Tag: PIA plane

  • افغان حکام نے پی آئی اے طیارے کو کابل ایئرپورٹ پر روک لیا

    افغان حکام نے پی آئی اے طیارے کو کابل ایئرپورٹ پر روک لیا

    کابل : افغان حکام نے بغیر کسی وجہ کے پی آئی اے طیارے کو کابل ایئرپورٹ پر روک لیا اور مسافروں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی  تاہم بعد میں متعصبانہ رویہ اپناتے ہوئے اڑان کے لئے چھوٹا رن وے استعمال کرنے کی ہدایت کی۔

    تفصیلات کے مطابق افغان حکام کی پاکستان دشمنی سامنے آگئی ، کابل ایئرپورٹ پر قومی ایئرلائن پی آئی اے طیارے کو اڑان بھرنے سے روکے رکھا اور مسافروں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی۔

    کابل ایئرپورٹ پرافغان حکام نےجہازسےمسافروں کو اترنے کی اجازت بھی نہیں دی اور طیارے میں سوار ایک سو باسٹھ مسافرمحصور ہوگئے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ اتھارٹی نے طیارے کا وزن کم کرنے کا کہا لیکن قومی ایئرلائن کے کپتان نے مؤقف اختیار کیا کہ کسی مسافر کو چھوڑ کرنہیں جاؤں گا، بحث کے بعد کابل ایئرپورٹ اتھارٹی نے ون ٹائم اڑان کی اجازت دی اور متعصبانہ رویہ اختیارکرتے ہوئے چھوٹا رن وے استعمال کرنےکی ہدایت کی تاہم رن وے سے امارات اور فلائی دبئی کےبڑےطیارے معمول کےمطابق اڑان بھرتے رہے۔

    دوسری جانب کابل میں پی آئی اےکےطیارے کو روکے جانے کے معاملے پر ذرائع نے کہا ڈھائی گھنٹےبعدپی آئی اےطیارےکواڑان بھرنےکی اجازت دی ، معاملہ پاکستانی حکام کے سفارتی چینلز کے ذریعے اٹھانے کےبعد حل ہوا۔

    ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام نےمعاملہ افغان قیادت کےساتھ استنبول میں اٹھایا، افغان قیادت استنبول میں ہارٹ آف ایشیاکانفرنس کےلئےموجودہے، جس کے بعد پی آئی اے کا طیارہ تمام162مسافروں کے ہمراہ اسلام آباد روانہ ہوا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ افغانستان میں موجود پاکستانی سفارت کاروں کو سول کپڑوں میں ملبوس نامعلوم مسلح افراد ہراساں کررہے تھے جبکہ ان کی نقل و حرکت میں بھی رکاوٹ ڈالی جا رہی تھی۔

    افغان خفیہ ایجنسی کے اہلکار سفارت کاروں کی گاڑیاں روک کر غلط زبان استعمال کرتے ہیں، سفارت کاروں کو نقل وحرکت کے دوران روکا جاتا،ہراساں کرنے کے واقعات گھر سے لے کر سفارت خانے اور واپسی کے راستے میں پیش آئے۔

  • گلگت ایئرپورٹ پر طیارے کے کچے میں اترنے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری

    گلگت ایئرپورٹ پر طیارے کے کچے میں اترنے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری

    کراچی: گلگت ایئرپورٹ پر اے ٹی آر طیارے کے کچے میں اترنے کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ میں کپتان کو قصور وار ٹھہرا دیا گیا، رپورٹ کے مطابق لینڈنگ کے وقت طیارے کی رفتار بہت زیادہ تھی۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت ایئرپورٹ پر اے ٹی آر طیارے کے کچے میں اترنے کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی گئی، سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کی جانب سے جاری کی گئی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں کپتان کو قصور وار ٹھہرایا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ذرا سی غلطی کے باعث بہت سنگین حادثہ پیش آسکتا تھا، لینڈنگ کے وقت طیارے کی اسپیڈ بہت زیادہ تھی۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق کپتان طیارے کو 360 ڈگری کا چکر لگا لیتا تو واقعہ پیش نہ آتا، کپتان نے جہاز کو تقریباً آدھا رن وے گزرنے کے بعد اتارا۔ گلگت ایئر پورٹ کا رن وے صرف 5400 فٹ طویل ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے چیف پائلٹ سیفٹی نے کیپٹن مریم اور فرسٹ افسر وقاص سے تحقیقات کیں، اے ٹی آر طیارے کی کپتان مریم نے تسلیم کیا طیارے کی رفتار زیادہ تھی۔ اسلام آباد سے گلگت کی پرواز پی کے 605 کو کپتان مریم مسعود آپریٹ کر رہی تھیں۔

