Tag: PIA

پی آئی اے کا مکمل نام پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ہے۔ یہ پاکستان کی قومی ایئرلائن ہے اور ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن بھی ہے۔ پی آئی اے تقریباً 23 اندرون ملک اور 30 سے زائد بیرون ملک پروازیں چلاتی ہے جو ایشیا، یورپ اور جنوبی امریکہ تک جاتی ہیں۔

پی آئی اے اپنے مسافروں کو مختلف قسم کی سہولیات فراہم کرتی ہے جن میں شامل ہیں:

  • کوڈ شیئر: دنیا کی کئی بڑی ایئرلائنز کے ساتھ کوڈ شیئر کا معاہدہ کیا ہوا ہے جس سے مسافر دنیا کے مختلف حصوں میں آسانی سے سفر کر سکتے ہیں۔
  • مختلف کلاسز:  اپنے مسافروں کو مختلف کلاسز میں سفر کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے جن میں اکانومی، بزنس اور فرسٹ کلاس شامل ہیں۔
  • کیمپ اور ہوٹلز: ایئرلائن نے پاکستان کے مختلف شہروں میں کیمپ اور ہوٹلز بھی قائم کیے ہوئے ہیں۔
  • PIA
  • پی آئی اے PIA
  • جدہ ایئرپورٹ کی صورت حال پر قومی ایئر لائن کا اہم اقدام

    جدہ ایئرپورٹ کی صورت حال پر قومی ایئر لائن کا اہم اقدام

    جدہ ایئر پورٹ پر غیر معمولی رش کے باعث مشکلات کے شکار پاکستانی زائرین کے لئے پی آئی آے نے اہم قدم اٹھالیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ جدہ میں موجود عہدیداران کا سعودی حکام سے مسلسل رابطہ ہے، پی آئی اے کے مقامی ٹیمیں ائیرپورٹ حکام کا تعاون حاصل کرکے پروازوں کی تاخیر کو کم از کم کرنے کے انتظامات کررہی ہیں اور سی ای او پی آئی اے صورتحال کی ذاتی حیثیت میں مانیٹرنگ کررہے ہیں۔

    وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق بھی صورتحال کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لے رہے ہیں تاکہ پاکستانی مسافروں کو کم از کم زحمت ہو، مہمانوں کو پیش آنے والی تاخیر کیلئے پیشگی معذرت خواہ ہیں تاہم ان کے تعاون کی بھی طلبگار ہیں۔

    فلائٹ آپریشن متاثر ہونے پر ایئرپورٹ حکام کا موقف تھا کہ رش ائیرپورٹ حکام کی جانب سے پروازیں شمالی ٹرمینل پر منتقل کرنے کی وجہ سے پیدا ہوا، رش کی صورتحال کے باعث تمام بین الا قوامی ائیرلائنز کو مسافروں کی چیک ان میں مشکلات درپیش ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: ‘جدہ ایئر پورٹ پر غیر معمولی رش کیوں؟ وجہ سامنے آگئی

    حکام نے مزید بتایا کہ شمالی ٹرمینل پر صرف چار بورڈنگ گیٹ دستیاب ہیں اور پروازوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، یہی وجہ ہے کہ آج شب کی پروازوں میں ممکنہ تاخیر متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب سے عمرہ زائرین کی وطن واپسی کے نتیجے میں جدہ ائیرپورٹ کے نارتھ ٹرمینل پر غیر معمولی رش دیکھا جارہا ہے جس کے باعث فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ فلائٹ آپریشن طرح متاثر ہونے کے باعث پاکستان آنے والی پروازیں تین سے سات گھنٹے تاخیر کا شکار ہورہی ہیں، جہازوں کی پارکنگ اور مسافروں کو جہاز تک پہنچانے کے لیے پل کی عدم دستیابی بھی تاخیر کی وجوہات میں شامل ہیں۔

  • پی آئی اے کی آسٹریلیا کے لیے پروازیں کب سے شروع ہوں گی؟

    پی آئی اے کی آسٹریلیا کے لیے پروازیں کب سے شروع ہوں گی؟

    کراچی: قومی ایئر لائن کے ترجمان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی آسٹریلیا کے لیے پروازیں 22 اپریل سے شروع ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی سڈنی آسٹریلیا کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز جمعہ 22 اپریل 2022 سے ہوگا، سڈنی کی براہ راست پروازیں ابتدائی طور پر جمعہ کو لاہور تا سڈنی اور سڈنی تا لاہور اتوار کے دن چلائی جائیں گی۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق سڈنی کے لیے براہ راست پروازوں سے وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ مسافروں کو سامان کی مد میں بھی سہولت دی جا رہی ہے۔

