Tag: PIB colony

  • مسئلہ ٹیسوری نہیں، عامرخان پارٹی پرقبضہ کرنا چاہتے ہیں، فاروق ستارگروپ

    مسئلہ ٹیسوری نہیں، عامرخان پارٹی پرقبضہ کرنا چاہتے ہیں، فاروق ستارگروپ

    کراچی : ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ بات صرف کامران ٹیسوری کی نہیں بلکہ عامر خان گروپ پوری پارٹی پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، اجلاس میں ذمہ داران نے فاروق ستار کو ویٹو پاورز دے دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی بی میں فاروق ستار کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس ختم ہوگیا، اجلاس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی شریک تھے، فاروق ستار نے خواجہ سہیل منصورکو منا لیا ہے جس کے بعد وہ بھی اجلاس میں شرکت کے لیے پی آئی بی کالونی پہنچ گئے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران فاروق ستار نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے سامنے اختلافات کی تمام تر کہانی بیان کردی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بات صرف کامران ٹیسوری کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے کی نہیں ہے بلکہ عامرخان گروپ پوری پارٹی پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، عامر خان ایک بار پھر حقیقی ٹو بنانا چاہتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق فاروق ستار نے اراکین اسمبلی سے سوال کیا کہ کیا آپ لوگ ایسا ہونے دینگے؟ جس پر اراکین اسمبلی نے کہا کہ آپ جس کو ٹکٹ دیں گے ہمیں منظور ہوگا۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس میں اراکین اور ذمہ داران نے فاروق ستارکو ویٹو پاورز دے دئیے، اجلاس میں بہادر آباد کا کسی بھی قسم کا دباؤ قبول نہ کرتے ہوئے متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ بہادر آباد والے مؤقف سے پیچھے ہٹیں گے تو پھر بہادر آباد آنے کا سوچیں گے۔

  • فاروق ستار کامران ٹیسوری کی حمایت سے دستبردار ہونے کو تیارنہیں، ذرائع

    فاروق ستار کامران ٹیسوری کی حمایت سے دستبردار ہونے کو تیارنہیں، ذرائع

    کراچی : ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی اور سربراہ فاروق ستار کے درمیان ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے، فاروق ستار کامران ٹیسوری کی حمایت سے دستبردارہونے کو کسی صورت تیارنہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بہادر آباد میں اجلاس میں شرکت کیلئے رابطہ کمیٹی کا وفد پہنچ گیا، وفد میں خواجہ اظہار الحسن، روٴف صدیقی اور جاوید حنیف شامل تھے۔

    ذرائع کے مطابق رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ ہمارے درميان مذاکرات کا فائنل راؤنڈ ہورہا ہے، رابطہ کميٹی کا فيصلہ ہے کہ ناکامی کی صورت ميں مزيد مذاکرات نہيں ہونگے، ہم نے فاروق ستار کی خاطر آخری حد تک لچک دکھائی۔

    مذاکرات ناکام ہوئے تو ہنگامی پريس کانفرنس کی جائے گی، ذرائع رابطہ کمیٹی کے مطابق فاروق ستار کے کہنے پر تمام اميدوار دستبردار ہونے پر تيار ہیں، بات نہ بنی تو تکليف دہ حقائق سب کےسامنے لانا ہونگے۔

    اس حوالے سے خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ ہم یہیں ہیں کہیں نہیں جارہے، رابطہ کمیٹی کے وفد سے ملاقات کے بعد معاملات پر مشاورت کی گئی ہے۔

    آخری اطلاعات تک بہادرآباد اور پی آئی بی گروپ میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، فاروق ستار کامران ٹیسوری کی حمایت سے دستبردارہونے کو کسی صورت تیارنہیں۔

  • یہ بھائیوں کا معاملہ ہے اور بھائیوں کے درمیان ہی حل ہوگا،  فاروق ستار

    یہ بھائیوں کا معاملہ ہے اور بھائیوں کے درمیان ہی حل ہوگا، فاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ رابطہ کمیٹی کے جو جو لوگ میرے گھر پر آئے ہیں وہ میرے بھائی ہیں اور سب بھائیوں کو مل کر کوئی فیصلہ کرنا ہے، آج کوئی بات رہ گئی ہے تو کل اجلاس بلا کر پوری کرلیں گے۔

    یہ بات انہوں نے پی آئی بی کالونی میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان کچھ معاملات طے پا گئے ہیں اور جو معاملات رہتے ہیں ان پر کل دوپہر میں بیٹھ کر بات کریں گے، کیوں یہ بھائیوں کا معاملہ ہے اور بھائیوں کے درمیان ہی حل ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ مجھے اراکین کی بات سننی چاہیےاور مجھے سمجھانی چاہیے، ہم کسی کو ہنسنے کا موقع نہیں دیں گے، کسی صورت یہ تاثرنہیں دینا کہ ہم میں تقسیم ہے، اختلاف رائے کی وجہ سے کسی اورکو خوش ہونے کا موقع نہیں دینا چاہتے، ہمارے اختلاف رائے کو تقسیم نہ سمجھیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن بھاگے نہیں جارہے اور سینیٹ الیکشن کا مسئلہ بھی نہیں ہے، لیکن یہ مسئلہ سینیٹ الیکشن سے بھی زیادہ گھمبیر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میرے لئے پی آئی بی اور بہادر آباد میں فرق نہیں، دلوں میں گنجائش ہے، اختلاف رائے کے باوجود رابطہ کمیٹی اراکین میرے لئےیہاں آئے، موجودہ صورتحال کو سمٹینے میں کارکنان کا تعاون درکار ہے۔


