Tag: PIA

پی آئی اے کا مکمل نام پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ہے۔ یہ پاکستان کی قومی ایئرلائن ہے اور ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن بھی ہے۔ پی آئی اے تقریباً 23 اندرون ملک اور 30 سے زائد بیرون ملک پروازیں چلاتی ہے جو ایشیا، یورپ اور جنوبی امریکہ تک جاتی ہیں۔

پی آئی اے اپنے مسافروں کو مختلف قسم کی سہولیات فراہم کرتی ہے جن میں شامل ہیں:

  • کوڈ شیئر: دنیا کی کئی بڑی ایئرلائنز کے ساتھ کوڈ شیئر کا معاہدہ کیا ہوا ہے جس سے مسافر دنیا کے مختلف حصوں میں آسانی سے سفر کر سکتے ہیں۔
  • مختلف کلاسز:  اپنے مسافروں کو مختلف کلاسز میں سفر کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے جن میں اکانومی، بزنس اور فرسٹ کلاس شامل ہیں۔
  • کیمپ اور ہوٹلز: ایئرلائن نے پاکستان کے مختلف شہروں میں کیمپ اور ہوٹلز بھی قائم کیے ہوئے ہیں۔
  • PIA
  • پی آئی اے PIA
  • پی آئی اے ملازمین کی رضاکارانہ علیحدگی اسکیم، اربوں روپے کا فنڈ منظور

    پی آئی اے ملازمین کی رضاکارانہ علیحدگی اسکیم، اربوں روپے کا فنڈ منظور

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے ملازمین کی رضا کارانہ علیحدگی اسکیم کے لیے اربوں روپے کا فنڈ منظور ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان نے پی آئی اے ملازمین کی رضا کارانہ علیحدگی اسکیم کے لیے 9 ارب 84 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔

    فنانس ڈویژن نے اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی سیکریٹری خزانہ نے پی آئی اے کو فنڈز منتقل کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔

    وزارت خزانہ نے صدر مملکت کی منظوری کے بعد قومی ایئر لائن کے لیے 9 ارب 40 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کر دی۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے نے رضا کارانہ علیحدگی اسکیم کے لیے حکومت پاکستان سے تکنیکی اضافی گرانٹ کی درخواست کی تھی، پی آئی اے کے لیے حکومتی گرانٹ سبسڈی اور متفرق اخراجات کی مد میں جاری کی گئی ہے۔

    گزشتہ ماہ ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے کہا تھا کہ رضا کارانہ علیحدگی اسکیم کے لیے 2000 ملازمین نے اپلائی کیا ہے، جن میں سے ایک ہزار ملازمین کو ریلیز کے خطوط بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا اسکیم سے تمام شعبہ جات کے ملازمین نے استفادہ کیا جن میں اکثریت ایئر پورٹ سروسز، کمرشل اور فلائٹ سروسز کی ہے، یہ ایک پرکشش پیکج تھا جس کے تحت باعزت اور پُر وقار طریقے سے ملازمین نے علیحدگی اختیار کی، اسکیم کا مقصد ادارے سے افرادی قوت کو کم کرنا تھا اور ہم 20 فی صد افرادی قوت کم کرنے میں کامیاب ہوئے، اسکیم سے تقریباً ڈھائی ارب روپے سالانہ کی بچت ہوگی۔

  • پی آئی اے کا طیارہ ملائیشیا میں ضبط کیے جانے کے معاملے کی لندن ہائیکورٹ میں سماعت

    پی آئی اے کا طیارہ ملائیشیا میں ضبط کیے جانے کے معاملے کی لندن ہائیکورٹ میں سماعت

    لندن: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ ملائیشیا میں ضبط کرنے کے معاملے کی لندن میں ہائیکورٹ میں سماعت ہہوئی، پی آئی اے کے وکیل کا کہنا تھا کہ طیارے کو برطانیہ میں زیر سماعت کیس کے باوجود ضبط کروایا گیا جو کہ قانونی روایات کے منافی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ ملائیشیا میں ضبط کرنے کے معاملے کی لندن میں ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ پی آئی اے ملائشیا میں ضبط طیارے کی کمپنی پیری گرین ایسوسی ایشن چارلی کمپنی کو 7 ملین ڈالر ادا کرچکی ہے۔

