Tag: PIA

پی آئی اے کا مکمل نام پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ہے۔ یہ پاکستان کی قومی ایئرلائن ہے اور ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن بھی ہے۔ پی آئی اے تقریباً 23 اندرون ملک اور 30 سے زائد بیرون ملک پروازیں چلاتی ہے جو ایشیا، یورپ اور جنوبی امریکہ تک جاتی ہیں۔

پی آئی اے اپنے مسافروں کو مختلف قسم کی سہولیات فراہم کرتی ہے جن میں شامل ہیں:

  • کوڈ شیئر: دنیا کی کئی بڑی ایئرلائنز کے ساتھ کوڈ شیئر کا معاہدہ کیا ہوا ہے جس سے مسافر دنیا کے مختلف حصوں میں آسانی سے سفر کر سکتے ہیں۔
  • مختلف کلاسز:  اپنے مسافروں کو مختلف کلاسز میں سفر کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے جن میں اکانومی، بزنس اور فرسٹ کلاس شامل ہیں۔
  • کیمپ اور ہوٹلز: ایئرلائن نے پاکستان کے مختلف شہروں میں کیمپ اور ہوٹلز بھی قائم کیے ہوئے ہیں۔
  • PIA
  • پی آئی اے PIA
  • پی آئی اے کے مسافروں کو مضرصحت پانی کی فراہمی کا انکشاف

    پی آئی اے کے مسافروں کو مضرصحت پانی کی فراہمی کا انکشاف

    کراچی : پی آئی اے کے طیاروں میں مضر صحت پانی کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے، کینیڈا کے محکمہ صحت نے جہاز پر اچانک چھاپہ مار کر پانی کے نمونے حاصل کئے جو مضر صحت ثابت ہوئے۔

    ذرائع کے مطابق اندرون اور بیرون ملک جانے والی پروازوں میں کراچی اور لاہور ایئرپورٹ پر جہازوں کے ٹینکوں میں مضر صحت پانی بھرا جاتا ہے ، دوران پرواز اسی مضر صحت پانی سے مسافروں کو فضائی عملے کی جانب سے چائے بھی فراہم کی جاتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے صلاح الدین کے مطابق پی آئی اے کے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیاروں میں مضر صحت پانی کی شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کراچی سے ٹورنٹو جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 783 پر کینیڈین محکمہ صحت کے عملے نے طیارے پر اچانک چھاپہ مارا، طیارے سے حاصل کیے گئے پانی کے نمونے مضر صحت ثابت ہوئے، جس پر محکمہ صحت کے عملے نے اظہار برہمی بھی کیا۔

    کینیڈین محکمہ صحت نے پی آئی اے کو وارننگ دی کہ اگر آئندہ مضرصحت پانی اور اشیاء برآمد ہوئیں تو پی آئی اے کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    دوسری جانب مضر صحت پانی اور اس سے تیار کی جانے والی چائے پینے کی وجہ سے بیشتر مسافروں کے پیٹ میں درد کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں، جس پر فضائی میزبانوں نے متعدد بار کپتانوں کو رپورٹ درج بھی کروائی۔

    کپتانوں کی جانب سے پی آئی اے کے انجنیئرز اور اعلیٰ حکام کو اس بات کی نشاندہی کرائی گئی کہ طیارے کے ٹینکرز میں مضر صحت پانی بھرا جارہا ہے لیکن اس کی روک تھام کیلئے انتظامیہ نے تاحال کوئی اقدام نہیں کیے۔