    مزید پڑھیں:فاروق ستار او رابطہ کمیٹی کے مذاکرات کامیاب ہوگئے


    لڑائی یا تقسیم نہیں ،اختلاف رائے ہوسکتا ہے، اسے ہمیں حل کرنا ہے، آج کوئی بات رہ گئی ہے تو کل اجلاس بلا کر پوری کرلیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔ 

  • اب بات مائنس ون فارمولے سےآگے جارہی ہے، ڈاکٹرفاروق ستار

    اب بات مائنس ون فارمولے سےآگے جارہی ہے، ڈاکٹرفاروق ستار

    کراچی :ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ میری گرفتاری تھی یا کچھ اور یہ میں خود بھی نہیں جانتا، اب بات مائنس ون فارمولے سےآگے جارہی ہے، سندھ حکومت کی جانب سے میرے مفرور ہونے کا دعویٰ بے بنیاد ہے گرفتار ہونے کو تیار ہوں عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی گرفتاری و رہائی کے بعد ایم کیو ایم کے عارضی مرکز پی آئی بی کالونی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    اس موقع پر ان کے ہمراہ عامر خان، فیصل سبز واری، رؤف صدیقی کے علاوہ ارکین اسمبلی اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ شادی کی تقریب سے واپسی پرعامرخان کی طرف جارہا تھا کہ پولیس اہلکار مجھے بٹھا کر چاکیواڑہ تھانے لےگئے۔ مختصربات چیت کی گئی اور ایک گھنٹہ بٹھایا گیا۔

    میرے خلاف مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر سندھ حکومت کو میری گرفتاری کی ضرورت تھی تو مین گرفتار ہونے کیلئے تیار ہوں کیونکہ ہم عدلاتوں کا احترام کرتے ہیں۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہمارے خلاف مقدمات کا اب فیصلہ ہوجانا چاہئے، ہماری پالیسی پوری قوم کے سامنے ہے، 22 اگست کی تقریر کےبعد پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوئے، ایم کیو ایم کی واضح پالیسی کے باوجود 22 اگست کے کیس میں میرا نام ڈالا گیا۔

    مزید پڑھیں : متحدہ رہنما فاروق ستار کی گرفتاری و رہائی

    انہوں نے کہا کہ ہمارے 23 اگست کے فیصلے کو اب مان لینا چاہئے، ہمیں ہماری جائز سیاسی جگہ ملنی چاہیئے، ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے اب بھی متعدد کارکنان جیلوں میں ہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ 22 اگست کے واقعے میں گرفتار کارکنوں کورہا کیا جائے، ہم سب نے 22 اگست کی تقریرکی مذمت کی تھی، انہوں نے کہا کہ اب بات مائنس ون فارمولے سےآگے جارہی ہے۔

  • متحدہ رہنما کنور نوید جمیل جیل سے رہا

    متحدہ رہنما کنور نوید جمیل جیل سے رہا

    کراچی : عدالتی احکامات کے بعد متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما کنور نوید جمیل کو سینٹرل جیل سے رہا کردیا گیا، رہائی کے فوری بعد وہ پی آئی بی کالونی میں ایم کیو ایم کے عارضی مرکز پر پہنچ گئے، کنور نوید کا رہنماؤں اور کارکنان نے بھرپور استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مخالف نعروں اور میڈیا ہاؤس پر حملہ کیس کی سماعت کے دوران انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت ( اے ٹی سی ) نے کنور نوید جمیل کے ضمانتی مچلکے منظور کرلیے۔

    kanwar-naveed

    کراچی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کنور نوید جمیل کے پانچوں مقدمات میں ریلیز آرڈر جاری کردیئے، 22 اگست کے دو کیسز میں 20 ، 20 لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کی گئی۔

    کنور نوید جمیل کی تین کیسز میں ایک، ایک لاکھ روپے کےعوض ضمانت منظور ہوئی۔ جیل سے رہائی کے بعد کنور نوید جمیل کارکان کے ہمراہ ایم کیو ایم کے عارضی مرکز پی آئی بی کالونی پہنچے جہاں متحدہ سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر نے ان کا استقبال کرتے ہوئے پھولوں کے ہار پہنائے اور مٹھائی کھلائی۔

    اس موقع پر عامر خان، رؤف صدیقی، شبیر احمد قائم خانی اور دیگر بھی موجود تھے۔ صحافیوں سے گفگتو کرتے ہوئے کنورنوید نے کہا کہ جن لوگوں نے میری رہائی کیلئے دعا کی ان کاشکر گزار ہوں، یہ میری چوتھی قید تھی، ہمارے لئے قیدو بند کی سعوبتیں برداشت کرنا کوئی بڑی بات نہیں.

