Tag: PIA

پی آئی اے کا مکمل نام پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ہے۔ یہ پاکستان کی قومی ایئرلائن ہے اور ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن بھی ہے۔ پی آئی اے تقریباً 23 اندرون ملک اور 30 سے زائد بیرون ملک پروازیں چلاتی ہے جو ایشیا، یورپ اور جنوبی امریکہ تک جاتی ہیں۔

پی آئی اے اپنے مسافروں کو مختلف قسم کی سہولیات فراہم کرتی ہے جن میں شامل ہیں:

  • کوڈ شیئر: دنیا کی کئی بڑی ایئرلائنز کے ساتھ کوڈ شیئر کا معاہدہ کیا ہوا ہے جس سے مسافر دنیا کے مختلف حصوں میں آسانی سے سفر کر سکتے ہیں۔
  • مختلف کلاسز:  اپنے مسافروں کو مختلف کلاسز میں سفر کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے جن میں اکانومی، بزنس اور فرسٹ کلاس شامل ہیں۔
  • کیمپ اور ہوٹلز: ایئرلائن نے پاکستان کے مختلف شہروں میں کیمپ اور ہوٹلز بھی قائم کیے ہوئے ہیں۔
  • PIA
  • پی آئی اے PIA
  • اڑان بھرتے ہی پی آئی اے طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا

    اڑان بھرتے ہی پی آئی اے طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اڑان بھرتے ہی پی آئی اے طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر قومی ایئر لائن کے طیارے سے پرندہ ٹکرانے کا تشویش ناک حادثہ پیش آیا ہے، کوئٹہ کے لیے پی آئی اے کی پرواز اڑان کے فوری بعد کراچی واپس اتار لی گئی۔

    ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اڑان کے 5 منٹ بعد پائلٹ نے ٹریفک کنٹرول کو جہاز سے پرندہ ٹکرانے کی اطلاع دی تھی، اور اڑان کے 17 منٹ بعد پرواز 9 بجے کراچی ایئر پورٹ پر واپس لینڈ کر گئی۔

    ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ ایئر بس اے 320 طیارہ بہ حفاظت لینڈ کر گیا ہے، اور طیارے کا معائنہ کیا جا رہا ہے، پرندہ ٹکرانے سے تیکنیکی خرابی پیدا ہو گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق طیارہ حب ڈیم کی حدود میں تھا جب اسے واپس کراچی ایئر پورٹ پر اتارا گیا، طیارے کی فنی خرابی دور کرنے کے بعد پرواز کو دوبارہ کوئٹہ روانہ کر دیا جائے گا۔

  • پی آئی اے حج آپریشن کا آغاز، پہلی حج پرواز کراچی سے روانہ

    پی آئی اے حج آپریشن کا آغاز، پہلی حج پرواز کراچی سے روانہ

    کراچی: قومی ایئر لائن پی آئی اے کے حج آپریشن کا آغاز ہو گیا، پہلی حج پرواز کراچی سے روانہ ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن کے حج آپریشن کے سلسلے میں پی آئی اے کی پہلی حج پرواز پی کے 773 کے ذریعے 328 عازمین کو لے کرمدینہ کے لیے روانہ ہو گئی۔

    ڈائریکٹر حج کراچی سجاد حیدر، ڈی جی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام امتیاز شاہ نے کراچی ایئرپورٹ پر عازمین کو رخصت کیا، سی اے اے اور پی آئی اے کے حکام بھی موجود تھے۔

    لاہور سے حج 2023 کی پہلی فلائٹ سیرین ایئر ER2921 کے ذریعے صبح 05 بجے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے مقدس سرزمین کے لیے روانہ ہوئی، افتتاحی پرواز پر 279 حجاج سوار ہیں، وزیر اعظم کے اعزازی کوآرڈینیٹر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی علامہ شبیر احمد عثمانی، ڈائریکٹر حج اقرار احمد اور ایئرپورٹ مینیجر نذیر احمد خان نے عازمین کو رخصت کیا۔