  • طیارہ حادثے سے قبل کپتان کی کنٹرول ٹاور سے آخری گفتگو

    طیارہ حادثے سے قبل کپتان کی کنٹرول ٹاور سے آخری گفتگو

    کراچی: حویلیاں طیارہ حادثے سے قبل جہاز کے کیپٹن کی آخری گفتگو سامنے آئی ہے، جس میں ان کہنا تھا کہ میرے طیارے کا انجن نمبر ایک کام نہیں کررہا، فوری طور پر لینڈنگ کی اجازت دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سات دسمبر کو چترال سے اسلام آباد آتے ہوئے حویلیاں میں ہونے والے طیارے کے حادثے سے قبل فلائٹ پی کے 661 کے کیپٹن صالح یار اور فرسٹ آفیسر احمد جنجوعہ کی کنٹرول ٹاور سے مے ڈے کال میں کی جانے والی بات چیت منظر عام پر آئی ہے۔

    آخری گفتگو کے مطابق سب سے پہلے کنٹرول ٹاور نے پائلٹ کو اسلام آباد ایئرپورٹ کا فاصلہ بتایا جس کے بعد کنٹرول ٹاورکے کہنے پر پائلٹ نے طیارے کی پوزیشن بتائی کہ طیارہ اس وقت 70ہزار فٹ بلندی پر ہے۔اس کے بعد کنٹرول ٹاور سے بار بار پی کے 661ون پکارا جاتا ہے، مگر جواب نہیں آتا۔

    کچھ دیر بعد پائلٹ کی ایمرجنسی کال ”مے ڈے“، ”مے ڈے“ سنائی دیتی ہے۔ پائلٹ کی جانب سے بتایا جاتا ہے کہ ایک انجن ختم ہوچکا ہے، 47افراد آن بورڈ ہیں۔

    کیپٹن صالح یار نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر کے کہا کہ میرے طیارے کے ایک انجن نے کام کرنا بند کر دیا ہے مجھے فوری طور پرلینڈنگ کی اجازت دی جائے، جس کے جواب میں کنٹرول ٹاور نے انہیں ہدایات دیں کہ وہ چکلالہ کا راستہ اختیار کر کے ایئرپورٹ کی طرف آئیں۔

    اس کے تھوڑی دیر بعد ہی فرسٹ آفیسر احمد جنجوعہ مے ڈے مے ڈے پکارتے رہے، جس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، فوری لینڈنگ کی اجازت دی جائے، جس کے تھوڑی دیر بعد ہی طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا۔

    مزید پڑھیں : طیارہ حادثہ: جنید جمشید سمیت سینتالیس افراد شہید

    کنٹرول ٹاور سے نجی ایئرلائن کے دو کپتان بھی رابطے میں تھے، ان سے بھی کہا گیا کہ آپ بھی فلائٹ 661 سے رابطہ کریں لیکن جب تک بد قسمت طیارہ حویلیاں کے قریب گر کرحادثے کا شکار ہوچکا تھا۔

    اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں کیونکہ ابھی تک طیارے بلیک باکس اور وائس ریکارڈ ڈی کوڈ نہیں کیا جا سکا ہے۔ ڈی کوڈ ہونے بعد ہی مزید تفصیلات سامنے آسکیں گی کہ مذکورہ حادثہ انسانی غفلت یا کسی ٹیکنیکل خرابی کا نتیجہ تھا۔

  • پی آئی اے: مزید پانچ طیارے گراؤنڈ کردئیے گئے، پروازیں متاثر

    پی آئی اے: مزید پانچ طیارے گراؤنڈ کردئیے گئے، پروازیں متاثر

    کراچی : پی آئی اے کا فضائی آپریشن شدید بدنظمی کا شکار ہوگیا ہے، اندرون و بیرون ملک جانے والی پروازیں کئی گھنٹے تاخیر کا شکارہوگئیں، مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پی آئی اے کے مزید پانچ طیارے مرمت کی وجہ سے گراؤنڈ کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے کی پروازیں شدید بد نظمی کا شکار ہوگئیں، انتظامیہ نے مرمت کی غرض سے پانچ طیارے گراؤنڈ کر دیئے ہیں، گراؤنڈ ہونے والے طیاروں میں تین طیارے ایئربس 320 اور دو 777 طیارے شامل ہیں۔

