Tag: PIA

پی آئی اے کا مکمل نام پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ہے۔ یہ پاکستان کی قومی ایئرلائن ہے اور ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن بھی ہے۔ پی آئی اے تقریباً 23 اندرون ملک اور 30 سے زائد بیرون ملک پروازیں چلاتی ہے جو ایشیا، یورپ اور جنوبی امریکہ تک جاتی ہیں۔

پی آئی اے اپنے مسافروں کو مختلف قسم کی سہولیات فراہم کرتی ہے جن میں شامل ہیں:

  • کوڈ شیئر: دنیا کی کئی بڑی ایئرلائنز کے ساتھ کوڈ شیئر کا معاہدہ کیا ہوا ہے جس سے مسافر دنیا کے مختلف حصوں میں آسانی سے سفر کر سکتے ہیں۔
  • مختلف کلاسز:  اپنے مسافروں کو مختلف کلاسز میں سفر کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے جن میں اکانومی، بزنس اور فرسٹ کلاس شامل ہیں۔
  • کیمپ اور ہوٹلز: ایئرلائن نے پاکستان کے مختلف شہروں میں کیمپ اور ہوٹلز بھی قائم کیے ہوئے ہیں۔
  • PIA
  • پی آئی اے PIA
  • کوئٹہ جانے والی قومی ایئرلائن کی پرواز تاخیر کا شکار، مسافر پریشان

    کوئٹہ جانے والی قومی ایئرلائن کی پرواز تاخیر کا شکار، مسافر پریشان

    لاہور : پاکستان ایئرلائن کے ذریعے کوئٹہ جانے والے مسافر پرواز میں تاخیر کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر رُل گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے کوئٹہ جانے والے پاکستان ایئرلائن کی پرواز تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی۔

    پرواز میں تاخیر کے باعث علامہ اقبال ایئرپورٹ پر بیٹھے مسافر رل گئے، مسافروں کو کہنا ہے کہ پرواز نے صبح دس بج کر پچاس منٹ پر کوئٹہ کےلیے روانہ ہونا تھا، لیکن تین گھنٹے گزر گئے ہمیں ابھی تک انتظار کروایا جارہا ہے۔

    مسافروں نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے پہلے کہا گیا کہ پرواز 12 بجے روانہ ہوگی بعد میں کہا گیا کہ پرواز 1:30 پر اڑان بھرے لیکن یہ انتظامیہ کا یہ وعدہ بھی جھوٹا نکلا۔

    مسافروں کو شکوہ ہے کہ پی آئی اے کی اکثر پروازیں تاخیر کا شکار ہوجاتی ہیں، بغیر کچھ کھائے پیے ہم مسلسل تین گھنٹے سے پرواز کا انتظار کررہے ہیں لیکن انتظامیہ کو کوئی پرواہ نہیں۔

  • پی آئی اے  کا  فلیٹ سے ریٹائر 6 ایئربس 320 طیارے فروخت کرنے کا فیصلہ

    پی آئی اے کا فلیٹ سے ریٹائر 6 ایئربس 320 طیارے فروخت کرنے کا فیصلہ

    کراچی : قومی ایئرلائن ( پی آئی اے ) نے فلیٹ سے ریٹائر 6ایئربس 320طیارے فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا اور دلچسپی کی حامل کمپنیز کو درخواستیں جمع کرانےکی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے فلیٹ سے ریٹائر 6 ایئربس 320طیارے فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، انجنز کے بغیر ان طیاروں کی قیمت کے تعین کیلئے معروف کمپنیزسے پیشکش طلب کی گئی ہے۔

    پی آئی اے کی جانب سے دلچسپی کی حامل کمپنیزکو26اکتوبردوپہر3بجےتک درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بولی اسی دن 4بجے بولی دہندگان کی موجودگی میں کھولی جائے گی۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے گلگت ایئرپورٹ پر کھڑا اے ٹی آر طیارہ 8.3 ملین روپے میں فروخت کردیا تھا ، طیارے کی نیلامی میں کامیاب بولی گلگت کے مقامی ٹھیکیدار کو دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق ناکارہ اے ٹی آر طیارے کے انجن، دیگر سامان وزن کے حساب سے فروخت کیا گیا تھا۔