    اسلام آباد سے پہلی پرواز پی کے 743 آج رات 9 بجکر 15 منٹ پر مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ حج آپریشن کے لیے پی آئی اے بوئنگ 777 اور ایئر بس 320 طیارے استعمال کر رہی ہے، پی آئی اے 320 خصوصی حج اور شیڈول پروازوں سے 65 ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔ قبل از حج فلائٹ آپریشن 22 جون تک جاری رہے گا، جب کہ بعد از حج فلائٹ آپریشن 2 جولائی سے 2 اگست تک مکمل ہوگا۔

    ترجمان کے مطابق پی آئی اے حج آپریشن کی پروازیں کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، فیصل آباد، سکھر، رحیم یار خان سے آپریٹ ہوں گی۔

  • حج آپریشن 2023 سے متعلق قومی ایئر لائن کی جانب سے اہم خبر

    حج آپریشن 2023 سے متعلق قومی ایئر لائن کی جانب سے اہم خبر

    کراچی: قومی ایئر لائن نے حج آپریشن 2023 کی تیاریاں مکمل کر لیں۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے بوئنگ 777 طیارے اور ایئر بس 320 کے ذریعے حج آپریشن کرے گی، 315 خصوصی حج اور شیڈول کی پروازوں کے ذریعے 65 ہزار عازمین کو پہنچائے گی۔

    پی آئی اے حج آپریشن 21 مئی سے شروع کرے گی جو 22 جون تک جاری رہے گا، حجاج کی وطن واپسی 2 جولائی سے شروع ہوگی اور 2 اگست تک آپریشن جاری رہے گا۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پہلی حج پرواز پی کے 773 اکیس مئی کو کراچی سے مدینہ روانہ ہوگی، اسلام آباد سے پی کے 741 تین سو سے زائد عازمین کو لے کر جدہ روانہ ہوگی۔

    کراچی، لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ، فیصل آباد، پشاور، رحیم یار خان، کوئٹہ سے پروازیں آپریٹ ہوں گی۔ حج پروازوں کا شیڈول وزارت مذہبی امور اور سعودی عرب کی جنرل سول ایوی اتھارٹی کو روانہ کر دیا گیا۔

  • پی آئی اے واٹس ایپ چیٹ بوٹ متعارف، اب آپ کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں

    پی آئی اے واٹس ایپ چیٹ بوٹ متعارف، اب آپ کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں

    کراچی: اب آپ کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہی، قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے واٹس ایپ چیٹ بوٹ متعارف کرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن نے ٹیکنالوجی کی مدد سے مسافروں کو سہولت اور رہنمائی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت پی آئی اے نے واٹس ایپ چیٹ بوٹ متعارف کرا دیا ہے۔

    چیٹ بوٹ کی مدد سے مسافر پرواز سے قبل ٹکٹ کی تصدیق کر سکے گا، اور سیٹ سمیت دیگر معاملات کی رہنمائی بھی حاصل کی جا سکے گی۔

    مسافر واٹس ایپ کی مدد سے اپنی فلائٹ شیڈول اور ٹائمنگ بھی چیک کر سکیں گے، اس سے قبل ان سہولیات کے لیے ہیلپ لائن یا دفاتر کا وزٹ کرنا پڑتا تھا۔

  • پی آئی اے کی نااہلی: بیرون ملک سے ایک ارب سے زائد کی رقم کی عدم منتقلی کا انکشاف

    پی آئی اے کی نااہلی: بیرون ملک سے ایک ارب سے زائد کی رقم کی عدم منتقلی کا انکشاف

    کراچی: پی آئی اے انتظامیہ کی ایک اور بڑی نااہلی سامنے آ گئی ہے، کافی عرصہ گزرنے کے بعد بھی بیرون ملک بند اسٹیشنز سے ایک ارب سے زائد کی رقم کی عدم منتقلی کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ کی نااہلی اور غیر سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ پی آئی اے کے بیرون ملک بند کیے گئے اسٹیشنز کے فنڈز کی پاکستان منتقلی تاحال عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔

    قوانین کے تحت 1 ارب 35 کروڑ 70 لاکھ روپے کے فنڈز کی فوری منتقلی ضروری تھی، اس رقم کا تعلق پی آئی اے کے بارسلونا، نیویارک، کویت، تھائی لینڈ، سنگا پور، بنگلادیش میں بند اسٹیشنزسے ہے۔