    سڈنی کے لیے اکانومی کلاس کے مسافروں کو 45 کلو گرام جب کہ ایگزیکٹو اکانومی کلاس کے مسافروں کو 55 کلوگرام سامان لے جانے کی اجازت ہو گی۔

    چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے فلائٹ آپریشنز کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کا جائزہ لیتے ہوئے مارکیٹنگ اور فرنٹ لائن ٹیموں کو مسافروں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    پی آئی اے نے ایوی ایشن انڈسٹری کو درپیش کرونا پابندیوں میں نرمی کے بعد اپنے نیٹ ورک کو وسعت دینے کا منصوبہ بنایا ہے، اور حال ہی میں کراچی اور لاہور سے باکو کے لیے پروازیں شروع کی گئی ہیں۔

    قومی ایئر لائن اپنے نیٹ ورک میں مزید منزلیں شامل کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔

  • اضافی ریونیو حاصل کرنے کے لئے پی آئی اے کا بڑا اقدام

    اضافی ریونیو حاصل کرنے کے لئے پی آئی اے کا بڑا اقدام

    کراچی: قومی ایئر لائن نے ریونیو میں اضافے کی حکمت عملی کے تحت خصوصی کارگو پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے نے اسلام آباد سےکاشغر کیلئےخصوصی کارگوچارٹرپروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان پی آئی اے کے مطابق 31مارچ تک جاری رہنے والی پروازوں کیلئےایئربس طیارے استعمال ہونگے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق کاشغر کیلئے دس چارٹر پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، ان چارٹرپروازوں سےبرآمدکنندگان کو مصنوعات کی ترسیل میں آسانی اور پی آئی اے کو اضافی ریونیو حاصل ہو گا۔

    یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کو مزید 2 چینی شہروں کے لیے پروازیں چلانے کا لائسنس مل گیا

    اس سے قبل رواں ماہ پی آئی اے کو مزید 2 چینی شہروں کے لیے پروازیں چلانے کا لائسنس ملا تھا، پی آئی اے کے کنٹری منیجر قادر بخش سانگی نے بتایا کہ اس سے قبل پی آئی اے کے پاس صرف بیجنگ کے لیے آپریٹنگ لائسنس تھا، اب چین کی سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (سی اے اے سی) نے ایئر لائن کو پاکستان اور چین کے مزید دو شہروں کے درمیان فلائٹ آپریشنز چلانے کے لیے لائسنس دے دئیے۔

    پی آئی اے کو چینی حکام کی جانب سے کنمنگ اور شینزن کے لیے چارٹرڈ کارگو پروازیں چلانے کی منظوری بھی حاصل ہے، جب کہ کاشغر (سنکیانگ) کے لیے منظوری کا عمل جاری ہے۔

  • بڑی خبر، پی آئی اے کو اہم ملک کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی

    بڑی خبر، پی آئی اے کو اہم ملک کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی

    کرا چی: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کو آسٹریلیا کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر آ گئی، آسٹریلوی سول ایوی ایشن سیفٹی اتھارٹی نے پی آئی اے کو آسٹریلیا کے لیے براہ راست پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت دے دی۔

    پی آئی اے نے آسٹریلیا کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کے حوالے سے تیاریاں بھی مکمل کر لی ہیں، اس سلسلے میں پہلی پرواز 22 اپریل کو لاہور سے پی کے 9808 سڈنی کے لیے اڑان بھرے گی۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی پرواز 24 اپریل کو سڈنی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی، قومی ایئر لائن لاہور سے ہفتہ وار ایک پرواز آپریٹ کرے گی، اور آسٹریلیا کے لیے بوئنگ 777 لانگ رینج استعمال ہوں گے، پی آئی اے دوسرے مر حلے میں کراچی سے سڈنی کے لیے پرواز شروع کر ے گی۔

    ترجمان نے بتایا کہ آسٹریلیا کے لیے براہ راست پرواز شروع کر نے سے ہم وطنوں کو عید سے قبل سفری سہولت میسر ہوگی، اور آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی عید اپنوں میں کر سکیں گے۔

    پی آئی اے ترجمان کے مطابق آسٹریلیا کے لیے براہ راست پرواز سے 35 گھنٹے کا سفر 12 گھنٹوں میں طے ہوگا۔

  • پی آئی اے کو باکو کیلئے براہ راست پروازوں کی اجازت

    پی آئی اے کو باکو کیلئے براہ راست پروازوں کی اجازت

    کراچی : قومی ایئر لائن پی آئی اے کو باکو کیلئے براہ راست پروازوں کی اجازت مل گئی، پہلی پرواز16مارچ کو کراچی سے روانہ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے کامیابی کا ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے، آذر بائیجان کی سول ایوی ایشن نے پی آئی اے کو باکو کیلئے براہ راست پروازوں کی اجازت دے دی۔