    فنڈ ز نہ ہونے کی وجہ سے طیاروں کے پرزہ جات بیرون ملک سے نہیں منگوائے جاسکے، پرزے نہ ہونے کے باعث طیاروں کی تاحال مرمت نہ ہوسکی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کے شیک ڈاؤن آپریشن کے تحت دس اے ٹی آر طیاروں کو پہلے ہی گراؤنڈ کیا ہوا ہے، اب تک مجموعی طور پر پی آئی اے کے 15 طیارے گراؤنڈ ہوچکے ہیں۔

    دوسری جانب حویلیاں حادثے میں طیارہ کا ملبہ اسلام آباد منتقل کرنے کیلئے سڑک کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا، دو کلو میٹرسڑک ایک ہفتہ تک مکمل کرلی جائے گی۔

    مسلم لیگ نوازکے نو منتخب ممبرصوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے گاؤں بٹورنی سے طیارہ حادثہ کی جگہ تک دو کلو میٹرروڈ کی تعمیر کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کروا دیا، ہیوی مشینری کے ذریعے سڑک کی تعمیر شروع کردیا گیا ہے۔

    سڑک کی تعمیر کے بعد ہی طیارہ حادثہ کی جگہ سے طیارہ کا ملبہ کو ہٹا یا جا سکے گا، سڑک کا کام ایک ہفتہ تک مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد طیارہ کا ملبہ اسلام آباد ٹرکوں کی مدد سے منتقل کیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں پی آئی اے حکام کے مطابق طیارہ کے ملبہ ہٹانے کا کام بھی اسی ٹھیکیدار کے سپرد کیا گیا ہے جس نے ایئر بلیو اور بھوجا ائیر لائن کا ملبہ بھی اٹھا یا تھا۔

    حویلیاں طیارہ حادثہ کے مقام تک سڑک نہ ہونے کے باعث جہاں امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا رہا وہیں ملبہ ہٹانے کا کام شروع نہیں ہو سکا تھا۔

  • پی آئی اے کا طیارہ اونے پونے داموں بیچ دیا گیا، سلیم مانڈوی والا

    پی آئی اے کا طیارہ اونے پونے داموں بیچ دیا گیا، سلیم مانڈوی والا

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے قائم مقام سی ای او نے حکومت کی اجازت کے بغیر ایک طیارہ جرمنی کو اونے پونے داموں فروخت کر دیا ہے۔ ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے پی آئی اے کے طیارے کی فروخت کے معاملہ پر سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کئی ملین مالیت کے طیارے کو اونے پونے داموں بیچ دیا گیا۔

    پیپلزپارٹی کے رہنما اور چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ قائم مقام جرمن ایم ڈی پی آئی اے کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور طیارہ فروخت کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے۔

    مزید پڑھیں : فلم کی شوٹنگ: پی آئی اے کے طیارے کا بلا اجازت استعمال

    انہوں نے مزید بتایا کہ پی آئی اے کا طیارہ تریپن لاکھ روپے میں فروخت کیا گیا ہے۔ ایم ڈی پی آئی اے نے حکومتی اجازت کے بغیراورٹینڈر کھلنے سے قبل ہی طیارے کو جرمنی کو فروخت کیا ہے ۔ طیارہ قابل پرواز تھا اور اس کو پرواز کا سرٹیفیکٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔

  • پی آئی اے کا کارنامہ : سامان مسافرکے بغیر ٹورنٹو روانہ

    پی آئی اے کا کارنامہ : سامان مسافرکے بغیر ٹورنٹو روانہ

    کراچی : لاجواب لوگوں کی باکمال ایئرلائن کا ایک اور کارنامہ سامنے آیا ہے، ٹورنٹو جانے والی پی آئی اے کی پرواز کا مسافرغائب ہونے کے باوجود اس کا سامان روانہ کردیا گیا، انتظامیہ نےپرواز کی بروقت روانگی کے نام پر مسافروں کی سلامتی خطرے میں ڈال دی۔