    رقم بروقت منتقل نہ ہونے کا انکشاف آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ 2021،22 میں کیا گیا ہے، رپورٹ کے مطابق اہم فنڈز منتقل نہ ہونا انتظامیہ کی نااہلی اور غیر سنجیدگی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لمبے عرصے تک رقم منتقل نہ ہونا پی آئی اے کے لیے اضافی مالی بوجھ کا باعث بنا ہے۔

  • پی آئی اے میں سینیارٹی فہرست نظر انداز، 11 نمبر پر موجود افسر کو چارج مل گیا

    پی آئی اے میں سینیارٹی فہرست نظر انداز، 11 نمبر پر موجود افسر کو چارج مل گیا

    کراچی: قومی ایئرلائن میں سینیارٹی لِسٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے 11 نمبر پر موجود افسر کو چارج دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں سینیارٹی میں نمبر گیارہ پر موجود افسر کو قائم مقام چیف ہیومن ریسورسز افسر کا چارج دے دیا گیا۔

    قائم مقام سی ایچ آر او کی پوسٹ کے لیے اطہر حسین کو 10 سینئر اور زائد ملازمت کے حامل افسران پر ترجیح دی گئی، جب کہ سینیارٹی لسٹ کے مطابق جی ایم ایچ آر ایم اطہر حسین سے کہیں زائد تجربے کے حامل افسران کو قائم مقام چارج دینے سے مبینہ طور پر گریز کیا گیا۔

    اطہر حسین کی تعیناتی ایئر کموڈور عامر الطاف کی ایئر فورس واپسی پر عمل میں لائی گئی ہے، عامر الطاف سابق سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کے ساتھ ایئر فورس سے ڈیپوٹیشن پر پی آئی اے میں آنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔

    عامر الطاف 21 فروری کو ڈیپوٹیشن پوری ہونے پر ایئر فورس واپس چلے گئے ہیں، ان کی پی آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کی مدت میں توسیع بھی دی گئی تھی۔

    ترجمان پی آئی اے کا مؤقف ہے کہ سینیارٹی مقدم ہے، تاہم اطہر حسین کو متعلقہ شعبے میں تجربے کا حامل ہونے کے باعث قائم مقام سی ایچ آر او تعینات کیا گیا ہے۔

  • یورپ میں فلائٹ آپریشن بند لیکن پی آئی اے عملے کی شاہ خرچیاں عروج پر

    یورپ میں فلائٹ آپریشن بند لیکن پی آئی اے عملے کی شاہ خرچیاں عروج پر

    کراچی: یورپ میں فلائٹ آپریشن بند ہونے کے باوجود فنانس منیجر اور عملے کی شاہ خرچیاں عروج پر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے پر پابندی عائد ہے، جس کی وجہ سے یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن بند ہے، تاہم پیرس میں عملے کو گھر بیٹھے تنخواہیں اور مرعات کا سلسلہ جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق مالی خسارے کے باوجود قومی ایئر لائن کی جانب سے سالانہ لاکھوں یورو ادائیگی جاری ہے، فنانس منیجر اور عملے کو ہر ماہ ہزاروں یورو میں تنخواہیں ادا کی جا رہی ہیں، جو قومی ایئر لائن پر بوجھ بنے ہوئے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ یورپ میں ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر 64 سال ہے، لیکن اس کے باجود اسسٹنٹ منیجر جاوید شیخ کو ریٹائر نہیں کیا گیا، جن کی عمر 74 سال ہے۔

    پیرس میں فنانس منیجر اور عملے کو ہر ماہ 30 ہزار یورو کی بھی ادائیگی جاری ہے، اور پیرس ایئرپورٹ پر پی آئی اے آفس کا ساڑھے 3 ہزار یورو کرایہ ہر ماہ ادا کیا جا رہا ہے، عملے کو ہر 6 ماہ بعد بونس بھی ادا کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے پر پابندی کو 2 سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، اس سلسلے میں ترجمان پی آئی اے سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر رابطہ نہ ہو سکا۔

