Tag: PIA salaries

  • پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فی صد اضافہ؟

    پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فی صد اضافہ؟

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فی صد اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا اہم ترین اعلیٰ سطح کا اجلاس آج لاہور میں طلب کر لیا گیا ہے، جس میں شرکت کے لیے سی ای او پی آئی اے، چیئرمین، سیکریٹری ہوابازی سمیت اعلیٰ افسران لاہور پہنچ گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فی صد تک اضافے کی تجویز ہے، اس سلسلے میں پی آئی اے انتظامیہ نے سفارش تیار کر لی ہے، پی آئی اے انتظامیہ نے تنظیم نو کے پلان پر بھی کام شروع کر دیا ہے۔

    انتظامیہ قومی ایئر لائن کی تنظیم نو سے متعلق بورڈ ارکان کو آگاہی دے گی، پی آئی اے کو مالی مشکلات، یورپ، امریکا کے لیے پروازوں کے معاملے پر بھی اجلاس میں غور ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے جہازوں میں ان فلائٹ انٹرٹیمنٹ منصوبے پر بھی تفصیل اجلاس میں شیئر کی جائے گی۔

  • پی آئی اے کے ملازمین اور فضائی عملہ تنخواہوں سے محروم

    پی آئی اے کے ملازمین اور فضائی عملہ تنخواہوں سے محروم

    کراچی: پی آئی اے مالی بحران کا شکار ہو گیا ہے، قومی ایئر لائن کے ملازمین اور فضائی عملہ تنخواہوں سے محروم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے پے گروپ 5 سے 10 کے افسران سمیت پائلٹس اور فضائی عملے کو مارچ کی تنخواہ تاحال نہیں مل سکی ہے۔

    ماہ رمضان کے آخری عشرے کے باوجود تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ملازمین و افسران میں تشویش کی لہر پائی جا رہی ہے۔

    مالی بحران کی وجہ ایف بی آر کی جانب سے پی آئی اے کے اکاؤنٹس سے زبردستی وصولی کو قرار دیا جا رہا ہے، بینکوں سے ایک ارب 40 کروڑ اٹھا لیے گئے ہیں جب کہ 30 کروڑ علیحدہ سے وزیر خزانہ نے پی آئی اے انتظامیہ سے جمع کروائے۔

    ایف بی آر کی جانب سے اگلے ہفتے تک ٹیکس کی مد میں مزید 1 ارب 70 کروڑ جمع کروانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

    دوسری طرف پی آئی اے ملازمین دہائی دے رہے ہیں کہ حکومت رمضان کے مہینے اور انتہائی زیادہ مہنگائی کے ایام میں تنخواہیں روکنے کا ظلم بند کرے۔

    پی آئی اے پائلٹس نے بھی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے پروازیں چھوڑنے پر غور شروع کر دیا ہے، اور اس سلسلے میں نمائندہ تنظیمیں متحرک ہو گئی ہیں۔