Tag: PIA

پی آئی اے کا مکمل نام پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ہے۔ یہ پاکستان کی قومی ایئرلائن ہے اور ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن بھی ہے۔ پی آئی اے تقریباً 23 اندرون ملک اور 30 سے زائد بیرون ملک پروازیں چلاتی ہے جو ایشیا، یورپ اور جنوبی امریکہ تک جاتی ہیں۔

پی آئی اے اپنے مسافروں کو مختلف قسم کی سہولیات فراہم کرتی ہے جن میں شامل ہیں:

  • کوڈ شیئر: دنیا کی کئی بڑی ایئرلائنز کے ساتھ کوڈ شیئر کا معاہدہ کیا ہوا ہے جس سے مسافر دنیا کے مختلف حصوں میں آسانی سے سفر کر سکتے ہیں۔
  • مختلف کلاسز:  اپنے مسافروں کو مختلف کلاسز میں سفر کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے جن میں اکانومی، بزنس اور فرسٹ کلاس شامل ہیں۔
  • کیمپ اور ہوٹلز: ایئرلائن نے پاکستان کے مختلف شہروں میں کیمپ اور ہوٹلز بھی قائم کیے ہوئے ہیں۔
  • PIA
  • پی آئی اے PIA
  • کراچی:قومی ایئرلائن کا مالی بحران شدت اختیار کرگیا

    کراچی:قومی ایئرلائن کا مالی بحران شدت اختیار کرگیا

    کراچی: قومی ایئرلائن نے مالی بحران کے باعث منافع بخش روٹس بینکوں کو گروی رکھوانا شروع کردیے ہیں اور غیر ملکی بینک سے 15 ارب روپے کا قرضہ حاصل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا مالی بحران شدت اختیار کرگیا ہے، جس کے باعث ایئر لائن کو فضائی آپریشن چلانے میں بھی دشواریوں کا سامنا ہے، پی آئی اے نے فضائی روٹس گروی رکھوا کر15ارب روپے قرض لیا، قرضہ غیر ملکی بینک سے حاصل کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قرضے کی رقم آج قومی ایئر لائن کے اکاوٴنٹس میں منتقلی کا امکان ہے، قرضے کی سیکورٹی کے لئے سعودی عرب کے منافع بخش روٹس کنسورشیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    روٹس تین سال تک اسٹینڈرڈ بینک کی سربراہی میں کنسورشیم کے پاس رہیں گے۔

    قومی ایئر لائن کی سعودی عرب کے تمام روٹس پرحاصل ہونے والی آمدنی بینکوں کو ادا کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق قرضے کی رقم ملازمین کی تنخواہوں،فیول کمپنیوں ودیگر واجبات، طیاروں کی منٹینس اور پرزوں کی خریداری پر صرف کی جائے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پی آئی اے کو حج آپریشن میں بھی کروڑوں کا جھٹکا

    پی آئی اے کو حج آپریشن میں بھی کروڑوں کا جھٹکا

    کراچی : اربوں کے خسارے سے دوچار پی آئی اے کو حج آپریشن میں بھی کروڑوں کا جھٹکا لگ گیا، شیڈول کے مطابق جدہ سے6ستمبر، مدینہ سے21ستمبر کو پوسٹ حج آپریشن کا آغاز ہونا تھا،130سے زائد ملازمین اور افسران کو پوسٹ حج آپریشن کے لئے کئی روز قبل 26اگست کو سعودیہ پہنچا دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق پوسٹ حج آپریشن کے لئے 117 ملازمین اور افسران کی منظوری کے بعد مزید 16ملازمین کے نام شامل کئے گئے، حج آپریشن میں تعینات ملازمین اور افسران کو او سی ایس کے تحت ائر لائن ادائیگی کرتی ہے۔