  • لاہور میں شدید دھند، بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    لاہور میں شدید دھند، بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شدید دھند کے باعث قومی ایئر لائن نے رات 10 سے دن 11 بجے تک کی بین الاقوامی پروازوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دھند اور حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی رات 10 سے دن 11 بجے تک کی بین الاقوامی آپریٹ پروازوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کی منتقلی مسافروں کو طویل انتظار سے بچانے کے لیے کی گئی ہے، منتقلی عارضی ہے، دھند کم ہونے پر صورتحال معمول پر آجائے گی۔

    ترجمان کے مطابق پروازوں کی منتقلی پر عمل درآمد آج رات سے کردیا جائے گا، مسافر پروازوں کی معلومات کے لیے کال سینٹر سے رجوع کریں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ چند دن سے شدید دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر اندرون و بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہورہی تھیں، لاہور ایئرپورٹ پر صبح کے اوقات میں پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت بھی نہیں دی جارہی تھی۔

  • لاہور اور اسلام آباد سے استنبول پی آئی اے کا کامیاب ترین روٹ بن گیا

    لاہور اور اسلام آباد سے استنبول پی آئی اے کا کامیاب ترین روٹ بن گیا

    کراچی: لاہور اور اسلام آباد سے استنبول پی آئی اے کا کامیاب ترین روٹ بن گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن کے ترکش ایئر کے ساتھ کوڈ شیئرنگ جوائنٹ وینچر سے پی آئی اے کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہو گیا ہے۔

    پی آئی اے نے لاہور اور اسلام آباد سے استنبول سیکٹر سے 2 ارب روپے سے زائد ریونیو حاصل کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد سے استنبول کے لیے تقریبا ایک ماہ میں 38 ہزار ٹکٹیں فروخت ہوئیں۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کو ٹکٹوں کی فروخت سے 2 ارب 14 کروڑ روپے سے زائد کا ریونیو اکھٹا ہوا۔

    پی آئی اے استنبول کے لیے ہفتہ وار 6 پروازیں آپریٹ کر رہا ہے، لاہور سے استنبول کے لیے پروازوں کا آغاز 15 نومبر سے کیا گیا تھا۔

    پی آئی اے ترکش ایئر لائن کوڈ شیئرنگ کے ذریعے اپنے مسافروں کو 28 ممالک جن میں امریکا، برطانیہ اور یورپ کے مختلف ممالک شامل ہیں، پہنچا رہی ہے۔

  • پی آئی اے کا تفریحی مقامات پر جانے والوں کو بڑی رعایت دینے کا فیصلہ

    پی آئی اے کا تفریحی مقامات پر جانے والوں کو بڑی رعایت دینے کا فیصلہ

    کراچی : قومی ایئرلائن پی آئی اے نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے ملک کے پرفضا مقامات پر جانے والوں کو خصوصی ڈسکاؤنٹ پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیر ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق کی زیرصدارت پی آئی اے کا اجلاس ہوا جس میں سی ای او، چیف کمرشل آفیسر، چیف ہیومن ریسورس آفیسر، چیف فنانشل آفیسر نے شرکت کی۔

    اجلاس میں پاک بحریہ کو دیے جانے والے اے ٹی آر جہاز کے معاملات کا جائزہ اور پی ای سی کمپلیکس کی پاک فضائیہ کو منتقلی کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ایوی ایشن سعد رفیق نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پروازوں کے شیڈول میں بہتری لائی جائے۔

    انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے اسکردو، گلگت، چترال اور ہنزہ جانے والوں کیلئے خصوصی ڈسکاؤنٹ پیکیج بنایا جائے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں کراچی اور لاہور سے اسکردو کی پروازیں دوبارہ شیڈول کا حصہ بنائی جائیں اس کے علاوہ انہوں نے چھوٹے کمرشل جیٹ جہازوں کے آپریٹرز کے ساتھ مشترکہ منصوبہ بندی کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی۔

    خواجہ سعد رفیق نے فلائٹ کچن کی مزید بہتری کے لیے جامع منصوبہ بندی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کے مسافروں کو ہر ممکن اور آرام دہ سفری سہولیات مہیا کی جائیں۔