    دوران سماعت دونوں فریقین کے وکلا نے اتفاق کیا کہ پوری رقم کی ادائیگی، پی آئی اے کے خلاف کسی حکم کے اجرا کے بغیر ہو۔

    دعویدار کے وکیل نے کہا کہ پی آئی اے نے رقم آج ادا کی ہے، پی آئی اے کی طرف سے جولائی سے 5 لاکھ 80 ہزار ڈالر ادا نہ کرنے پر عدالت آنا پڑا۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ لیزنگ کمپنی نے گزشتہ برس 9 ملین ڈالر کے حصول کے لیے بھی ہائیکورٹ میں کیس دائر کیا تھا جس میں پی آئی اے نے اپنے مؤقف میں کہا کہ وبا کے بعد انڈسٹری کی زبوں حالی پر اوور ہیڈ چارجز کم کیے جائیں۔

    اس تنازعہ کے دوران ہی کوالالمپور میں ایک نیا کیس دائر کر کے لیزنگ کپنی نے پی آئی اے کا طیارہ ضبط کروا دیا تھا۔

    پی آئی اے کے وکیل کا کہنا تھا کہ طیارے کو برطانیہ میں زیر سماعت کیس کے باوجود ضبط کروایا گیا جو کہ قانونی روایات کے منافی ہے۔

    خیال رہے کہ 15 جنوری کو پی آئی اے کا 777 بوئنگ طیارہ کوالالمپور ایئرپورٹ پر روک لیا گیا تھا، بوئنگ طیارہ لیز کمپنی کو ادائیگی نہ ہونے پر روکا گیا۔

  • اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کیلئے ‌بڑی سہولت کا اعلان

    اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کیلئے ‌بڑی سہولت کا اعلان

    کراچی : پی آئی اے نے اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کیلئے اضافی سامان پر 50 فیصد رعایت کا اعلان کرتے ہوئے عملدرآمد شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا اندرون و بیرون ملک سفر کرنےوالےمسافروں کیلئے سہولت کا اعلان کرتے ہوئے کہا مسافروں کے اضافی سامان پر 50فیصد رعایت جبکہ ایڈوانس بیگیج کی بکنگ پر بھی رعایت ہوگی۔

    پی آئی اے نے اضافی سامان کی اسکیم سے متعلق عملدرآمد شروع کردیا، مسافراندرون و بیرون ملک سفرسے پہلے اپنا اضافی سامان بک کراسکیں گے۔

    یاد رہے اس سے قبل پی آئی اے نے اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے ونٹر اسپیشل آفر متعارف کروائی تھی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نےاندرون ملک21اضافی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے، مذکورہ اضافی پروازیں25دسمبر سے31دسمبر تک چلائیں جائیں گی، یہ پروازیں کراچی لاہوراور اسلام آباد کے درمیان آپریٹ کی جائیں گی۔

    کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے درمیان یکطرفہ کرایہ7ہزار800روپے ہوگا جبکہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے درمیان ریٹرن ٹکٹ15ہزار 600روپے کا ہوگا۔

  • ملائیشیا میں پی آئی اے کے پھنسے مسافر پہنچ گئے

    ملائیشیا میں پی آئی اے کے پھنسے مسافر پہنچ گئے

    کراچی: قومی ایئر لائن کی کوالالمپور پرواز کے مسافروں کی بڑی تعداد اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے کی کوالمپور پرواز کے مسافروں کی متبادل ذریعے سے واپسی ہو گئی ہے، 118 مسافر براستہ دبئی پرواز نمبر ای کے 614 کے ذریعے اسلام آباد پہنچ گئے۔