    ذرائع کے مطابق محکمہ ایس ایم ایس سیفٹی مینجمنٹ سسٹم اپنی سفارشات پیر کو سی ای او کو پیش کرے گی۔

    خیال رہے کہ 20 جولائی کی صبح پی آئی اے کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا تھا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں تمام مسافر محفوظ رہے۔ واقعے کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے کپتان اور فرسٹ آفیسر کو گراؤنڈ کردیا تھا۔

  • گلگت ایئرپورٹ : طیارہ کچے میں اترنے کا واقعہ : کپتان اور فرسٹ آفیسر کو گراؤنڈ کردیا گیا

    گلگت ایئرپورٹ : طیارہ کچے میں اترنے کا واقعہ : کپتان اور فرسٹ آفیسر کو گراؤنڈ کردیا گیا

    کراچی : پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے گلگت ایئرپورٹ پر طیارے کے کچے میں اترنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا، جہاز کی کپتان مریم اور فرسٹ آفیسر کو گراؤنڈ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، گلگت ائیر پورٹ پر طیارہ رن وے سے پھسلا اور پائلٹ کے قابو سے ہوکر کچے میں اتر گیا تھا تمام مسافروں کو جہاز سے بحفاظت نکال لیا گیا۔

    پی آئی اے کی پرواز پی کے608 اسلام آباد سے گلگت پہنچی تھی۔ پی آئی اے نے کپتان مریم اور فرسٹ آفیسر کو گراؤنڈ کردیا، پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی عمل میں غلطی ثابت ہونے پر ایوی ایشن قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی، تحقیقات مکمل ہونے تک مذکورہ پرواز آپریٹ کرنے والے دونوں پائلٹس کو گراؤنڈ کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہے۔ ٹیم نے طیارے کے کچے میں اترنے کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہے۔

    تحقیقاتی ٹیم نے رن وے کا بھی معائنہ کیا، اس کے علاوہ گلگت ایئرپورٹ کے منیجر نے اے ٹی آر طیارے کی کپتان مریم اور فرسٹ آفیسر کا طبی معائنہ بھی کیا۔

    سی اے اے ذرائع نے کہا ہے کہ قواعد کے مطابق کپتان کے تمام ٹیسٹ کئے گئے ہیں، واضح رہے کہ طیارہ گلگت ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران کچے میں اتر گیا تھا خوش قسمتی سے حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے تھے۔

  • پی آئی اے کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا

    پی آئی اے کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا

    اسلام آباد: قومی ایئر لائن کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا، تمام مسافر خیریت سے اور محفوظ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا۔ پائلٹ نے کمال مہارت سے دوران لینڈنگ طیارے پر قابو پالیا۔

    پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام مسافر خیریت سے اور محفوظ ہیں، قومی ایئر لائن کے سی ای او ارشد ملک نے حادثے کی تحقیقات کی ہدایت دے دی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی واقعے کا نوٹس لے لیا۔

    ذرائع کے مطابق سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کے ارکان اسلام آباد سے گلگت روانہ ہوگیا ہے۔ ارکان طیارے کے کپتان سے معلومات حاصل کریں گے اور اس کا طبی معائنہ کیا جائے گا۔

    ایس آئی بی کے بعد پی آئی اے بھی اس واقعے کی تحقیقات کرے گی۔ پی آئی اے کی انجینئرز اور ٹیکنیکل ٹیم بھی گلگت روانہ ہوگئی ہے۔

    دوسری جانب گلگت آنے والے مسافروں کو اسلام آباد لانے کے لیے پرواز روانہ کردی گئی ہے۔

  • طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ، پی آئی اے کو لاکھوں کا نقصان

    طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ، پی آئی اے کو لاکھوں کا نقصان

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کی غفلت و لاپرواہی کے باعث طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں تسلسل سے اضافہ ہورہا ہے۔ سات ماہ میں پی آئی اے کے34طیارے متاثر ہوئے، پی آئی اے کو لاکھوں کا نقصان برداشت کرنا ہڑا۔

    ذرائع کے مطابق کراچی اور لاہور ایئرپورٹ پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے، پرندے ٹکرانے کی وجہ سے پی آئی اے کے طیاروں کو سب سے زیادہ نقصان ہوا۔

    سات ماہ کے دوران پی آئی اے کے34سے زائد طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات رپورٹ ہوئے، پرندے ٹکرانے کی وجہ سے پی آئی اے کے8طیارے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، متاثر ہونے والے طیاروں میں بوئنگ777اور ایئربس320شامل ہیں۔

    سب سے زیادہ پرندے ٹکرانے کے واقعات کراچی ایئرپورٹ پر رپورٹ ہوئے، کراچی ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے15طیاروں سے جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے11طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