    pia-post-01

    بورڈنگ کارڈ کے ساتھ غائب ہونے والے بلال اکبر نامی مسافر کا سامان ٹورنٹو پہنچ گیا، یاد رہے کہ ایاٹا قوانین اور پرواز کی سیفٹی کے پیش نظرغائب ہونے والے مسافر کا سامان آف لوڈ کیا جانا ضروری ہے۔

    pia-post-02

    اسٹیشن منیجر لاہور نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم نے مسافر کو تلاش کرنے اور اس کا سامان آف لوڈ کیا تھا، اسٹیشن منیجر کے بیان کے برعکس ٹورنٹو کی جانب سے سامان پہنچنے پر مبنی ای میل ریکارڈ میں موجود ہے۔

    pia-post-03

    ای میل اورشواہد کی روشنی میں متعلقہ شعبے نے اسٹیشن منیجر کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔ دوسری جانب اسٹیشن منیجر طارق مجید کے خلاف رپورٹ کئی روز سے سی ای او کی میز پر کارروائی کی منتظر ہے۔

    pia-post-04

    اس کے علاوہ حال ہی میں ترقی پانے والے اسٹیشن منیجر کے خلاف پہلے بھی ایک انکوائری چل رہی ہے۔

  • جنید جمشید کی موت کا بہت دکھ ہے‘ عامر خان

    جنید جمشید کی موت کا بہت دکھ ہے‘ عامر خان

    ممبئی: معروف بالی ووڈ اداکار عامر خان نے کہا ہے کہ  جنید جمشید ایک بہترین اور مذہبی شخصیت تھے ‘ طیارے حادثے کا سُنا تو بہت دکھ ہوا‘ جنید جمشید بڑے دل کے انسان تھے جس کا احساس اُن کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات کے بعد ہوا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بالی ووڈ کے معروف اداکارعامر خان نے جنید جمشید کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’جنید جمشید بہت اچھے اور نیک انسان تھے اُن سے حج پر تین ملاقاتیں ہوئیں‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ جنید جمشید بہترین اور مذہبی شخصیت تھے ‘ اُن سے حج کے علاوہ لندن میں بھی ملاقات ہوئی تاہم ہرملاقات کے بعد یہ احساس ہوا کہ جنید جمشید کا دل بہت بڑا ہے اور وہ بہت بڑے انسان ہیں‘‘۔

    عامر خان نے کہا کہ پاکستان میں طیارہ حادثے اور اس میں جاں بحق ہونے والے افراد کے بارے میں سنا تو بہت افسوس ہوا جبکہ جنید جمشید کی موت کی خبر کا بہت ہی زیادہ افسوس ہوا۔


    پڑھیں: ’’ جنید جمشید کے آخری یادگار لمحات ‘‘


    بالی ووڈ خان نے کہا کہ شاہد آفریدی کو اپنا دوست سمجھتا ہوں اور اُن کی دل سے عزت کرتا ہوں‘ انہوں نے بتایا کہ والدہ کے ساتھ حج کے موقع پر جنید جمشید‘ شاہد آفریدی اور مولانا طارق جمیل سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں دین کو سمجھنے کا موقع بھی ملا۔

    خیال رہے گزشتہ ہفتے چترال سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 کو ایبٹ آباد کے علاقے حویلیاں کے قریب حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 47 افراد جاں بحق ہوئے تھے‘ جاں بحق ہونے والے افراد میں معروف مبلغ جنید جمشید اور اُن کی اہلیہ بھی شامل تھیں۔