    قومی ایئر لائن کے ترجمان نے بتایا کہ یہ پرواز پاکستانی وقت کے مطابق دبئی سے شام 7 بج کر 36 منٹ پر روانہ ہوئی تھی۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ ایک پرواز کیو آر 632 دوحہ سے شام 8 بج کر 20 منٹ پر روانہ ہوئی ہے جو 54 مسافروں کو لے کر رات 1 بج کر 40 منٹ پر اسلام اباد پہنچے گی۔

    پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیارے کی لیز سے متعلق اہم انکشاف

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پی آئی اے کے 777 بوئنگ طیارے کو کوالالمپور ایئر پورٹ پر روک لیا گیا تھا، طیارے کو لیز کمپنی کو ادائیگی نہ ہونے پر روکا گیا تھا۔

    آج اس سلسلے میں انکشاف ہوا کہ ملائیشیا میں پی آئی اے کے طیارے کو روکنے میں مبینہ طور پر بھارتی لابی کی سازش شامل ہے، لیز پر لیے گئے طیارے کی کمپنی کا مالک اور اہم شعبوں پر تعینات ڈائریکٹر کا تعلق بھارت سے ہے۔

    ملائیشیا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ کا کہنا تھا کہ معاملہ قانونی ہے اور پی آئی اے کے قانونی ماہرین ہی اسے دیکھیں گے، البتہ ہائی کمیشن پی آئی اے اور قانونی ماہرین کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

  • پی آئی اے کی جانب سے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے اچھی خبر

    پی آئی اے کی جانب سے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے اچھی خبر

    کراچی: سعودی عرب کی جانب سے سفری پابندیوں میں نرمی کے بعد قومی ایئر لائن نے فلائیٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے یک طرفہ اجازت نامے کے باوجود دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے پروازیں چلائے گی، کرونا وائرس کی نئی قسم کے باعث کیسز میں اضافے کی وجہ سے سعودی حکومت نے صرف یک طرفہ اجازت دی ہے۔

    پی آئی اے کا کہنا ہے کہ یک طرفہ آپریشن کے باعث مالی بوجھ تو پڑے گا مگر ہم وطنوں کی واپسی بھی ضروری ہے، سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کی خصوصی ہدایات پر پی آئی اے پیر (کل) سے آپریشن شروع کر دے گی۔

    سعودی عرب: غیر ملکی مسافروں کے لیے خوش خبری

    یک طرفہ اجازت کے باعث پی آئی اے نے پاکستان تا سعودی عرب پرواز کارگو سے بھرنے کا فیصلہ کیا ہے، سی ای او کی جانب سے محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ پُر کشش اور مناسب کارگو نرخ رکھے جائیں۔

    سی ای او کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی ہمیشہ سے روایت رہی ہے کہ اس نے مشکل وقت میں قدم آگے بڑھایا، دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لے کر آنا ایک قومی ذمہ داری ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی ایوی ایشن گا کا نے ایئر لائنز کو غیر سعودی مسافروں کو ملک سے باہر لے جانے کی اجازت دے دی ہے، تاہم کرونا کی دوسری لہر سے متاثرہ ممالک کی ایئر لائنز کے لیے یہ اجازت نامہ کارآمد نہیں ہوگا۔

  • موسم سرما : پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کے لیے اچھی خبر

    موسم سرما : پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کے لیے اچھی خبر

    کراچی : قومی ایئر لائن پی آئی اے نے موسم سرما میں مسافروں کی سہولت کیلئے اہم اعلان کردیا، ونٹراسپیشل آفر متعارف کروا دی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے ونٹر اسپیشل آفر متعارف کروا دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے نےاندرون ملک21اضافی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے، مذکورہ اضافی پروازیں25دسمبر سے31دسمبر تک چلائیں جائیں گی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ یہ پروازیں کراچی لاہوراور اسلام آباد کے درمیان آپریٹ کی جائیں گی، کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے درمیان یکطرفہ کرایہ7ہزار800روپے ہوگا جبکہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے درمیان ریٹرن ٹکٹ15ہزار 600روپے کا ہوگا۔

