Tag: PIA

پی آئی اے کا مکمل نام پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ہے۔ یہ پاکستان کی قومی ایئرلائن ہے اور ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن بھی ہے۔ پی آئی اے تقریباً 23 اندرون ملک اور 30 سے زائد بیرون ملک پروازیں چلاتی ہے جو ایشیا، یورپ اور جنوبی امریکہ تک جاتی ہیں۔

پی آئی اے اپنے مسافروں کو مختلف قسم کی سہولیات فراہم کرتی ہے جن میں شامل ہیں:

  • کوڈ شیئر: دنیا کی کئی بڑی ایئرلائنز کے ساتھ کوڈ شیئر کا معاہدہ کیا ہوا ہے جس سے مسافر دنیا کے مختلف حصوں میں آسانی سے سفر کر سکتے ہیں۔
  • مختلف کلاسز:  اپنے مسافروں کو مختلف کلاسز میں سفر کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے جن میں اکانومی، بزنس اور فرسٹ کلاس شامل ہیں۔
  • کیمپ اور ہوٹلز: ایئرلائن نے پاکستان کے مختلف شہروں میں کیمپ اور ہوٹلز بھی قائم کیے ہوئے ہیں۔
  • PIA
  • پی آئی اے PIA
  • خصوصی پروازیں: جدہ سے مزید 250 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    خصوصی پروازیں: جدہ سے مزید 250 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے 250 پاکستانی سعودی عرب سے وطن واپس پہنچ گئے، اب تک خصوصی پروازوں کے ذریعے ایک ہزار سے زائد مسافر پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 758 جمعے کی رات ساڑھے گیارہ بجے جدہ سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی، اس پرواز کے ذریعے 250 افراد کو سعودی عرب سے پاکستان بھیجا گیا ہے۔

    یہ جدہ سے پانچویں پرواز تھی، اب تک خصوصی پروازوں کے ذریعے ایک ہزار سے زیادہ مسافروں کو پاکستان بھجوایا جا چکا ہے، ریاض سے بھی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز دمام سے 2 پروازوں کے ذریعے 260 افراد اسلام آباد گئے تھے۔

    خصوصی پروازوں میں وزٹ ویزے، خروج نہائی اور میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

    ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹ کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے لگائی گئی فضائی پابندیوں سے متاثر ایسے پاکستانی جن کے ویزوں کی میعاد ختم ہو رہی ہے یا وہ کسی ایمرجنسی کے باعث وطن واپس جانا چاہتے ہیں وہ اپنے کوائف فراہم کریں۔

  • پی آئی اے کے بدقسمت طیارے کے حادثے کی ابتدائی تحقیقات جاری

    پی آئی اے کے بدقسمت طیارے کے حادثے کی ابتدائی تحقیقات جاری

    کراچی: شہر قائد میں گزشتہ روز آبادی پر گر کر تباہ ہونے والے پی آئی اے کے بدقسمت مسافر طیارے کے حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بدقسمت طیارہ 15 ناٹیکل مائل اپروچ پوائنٹ پر تھا، گرنے سے قبل کنٹرول ٹاور نے کپتان کو کہا آپ کی بلندی زیادہ ہے اس کو کم کریں، ذرایع کا کہنا ہے کہ عام طور پر 5 ہزار پر لینڈنگ اپروچ ہونی چاہیے تاہم طیارہ 10 ہزار فٹ کی بلندی پر تھا۔

    رپورٹ کے مطابق کپتان نے کنٹرول ٹاور کو کہا کہ میں اپنی اسپیڈ مینج کر لوں گا، جب طیارہ 7 ہزار فٹ بلندی پر آیا تو ایک بار پھر کنٹرول ٹاور نے کپتان کو ٹوکا، کپتان نے رن وے کو بیلی سے ٹچ کیا، پھر جہاز کو گوراؤنڈ کی طرف لے گیا۔

    ذرایع کے مطابق طیارے کے کپتان نے میڈے میڈے کی کال بھی دینا شروع کر دی اور کہا کہ طیارے کا انجن بند ہو گیا ہے، جب طیارہ 1200 فٹ پر پہنچا تو لینڈنگ گیئر کو ڈاؤن نہیں کیا گیا تھا، بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے سے کپتان اور ایئر کنٹرول میں گفتگو سے مدد ملے گی۔