    اس کے علاوہ سکھر ایئرپورٹ پر دو، پشاور ایئرپورٹ پر دو، اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک اور کوئٹہ میں پرندے ٹکرانے کے دو واقعات رپورٹ ہوئے، پی آئی اے کو طیارے سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں لاکھوں روپے کے اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑے اور ان واقعات سے پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا۔

    پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ پرندے ٹکرانے کی وجہ سے بعض پروازیں تاخیر کا بھی شکار ہوئیں جس کی وجہ سے مسافروں کو ہوٹل منتقل کرنا پڑا، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کراچی اور لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کو بھگانے کے حوالے سے پرانا اور دیسی طریقہ استعمال کیا جارہا ہے

    سی اے اے نے ملک کے کسی بھی ایئرپورٹ پر پرندوں کو بھگانے کیلئے جدید آلات نصب نہیں کئے، یاد رہے کہ پی آئی اے سمیت غیر ملکی ایئرلائن نے بھی پرندے ٹکرانے کے واقعات پر سی اے اے کو اپنی تشویشسے آگاہ کیا تھا۔

  • مرمت نہ ہونے کے باعث پی آئی اے کو طیاروں کی کمی کا سامنا

    مرمت نہ ہونے کے باعث پی آئی اے کو طیاروں کی کمی کا سامنا

    کراچی : پی آئی اے کو طیاروں کی کمی کا سامنا ہے، تین ایئر بس320طیارے گراونڈ ہونے کی وجہ سے آپریشن متاثر ہورہے ہیں، ایئربس 320بی ایل وی رجسٹریشن کا حامل طیارہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے گراؤنڈ ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ شعبہ انجینئرنگ نے طیارے کے پرزہ جات نکال کر دوسرے طیاروں میں لگا دیئے جس کی وجہ سے اس کی مرمت نہ ہوسکی، دیگر دو طیارے بھی پرزہ جات نہ ہونے کی وجہ سے عرصہ دراز سے گراؤنڈ ہیں۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ سال سے کھڑے طیارے کا انجن باہر سے منگوالیا گیا ہے آئندہ ماہ اڑان بھرنے کے قابل ہوگا، دیگر دو ایئر بس 320طیارے کی بھی مرمت کا کام جاری ہے جلد ہی اڑان بھرنے کے قابل ہوجائیں گے۔

    ترجمان پی آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں بعض سیکٹر پر لوڈ نہ ہونے کی وجہ سے پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک شعبہ انجینئرنگ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں،۔

    رجمان کے مطابق عرصہ دراز سے کھڑے طیاروں کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے، بوئنگ 777طیارہ بھی جون کے پہلے ہفتے میں اڑان بھرنے کے قابل ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ اے آروائی نیوز پر ناکارہ طیاروں سے متعلق خبر نشر کرنے کے بعد پی آئی اے کے سی ای او نے خصوصی نوٹس لیا تھا۔

  • کراچی : پی آئی اے کی غفلت، طیارے کو سلائیڈنگ شوٹ چیک کئے بغیر ہی روانہ کردیا

    کراچی : پی آئی اے کی غفلت، طیارے کو سلائیڈنگ شوٹ چیک کئے بغیر ہی روانہ کردیا

    کراچی : پی آئی اے کے انجینئرز نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کا سلائیڈنگ شوٹ چیک کئے بغیر ہی کراچی کے لئے روانہ کردیا، خالی بزنس کلاس کے ساتھ کراچی لایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگ لاجواب سروس کی دعویدار پی آئی اے انتظامیہ نے ٹورنٹو سے آنے والی پرواز کا طیارہ سلائیڈنگ شوٹ چیک کئے بغیر ہی کراچی کے لئے روانہ کردیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز کی واپسی پربوئنگ 777 طیارے کی سلائیڈنگ شوٹ چیک کرنا ضروری ہے، بی جے وائی رجسٹریشن کا حامل طیارہ بغیر چیکنگ پرواز نمبر305 کراچی روانہ کیا گیا۔

    پرواز نمبر پی کے790کا بوئنگ طیارہ بدھ کی شام ٹورنٹو سے لاہور پہنچا تھا، سلائیڈنگ شوٹ چیکنگ کے بغیر طیارے کو خالی بزنس کلاس کے ساتھ کراچی لایا گیا۔

    طیارے کی بزنس کلاس کی نشستوں کو اسٹرپ کے ذریعے مسافروں کے لئے بند کیا گیا، مختلف سلائیڈنگ شوٹ کے دروازے کو بھی اسٹرپ کی مدد سے ناقابل استعمال بنایا گیا۔

  • کراچی سے پشاور پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز میں بم کی اطلاع