  • پی آئی اے : ملازمت سے رضاکارانہ علیحدگی اسکیم میں تبدیلی

    پی آئی اے : ملازمت سے رضاکارانہ علیحدگی اسکیم میں تبدیلی

    کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے ریگولر ملازمین کے لیے ملازمت سے رضاکارانہ علیحدگی کی اسکیم میں تبدیلی کردی ہے جس کے تحت ریگولرملازمین سے ٹریننگ پر اٹھنے والے اخراجات کی رقم وصول نہیں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے ملازمین کے لئے ملازمت سے رضاکارانہ علیحدگی کی اسکیم پر باقاعدہ کام شروع کیا جاچکا ہے، اس حوالے سے وہ مستقل ملازمین جنہوں نے بوجوہ ملازمت تربیت حاصل کی تھی ان سے تربیت پر اٹھنے والے اخراجات کا معاوضہ نہیں لیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق رضا کارانہ علیحدگی اسکیم سے استفادہ کرنے والے ملازمین سے پی آئی اے کے واجبات، قرضوں، ایڈوانسز اورانکم ٹیکس کی کٹوتی کی جائے گی۔

    اس کے علاوہ انکم ٹیکس آرڈیننس کے تحت حاصل چھوٹ کا اطلاق کیا جائے گا تاہم پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملازمین کے انکم ٹیکس کی ادائیگی ان کی اپنی ذمہ داری ہے۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے ملازمین کے لئے ملازمت سے رضاکارانہ علیحدگی کی اسکیم پر باقاعدہ کام شروع کیا جاچکا ہے،18سال سے زائد اور کم ملازمت پر مبنی دو کیٹگریز کے لئے اسکیم کی کارروائی میں تیزی آگئی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وی ایس ایس اسکیم کی گائیڈ لائنز پر مکمل عملدرآمد کے لئے 72 کوآرڈینیٹرز تعینات کیے گئے ہیں یہ کوآرڈینیٹرز ائرلائن کے مختلف شعبوں اور اندرون ملک پی آئی اے اسٹیشنز پرتعینات کئے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق کوآرڈینیٹرز 9سی ایس ایس اسکیم کی 9 نکاتی گائیڈ لائن پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے اور متعلقہ ملازم کو وی ایس ایس درخواست پراسیسنگ میں معاونت کریں گے۔

  • یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائنز پر پابندی کا خطرہ

    یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائنز پر پابندی کا خطرہ

    کراچی : یورپی یونین کی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) نے پاکستان سے متعلق اپنی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے جس کے بعد پاکستان کی قومی ایئرلائن کے ساتھ تمام نجی ایئرلائنز پر بھی پابندی کا خطرہ منڈلارہا ہے۔

    پاکستان ائیرلائنز پائلٹس ایسوسی ایشن(پالپا) کے نائب صدر کیپٹن بجارانی کے مطابق ای اے ایس اے نے اپنی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرنے کے ساتھ ہوابازی کے قومی ریگولیٹر پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بھی تحقیقات میں شامل کرلیا ہے۔

    یورپی یونین کی ایوی ایشن سیفٹی ایجنس نے پاکستان کا درجہ کم کردیا ہے اور اب اگر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ای اے ایس اے کو پائلٹس کے لائسنس سے متعلق معاملے پر مطمئن نہ کرسکی تو قومی ایئرلائن کے ساتھ تمام نجی ایئرلائنز کو بھی یورپ میں پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ای اے ایس اے پاکستان میں سیفٹی منجمنٹ سسٹم کے حوالے سے فکر مند ہے اور 2019سے متواتر کئی مرتبہ وارننگ بھی جاری کرتا رہا جن پر پی آئی اے عمل کرنے میں ناکام رہا۔

