Tag: PIA

پی آئی اے کا مکمل نام پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ہے۔ یہ پاکستان کی قومی ایئرلائن ہے اور ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن بھی ہے۔ پی آئی اے تقریباً 23 اندرون ملک اور 30 سے زائد بیرون ملک پروازیں چلاتی ہے جو ایشیا، یورپ اور جنوبی امریکہ تک جاتی ہیں۔

پی آئی اے اپنے مسافروں کو مختلف قسم کی سہولیات فراہم کرتی ہے جن میں شامل ہیں:

  • کوڈ شیئر: دنیا کی کئی بڑی ایئرلائنز کے ساتھ کوڈ شیئر کا معاہدہ کیا ہوا ہے جس سے مسافر دنیا کے مختلف حصوں میں آسانی سے سفر کر سکتے ہیں۔
  • مختلف کلاسز:  اپنے مسافروں کو مختلف کلاسز میں سفر کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے جن میں اکانومی، بزنس اور فرسٹ کلاس شامل ہیں۔
  • کیمپ اور ہوٹلز: ایئرلائن نے پاکستان کے مختلف شہروں میں کیمپ اور ہوٹلز بھی قائم کیے ہوئے ہیں۔
  • PIA
  • پی آئی اے PIA
  • ٹورنٹو پہنچنے والی پی آئی اے پرواز کا فضائی میزبان پرسرار طور پر لاپتا

    ٹورنٹو پہنچنے والی پی آئی اے پرواز کا فضائی میزبان پرسرار طور پر لاپتا

    کراچی: اسلام آباد سے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 781 کا فضائی میزبان پرسرار طور پر لاپتا ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فضائی میزبان یاسر پی آئی اے کی پرواز سے اسلام آباد سے ٹورنٹو پہنچا تھا، جہاں وہ ایمیگریشن ہونے کے بعد اچانک ہوٹل سے غائب ہو گیا ہے۔

    پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبان کی کینیڈا میں پرسرار گمشدگی کا نوٹس لے لیا، فضائی میزبان کے لاپتا ہونے کی اطلاع کینیڈا کے اسٹیشن منیجر نے ایئر پورٹ اتھارٹی کو دے دی۔

    جنرل منیجر فلائٹ سروسز کا کہنا ہے کہ فضائی میزبان یاسر کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، پی آئی اے انتظامیہ نے کینیڈین ایمیگریشن اتھارٹی کو بھی باضابطہ طور پر یاسر سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔

    پیرس میں پی آئی اے کی فضائی میزبان کے غائب ہونے پر انتظامیہ کا سخت ایکشن

    جی ایم فلائٹ سروسز نے کہا کہ فضائی میزبان جنرل ڈکلیئریشن پر کینیڈا جاتے ہیں اور واپسی پر ایک بندے کی کمی پر کینیڈین ایمیگریشن کو اطلاع کرنا لازمی ہوتا ہے، گزشتہ ماہ بھی پی آئی اے کا لاہور بیس سے تعلق رکھنے والا فضائی میزبان کینیڈا میں غائب ہو گیا تھا جسے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

    بتایا گیا کہ لاہور ایئر بیس سے تعلق رکھنے والا فضائی میزبان کچھ عرصے بعد پاکستان واپس آ گیا تھا اس کے خلاف کارروائی کا عمل جاری ہے۔

  • مانچسٹر: پی آئی اے کی گنجائش سے زیادہ بکنگ، ایئرپورٹ پر ہنگامہ آرائی

    مانچسٹر: پی آئی اے کی گنجائش سے زیادہ بکنگ، ایئرپورٹ پر ہنگامہ آرائی

    مانچسٹر: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے عملے نے مانچسٹر سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں گنجائش سے زیادہ بکنگ کردی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مانچسٹر سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 702 کے عملے نے اوور بکنگ کردی جس کے بعد ایئرپورٹ پر مسافروں اور عملے کے درمیان ہنگامہ آرائی ہوئی۔

    ذرائع کے مطابق عملے نے پی کے 702 پر 140 مسافروں کی ٹکٹس زائد بک کی ہیں، ایئرپورٹ پر ہنگامہ آرائی کے سبب پرواز ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں اور عملے کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی جس کے بعد ایئرپورٹ انتظامیہ نے سیکیورٹی کے پیش نظر پولیس کو طلب کرلیا۔