    ترجمان نے بتایا تھا کہ نیلامی کے لیے اس طیارے کی قیمت 0.844 ملین رکھی گئی تھی تاہم اسے مقررہ قیمت سے10 گنا زائد پر نیلام کیا گیا۔

  • سول ایوی ایشن اور پی آئی اے میں تنازعہ

    سول ایوی ایشن اور پی آئی اے میں تنازعہ

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) میں تنازعہ بڑھ گیا، پی آئی اے پر سی اے اے کے 127 ارب روپے واجب الادا ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی ایئرپورٹ سروسز روکنے کا فیصلہ کرلیا، ڈائریکٹر فنانس سی اے اے کے زیر دستخط مراسلہ جاری کردیا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یکم نومبر سے پی آئی اے مسافروں کو بورڈنگ برج سروس نہیں دی جائے گی، پی آئی اے کے جہازوں کے لیے پاور سپلائی بھی حاصل نہیں ہوگی۔

    مراسلے کے مطابق پی آئی اے پر سی اے اے کے 127 ارب روپے واجب الادا ہیں، پی آئی اے پر مسافروں سے ایئرپورٹ چارجز وصولی پر بھی پابندی لگا دی گئی، سی اے اے کا کہنا ہے کہ وہ مسافروں سے خود ایئرپورٹ چارجز وصول کرے گا۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کو مئی سے واجب الادا رقم پر ماہانہ 25 کروڑ بطور قسط ادا کرنا تھے، پی آئی اے نے 5 ماہ بعد بھی 1 ارب 25 کروڑ میں سے صرف 55 کروڑ ادا کیے ہیں۔

  • پی آئی اے کے طیارے سے منشیات برآمدگی کے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز

    پی آئی اے کے طیارے سے منشیات برآمدگی کے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز

    کراچی :   پی آئی اے نے  طیارے سے منشیات برآمدگی کے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کاآغازکردیا  اور کہا  ہے کہ ملوث اہلکاروں کیخلاف قوانین کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے طیارے سے منشیات برآمدگی کے واقعے پر سیکیورٹی اسٹاف نے چیکنگ ٹیم کے معاون کی حیثیت سے جہاز کا معائنہ کرایا۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اور ویجنلس کی جانب سے باقاعدہ تحقیقات کاآغازکردیاگیا ہے اور جہازکی صفائی پر مامورعملے سمیت زمینی اسٹاف سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

    ترجمان کے مطابق مشترکہ ٹیم کی چیکنگ پی آئی اے اسٹینڈرڈآپریٹنگ پروسیجرکاحصہ ہے، ملوث اہلکاروں کیخلاف قوانین کےتحت سخت کارروائی کی جائے گی۔

    گذشتہ روز پی آئی اے کی کراچی سے دمام جانیوالی فلائٹ کے ٹوائلٹ سے منشیات برآمد ہوئی تھی ، پروازپی کے 9245نے شام 7بجکر 30منٹ پر کراچی سےاڑان بھرنی تھی۔

    طیارے کے ٹوائلٹ سےمنشیات برآمدگی سراغرساں کتوں کی نشاندہی پرہوئی اور اے این ایف،کسٹمز،اےایس ایف نے مشترکہ سرچنگ میں منشیات برآمد کی۔

  • پی آئی اے نے برطانیہ کے لیے پروازوں کا شیڈول تیار کر لیا

    پی آئی اے نے برطانیہ کے لیے پروازوں کا شیڈول تیار کر لیا

    کراچی: برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کے بعد قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے برطانیہ کے لیے پروازوں کا شیڈول تیار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے برطانیہ کے لیے 22 ستمبر سے 30 اکتوبر تک 32 فلائٹس شیڈول کر لی ہیں، یہ شیڈول پاکستان کے ریڈ لسٹ سے نکلنے کے بعد تیار کیا گیا ہے۔