    کئی روز قبل سعودیہ پہنچنے والے ملازمین و افسران کو آپریشن کے آغاز سے قبل کی ادائیگیاں بھی کی جائے گی، جدہ اور مدینہ میں تعینات ملازمین اوسطا 15 روز کی تنخواہ ڈیوٹی کے بغیر وصول کریں گے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دونوں شہروں میں موجود ملازمین اور افسران کو مبینہ طور پر تین کروڑ سے زائد کی رقم ادا کی جائے گی، بغیر ڈیوٹی رقم وصول کرنے والوں میں 16 ملازمین اور افسران کے نام مبینہ حکومتی ہدایات پر شامل کئے گئے۔

    مشیر ہوا بازی کی ہدایات کے برعکس دو سے زائد بار او سی ایس پر حج آپریشن کے لئے جانے والوں کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا، حج کے موقع پر سعودیہ موجود سابق سی ای او نے اضافی دنوں والے ملازمین کی واپسی کے احکامات بھی جاری کئے تھے۔

    ترجمان پی آئی اے کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اس سال او سی ایس پر حج آپریشن کے لئے جانے والوں کی تعداد گزشتہ برس کی نسبت انتہائی کم ہے، پوسٹ حج آپریشن کے لئے جانے والے ملازمین حج پروازوں سے قبل شیڈول پروازں پر بھی فرائض انجام دے رہے ہیں۔

     


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • موسم کی خرابی: پی آئی اے کی 4 پروازیں‌ منسوخ، بقیہ تاخیر کا شکار

    موسم کی خرابی: پی آئی اے کی 4 پروازیں‌ منسوخ، بقیہ تاخیر کا شکار

    کراچی: موسم کی خراب صورتحال کے باوجود پی آئی اے کی چار پروازیں منسوخ کردی گئیں، ایک کا رخ موڑ دیا گیا جب کہ بقیہ تاخیر کا شکار رہیں۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق چار پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ ایک پرواز کا رخ متبادل ائر پورٹ کی جانب تبدیل کیا گیا،  کچھ پروازیں موسم کی خرابی کی وجہ سے 30 منٹ سے ڈیڑھ گھنٹہ تک تاخیر کا شکار رہیں۔

    کراچی اور پرواز کے روٹ میں موسم کی خرابی کی وجہ سے کراچی سے سکھر کی پرواز PK-536 ، بہاولپور سے کراچی کی پروازPK-589 ، کراچی سے تربت کی پرواز PK-501 اور کراچی سے گوادر کی پروازPK-503 منسوخ کر دی گئیں جبکہ کراچی سے بہاولپور کی پروازPK-588 کا رخ ملتان ائر پورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ کراچی سے سکھر کی پروازPk-582 کی روانگی میں ایک گھنٹہ، کراچی سے دبئی کی پروازPK-213 ایک گھنٹہ تیس منٹ، کراچی سے اسلام آباد کی پروازPK366 ایک گھنٹہ تیس منٹ، کراچی سے سکھر کی پرواز PK-390 ایک گھنٹہ پینتیس منٹ تاخیر سے روانہ ہوئی۔

    اسی طرح کراچی سے ڈیرہ غازی خان کی پرواز PK-585 ایک گھنٹہ، کراچی سے رحیم یار خان کی پروازPK-582 تیس منٹ، پشاور سے دبئی کی پروازPK-283 ایک گھنٹہ 40 منٹ، دبئی سے اسلام آباد کی پروازPK-212 ایک گھنٹہ بیس منٹ، دبئی سے اسلام آباد کی پروازPK-211 پچاس منٹ اور اسلام آباد سے مانچسٹر کی پرواز PK-701 پینتالیس منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئیں۔

    ترجمان پی آئی اے نے موسم کی خرابی کی وجہ سے پروازوں کی آمدورفت میں ہونے والی تاخیر پر مسافروں سے معذرت کی ہے۔

  • پی آئی اے طیاروں میں اکانومی نشستوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ

    پی آئی اے طیاروں میں اکانومی نشستوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ

    کراچی : پی آئی اے کے بوئنگ 777  طیاروں میں اکانومی نشستوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پانچ بوئنگ طیاروں کی بزنس کلاس میں فلیٹ بیڈ سیٹیں نصب کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ بوئنگ 777 طیاروں میں اکانومی نشستوں کی تعداد بڑھائی جائے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ بوئنگ طیاروں میں جدید ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم کی تنصیب کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اکانومی کلاس میں نئی نشستوں کی تنصیب کے بعد نشستوں کی تعداد 316 ہو جائے گی، پانچ بوئنگ طیاروں کی بزنس کلاس میں فلیٹ بیڈ سیٹوں کی تنصیب کے بعد بزنس کلاس میں نشستوں کی موجودہ تعداد35 سے کم ہو کر جدید فلیڈ بیڈ سیٹوں کی تعداد 24 ہو گی۔

    ذرائع کے مطابق اکانومی اور بزنس کلاس میں کم وزن کی نشستوں کی تنصیب کے بعد طیارے کی فیول کھپت میں بھی کمی ہو گی، بوئنگ طیاروں میں نصب کی جانے والی نشستیں ذوڈیک نامی امریکی کمینی کی تیارکردہ ہیں۔

    اس سے قبل گیون نامی اطالوی کمپنی کی نشستیں نصب کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بوئنگ طیاروں کی دونوں کلاسز میں پینا سونک کمپنی کا تیار کردہ تفریحی سسٹم نصب کیا جائے گا۔

    بزنس کلاس میں ای ایکس تھری، اکانومی میں ای ایکس لائٹ نامی آئی ایف ای سسٹم نصب ہو گا، آئی ایف ای سسٹم میں ایک سو سے زائد چینلز کی سہولت دستیاب ہو گی، نشستوں کی تبدیلی سمیت آئی ایف ای سسٹم کی تنصیب کا کام ایک سال میں مکمل کیا جائے گا۔

  • حج آپریشن مکمل‘ ایک لاکھ سےزائد عازمینِ حج پہنچ گئے

    حج آپریشن مکمل‘ ایک لاکھ سےزائد عازمینِ حج پہنچ گئے

    کراچی: پی آئی اے اور نجی ایئرلائن نے قبل از وقت حج آپریشن مکمل کرلیا‘ پی آئی اے نے کل 230 خصوصی پروازوں کے ذریعے آپریشن مکمل کیا۔

    تفصیلات کے مطابق رواں برس پی آئی اے نے اپنے حج آپریشن کے دوران230خصوصی اور شیڈول پروازوں کے ذریعے 57پروازوں کے ذریعے عازمین کوجدہ اور مدینہ پہنچایا‘ حج آپریشن کے دوران پی آئی اے کی پروازوں کی بروقت روانگی کی شرح92فیصد رہی۔

    پی آئی اے نے کراچی سے17600سے زائد عازمین کو حجاج مقدس پہنچایا۔ اسلام آباد سے10882،لاہور سے10610،پشاور سے7000سے زائد ملتان سے6000سیالکوٹ سے3900سے زائد اور فیصل آباد سے445عازمین کو حجاج مقدس پہنچایاگیا۔

    وزیر اعظم کے مشیر ہوا بازی مہتاب احمد خان نے کامیاب حج آپریشن مکمل ہونے پر پی آئی اے کے عملے کو مبارکباد دی اور کہا کہ بعد از حج آپریشن میں حجاج کرام کی وطن واپسی کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں۔

    وزیر اعظم کے مشیر ہوا بازی مہتاب احمد خان کا کہنا تھا کہ جدہ اور مدینہ کے حج ٹرمینل پر پی آئی اے انتظامیہ اپنی خصوصی ٹیم تعینات کرے۔یاد رہے کہ پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن6ستمبر سے شروع ہوگا اور 5اکتوبر تک جاری رہے گا۔

    hajj operation
    آخری پرواز سے جانے والے عازمینِ حج

    دوسری جانب نجی ایئرلائن شاہین ایئر نے بھی اپنا قبل از وقت حج آپریشن مکمل کرلیا۔ حج آپریشن کے لیے نے 217خصوصی پروازوں کے ذریعے 49000سے زائد عازمین کو جدہ اور مدینہ منورہ پہنچایا گیا۔

    نجی ایئر لائن کے ذریعے کراچی سے 64،لاہورسے29،اسلام آباد30،پشاور30،فیصل آباد سے30پروازیں،کوئٹہ سے32اور ملتان سے2پروازیں آپریٹ کی گئیں۔