    مزید پڑھیں: یورپین ممالک نے پی آئی اے کو پروازوں کے حوالے سے مشروط اجازت دے دی

    واضح رہے کہ یورپی یونین اور برطانیہ نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو لانے کے لیے پی آئی اے کی پروازیں تین جولائی تک چلانے کی اجازت دی  ہے۔

    یورپی یونین اور برطانیہ نے پی آئی اے پائلٹس کی جعلی ڈگری کے معاملے پر پی آئی اے کی پروازیں بند کردی تھیں بعدازاں پی آئی اے انتظامیہ، وزارت خارجہ اور پاکستانی سفرا نے یورپین حکام سے مسلسل رابطہ بھی کیا جس کے بعد اسلام آبادتا لندن اور واپسی کی پروازوں پی کے785 اور پی کے 786 کو آپریٹ کی اجازت بھی مل گئی تھی۔

    پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے ترجمان عبد اللہ خان کا کہنا تھا کہ ’برطانیہ اور یورپین ممالک سے دیگر پروازوں کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا‘۔

  • قومی ایئر لائن اور اسٹیل مل زرداری دور میں خسارے میں گئے: مراد سعید

    قومی ایئر لائن اور اسٹیل مل زرداری دور میں خسارے میں گئے: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اور اسٹیل مل زرداری دور میں خسارے میں گئے، ہم نے پختونخواہ کے اضلاع میں 70 لاکھ افراد کو مفت اور بہترین علاج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 2 جماعتوں کی محبت دیکھ کر آج مجھے خوشی ہوئی، وزیر اعظم ہمیشہ کہتے تھے کہ یہ ان دو جماعتوں کی نورا کشتی ہے۔

    مراد سعید کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے شور شرابہ کیا اور احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کرلیا، واک آؤٹ کرنے والوں میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو بھی شامل تھے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ عمران خان کو چیلنج کرنے والا ان کا سامنا نہیں کر سکتا، یہ عمران خان کو مناظرے کی دعوت دیتے ہیں اور میرا سامنا بھی نہیں کر سکتے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے مؤقف کو یورپ نے بھی تسلیم کیا، اپوزیشن کہتی ہے کہ حکومت کی کرونا وائرس پر کوئی حکمت عملی نہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اور اسٹیل مل زرداری دور میں خسارے میں گئے، ہم نے پختونخواہ کے اضلاع میں 70 لاکھ افراد کو مفت اور بہترین علاج دیا، عمران خان جب آئے تو پختونوں اور پاکستان کا مقدمہ لڑا، آپ امریکا سے ڈو مور کے پرچہ لے کر آتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے غربت کے خاتمے کا پیکج بجٹ میں رکھا ان کو نظر نہیں آیا، تھر میں ہر سال بچے مرتے ہیں وہ بھی ان کو نظر نہیں آتا۔ چیلنج کرتا ہوں کسی بھی حلقے سے الیکشن لڑ لیں میں مقابلہ کروں گا۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ فاطمہ بھٹو کی کتاب پڑھ لیں آنکھیں کھل جائیں گی، یہ دہشت گردی اسی کو مانتے ہیں جسے امریکا کہتا ہے، یہ امریکا سے کہتے تھے تم ڈرون گراتے جاؤ ہم مذمت کرتے جائیں گے۔

  • پی آئی اے مشتبہ پائلٹس کی خبر امریکی ٹی وی پر، ایئر مارشل ارشد ملک کا امریکی حکام کو خط

    پی آئی اے مشتبہ پائلٹس کی خبر امریکی ٹی وی پر، ایئر مارشل ارشد ملک کا امریکی حکام کو خط

    اسلام آباد: امریکی ٹی وی سی این این نے بھی پی آئی اے کے پائلٹس کے جعلی لائسنس کے معاملے پر خبر نشر کر دی ہے، قومی ایئر لائن کے سی ای او نے امریکی حکام کو خط لکھ کر اعتماد میں لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے کے پائلٹس کے مشتبہ اور مبینہ جعلی لائسنس کے معاملے میں قومی ایئرلائن کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے امر یکی حکام کو خط لکھ دیا، جس میں پاکستان میں امریکی سفیر پال جونز کو لائسنس کے مسئلے پر اعتماد میں لیا گیا۔