    پی آئی اے کے مطابق برطانیہ کے لیے یہ پروازیں اسلام آباد اور لاہور سے چلائی جائیں گی۔

    22 سے 29 ستمبر کے دوران پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے 7 پروازوں کا پلان تیار کیا گیا ہے، جب کہ اکتوبر میں پی آئی اے نے برطانیہ کے لیے 25 پروازوں کا شیڈول فائنل کیا ہے۔

    برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ‌ سے نکال دیا

    یاد رہے کہ قومی ایئر لائن کے سی ای او ارشد ملک نے برطانیہ کے لیے انتظامات کی ہدایت کی تھی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانوی حکومت نے ٹریفک لائٹ سسٹم میں تبدیلی کرتے ہوئے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کا اعلان کیا تھا۔

    کرونا کی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے برطانیہ نے پاکستان سمیت 8 ممالک کو ریڈ لسٹ سے نکالا تھا، اس فیصلے کا اطلاق 22 ستمبر سے ہوگا۔

    برطانوی حکومت نے ٹریفک لائٹ سسٹم کو ریڈ، امبر اور گرین لسٹ کی جگہ ریڈ اور رولسٹ سے تبدیل کرنے کا بھی اعلان کیا، جس کے مطابق پاکستان کا نام رو لسٹ میں ہے۔ رولسٹ میں شامل ممالک سے برطانیہ جانے والوں کو ہوٹل میں 10 روزہ قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہوگی۔

  • پی آئی اے سے اندرون ملک سفر کرنے والوں کیلئے بڑی خبر

    پی آئی اے سے اندرون ملک سفر کرنے والوں کیلئے بڑی خبر

    کراچی : پی آئی اے نے لاہور سے پشاور کیلئے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیر اور جمعہ کو پروازیں آپریٹ ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے نے لاہور سے پشاور کیلئے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ، اس حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے لاہور سے پشاو ر کیلئے ہفتہ وار 2پروازیں آپریٹ کرےگی، پروازیں پیر اور جمعہ کو آپریٹ ہوں گی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ یکم اکتوبر کولاہور سے پرواز صبح11بجکر40منٹ پر پشاور روانہ ہوگی ، لاہور سے پشاور پروازکے لیےاے ٹی آر طیارہ استعمال کیا جائے گا۔

    یاد رہے اس سے قبل 7 اپریل کو قومی ایئر لائن نے تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور سے اسکردو کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کیا تھا، یہ ادارے کے لیے ایک اہم سنگ میل تھا، لاہور سے پہلی پرواز ایئر بس 320 کے ساتھ 160 مسافروں کو لے کر اسکردو پہنچی تھی۔

    خیال رہے کہ 22 اگست کو سی اے اے نے اندرون ملک فضائی سفر کے لیے مسافروں پر کورونا ویکسینیشن کی لازمی شرط کا اعلان کیا اور کہا 10 ستمبر 2021 سے اندرون ملک ویکسین کے بغیر سفر نہیں کیا جا سکے گا۔

  • اندرون ملک سفر  کرنے  والے مسافروں کیلئے بڑی رعایت کا اعلان

    اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کیلئے بڑی رعایت کا اعلان

    اسلام آباد : قومی ایئر لائن پی آئی اے نے یوم دفاع پر اندرون ملک پروازوں کے کرایوں میں کمی کااعلان کردیا ، یہ سہولت یکم ستمبر سے7ستمبر تک ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق اندرون ملک سفر کرنے نے والے مسافروں کے لئے اچھی خبر آگئی ، یوم دفاع کے موقع پر پی آئی اے کااندرون ملک پروازوں کے کرایوں میں کمی کااعلان کردیا۔

    پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اندرون ملک سفر کرنے کے لئے یکطرفہ کرایہ 5985مقررکردیاگیا ہے ، یہ سہولت یکم ستمبر سے7ستمبر تک ہوگی۔