  • طیارے کے انجن میں پہلے سے کوئی خرابی نہیں تھی، ترجمان پی آئی اے

    طیارے کے انجن میں پہلے سے کوئی خرابی نہیں تھی، ترجمان پی آئی اے

    کراچی : پی آئی اے نے طیارے کے انجن میں پہلے سے کسی خرابی کی خبروں کی تردید کردی۔ ترجمان کا کہنا ہے اس مرحلے پر یہ تاثر دینا کہ ایک انجن کا پنکھا اْلٹا چل رہا تھا جو حادثے کا باعث بنا یہ بات غلط اور قبل از وقت ہے۔ اس قسم کی قیاس آرائیوں سے عوام غلط نتائج اخذ کر سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ حویلیاں میں حادثہ کا شکار ہونے والے پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارے کے انجن میں پہلے سے کوئی خرابی نہیں تھی۔

    ترجمان پی آئی اے نے ایسی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے کے دونوں انجن ٹیک آف کے وقت بالکل ٹھیک کام کررہے تھے، دوران پرواز کوئی مسئلہ ہواجو حادثے کا باعث بنا۔ اس کی مکمل تحقیقات ایک خود مختار ادارہ سیفٹی انوسٹی گیشن بورڈ کر رہا ہے۔

    پی آئی اے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ جائےحادثہ سے ملنے والی تمام اشیاء بشمول کاک پٹ آلات تحقیقات میں اہم معلومات فراہم کرسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: طیارہ حادثہ: جنید جمشید‘ دیگرشہداکی شناخت کا عمل جاری

    اے ٹی آر طیاروں میں دنیا کی معروف طیارہ انجن ساز کمپنی کے انجن استعمال کئے جاتے ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے تک قیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہیئے۔ صرف چند اشیاءکی بنیاد پر حتمی رائے قائم کرنا گمراہ کن ہو سکتا ہے۔

  • سول ایوی ایشن کا عملہ اب جہازوں پر چھاپے مارے گا

    سول ایوی ایشن کا عملہ اب جہازوں پر چھاپے مارے گا

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اب جہازوں کی جانچ پڑتال کیلئے اچانک چاپے مارے جائیں گے، سی اے اے کا ا ئیرورویننس عملہ طیاروں کو چیک کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایئر وردنینس ڈائریکٹریٹ نے پی آئی اے کے اے ٹی آر طیاروں کی شیک ڈاون انسپکشن کی ہدایت کردی۔

    حویلیاں میں اندوہناک طیارہ حادثے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اب سی اے اے کا عملہ طیاروں کی جانچ پڑتال کیلیے اچانک طیاروں پر چھاپے مارے گا، اس میں اے ٹی آر کے ساتھ بوئنگ 777 ایئر بس 320 طیارے بھی شامل ہو ں گے۔

    سی اےاے ائئر وردینس کی ٹیمیں جہازوں کی جانچ پڑتال کر نے کے بعد طیارے کو آڑان کی اجازت دیں گی، نمائندہ اے آر وائی نیوز صلاح الدین نے بتایا ہے کہ سب سے پہلے تمام اے ٹی آر طیاروں کی جانچ کی جائے گی اس کے ساتھ ساتھ پاکستان سے آپریٹ ہونے والی دو ایئر لائنز کمپنیاں شاھین ایئر لائن اورائیر بلو کے جہازوں کی بھی چانج پڑتال کی جائے گی یہ عمل شیک ڈاؤن آپریشن کہلاتا ہے۔

    اس سلسلے میں طیاروں کے سسٹمز کو چیک کیا جائے گا۔ کراچی ،اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں سی اے اے کے ایئر وردنینس ٹیم طیاروں کی دوبارہ سے جانچ کرے گی۔

    پی آئی اے کے پاس اے ٹی آر کے نو طیارے ہیں جو اس وقت آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، اے ٹی آر ماڈل نمبر 42 اور 72 طیارے شامل ہیں جن کی دوبارہ سے جانچ ہوگی۔

    سی اے اے ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کے انجینئرز کو بھی طلب کرلیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد فضائی سفر کو مزید بہتر بنانا ہے تاکہ آئندہ اس قسم سے افسوسناک واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

