل رہی ہے مسئلے کو جلد حل کرلیں گے۔

    پی ایس او ترجمان کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل نے پی آئی اے کو بارہ ارب روپے کی ادا ئیگی کیلئے آج کی ڈیڈ لائن دی تھی جو کہ صبح گیارہ بجے ختم ہوگئی ہے ، ادائیگی نہ ہونے اور ڈیڈ لائن ختم ہونے کے باعث پی آئی اے کو فیو ل کی فراہمی روک دی گئی ہے ۔

    پی ایس او ترجمان کے مطابق پی ایس او اس وقت شدید مالی مشکلات کا شکار ہے، پی ایس او کو خام تیل کی بیرونی ادائیگیوں کیلئے فوری طور پر رقم کی ضرورت ہے، پی آئی اے کے علاوہ نجی پاور پلانٹس سے بھی پی ایس او کو ایک سو اڑسٹھ ارب روپے وصول کرنے ہیں۔

    دوسری جانب ابو ظہبی اور سعودی عرب کی فیول کمپنیوں نے پی آئی اے سے واجبات طلب کرلئے ہیں، پی آئی اے نے چھ ملین ڈالر سے زائد واجبات ادا نہیں کئے ہیں، جس کے باعث فیول بند کرنے کی دھمکی دیدی ہے، اس صورتحال کے باعث دبئی اور سعودی عرب جانیوالی پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