    ایئر مارشل ارشد ملک نے لکھا کہ مسافروں اور جہازوں کی سیفٹی کے لیے مشکوک لائسنس والے پائلٹس کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے، حکومتِ پاکستان جعلی لائسنس کے معاملے کی مکمل چھان بین کرے گی۔

    انھوں نے خط میں لکھا کہ حکومت نے تمام اندرون و بیرون پی آئی اے کی پروازوں میں پائلٹس کے پاس ہر وقت اصلی لائسنس پاس ہونا لازمی قرار دے دیا ہے۔

    پاکستان: کُل 450 پائلٹس میں‌ سے 262 مشکوک ہیں، وفاقی وزیر کا تہلکہ خیز انکشاف

    خیال رہے کہ قومی ایئر لائن نے حال ہی میں انتہائی تگ و دو کے بعد امریکا کے لیے اپنی براہ راست پروازیں شروع کی ہیں، اس سلسلے کو حالیہ جعلی لائسنس اسکینڈل سے نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے انکشاف کیا ہے کہ پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز میں مشکوک پائلٹس کی تعداد 262 ہے، ماضی میں قومی ایئرلائن کے جن پائلٹس کے خلاف تحقیقات ہوئیں انھیں پچھلی حکومتوں نے ملازمتیں دیں۔

    انھوں نے کہا کہ پائلٹس کے خلاف جو انکوائری ہوئی وہ 2018 سے پہلے کے لوگ ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے پی آئی اے میں کوئی نئی بھرتی نہیں کی۔

  • پی آئی اے کا جعلی ڈگری کے حامل 150 پائلٹس کو  فوری طور پر گراونڈ کرنے کا فیصلہ

    پی آئی اے کا جعلی ڈگری کے حامل 150 پائلٹس کو فوری طور پر گراونڈ کرنے کا فیصلہ

    کراچی : پی آئی اے نے جعلی ڈگری کے حامل 150 پائلٹس کے نام سول ایوی ایشن سے مانگ لیے اور فوری طور پر گراونڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب مشتبہ لائسنس کے حامل کپتانوں کیخلاف تاحال کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی اور نہ ہی سی اے اے نے 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود مشتبہ لائسنس کے حامل پائلٹس کی فہرست پی آئی اے سمیت دیگر ائیر لائنوں کوفراہم کی، 150 پائلٹس پی آئی اے کے ہیں باقی دیگر ائیر لائنوں میں کام کررہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے جعلی ڈگری کے حامل 150 پائلٹس کے نام سول ایوی ایشن سے مانگ لیے اور فوری طور پر گراونڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے آپریشن بند کردے گی مگر ان پائلٹس کو جہاز نہیں اڑانے دے گی تاہم دیگر ائیرلائنز نے ابھی تک اس قسم کا اعلان نہیں کیا۔

    ترجمان کے مطابق سی ای او پی آئی اے نے دو بار سیکرٹری ایوی ایشن و ڈی جی سی اے اے کو جعلی ڈگریوں کے حامل پائلٹس کے ناموں کے مراسلہ بھیجا، لیکن سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تاحال فہرست نہیں دی۔

    مزید پڑھیں : مبینہ جعلی لائسنس کے حامل پائلٹس کیخلاف تحقیقات کا دائرہ کار وسیع

    پی آئی اے نے 2019 کے اوائل میں مشتبہ لائسنس دریافت کئے، جس کے بعد وزارت ہوابازی نے انکوئری شروع کی، پی آئی اے نے اپنی انکوائری میں 17 ہوابازوں کی نشاندہی کی ، جن کے لائسنس پر شکوک تھے اور ان سب کو حفظ ماتقدم گراونڈ کرکے اطلاع سی اے اے کو دی ،تمام 17 پائلٹ ڈیڑھ سال سے گراونڈ ہیں مگر ان کی تحقیقات ابھی تک پی آئی اے کو موصول نہیں ہوئیں ۔

    مشتبہ لائسنس صرف پی آئی اے کا نہیں تمام ایئرلائنز کا مسئلہ بن چکا ہے، لائسنس ایشو پاکستان میں مجاز ادارے نے کئے ،پی آئی اے یا دیگر ائیرلائنز مجاز ادارے کا لائسنس رد نہیں کرسکتی تھیں۔