  • مرحوم پائلٹ صالح نے پاکستان کے خوبصورت مناظر اجاگر کیے

    مرحوم پائلٹ صالح نے پاکستان کے خوبصورت مناظر اجاگر کیے

    کراچی: پی آئی اے کے بدقسمت طیارے پی کے 661 کے پائلٹ صالح جنجوعہ اور کو پائلٹ احمد جنجوعہ جہاز کو بچاتے ہوئے ہولناک حادثے کا شکار ہوگئے۔

    میرا پاکستان کتنا خوبصورت ہے، دنیا کو دکھانے والے پائلٹ صالح جنجوعہ ہردل عزیز تھے لیکن وہ بہت دور چلے گئے، وہ امیزنگ پاکستان کے نام سے ایک یو ٹیوب چینل بھی چلارہے تھے اور اس چینل پر اپنے سفر کے دوران ریکارڈ کیے گئے پاکستان کے خوبصورت مناظر دنیا کے سامنے پیش کرتے تھے۔

    صالح نے آخری ویڈیو 6 دسمبر کو کاغان سےبابو سر بائی پاس کے خوبصورت نظاروں کی اپ لوڈ کی تھی۔

    اسی طرح کو پائلٹ، فٹبالر، کرکٹر، سنگر فرسٹ آفیسر احمد جنجوعہ انتہائی خوش اخلاق تھے، اہل محلہ نے انہیں انتہائی ملنسار قرار دیا، احمد جنجوعہ کی موت کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے لیے تعزیتی پیغامات کا ڈھیر لگ گیا۔


    خیال رہے گزشتہ روز چترال سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی فلائٹ کو ایبٹ آباد حویلیاں کے قریب حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں جہاز پہاڑ سے ٹکرا کر مکمل تباہ ہوگیا اور اس میں موجود تمام مسافر اور عملہ بھی جاں بحق ہوگیا تھا۔

  • جنید جمشید کے آخری یادگار لمحات

    جنید جمشید کے آخری یادگار لمحات

    کراچی: معروف مبلغ جنید جمشید دنیا سے رخصت ہوتے ہی اپنی تمام یادیں چھوڑ گئے، اے آر وائی رمضان ٹرانسمیشن کا حصہ رہنے والے جنید جمشید نے رواں سال رمضان المبارک میں سحر و افطار کے ساتھ شب قدر کی طاق راتوں میں رقت آمیز دعائیں کروائیں۔

    جنید جمیشید نے اپنی تمام تر خوبیوں کے ساتھ آئندہ بھی لوگوں کے ساتھ زندہ رہیں گے، لوگوں کو دین کی تبلیغ دینے والے جنید جمشید نے اپنے دونوں ادوار میں شہرت کی بلندیوں کو نہ صرف چھوا بلکہ اُس مقام کو آخر وقت تک برقرار رکھا۔

    شوبز سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد آپ نے تبلیغی جماعت سے وابستگی اختیار کی اور آخری وقت تک اُس پر ہی ثابت قدم رہے‘ چاہیے شوبز ہو یا پھر دعوت تبلیغ آپ کے مداحوں کی تعداد ہمیشہ آپ سے ملنے کی خواہش مند رہتے تھی۔

    مسجد میں ملاقات ہو یا پھر اپنے کاروباری مقام پر ہرجگہ جنید جمشید لوگوں سے بہت ہی عاجزانہ طریقے سے ملاقات کرتے تھے اور اُن کی خواہش بھی یہی ہوتی تھی کہ ملاقات کرنے والا واپس خوشی خوشی جائے نہ ہی وہ واپس پر کسی بات سے ناراض ہو۔

    تبلیغی جماعت سے وابستگی کے بعد جنید جمشید کو معاشی تنگیوں کا سامنا کرنا پڑا تاہم انہوں نے اسے اللہ کا امتحان کہہ کر اس پر صبر کیا اور دین کے کام کو ثابت قدمی کے ساتھ جاری رکھا، اسی دوران انہیں تبلیغی جماعت سے وابستہ ایک شخص نے کاروبار میں شراکت داری کی پیش کش کی جس کے بعد دونوں نے ملک کر تا شلوار کے کاروبار کا آغاز کیا۔