    ریسکیو آپریشن

    جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، کراچی طیارہ حادثہ میں جاں بحق 97 افراد کی میتیں نکال لی گئیں، 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔ زخمی مسافر سول اور دارالصحت اسپتال میں زیر علاج ہیں، 66 میتیں جناح اسپتال اور 31 سول اسپتال پہنچائی گئیں، جاں بحق افراد میں سے 19 کی فنگر پرنٹس کے ذریعے شناخت کر لی گئی ہے، 5 لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔

    کیا طیارے میں خرابی تھی؟

    سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ طیارہ تکنیکی لحاظ سے ٹھیک تھا، کوئی خرابی نہیں تھی، طیارے کی تمام سرٹیفکیشن مکمل تھی، پائلٹ نے اے ٹی سی کو بتایا کہ وہ لینڈنگ کے لیے تیار ہے، پائلٹ نے پہلے لینڈنگ کی کوشش کی تو لینڈنگ گئیر نہیں کھلے، پائلٹ نے دوبارہ لیڈنگ کی کوشش کی اور اس دوران طیارہ کریش ہوا۔

    کراچی طیارہ حادثہ، جاں‌ بحق افراد کی تعداد 97 ہو گئی، 2 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ

    انھوں نے کہا سانحہ کیسے ہوا؟ اس کی عالمی سطح کی آزادانہ تحقیقات کرائیں گے تاکہ شفاف معلومات سامنے آئیں، پی آئی اے اور سی اےاے انکوائری میں شامل نہیں ہوگی، عوام سے درخواست ہے فتنہ پھیلانے والے خود ساختہ ماہرین سے دور رہیں۔

    دوسری طرف ذرایع کا کہنا ہے کہ حادثے کے شکار ایئر بس میں پہلے سے ہی فنی خرابی تھی، انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے متعدد بار انتظامیہ کو خطوط لکھے گئے تھے اور کئی بار پرزے منگوانے کی درخواستیں دی گئی تھیں۔ لاہور سے ٹیک آف سے قبل بھی طیارے کے انجن میں خرابی پیدا ہوئی تھی۔ ذرایع نے یہ بھی کہا ہے کہ طیارے کو اڑان سے پہلے تین مرتبہ چیک کیا گیا، تاہم طیارے کے انجنوں کو مکمل چیک کرنے کے باوجود دونوں انجن بند ہونا حیران کن ہے۔

    بلیک باکس

    حادثے کے شکار طیارے کا بلیک باکس بھی مل چکا ہے، سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ نے بلیک باکس اور طیارے کا کچھ حصہ اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

  • شاہ سلمان کا طیارہ حادثے پر پاکستان سے افسوس کا اظہار

    شاہ سلمان کا طیارہ حادثے پر پاکستان سے افسوس کا اظہار

    ریاض: خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے طیارہ حادثے پر پاکستان سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدر عارف علوی کے نام خط لکھ کر کراچی میں طیارہ حادثے پر تعزیت کا اظہار کیا، انھوں نے خط میں لکھا کہ طیارہ حادثے میں اموات پر انھیں گہرا دکھ اور افسوس ہوا ہے۔

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں شریک ہیں، دعا ہے کہ اللہ پاک زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا کرے۔

    انھوں نے خط میں پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی، انھوں نے لکھا اللہ پاکستان کو محفوظ و مامون رکھے۔

    کراچی طیارہ حادثہ، جاں‌ بحق افراد کی تعداد 97 ہو گئی، 2 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ

    واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور سے آنے والا طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں 97 افراد جاں بحق ہوئے، حادثے میں بینک آف پنجاب کے سربراہ سمیت 2 افراد معجزانہ طور پر بچ گئے، 97 میں سے اب تک صرف 19 افراد کی شناخت کی جا چکی ہے۔

    گزشتہ روز اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف التھائی مین نے بھی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا تھا، انھوں نے کہا پاکستان میں طیارہ حادثے می انسانی جانوں کے ضیاع پر او آئی سی کے تمام ممالک کو افسوس ہے۔

    قبل ازیں افغان صدر، بھارتی اور کینیڈین وزرائے اعظم سمیت دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ نے بھی طیارہ حادثے پر پاکستان سے افسوس کا اظہار کیا۔

    کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ کینیڈین عوام آج آپ کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں گے۔