    خیال رہے وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے 24 جون کو پائلٹوں کے لائسنس سے متعلق انکشاف کیا تھا کہ پاکستان میں 262 پائلٹس کے لائسنس مشتبہ ہیں۔

  • پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں کیلئے اچھی خبر

    پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں کیلئے اچھی خبر

    اسلام آباد :پی آئی اے نے بر طا نیہ جانےوالی پروازوں کے کرایوں میں20فیصد کمی کردی ،ترجمان نے کہا ہے کہ رعایتی ٹکٹوں کی وجہ سے مسافروں کی بڑی تعداد کو فائدہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں کیلئے اچھی خبر آگئی ، پی آئی اے نے برطانیہ جانے والی پروازوں کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کردی۔

    پی آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ کرائے میں20فیصد کمی پاکستان سے برطانیہ جانیوالے مسافروں کیلئے کی گئی ہے ، رعایتی ٹکٹوں کی وجہ سے مسافروں کی بڑی تعداد کو فائدہ حاصل ہوگا۔

    خیال رہے بیرون ملک موجود پاکستانیوں کی واپسی کے سلسلے میں پی آئی اے کے دفاتر پر مسافروں کے رش کے پیش نظر آئندہ ہفتے میں قومی ایئرلائن نے بڑا فضائی آپریشن ترتیب دے دیا ہے۔

    پی آئی اے آئندہ ہفتے سعودی عرب سے 10 ہزار افراد کو واپس لائے گی، جب کہ یو اے ای سے 15 ہزار افراد کو واپس لایا جائے گا، ان 25 ہزار مسافروں کو واپس لانے کے لیے 100 سے زائد پروازیں چلائی جائیں گی، ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں پروازوں کا مقصد ٹکٹس کی فراہمی آسان کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ ملک میں بین الاقوامی فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں جناح ٹرمینل کراچی سے خلیجی ممالک کی 7 پروازیں آپریٹ کی گئیں، اور ایک ہزار سے زائد مسافر روانہ ہوئے۔

  • سعودی عرب اور یو اے ای سے 25 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بڑا فضائی آپریشن

    سعودی عرب اور یو اے ای سے 25 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بڑا فضائی آپریشن

    کراچی: قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے 25 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بڑا فضائی آپریشن ترتیب دے دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بیرون ملک موجود پاکستانیوں کی واپسی کے سلسلے میں پی آئی اے کے دفاتر پر مسافروں کے رش کے پیش نظر آئندہ ہفتے میں قومی ایئرلائن نے بڑا فضائی آپریشن ترتیب دے دیا۔

    پی آئی اے آئندہ ہفتے سعودی عرب سے 10 ہزار افراد کو واپس لائے گی، جب کہ یو اے ای سے 15 ہزار افراد کو واپس لایا جائے گا، ان 25 ہزار مسافروں کو واپس لانے کے لیے 100 سے زائد پروازیں چلائی جائیں گی، ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں پروازوں کا مقصد ٹکٹس کی فراہمی آسان کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ ملک میں بین الاقوامی فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں جناح ٹرمینل کراچی سے خلیجی ممالک کی 7 پروازیں آپریٹ کی گئیں، اور ایک ہزار سے زائد مسافر روانہ ہوئے۔

    ذرایع نے بتایا کہ پی آئی اے کی پروازوں میں نشستیں دفاتر، ایجنٹس یا ویب سائیٹ کے ذریعے منٹوں کے اندر فروخت ہو رہی تھیں اور زیادہ تر لوگ ٹکٹ حاصل کرنے سے رہ جاتے تھے، اس لیے پی آئی اے نے حکومت پاکستان سے اضافی افراد کو واپس لانے کے لیے اجازت مانگی تھی، اجازت ملنے پر قومی ایئر لائن نے بڑا فضائی آپریشن ترتیب دیا۔

    بیرون ممالک سے پاکستانیوں کی واپسی، 60 سے پروازیں شیڈول

    بتایا گیا ہے کہ 25 ہزار مسافروں کو 100 سے زائد خصوصی پروازوں کے ذریعے واپس لایا جائے گا، یہ ساری خصوصی پروازیں پاکستان سے خالی جائیں گی۔

    ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے اتنی تعداد میں پروازیں اس لیے لگائی ہیں تاکہ ٹکٹیں آرام سے سب کو دستیاب ہو سکیں، پی آئی اے کے دفاتر زیادہ تر جگہوں پر لاک ڈاؤن کی مقامی حکومتوں کی ہدایات کے باعث بند ہیں، اس لیے ٹکٹیں پاکستان میں پی آئی اے کے دفاتر، ویب سائٹ یا ایجنٹوں سے حاصل کیے جاسکتے ہیں، امید کرتے ہیں کہ زیادہ تر پاکستانی ان پروازوں کے ذریعے وطن واپس آ جائیں گے اور دباؤ کم ہو جائے گا۔

  • کراچی: حادثے کا شکار طیارے کا انجن اور پر تباہ حال گھروں سے اتار لیے گئے

    کراچی: حادثے کا شکار طیارے کا انجن اور پر تباہ حال گھروں سے اتار لیے گئے

    کراچی: پی آئی اے کے حادثے کا شکار طیارے کا انجن اور پر ماڈل کالونی کے گھروں سے اتار لیے گئے، پی آئی اے کی مدد کے لیے فوج، میکا نائزڈ انجینیئرز اور پاک فضائیہ کے دستے بھی موجود رہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے حادثے کا شکار طیارے کے وزنی ترین حصے اٹھا لیے گئے، جہاز کے ملبے کے یہ ٹکڑے جناح گارڈن کے تباہ شدہ گھروں سے اٹھائے گئے ہیں۔

    مذکورہ گھروں کے درمیان سے جہاز کا پر اور انجن تکنیکی ماہرین کی موجودگی میں وزنی کرین کی مدد سے نکالا گیا، حادثے کے بعد کئی ٹن وزنی انجن سہ منزلہ عمارت کی چھت پر پڑا تھا۔

    جہاز کا 17 میٹر لمبا اور 5 میٹر چوڑا پر گھر کے اندر دھنسا ہوا تھا، پر کو نکالنے سے گھر کے منہدم ہونے کا خدشہ تھا لہٰذا اسے ٹکڑوں کی صورت میں نکالا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انجن اور پر اٹھانے کے لیے وزنی اور اونچی کرین کی ضرورت پڑی مگر راستہ تنگ، گنجان آباد ہونے اور بجلی کی تاروں کی وجہ سے دشواری کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد عملے نے کے پی ٹی اور نیول ڈاکیارڈ سے وزنی کرنیں اور دیگر مشینری منگوائی۔

    کام کے دوران پی آئی اے کی مدد کے لیے فوج، میکا نائزڈ انجینیئرز اور پاک فضائیہ کے دستے بھی موجود رہے، سندھ رینجرز 42 ونگ نے پورے علاقے کو سیل کر کے ملبے کی منتقلی کے عمل کو محفوظ بنایا۔

    ذرائع کے مطابق تمام پرزوں کو کراچی ایئر پورٹ پر ایک محفوظ جگہ منتقل کردیا گیا ہے جہاں تحقیقاتی ٹیمیں ان کا جائزہ لیں گی، علاقہ مکینوں نے محفوظ طریقے سے ملبہ ہٹانے کے لیے پی آئی اے، کے پی ٹی اور افواج پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے کرینوں اور وزنی مشینری کو متاثرہ مکانوں کی چھتوں کو نکالنے کے لیے بھی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹیمیں تکنیکی طور پر تجربہ کار ہیں اور اس کام کو عام مزدوروں کے مقابلے میں احسن اور محفوظ طریقے سے انجام دے سکتی ہیں۔

    خیال رہے کہ 22 مئی کی دوپہر کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی آنے والا طیارہ المناک حادثے کا شکار ہوگیا تھا جب لینڈنگ سے چند لمحے قبل طیارہ رہائشی علاقے میں گھروں پر گر گیا۔

    عید سے 2 روز قبل پیش آنے والے المناک حادثے میں 97 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے۔ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔

  • جدہ سے مزید 251 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    جدہ سے مزید 251 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی ایک اور خصوصی پرواز کے ذریعے جدہ سے مزید 251 پاکستانی مسافر وطن واپس پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی ایک اور خصوصی پرواز پی کے 8732 جدہ سے کراچی پہنچ گئی، پرواز کے ذریعے 251 مسافر سعودی عرب سے پاکستان کے لیے روانہ ہوئے۔