    اس حوالے سے کیپٹن بجارانی نے کہا ہے کہ قومی ایئرلائن نے یورپی یونین کی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کے ایس ایم ایس پر عمل درآمد کے بجائے لازمی سروس ایکٹ متعارف کرادیا جو نہ صرف یورپی یونین کی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کے ایس ایم ایس کے یکسر منافی ہے بلکہ یونین اور ایسوسی ایشن کو مسترد کرتا ہے جو یورپی ایجنسی کے ایس ایم ایس کا لازمی جز ہیں اور ملازمین کا ردعمل فراہم کرنے کا فریضہ انجام دیتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس طرز کا تادیبی کلچر یورپی ایجنسی کے ایس ایم ایس کے مقاصد کے بھی خلاف ہے جو ایس ایم ایس پر عمل درآمد کے لیے تمام متعلقہ یونینز اور ایسوسی ایشنز کی شرکت کولازمی قرار دیتا ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ ای اے ایس اے نے اپنی پابندی کا دورانیہ غیرمعینہ مدت تک وسیع کردیا ہے اور اب ایجنسی کے آڈٹ کے بعد ہی واضح ہوگا کہ پاکستان پر سے پابندی ہٹادی جائیگی یا اسے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے کسی ایئر نیوی گیشن آرڈر کے تحت استثنی کی حاصل پروازوں کی بھی اپنی صوابدید پر نگرانی کرے گا۔
    پالپا کے نائب صدر کیپٹن بجارانی نے کہا کہ یورپی یونین کی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کو پاکستان میں پائلٹس کو لائسنس کے اجراء کے طریقہ کار پر بھی اعتراضات ہیں جو پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دور کرنا ہوں گے ورنہ پاکستان پر عائد پابندیوں کا خاتمہ تقریباً ناممکن ہوگا۔

    دوسری جانب انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) بھی جون2021میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا آڈٹ کریگی۔ آئی سی اے او رکن ممالک کا ہر دو سال بعد آڈٹ کرتی ہے اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا گزشتہ آڈٹ نو سال قبل 2011میں کیا گیا تھا.

    اس آڈٹ رپورٹ  میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سے متعلق چشم کشاء حقائق سامنے آئے تھے اور ان کی بنیاد پر آئی سی اے او نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو یلو کٹیگری میں شامل کرتے ہوئے راست اقدامات پر مبنی پلان طلب کیا تھا جن میں ڈپیوٹیشن کے مسئلے کے حل کا پلان بھی شامل تھا۔

    پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کو راست اقدامات اٹھانے اور ایکشن پلان پر مختلف دورانیوں میں عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم ایکشن پلان پر عمل درآمدکے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا اور معاملات گزرتے سالوں میں مزید بگڑتی چلی گئی اور اب نوبت اسٹیٹ سیفٹی پروگرام پر عمل درآمد نہ ہونے تک پہنچ گئی۔

    کیپٹن بجارانی نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی ان مسائل کو کس طرح اگلے چھ ماہ یعنی جون2021تک حل کرپائے گی جبکہ وہ ان مسائل کو گزشتہ کئی سال میں حل کرنے میں ناکام رہی۔ یہ مسائل اس وقت تک حل نہیں ہوسکتے جب تک متعلقہ عہدوں پر اہل اور باصلاحیت افراد کو تعینات نہ کردیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگناجزیشن کے ساتھ یورپی یونین کی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے بھی پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تقریباً تمام شعبہ جات اور سیکٹرز پر اعتراضات اٹھائے ہیں جن میں پائلٹس کے لائسنس اور ان کے امتحانات کا معاملہ بھی شامل ہے۔

    پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی جانب سے3نومبر کو وارننگ لیٹر جاری کیا گیا جس میں واضح کیا گیا ہے کہ 90روز میں پائلٹ کے لائسنس اور امتحانات کا معاملہ حل نہ کیا گیا تو پاکستان کو آئی سی اے او کی ویب سائٹ پر اہم سیفٹی خدشات (ایس ایس سی) کی فہرست میں شامل کردیا جائے گا۔