    پی آئی اے کراچی اور لاہور سے باکو کیلئے ہفتہ وار دو پروازیں آپریٹ کرے گا، باکو کیلئے کراچی سے پہلی پرواز16مارچ کو اڑان بھرے گی، اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ دوسری پرواز19مارچ کو لاہور سے باکو کیلئے روانہ ہوگی، پی آئی اے اپنے بزنس پلان کے تحت نئے مزید منصوبوں پر بھی کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

    پی آئی اے کی یہ پروازیں باکو میں مقیم پاکستانیوں کے علاوہ دونوں ممالک کے شہریوں کی دیرینہ مطالبے کو پورا کرتی ہیں۔

    سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ باکو کو سیاحتی مقام کے طور پر اعلیٰ درجہ حاصل ہے مسافر اب آسانی سے کراچی اور لاہور سے براہ راست باکو تک پی آئی اے کی پرواز سے سفر کرسکیں گے۔

    ارشد ملک کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کے نیٹ ورک میں مزید مقامات کو شامل کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

  • قومی ایئر لائن کے جہازوں کی نیلامی، تاریخ کا اعلان

    قومی ایئر لائن کے جہازوں کی نیلامی، تاریخ کا اعلان

    کراچی : قومی ایئر لائن کے جہازوں کی نیلامی کا معاملے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے، نیلامی29 مارچ سال 2022کو ہوگی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے فضائی بیڑے میں شامل ناکارہ جہازوں کی نیلامی کے لیے ٹینڈر طلب کرلیے۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے طیاروں کو "جیسا ہے، جہاں ہے” کی بنیاد پر کھلی نیلامی کے ذریعے فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیلامی کے حامل3ایئر بس اے310-300 ساختہ طیارے کراچی ائیر پورٹ پر موجود ہیں، درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 مارچ سال2022 جبکہ نیلامی29 مارچ سال 2022 کو ہوگی۔

    پی آئی اے ذرائع نے بتایا ہے کہ جہازوں کی بولی کی تقریب کراچی ائیرپورٹ سے ملحق پی آئی اے ایس ایم سی بلڈنگ میں منعقد ہوگی۔

    پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق کامیاب بولی دہندہ کو نیلامی کی 25% رقم اسی دن پی آئی اے کو بینک ڈرافٹ کے طور پر جمع کرانا ہوگی، بولی کی باقی ماندہ75% رقم ہفتے کے پانچ کام کے دنوں میں ادا کرنا ہوگی۔

  • پی آئی اے کو مزید 2 چینی شہروں کے لیے پروازیں چلانے کا لائسنس مل گیا

    پی آئی اے کو مزید 2 چینی شہروں کے لیے پروازیں چلانے کا لائسنس مل گیا

    کراچی: چین نے پاکستان کی قومی ایئر لائن کو بیجنگ کے علاوہ گوانگ زو اور ژیان کے لیے مزید دو آپریٹنگ لائسنس دے دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کو مزید 2 چینی شہروں کے لیے پروازیں چلانے کا لائسنس مل گیا ہے، اب گوانگ زو اور ژیان کے لیے بھی قومی پرچم بردار کمپنی مسافروں کی پروازوں کا شیڈول بنانا شروع کرے گی۔

    پی آئی اے کے کنٹری منیجر قادر بخش سانگی نے اتوار کو کہا اس سے قبل پی آئی اے کے پاس صرف بیجنگ کے لیے آپریٹنگ لائسنس تھا، اب چین کی سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (سی اے اے سی) نے ایئر لائن کو پاکستان اور چین کے مزید دو شہروں کے درمیان فلائٹ آپریشنز چلانے کے لیے لائسنس دے دیے۔

    چینی سی اے اے کے موجودہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے مطابق بین الاقوامی کیریئر چین کے لیے ہفتہ وار ایک پرواز چلا سکتے ہیں۔

    کنٹری منیجر کے مطابق پی آئی اے نے چینگڈو اسٹیشن کے آپریٹنگ لائسنس کے حصول کے لیے بھی درخواست دی ہے، جو زیر غور ہے، امید ہے اگلے ماہ اس کی منظوری بھی مل جائے گی۔

    پی آئی اے کو چینی حکام کی جانب سے کنمنگ اور شینزن کے لیے چارٹرڈ کارگو پروازیں چلانے کی منظوری بھی حاصل ہے، جب کہ کاشغر (سنکیانگ) کے لیے منظوری کا عمل جاری ہے۔

    کنٹری منیجر نے کہا کہ چین کے مختلف شہروں کے لیے چارٹرڈ کارگو پروازیں پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں کو مزید بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی۔

