Tag: pia operation

  • وزیر ہوا بازی کا دعویٰ غلط، جدہ میں پی آئی اے کا آپریشن تاحال سخت متاثر

    وزیر ہوا بازی کا دعویٰ غلط، جدہ میں پی آئی اے کا آپریشن تاحال سخت متاثر

    وفاقی وزیر ہوا بازی سعد رفیق کے دعوے دھرے رہ گئے ہیں جدہ کے نارتھ ٹرمینل پر پی آئی اے کا فضائی آپریشن بری طرح سے متاثر ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جدہ کے نارتھ ٹرمینل پر قومی ایئر لائن کا فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے اور پی آئی اے ی 4 سے زائد پروازیں 5 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہیں جس کے باعث عمرہ ادائیگی کے بعد وطن واپسی کیلیے ایئرپورٹ پر موجود پاکستانی مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    جدہ کے نارتھ ٹرمینل پر اس وقت صورتحال یہ ہے کہ جدہ سے اسلام آباد اور لاہور آنے والی پروازیں 5 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی ہیں جب کہ پی آئی اے کی دو پروازیں اب بھی جدہ ایئرپورٹ پر پھنسی ہوئی ہیں۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق جدہ سےکراچی آنے والی پرواز پی کے9742 ساڑھے5 گھنٹے جب کہ اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے6746 پانچ گھنٹے تاخیرکا شکار ہیں۔

    پروازوں کی گھنٹوں تاخیر اور ایئرپورٹ پر رش کے باعث پی آئی اے کے مسافر رُل گئے ہیں جب کہ ذرائع نے بتایا ہے کہ مسافروں کا اس وقت وہاں کوئی پرسان حال نہیں ہے اور قومی ایئرلائن کا عملہ بھی وہاں سے غائب ہوگیا ہے۔

    واضح رہے کہ جدہ ائیرپورٹ پر رش اور پروازوں کی تاخیر کے معاملے پر وزیر ہوا بازی سعد رفیق نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ جدہ ائیرپورٹ پر پاکستانی پی آئی اے عملہ اور سفارتخانہ متحرک ہے اور وہاں سے مسافروں کی واپسی کا آپریشن معمول پر آچکا ہے۔

     

  • پی آئی اے کی دس سالہ تاریخ میں12 بوئنگ 777 طیارے آپریشن میں مکمل فعال

    پی آئی اے کی دس سالہ تاریخ میں12 بوئنگ 777 طیارے آپریشن میں مکمل فعال

    کراچی : پی آئی اے کی دس سالہ تاریخ میں پہلی بار12 بوئنگ 777 طیارے آپریشن میں مکمل فعال کردئیے گئے، طیارے کینیڈا، برطانیہ ، یورپ سمیت حج آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں اصلاحات کا عمل تاحال جاری ہے، ادارے کی دس سالہ تاریخ میں پہلی بار تمام بوئنگ 777 طیارے آپریشن میں مصروف ہیں۔

    پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک کی کاوشوں اور شعبہ انجنیئرنگ نے بارہ777 طیاروں کو اڑان کے قابل بنایا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ گزشتہ دس سالوں کے دوران دو سے چار طیارے ہمیشہ گراؤنڈ رہتے تھے، پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیارے کینیڈا، برطانیہ ، یورپ سمیت حج آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

    قومی ایئرلائن کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام بوئنگ777طیارے آسمان میں اڑان بھررہے ہیں، پی آئی اے کی دس سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کوئی بھی بوئنگ طیارہ گراونڈ نہیں ہے۔

    پی آئی اے کا فلیٹ مجموعی طور پر31 جہازوں پر مشتمل ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد مسافروں کو دور جدید کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