    پڑھیں: ’’ پی آئی اے طیارہ تباہ، تمام 48 مسافر شہید


    کاروبار میں ہاتھ ڈالنا بابرکت ثابت ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے اس کی شاخیں ملک اور بیرون ممالک میں تیزی سے پھیلتی چلی گئیں، تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ ’’اکثر ایسی باتیں ہوجاتیں تھیں جن پر ہمیں غصہ آتا تاہم جنید بھائی ہمیں غصہ کرنے کو منع کرتے اور اس بات پر صبر کرنے کا مشورہ دیتے تھے‘‘۔

    اے آر وائی میں وسیم بادامی کے ہمراہ مختلف پروگرام کرنے والے معروف مبلغ کے بارے میں وسیم بادامی کا کہنا ہے کہ ’’میں نے جنید بھائی کو کبھی کسی مذہب ، فرقے اور قومیت کے انسان میں فرق کرتے نہیں دیکھا وہ ہمیشہ انسانوں کو جوڑنے کی بات کرتے اور کہتے تھے کہ اس عالم میں دنیا سے رخصت ہوگئے تو روزِ قیامت اللہ کے رسول دیکھ کر خوش ہوں گے‘‘۔


    مزید پڑھیں: ’’ جنید جمشید کا سفر زندگی ‘‘


    امجد صابری کی شہادت پر رقت آمیز دعا کروانے والے جنید جمشید دل کے اتنے نرم تھے کہ اُس وقت بھی انہوں نے اللہ سے قاتلوں کو راہ راست پر لانے کی دعا کی اور ساتھی فنکار کی بخشش طلب کی۔

    tabligh-2

    اپنی شخصیت سے پہنچانے والے جنید جمشید نہ صرف فنکار، مذہبی افراد بلکہ دیگر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد میں بہت مقبول تھے‘ ملک ہو یا بیرون ملک تمام ہی جگہ آپ کے مداح موجود تھے اور وہ ہمیشہ آپ سے ملاقات کے خواہش مند رہتے تھے۔

    tabligh-3

    دعوت و تبلیغ کے لیے چترال جانے والے جنید جمشید مقامی جماعت کی معاونت اور تبلیغ کے لیے چترال پہنچے جہاں انہوں نے مقامی افراد سے ملاقاتیں کر کے دین کی فکر سے آگاہ کیا اور  لوگوں کو اللہ کی طرف رجوع کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے اپنے اور اُن کے لیے دعا کی۔

    tabligh-1

    چترال میں مختصرایام سکونت اختیار کے دوران آپ نے اپنا تمام تر وقت دعوت و تبلیغ کو دیا اور وہاں سے روانگی سے قبل نماز ادا کی جس کی تصاویر فیس بک کے آفیشل پیچ پر بھی موجود ہے۔

    جنید جمشید کے جاں بحق ہونے کی خبر اُن کے مداحوں پر پہاڑ ٹوٹنے کے مترادف ثابت ہوئی، جس کے بعد ہر شخص نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور کچھ نے آپ کی دعوت تبلیغ کے دوران کی گئی تقاریر ، دروس اور دی گئی اذانوں کی ویڈیوز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیں۔

    دوسری جانب انتقال کی خبر آنے کے باوجود بھی مداح اللہ کی قدرت کے منتظر ہیں اور کچھ کا کہنا ہے کہ یہ خبر جھوٹ ہو تاکہ جنید جمشید ایک بار پھر ہم میں موجود ہوں اور ہم اُن کی حقیقت میں ویسی ہی قدر کریں وہ جس کے قابل تھے‘ تاہم حقیقت یہ ہے کہ وقت گزر گیا اور اب جنید جمشید ہم میں نہ رہے۔