  • یوکرین سے پاکستانی طلبا کی واپسی کے لیے پی آئی اے نے پروازیں ترتیب دے دیں

    یوکرین سے پاکستانی طلبا کی واپسی کے لیے پی آئی اے نے پروازیں ترتیب دے دیں

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے یوکرین میں پھنسے طلبا کو واپس لانے کے لیے پروازیں ترتیب دے دیں، پروازیں ممکنہ طور پر پولینڈ کے دارالحکومت وارسا پہنچیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یوکرین میں پھنسے طلبا کو واپس لانے کے لیے پروازیں ترتیب دے لی گئی ہیں۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اتوار کو پہلی 2 پروازیں پاکستانی طلبا کو لینے پولینڈ روانہ ہوں گی، پولینڈ سے طلبا کو بحفاظت ان کے آبائی شہروں تک پہنچایا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یوکرین پولینڈ سرحد کے قریب شہروں خصوصاً لبلن ایئرپورٹ پر انتظامات ناکافی ہیں، پروازیں ممکنہ طور پر پولینڈ کے دارالحکومت وارسا پہنچیں گی۔

    دوسری جانب پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل (ر) ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پی آئی اے خصوصی پروازوں کے لیے بوئنگ 777 طیارے آپریٹ کرے گا۔

    ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اپنے ہم وطنوں کو گھروں تک پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جب بھی ملک کو ضرورت پڑتی ہے پی آئی اے پہلے اپنا کردار ادا کرتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 2 ہزار سے زائد طلبا اور ہم وطنوں کو پاکستان پہنچانے کے لیے خصوصی آپریشن کے لیے تیار ہیں، پی آئی اے یوکرین میں پاکستانی سفیر سے مسلسل رابطے میں ہے۔

  • پی آئی اے  یوکرین میں پھنسے  پاکستانی  طلبا کو لانے کیلئے خصوصی پرواز چلانے کو تیار

    پی آئی اے یوکرین میں پھنسے پاکستانی طلبا کو لانے کیلئے خصوصی پرواز چلانے کو تیار

    کراچی : قومی ایئرلائن ( پی آئی اے) یوکرین میں پھنسے پاکستانی طلبا کو لانے کیلئے خصوصی پرواز چلانے کو تیار ہے ، ایئرمارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ جیسے ہی گرین سگنل ملے گا ، طلبا کو پاکستان پہنچادیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرین میں پھنسے ہوئے پاکستانی طلبا کو وطن واپس لانے کیلئے پی آئی اے نے اپنی خدمات پیش کردیں۔

    سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یوکرین میں پھنسے طلبا کو لانے کیلئے خصوصی پرواز چلانے کو تیار ہیں۔

    ایئرمارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ طلبا کو وطن پہنچانے کیلئے وزارت خارجہ سےرابطےمیں ہیں، جیسے ہی گرین سگنل ملے گا ، طلبا کو پاکستان پہنچادیں گے۔

    سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ پی آئی اے ہمیشہ مشکل گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کے شانہ بشانہ ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ یوکرین میں موجود پاکستانی سفیرجنرل(ر) نول سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے،سفیر جنرل نول (Noel)نے کہا ہے کہ ہم معلومات اکھٹا کررہے ہیں ،جیسے ہی صورتحال بہتر ہوگی ہم آپ کو آگاہ کردیں گے۔

  • ‘وفاقی وزیر کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی’

    ‘وفاقی وزیر کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی’

    لاہور: قومی ایئر لائن کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر ہوا بازی کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔

    سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غیر ملکی پروازوں پر پابندی کے جلد خاتمے کا امکان ظاہر کیا، اور کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے باعث کرایوں میں اضافے کا امکان ہے۔

    انھوں نے کہا منسٹر ایوی ایشن کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی ہے، پائلٹس کے جعلی ڈگری کے مسئلے پر دنیا کے کئی ممالک نے ہم پر پابندی عائد کر دی تھی۔

    انھوں نے کہا جس ادارے نے پائلٹ کی جعلی ڈگری کے حوالے سے رپورٹ دی تھی اس جعلی رپورٹ بنانے والوں کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

    ارشد ملک نے کہا قومی ایئر لائن اب نئے روٹس تلاش کر کے خسارے کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک روٹس کو بڑھایا جا رہا ہے، پی آئی اے میں نئے طیاروں سمیت اصلاحات کا عمل بھی جاری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشل آڈیٹر مارچ کے آخر تک اپنا آڈٹ مکمل کر لیں گے، امید ہے کہ آڈٹ مکمل ہونے کے بعد یورپی یونین پروازوں پر لگائی جانے والی پابندی ختم ہو جائے گی۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ باکو اور آسٹریلیا کے لیے آپریشن شروع کرنے جا رہے ہیں، اور چار نئے طیارے ڈرائی لیز پر پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہو رہے ہیں۔