  • پی آئی اے کا طیارہ لینڈ کرنے کی کوشش میں بلڈنگ سے جا ٹکرایا، تحقیقاتی رپورٹ

    پی آئی اے کا طیارہ لینڈ کرنے کی کوشش میں بلڈنگ سے جا ٹکرایا، تحقیقاتی رپورٹ

    کراچی : شہر قائد کے علاقے ماڈل کالونی میں پی آئی اے کے مسافر طیارے کو پیش آنے والے اندوہناک حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔

    کراچی طیارہ حادثہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق طیارے کے کپتان نے اے ٹی سی کنٹرولر کی ہدایت پر اپنا طیارہ اوپر لے جانے کی کوشش کی، طیارے کو گراؤنڈ کرنے کے وقت اس کے دونوں انجن کام کررہے تھے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گراؤنڈ کے دوران کپتان نے لینڈنگ گیئر کھولنے کی ایک بار  پھر کوشش کی، اسی کوشش کے دوران اچانک جہاز کے دونوں انجنوں نے کام کرنا بند کردیا، گراؤنڈ کے دوران طیارہ1800فٹ کی بلندی پر تھا۔

    ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق رن وے کی جانب طیارے کو لینڈ کرنے کی کوشش میں مسافر طیارہ بلڈنگ سے ٹکرا گیا، دونوں انجن بند ہونے سے طیارہ کریش ہوا اور جہاز کا اے ٹی سی سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

    مزید پڑھیں : حادثے کے شکار طیارے کا بلیک باکس مل گیا

    واضح رہے کہ پی آئی اے کا طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں‌ 54 افراد جاں‌ بحق جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے، جائے حادثہ سے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے، وزیراعظم نے طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    اس کے علاوہ ترجمان پی آئی اے اورسول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے طیارے میں 99مسافر اور 8 کریو ممبر سوار تھے۔ ڈی آئی جی نعمان صدیقی کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے زمین پر 4 گھر تباہ ہوئے ہیں ، طیارہ گرنے کی جگہ کا گھیراؤ کرکے مکمل سیل کردیا گیا۔

  • کراچی طیارہ حادثہ : ایک اور مسافر کی زندگی معجزانہ طور پر بچ گئی

    کراچی طیارہ حادثہ : ایک اور مسافر کی زندگی معجزانہ طور پر بچ گئی

    کراچی : پی آئی اے کے طیارے کے حادثے میں ایک اور مسافر کی زندگی بچ گئی، بدقسمت طیارے کے حادثے میں زندہ بچ جانے والا خوش نصیب محمد زبیر ہے جو اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج دوپہر کو کراچی ایئر پورٹ کے قریب پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کا دوسرا زخمی سامنے آیا ہے، بدقسمت طیارے کے حادثے میں زندہ بچ جانے والاخوش نصیب محمد زبیر نامی  مسافر ہے جسے اطبی امداد کی فراہمی کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے صوبائی وزیر سعید غنی نے ٹوئٹر پیغام میں بتایا ہے کہ میری طیارہ حادثے میں زخمی ہونے والے محمد زبیر سے ملاقات ہوئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ محمد زبیر کا 31فیصد جسم جھلس چکا ہے وہ انشااللہ جلد صحت یاب ہوجائیں گے، محمد زبیر بتارہے تھے کہ طیارے نے لینڈنگ کی کوشش کی تھی، محمد زبیر کے مطابق رن وے سے طیارے نے واپسی کی اورحادثہ ہوگیا۔

    مزید پڑھیں : طیارہ حادثہ میں بینک آف پنجاب کے صدر معجزانہ طور پر محفوظ

    واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی میں طیارہ حادثے میں خوش قسمتی سے بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود کی زندگی بھی بچ گئی تھی، ظفر مسعود کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا،انہوں نے اپنی والدہ کو فون کرکے اپنی خیریت سے آگاہ کیا۔

  • کراچی میں حادثہ : عید کے چاند سے متعلق پریس کانفرنس ملتوی

    کراچی میں حادثہ : عید کے چاند سے متعلق پریس کانفرنس ملتوی

    کراچی : پی آئی اے کے طیارے کو حادثہ پیش آنے کے افسوسناک واقعے کے بعد عید کے چاند سے متعلق پریس کانفرنس ملتوی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کے حادثے کے باعث عید کے چاند سے متعلق پریس کانفرنس ملتوی کردی گئی ہے۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ کراچی میں پی آئی اے کے جہاز کو اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے، اس حادثے کے پیش نظر عید کے چاند سے متعلق پریس کانفرنس ملتوی کر دی گئی ہے۔ اللہ ہم پر رحم کرے۔

    واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر رن وے کے قریب ماڈل کالونی کے علاقے میں پی آئی اے کا مسافر طیاہ گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے میں 99 مسافر اور عملے کے 8 افراد سوار تھے۔

    ایئربس 320 پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 لاہور سے 1 بج کر 10 منٹ پر کراچی کے لیے روانہ ہوئی تھی جو کہ منزل کے قریب پہنچ کر حادثے کا شکار ہوگئی۔

    طیارے کو حادثہ لینڈنگ سے قبل ملیر کینٹ کے گیٹ نمبر دو پر پیش آیا جو کہ ائرپورٹ کے ساتھ متصل علاقہ ہے۔ حادثے کے باعث 4 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا۔ حادثے کے بعد کراچی ائیرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

  • پاکستانیوں کی واپسی : پی آئی اے کی خصوصی پروازیں امریکہ اور مصر روانہ ہونگی

    پاکستانیوں کی واپسی : پی آئی اے کی خصوصی پروازیں امریکہ اور مصر روانہ ہونگی

    کراچی : امریکا میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے قومی ایئرلائن پی آئی اے نے امریکا کے لئے اپنی پانچویں پرواز کا اعلان کردیا جبکہ مصر میں پھنسے ہوئے ہم وطنوں کو لانے کیلئے پی آئی اے کی خصوصی پہلی پرواز مصر روانہ ہوگی۔

    پی آئی اے ترجمان کے مطابق پی آئی اے امریکا کے شہر نیو جرسی کیلئے 31مئی کو خصوصی پرواز اسلام آباد سے روانہ ہوگی، نیو جرسی کے نیو آرک ائیرپورٹ سے اسلام آباد کیلئے پرواز یکم جون کو روانہ ہوگی۔

    واشنگٹن میں قائم پاکستانی سفارت خانہ اور دیگر چار شہروں میں پاکستانی قونصل خانے پاکستانیوں کی رجسٹریشن کررہے ہیں جن کی رجسٹریشن ہو گئی ہے ان کو ان پروازوں پر ترجیح دی جائے گی۔

    وہ امریکی شہری یا مستقل رہائشی جو پاکستان سے امریکہ اس خصوصی پرواز پر جانا چاہ رہے ہیں ان کو فوری طور پر پی ائی اے سے رجسٹریشن کی ہدایات کی گئی ہے۔

    دوسری جانب مصر میں پھنسے پاکستانیوں کے لئے بھی اچھی خبر ہے کہ پی آئی اے کا مصر کے لئے پہلی مرتبہ فلائٹ آپریٹ کر نے کا اعلان کردیا، پی آئی اے کی خصوصی پرواز 27 مئی کو کراچی سے قاہرہ روانہ ہو گی، قاہرہ میں پھنسے 100 کے قریب ہم وطنوں کو لے کر کراچی پہنچے گی۔

  • عید کے موقع پر پی آئی اے کا مسافروں کو بڑا تحفہ

    عید کے موقع پر پی آئی اے کا مسافروں کو بڑا تحفہ

    کراچی : قومی ائیر لائن پی آئی اے نے اعلان کیا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر اندرون ملک چلنے والی تمام پروازوں میں مسافروں کے سامان کے وزن کی حد میں اضافہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کیلئے تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے، پی آئی اے نے اپنی تمام اندرون ملک پروازوں پر سامان کی حد 20 کلو فی مسافر سے بڑھا کر 35 کلو کردی گئی ہے۔

    اس حوالے سے پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ مسافر عید کی چھٹیوں کے لئے زیادہ سامان لے جاسکیں گے، زیادہ سامان لے جانے کی حد بڑھانا ہم وطنوں کی عید کی خوشیوں میں اضافہ اور پی آئی اے کی طرف سے تحفہ ہے۔

    ائیر مارشل ارشد ملک نے دعا کی کہ عید الفطر کے موقع پر اللہ تبارک تعالی سے دعا ہے کہ پاکستان پر وہ اپنا خصوصی رحم و کرم کرے۔

    مزید پڑھیں : ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کیلئے پی آئی اے کی پروازوں پر خصوصی رعایت