    قومی ایئر لائن سے 56،437 نفو س حج کی سعادت عدا کرنے کے لیے سعودی عرب پہنچے جبکہ نجی ایئر لائن کے ذریعے 49000 افراد نے سفر کیا مجموعی طور پر کل 1،05،437 افراد فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پی آئی اے کے پانچ جہاز فروخت کرنے کی منظوری

    پی آئی اے کے پانچ جہاز فروخت کرنے کی منظوری

    کراچی : پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ائر لائن کے پانچ جہاز فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی آئی اے عرفان الہٰی کی زیر صدارت بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ائر لائن کے پانچ جہاز فروخت کرنے کی منظوری دی گئی۔

    اس کے علاوہ قومی ائر لائن کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس میں چار ارب روپے کی لاگت سے پانچ بوئنگ 777 طیاروں کی بزنس اور اکانومی کلاس کی نشستیں تبدیل کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ اجلاس میں ائر لائن کو ڈیلی ویجز پر افرادی قوت فراہمی کی ذمہ دار کمپنی کو بھی تبدیل کرنے کی منظوری دی گئی ہے ذرائع کے مطابق ائر لائن کو ڈیلی ویجز افرادی قوت فلکرن کے بجائے اسکائی ویز نامی نئی کمپنی فراہم کرے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پی آئی اے کا میزبان‘ خاتون کوہراساں کر نے پرمعطل

    پی آئی اے کا میزبان‘ خاتون کوہراساں کر نے پرمعطل

    کراچی: پی آئی اے کے فضائی میزبان پربرطانوی خاتون کو مبینہ جنسی طور پر ہراساں کئے جانے کا الزام عائد کیا گیا ہے‘ پی آئی اے نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں ایک ہوٹل کی انتظامیہ کی جانب سے پی آئی اے کو ای میل کی گئی ہے جس میں پی آئی اے کے فضائی میزبان پر ہوٹل کی ملازمہ کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    PIA

    اے آروائی نیوز کو موصول ہونے والی ای میلز کے عکس کے مطابق پی آئی اے برمنگھم آفس کی انتظامیہ کو یہ ای میل ہوٹل جنرل مینیجر کی جانب سے موصول ہوئی ہے۔

    دورانِ پروازسونے والے پی آئی اے پائلٹ کے خلاف تحقیقات مکمل*

     واقعے میں ملوث فضائی میزبان اسلام آباد سے پی آئی اے کی پرواز کے ساتھ برمنگھم پہنچا تھا جہاں اسے تین روز قیام کرنا تھا‘ ای میل کےمطابق ہراساں کرنے کا یہ واقعہ 16 اگست کو ہوٹل کی لابی میں پیش آیا۔

    پی آئی اے کے ترجمان مشہور تاجور کا کہنا ہے کہ واقعے کے مبینہ ذمہ دار فضائی میزبان معطل کردیا گیا ہے اور وہ گزشتہ روز وطن واپس پہنچا ہے۔

    PIA

    ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے کراچی میں واقع ہیڈ آفس میں مذکورہ فضائی میزبان سے واقعے کے بارے میں تحقیقات کی جائیں گی‘ مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے واقعے میں ملوث فضائی میزبان کے خلاف کمپنی قوانین کے مطابق کارروائی جاری ہے۔

    یہ بھی کہا گیا ہے کہ الزام ثابت ہونے کی صورت میں سخت ترین محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • وی آئی پی کلچرکا خاتمہ: تمام ایئرپورٹ پرپروٹوکول دینے پرپابندی عائد

    وی آئی پی کلچرکا خاتمہ: تمام ایئرپورٹ پرپروٹوکول دینے پرپابندی عائد

    کراچی : وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے وی آئی پی کلچر کے خاتمے کیلئے ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر ایف آئی اے کو پروٹوکول دینے پر پابندی عائد کردی ہے، یہ احکامات وفاقی وزیر داخلہ کے وزارت سنبھالنے کے بعد جاری کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر امیگریشن نے ملک بھر کے ایف آئی اے زونز کو خط لکھا ہے کہ ملک بھر کے ایئر پورٹس پر ایف آئی اے حکام پروٹوکول نہیں دیں گے۔ ا ے آروائی نیوز نے خط کی کاپی حاصل کرلی۔