    کراچی سے پشاور پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز میں بم کی اطلاع

    پشاور : کراچی سے پشاور پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز میں بم کی اطلاع پر سرچنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد سیکیورٹی اداروں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے طیارے کو کلیئر قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے پشاور پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز میں بم کی اطلاع پرپشاور ایئرپورٹ پر عملے کی دوڑیں لگ گئی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذکردی گئی تھی ، پرواز پی کے350کراچی سے پشاور آرہی تھی لینڈنگ سے پندرہ منٹ قبل بم کی موجودگی کی اطلاع کراچی فلائٹ ڈسپیج پر موصول ہوئی۔

    کپتان نے ضروری حفاظتی اقدامات کے بارے میں کنٹرول ٹاور کو آگاہ کیاکہ طیارے میں بم کی اطلاع ہے طیارے کو فوری اترنے کی اجازت دی جائے ، کنٹرول ٹاور نے ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے طیارے کو پشاور ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت دی، جس پر ایئرپورٹ پر فائر بریگیڈ اور دگر ریسکیو ادارے طلب کرلئے گئے تھے۔

    طیارے کو پشاور ایئرپورٹ کے رن وے سے دور کھڑا کرکے مسافروں کو اتار لیا گیا، اور سی اے اے ،اے ایس ایف،بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سیکیورٹی اداروں نے طیارے کو اپنے گھیرے میں لیکر سرچنگ کا عمل شروع کردیا۔

    پشاور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کی سرچنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد سیکیورٹی اداروں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے طیارے کو کلیئر قرار دے دیا۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    گذشتہ روز پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا تھا اور پائلٹ کے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت اسلام آباد ائرپورٹ پر اتار لیا تھا۔

    قومی ایئرلائن کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے370کے کیبن کا آکسیجن پریشر کم ہو گیا، پریشر کم ہونے سے ایئر بس اے320 جہاز کی کمزور ونڈ اسکرین میں بھی کریک پڑ گیا تھا۔

  • پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    کراچی : پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا، پائلٹ کے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت اسلام آباد ائرپورٹ پر اتار لیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے370کے کیبن کا آکسیجن پریشر کم ہو گیا، پریشر کم ہونے سے ایئر بس اے320 جہاز کی کمزور ونڈ اسکرین میں بھی کریک پڑ گیا۔

    کپتان نے طیارے کو اسلام آباد ائرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ دوران سفر بہاولپور کی فضائی حدود میں طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارہ اسلام آباد ایئر ہورٹ پر بخیریت لینڈ کر گیا ہے، معمولی فنی خرابی ہوئی تھی اور کاک پٹ میں موجود ونڈو کی سیل لیک ہوئی تاہم کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہوا اور طیارہ تھوڑی دیر بعد اسلام آباد سے کراچی روانہ ہو جائے گا۔

  • پی آئی اے طیاروں کی مخصوص سیٹوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا گیا

    پی آئی اے طیاروں کی مخصوص سیٹوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا گیا

    کراچی : پی آئی اے نے کرایوں میں  اضافہ کردیا، طیاروں کی مخصوص سیٹوں کی اضافی رقم وصول کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے مسافروں کو بلک ہیڈ سیٹوں کی اضافی رقم ادا کرنی پڑے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے نے ٹکٹوں کی فروخت میں سیٹوں کی اضافی رقم وصول کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے سے سفر کرنے والے اندرون و بیرون ملک کے مسافروں کو بلک ہیڈ سیٹوں کی اضافی رقم ادا کرنی پڑے گی۔

    پی آئی اے انتظامیہ نے اضافی رقم وصول کرنے اور احکامات پر عمل درآمد کرانے کا حکم نامہ جاری کر دیا، مذکورہ حکم نامہ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگیا ہے۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز میں بلک ہیڈ سیٹوں کو من پسند اور سفارشی مسافروں کو فراہم کی جاتی ہیں، پی آئی اے کے777طیاروں میں چالیس اور اور اے320طیاروں میں بارہ بلک ہیڈ سیٹیں موجود ہوتی ہیں۔

    اس کے علاوہ پی آئی اے کی نارتھ امریکہ5000 لندن،یورپ3000گلف2000اندرون ملک پروازوں میں 1000روپے اضافی وصول کیا جائے گا، بلک ہیڈ سیٹیں کشادہ ہونے کی وجہ سے معذور اور بیمار افراد کے لئے دیگر عام سیٹوں کی نسبت زیادہ آرام دہ ہوتی ہیں۔

    ترجمان پی آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ بلک ہیڈ سیٹوں کو اب مقررہ رقم وصول کر کے فراہم کیا جائے گا جس سے ادارے کے ریوینیو میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