    واضح رہے کہ اس سے قبل پی آئی اے کی جانب سے کرونا وائرس کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے پیرا میڈیکل اسٹاف کیلئے عید کے دنوں میں کرایوں میں دس فیصد کمی کا اعلان بھی کیا ہے۔

  • ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کیلئے پی آئی اے کی پروازوں پر خصوصی رعایت

    ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کیلئے پی آئی اے کی پروازوں پر خصوصی رعایت

    کراچی : پی آئی اے کی جانب سے ملک کے تمام ڈاکٹرز اور پیرامیڈکل اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے عید سے پہلے اور عید کے دوران پروازوں پر خصوصی دس فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔

    اس حوالے سے سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے ہدایات جاری کی ہے کہ کرونا وائرس کے دورانڈاکٹرز اور پیرامیڈکل اسٹاف کی لازوال خدمات پر انہیں خصوصی رعایت فراہم کی جائے اس سلسلے میں پی آئی اے کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر پروازوں پر ٹکٹس میں خصوصی طور پر دس فیصد رعایت دی جائے گی۔

    ائیر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ اس وقت انسانیت ایک بدترین بحران سے گزر رہی ہے اور اس جنگی صورتحال میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈکل اسٹاف صف اول پر کھڑے ہوکر لڑ رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ رعایت کا مقصد پی آئی اے کی جانب سے تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈکل اسٹاف کی خدمات اور انسانیت کی خاطر قربانیوں کا اعتراف ہے۔

    واضح رہے کہ رعائتی ٹکٹ پی آئی اے کے دفاتر سے پی ایم ڈی سی کا جاری کردہ کارڈ دکھانے پر حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

  • پی آئی اے نے رعایتی ٹکٹوں پر پابندی لگا دی

    پی آئی اے نے رعایتی ٹکٹوں پر پابندی لگا دی

    لاہور: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے اپنے ملازمین اور ٹریول ایجنٹس کے رعایتی ٹکٹوں پر پابندی لگا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے پسنجر سیلز ڈپارٹمنٹ نے سرکلر جاری کرتے ہوئے اپنے ملازمین اور ٹریول ایجنٹس کے رعایتی ٹکٹوں پر پابندی لگا دی ہے۔

    اس پابندی کا اطلاق پی آئی اے کی تمام بین الاقوامی خصوصی پروازوں پر ہوگا، سرکلر کے مطابق خصوصی پروازیں محدود تعداد میں یک طرفہ سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ہیں اور یہ پروازیں پسنجر لوڈ کے مطابق اور بنا کسی منافع کے چلائی جا رہی ہیں۔

    سرکلر میں کہا گیا ہے کہ تمام خصوصی پروازیں وزارت خارجہ اور این سی او سی کی ہدایات پر چلائی جا رہی ہیں، تاحکم ثانی ٹریول ایجنٹس اور ملازمین کی بین الاقوامی رعایتی ٹکٹوں پر پابندی برقرار رہے گی۔

    کرونا وائرس ، پاکستان میں علاقائی فضائی آپریشن 56 دن بعد بحال

    سرکلر کے مطابق خصوصی پروازوں میں سفر کرنے کے لیے ایئرلائن ملازمین اور ایجنٹس کو بھی مکمل کرایہ ادا کرنا ہوگا، ذرایع کا کہنا ہے کہ عام کمرشل پرواز میں ملازمین اور ایجنٹس کو بعض صورتوں میں ٹکٹ میں 70 سے 80 فی صد رعایت دی جاتی ہے۔

    گزشتہ روز خصوصی پروازوں پر زائد کرایوں کے معاملے پر ترجمان پی آئی اے نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی تا اسلام آباد یا لاہور یک طرفہ کرایہ بشمول ٹیکس 22826 روپے سے شروع ہوتا ہے، کراچی تا پشاور یک طرفہ کرایہ بشمول ٹیکس 22108 روپے سے شروع ہوتا ہے۔ کراچی تا کوئٹہ اور کوئٹہ تا لاہور یا اسلام آباد یک طرفہ کرایہ بشمول ٹیکس 14448 روپے سے شروع ہوتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت سے مشاورت کے بعد تمام ایئرلائنز نے کرائے عوام کی سہولت کی خاطر برابر رکھے ہیں، کرایوں کے اعلان کا مقصد اس امر کا سدباب ہے کہ کوئی اضافی کرائے وصول نہ کرے۔