    قونصل جنرل خالد مجید اور ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو نے مسافروں کو جدہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے رخصت کیا۔

    اس سے قبل ہفتے کو جدہ سے خصوصی پرواز کے ذریعے 255 افراد اسلام آباد گئے تھے جبکہ جمعرات کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 8764 جدہ سے فیصل آباد گئی تھی، اس پرواز کے ذریعے 147 پاکستانی وطن پہنچے تھے۔

    خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے کرونا وائرس کی وبا کے باعث سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع کیا ہے، اس سلسلے میں یہ جدہ سے آٹھویں پرواز ہے۔ اب تک 17 سو افراد کو پاکستان پہنچایا جا چکا ہے۔

    ریاض اور دمام سے بھی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے، ریاض میں سفارتخانہ پاکستان اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ پی آئی اے کے عملے کے تعاون سے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے انتظامات کر رہے ہیں۔

  • طیارہ حادثے کی تحقیقات کب مکمل ہوں گی؟

    طیارہ حادثے کی تحقیقات کب مکمل ہوں گی؟

    کراچی: طیارہ حادثے کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، فرانسیسی ماہرین کی ٹیم اتوار کو تحقیقات مکمل کر لے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فرانسیسی ٹیم نے طیارہ حادثے کے اہم شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ یہ ٹیم اتوار کو اپنی تحقیقات مکمل کر لے گی، جس کے بعد 11 رکنی فرانسیسی ماہرین کی خصوصی ٹیم پیر کو پیرس روانہ ہو جائے گی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ فرانسیسی ٹیم بلیک باکس اور کاک پٹ وائس ریکارڈر ڈی کوڈ کرنے کے لیے اپنے ساتھ لے جائے گی، ٹیم کو لے جانے کے لیے خصوصی طیارے کو لینڈنگ کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں سی اے اے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے اجازت نامہ جاری کر دیا۔

    خالی طیارہ 31 مئی کی رات کو جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے گا، فرانسیسی ٹیم 6 روزہ دورہ مکمل کر کے یکم جون کو پیرس روانہ ہوگی۔ گزشتہ روز فرانسیسی ایئر بس ماہرین نے جائے حادثہ سے ملبے کے نیچے دبے کاک پٹ وائس ریکارڈر بھی برآمد کر لیا تھا۔

    فرانسیسی ٹیم کی حادثے کو سمجھنے کے لیے منفرد انداز میں واقعے کا ریہرسل

    ذرایع کے مطابق فرانسیسی ٹیم کاک پٹ وائس ریکارڈر کی ایک ہفتے میں ڈی کوڈنگ کرے گی، کیپٹن اور فرسٹ آفیسر کے درمیان گفتگو پر خصوصی توجہ دی جائے گی، ڈی کوڈنگ سے پرواز کی اونچائی، رفتار، لینڈنگ گیئر اور فلیپ کی معلومات حاصل ہوں گی، یہ ٹیم ڈی کوڈنگ کے بعد معلومات دستاویز کی شکل میں پاکستان کے حوالے کرے گی۔

    دریں اثنا، آج پانچویں دن بھی فرانسیسی ماہرین نے جائے حادثہ سے اہم شواہد اکھٹے کیے، ٹیم نے جائے حادثہ کا فضائی جائزہ بھی لیا، اور ہائی ریزولیشن کیمروں کی مدد سے جائے حادثہ کی ویڈیو بنائی گئی، ماہرین نے رن وے کا بھی فضائی معائنہ کیا، ٹیک آف پوائنٹ سے لینڈنگ پوائنٹ تک کی رپورٹ بھی تیار کر لی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان نے کراچی حادثے سمیت ملک میں ہونے والے گزشتہ طیارہ حادثات کی تحقیقاتی رپورٹس بھی پبلک کرنے کا حکم دیا تھا، جنید جمشید طیارہ حادثے کی رپورٹ بھی جولائی میں پبلک کی جائے گی، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جن کے پیارے جاں بحق ہوئے ان کو وجوہ جاننے کا حق ہے، رپورٹ پبلک ہوں گی تو آیندہ مؤثر اقدامات ہو سکیں گے۔