  • قومی ایئر لائن کی طرف سے تربت کے شہریوں کے لیے اچھی خبر

    قومی ایئر لائن کی طرف سے تربت کے شہریوں کے لیے اچھی خبر

    کراچی: پی آئی اے نے کوئٹہ سے تربت کے لیے دو طرفہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن کل سے کوئٹہ سے تربت کے لیے اپنی پروازیں شروع کر رہی ہے، پہلی پرواز دوپہر 12 بجے کوئٹہ سے تربت کے لیے روانہ ہوگی۔

    پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے تربت کے لیے ہفتہ وار 2 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، تربت کے لیے پروازیں شروع کرنے سے وہاں کے مسافروں کے لیے سفری سہولت میسر ہوگی۔

    خیال رہے کہ تربت عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ تربت کے لیے دوبار ہ پروازیں شروع کی جائیں۔

    پی آئی اے کا عوام کو تحفہ، کرایوں میں زبردست کمی

    واضح رہے کہ پی آئی اے نے موسم سرما کی چھٹیوں کے لیے خصوصی رعائتی کرائے متعارف کراتے ہوئے رواں ماہ فضائی مسافروں کو خوش خبری دی تھی، کرائیوں میں 30 فی صد رعایت تمام اندرون ملک پروازوں پر دی گئی ہے۔

    اس اعلان کے بعد اندرون ملک یک طرفہ کرایہ 12 ہزار 275 سے کم ہو کر 8 ہزار 500 ہو گیا ہے، دو طرفہ کرایہ 24 ہزار 600 سے کم ہو کر 17 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

  • رضاکارانہ علیحدگی اسکیم، پی آئی اے ملازمین کے لیے گائیڈ لائن جاری

    رضاکارانہ علیحدگی اسکیم، پی آئی اے ملازمین کے لیے گائیڈ لائن جاری

    کراچی : پی آئی اے ملازمین کے لئے ملازمت سے رضاکارانہ علیحدگی کی اسکیم پر باقاعدہ کام شروع کیا جاچکا ہے،18سال سے زائد اور کم ملازمت پر مبنی دو کیٹگریز کے لئے اسکیم کی کارروائی میں تیزی آگئی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وی ایس ایس اسکیم کی گائیڈ لائنز پر مکمل عملدرآمد کے لئے 72 کوآرڈینیٹرز تعینات کیے گئے ہیں یہ کوآرڈینیٹرز ائرلائن کے مختلف شعبوں اور اندرون ملک پی آئی اے اسٹیشنز پرتعینات کئے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق کوآرڈینیٹرز 9سی ایس ایس اسکیم کی 9 نکاتی گائیڈ لائن پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے اور متعلقہ ملازم کو وی ایس ایس درخواست پراسیسنگ میں معاونت کریں گے۔

    وی ایس ایس درخواست فارمز کی دستیابی کو یقینی بنانا بھی کوآرڈینیٹرز کی ذمہ داریوں میں شامل ہے، اس کے علاوہ وی ایس ایس پیکج رپورٹ کا اجرا،اسکیم کے پیرا میٹرز سے ملازم کو آگاہی فراہم کرنا بھی ذمہ داری ہوگی۔

    متعلقہ ملازم کے دستخط شدہ فارم کی وصولی اور دو ملازمین کے دستخط بطور گواہ بھی کوآرڈینیٹرز کی ذمہ داری ہے، کوآرڈینیٹر فارم کی اسکین کاپی بذریعہ میل سی ایف ٹی کو روانگی کے ذمہ دار بھی ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یومیہ بنیاد پر چئیرمین سی ایف ٹی اسلام آباد کو تمام مکمل اصل درخواستیں بھی ارسال کریں گے، موصول اور روانہ کردہ تمام وی ایس ایس درخواستوں کا لاگ رجسٹر بھی متعارف کرائیں گے، یاد رہے کہ اسکیم کی کامیابی کے لئے انتظامیہ نے وفاق سے12 ارب روپے فراہمی کی درخواست کر رکھی ہے۔