    یاد رہے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے جشن آزادی کے موقع پر خصوصی ڈسکاؤنٹ کا اعلان کیا تھا، جشن آزادی کے موقع پر اندرون ملک پروازوں پر 14 فیصد ڈسکاؤنٹ کی پیشکش کی گئی تھی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ مذکورہ پیشکش 14 تا 16 اگست تک سفر کرنے پر محدود رہے گی، ٹکٹس فوری فروخت کے لیے دستیاب ہیں۔

  • عالمی ادارہ خوراک کی درخواست پر پی آئی اے کا بڑا انسان دوست مشن

    عالمی ادارہ خوراک کی درخواست پر پی آئی اے کا بڑا انسان دوست مشن

    اسلام آباد: عالمی ادارہ خوراک کی درخواست پر قومی ایئر لائن نے بڑا انسان دوست مشن پورا کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ خوراک کی درخواست پر پی آئی اے کا خصوصی طیارہ مزار شریف پہنچ گیا، قومی ایئر لائن کی پرواز میں انسانی ہم دردی مشن کے تحت ضروری ادویات اور خوراک کی ترسیل کی گئی ہے۔

    پی آئی اے کے خصوصی بوئنگ 777 نے خوراک اور ادویات دبئی سے مزار شریف پہنچائیں، ادارے کا کہنا ہے کہ کارگو طیارے کا مقصد افغانستان میں ادویات کی قلت کے سد باب کے لیے معاونت کرنا ہے، ادویات کی کمی کے باعث افغان بھائی مشکلات کا شکار تھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق افغانستان کی موجودہ صورت حال میں کابل کے علاوہ یہ پہلی بین الاقوامی کمرشل پرواز تھی، مزار شریف میں پرواز کی لوڈنگ اور زمینی انتظامات کے لیے پی آئی اے آپریشنز ٹیم ساتھ روانہ ہوئی تھی، اس ٹیم نے سی ای او پی آئی اے کے معاون عامر حیات کی سربراہی میں سفر کیا اور تمام انتظامات سنبھالے۔

    پی آئی اے پرواز کے معاملات کے لیے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے ذاتی طور پر کوشش کی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی فیصل سلطان نے بھی آپریشن میں اہم کردار ادا کیا، سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کی جانب سے کامیاب مشن پر ٹیم کو شاباش دی گئی، اور سیکریٹری اور وزیر خارجہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

    ارشد ملک نے کہا پاکستان نے افغانستان کے امن، صحت و سلامتی میں تعاون جاری رکھا ہے، افغانستان ہمارا برادر پڑوسی ملک ہے، معاونت اخلاقی ذمہ داری ہے، خصوصی ہدایات پر پی آئی اے انسان دوست مشن جاری رکھے گا۔

  • پاکستانی سفارت خانہ غیر ملکی شہریوں کے انخلا میں مدد کر رہا ہے، سی این این

    پاکستانی سفارت خانہ غیر ملکی شہریوں کے انخلا میں مدد کر رہا ہے، سی این این

    کابل: عالمی میڈیا پر کابل میں پاکستانی سفارت خانے اور پی آئی اے کی پذیرائی ہونے لگی ہے، امریکی میڈیا کمپنی سی این این نے کہا ہے کہ پاکستانی سفارت خانہ غیر ملکی شہریوں کے انخلا میں مدد کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان سے نہ صرف پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لیے سفارت خانے اور قومی ایئر لائن نے متحرک کردار ادا کیا بلکہ اس دوران دیگر غیر ملکی شہریوں کے انخلا کے سلسلے میں بھی سفارت خانے اور ایئر لائن نے بہت مدد کی۔

    اس کارکردگی کو سراہتے ہوئے سی این این نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستانی سفارت خانہ غیر ملکی شہریوں کے انخلا میں مدد کر رہا ہے، اور انخلا میں معاونت کرنے کے لیے پاکستانی سفارت خانہ کھلا ہے۔