    خط میں انتباہ کیاگیا ہے کہ پروٹوکول دینے پر امیگریشن کے عملے کو معطل کردیا جائے گا اورامیگریشن کے عملے ہی نہیں شفٹ انچارج کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

    اس کے علاوہ مسافروں کو ایف آئی اے کاونٹرز پر لائن میں لگنا ہوگا، خط میں مزید کہاگیا ہے کہ پروٹوکول دینے پر پابندی وزارت داخلہ کے حکم پر لگائی گئی ہے۔

    دریں اثناء بیرون ملک جانے والے مسافروں کو ہراساں کرنے پر بھی کارروائی کی جائے گی جبکہ امیگریشن کاؤٴنٹرز کو سی سی ٹی وی کیمروں سے لازمی مانیٹر کیا جائے گا، جس کی متعلقہ سپروائزر امیگریشن کاوٴنٹرز کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کریں گے۔

  • مشرف رسول سیاں پی آئی اے کے سی ای او مقرر، حکم نامہ جاری

    مشرف رسول سیاں پی آئی اے کے سی ای او مقرر، حکم نامہ جاری

    کراچی : چیف ایگزیکٹیو آفیسر پی آئی اے کےعہدے پر سابق بیورو کریٹ مشرف رسول سیاں کی تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، ایوی ایشن ڈویژن کا جاری کردہ تقرر نامہ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق بیورو کریٹ مشرف رسول سیاں کو پی آئی اے کا نیا چیف ایگزیکٹیو آفیسر مقرر کردیا گیا ہے، اس حوالے سے حکومت نے حکم نامہ بھی جاری کردیا ہے۔

    انتہائی ضروری کے عنوان سے جاری کردہ تقرر نامہ ایئر لائن کے چیف ہیومن ریسورسز کو بذریعہ فیکس روانہ کیا گیا، خط کے مطابق مشرف رسول سیاں کی بطور سی ای او فوری تقرری کی منظوری وزیر اعظم نے دی ہے۔

    تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ اس تقرری کی منظوری سابقہ یا موجودہ وزیراعظم میں سے کس نے دی ہے، مذکورہ تقرر نامے میں پی آئی اے کے21جولائی کے خط کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نئے سی ای او سابق مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب عباسی کے اسٹاف افسر بھی رہ چکے ہیں۔

  • سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے پرجرمانہ عائد کردیا

    سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے پرجرمانہ عائد کردیا

    کراچی : سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے قومی ایئرلائن کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر مجموعی پانچ لاکھ ریال جرمانہ عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگ اورلاجواب سروس کا نعرہ لگانے والی قومی ائیر لائن پی آئی اے نےسعودی ایوی ایشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریگیولر پرواز کے ذریعے عازمین کا سامان حج ٹرمینل پر اتارنے کے بجائے جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتاردیا۔

    عازمین نے سامان نہ ملنے پر حج ٹرمینل ہر احتجاج کیا جس پرسعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹس لیتے ہوئے پی آئی اے پر فی کس فلائٹ ایک لاکھ ریال جبکہ مجموعی طور پر پانچ لاکھ ریال جرمانہ عائد کیا ہے۔

    کراچی سے جانے والی دو، اسلام آباد ، اور لاہور سے تین پروازوں نے قوانین کی خلاف ورزی کی اور ریگیولر پروازوں کے ذریعے عازمین کا سامان حج ٹرمینل کے بجائے جدہ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پراتاراتھا۔

    واضح رہے کہ سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کو وارننگ دی ہے کہ آئندہ خلاف ورزی کی گئی تو جرمانے کے علاوہ دیگر کاروائی بھی کی جا سکتی ہےجبکہ سعودی ایئرپورٹ اتھارٹی گاکا نے جرمانے کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