    سی این این نے کہا کہ پی آئی اے نے 1100 سے زائد لوگوں کو دو دنوں میں افغانستان سے بہ حفاظت نکالا، دوسری طرف پاکستانی سفارت خانہ بھی ترجیحی بنیادوں پر ویزے جاری کر رہا ہے۔

    طالبان نے واضح کیا تھا طاقت میں آئیں گے تو اتحادی حکومت بنائیں گے: پاکستانی سفیر

    رپورٹ میں‌ کہا گیا ہے کہ نکالے گئے لوگوں میں متعدد ممالک کے شہری شامل ہیں، جب کہ کئی ممالک اور بین الاقوامی ایجنسیوں نے پی آئی اے سے ان کے شہری نکالنے کے لیے مدد کی درخواست کی ہے، ان میں امریکا، فلپائن، کینیڈا، جرمنی، جاپان اور نیدرلینڈز شامل ہیں۔

    آج اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کابل میں موجود پاکستانی سفیر منصور خان نے بتایا کہ آج بھی ایک فلائٹ کابل گئی ہے، کل 2 مزید جائیں گی۔

    سفیر کے مطابق پاکستانی سفارت خانے نے 4 ہزار ویزے جاری کیے ہیں، 600 ویزے افغانستان میں کام کرنے والے صحافیوں کو دیے گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ہم نے افغان شہریوں کے لیے ویزا پالیسی میں گزشتہ سال تبدیلی کی تھی، اب ویزے کے لیے لوگ آ رہے ہیں لیکن بہت زیادہ تعداد میں نہیں۔

  • کورونا کی چوتھی لہر ،  پی آئی اے کو مالیاتی رپورٹ تیار کرنے میں مشکلات کا سامنا

    کورونا کی چوتھی لہر ، پی آئی اے کو مالیاتی رپورٹ تیار کرنے میں مشکلات کا سامنا

    اسلام آباد : سی ای اوپی آئی اے نے سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے دوسری سہ ماہی کی مالیاتی رپورٹ جمع کرانے کیلئے ایک ماہ کا وقت مانگ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا کی چوتھی لہر میں پی آئی اے کو مالیاتی رپورٹ تیار کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ، اس حوالے سے سی ای اوپی آئی اے نے سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو خط لکھا ، جس میں سہ ماہی کی مالیاتی رپورٹ جمع کرانے کے لیے ایک ماہ کا وقت مانگ لیا ہے۔

    سی ای اوپی آئی اے نے ایس ای سی پی کےڈی جی انفورسمنٹ کو خط میں کہا کہ کورونا کی چوتھی لہرکےباعث دوسری سہ ماہی کی مالیاتی رپورٹ تیارنہیں، لاک ڈاؤن کےباعث دفتر میں کم عملہ بھی تاخیر کا باعث بنا۔

    سی ای اوپی آئی اے کا کہنا تھا کہ 30اگست کومالیاتی رپورٹ جمع نہیں ہوسکےگی، دوسری سہ ماہی کی رپورٹ جمع کرنےکےلیے30ستمبرتک وقت دیاجائے۔

    یاد رہے رواں سال جون میں اقتصادی سروے رپورٹ میں پی آئی اےکی کارکردگی سامنے آئی تھی ، سروے رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ قومی ایئرلائن کی کارکردگی کورونا کے باوجود مجموعی طورپربہتررہی ، سال 2020-21 میں پی آئی اےکی مجموعی آمدن 97ارب8کروڑرہی اور آپریٹنگ خسارہ 7 ارب روپے سے کم ہوکر صرف68 کروڑ رہ گیا۔

    اقتصادی سروے میں کہا گیا تھا کہ کورونا کے باعث تمام ایئرلائنزکی طرح پی آئی اے کا بھی فضائی آپریشن متاثرہوا ، بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کےلئےخصوصی پروازیں چلائی گئیں، 2020 میں جہازوں کی تعدادمیں کمی ہوئی لیکن روٹس میں اضافہ ہوا۔