    کنورنوید نے کہا کہ اےآروائی نیوز کے دفتر پر حملے کے وقت میں وہاں موجود ہی نہیں تھا، ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک منتخب ایم این اے کو جھوٹے الزام میں 150دن بند کیا جاسکتا ہے تو سوچنے کی بات ہے کہ عام کارکن کے ساتھ کیا سلوک ہوتاہوگا؟

  • ایم کیو ایم پاکستان نےعلی رضا عابدی کی بنیادی رکنیت ختم کردی

    ایم کیو ایم پاکستان نےعلی رضا عابدی کی بنیادی رکنیت ختم کردی

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان نے ایم این اے علی رضا عابدی کی بنیادی رکنیت ختم کردی، اور انہیں قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہونے کی ہدایات بھی جاری کردی گئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے ممبر قومی اسمبلی علی رضا عابدی کی پارٹی سے بنیادی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے۔

    ترجمان ایم کیوایم پاکستان کا کہنا ہے کہ علی رضا عابدی بائیس اگست کے بعد قائم کی جانے والی پالیسی پر عمل پیرا نہیں تھے۔ لہٰذا انہیں واضح تنظیمی اورسیاسی پالیسیوں سے متعدد بارمتنبہ کیے جانے کے باوجود مسلسل انحراف پر تنظیم کی بنیادی رکنیت سے خارج کرنے کا اعلان کیا جاتا ہے۔

    ترجمان کے مطابق رابطہ کمیٹی علی رضا عابدی کو تنظیم سے خارج کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بطور رکن قومی اسمبلی مستعفی ہونے کی ہدایت بھی کرتی ہے۔

    بعد ازاں ایم کیو ایم لندن سیکریٹریٹ کے رہنما اور پارٹی کے بانی الطاف حسین کے ترجمان واسع جلیل نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں ایم کیو ایم پاکستان کو بی آئی بی ٹولے کے نام سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے آئین کے مطابق انہیں کسی کارکن کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا اختیار نہیں۔

  • رینجرز کی کارروائی: دوخطرناک ٹارگٹ کلرزگرفتار، اسلحہ برآمد

    رینجرز کی کارروائی: دوخطرناک ٹارگٹ کلرزگرفتار، اسلحہ برآمد

    کراچی : رینجرز نے کالعدم تنظیم کے بدنام ٹارگٹ کلرمہروز مہدی نقوی کو گرفتار کرلیا، کراچی سے گرفتار ٹارگٹ کلرز نے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں، دوسری کارروائی میں رینجرز نے پی آئی بی کالونی سے ایم کیوایم کے ٹارگٹ کلر اشتیاق ماما کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے کراچی سے کالعدم تنظیم کے ٹارگٹ کلر مہروز مہدی نقوی عرف مہدی بادشاہ کو گرفتار کیا ہے، ملزم نے بائیس افراد اور فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے۔

    ٹارگٹ کلر مہروز مہدی نقوی نے دوہزار تیرہ میں مفتی دلفراز معاویہ اورابوبکر کو سائٹ کے علاقے میں قتل کیا ۔دوہزارچودہ میں مفتی عثمان یار خان، محمد علی اورمحمد رفیق کو شاہراہ فیصل پر گاڑی پر فائرنگ کرکے قتل کیا۔

    rangers-post-01

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم کی خفیہ مقام کی نشاندہی پر اسلحہ اور گولیاں برآمد کرلی گئیں ہیں، برآمد کیا گیا اسلحہ اورگولہ بارود مخالف گروپوں کو ٹارگٹ کرنے کیلیے جمع کیا گیا تھا، گرفتار ملزم 22 سے زائد قتل کی وارداتوں ،اغوا، ڈکیتی، بھتہ خوری میں بھی ملوث رہا ہے۔

    مزید پڑھیں: ٹارگٹ کلرز بھتہ خوروں اور دہشتگردوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

    دوسری جانب رینجرز نے پی آئی بی کالونی میں کارروائی کرکے ایم کیوایم کے ٹارگٹ کلر اشتیاق ماما کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم نے انیس سو ترانوے سے دوہزار سات تک بلوچ نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے۔

    ملزم اشتاق ماما نے سال انیس سو پچیانوے اور چھیانوے کے دوران ایم کیو ایم حقیقی کے تین کارکنوں کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

    یہ پڑھیں: ایم کیو ایم کا سابق یونٹ انچارج گرفتار، 12 مئی اور متعدد وارداتوں کا اعتراف

    ملزم جبری فطرہ و زکٰوۃ کی وصولی میں بھی ملوث رہا ہے، ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ،اوان بم اور گولیاں برآمد ہوئیں ہیں۔

  • سندھ کے وڈیروں نے آج بھی سندھی کوغلام بنایا ہوا ہے، ڈاکٹرفاروق ستار

    سندھ کے وڈیروں نے آج بھی سندھی کوغلام بنایا ہوا ہے، ڈاکٹرفاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہمیں آج پھر کارکن نوید کی لاش کا تحفہ دیا گیا ہے، ہمارا مشن سچائی اور حقانیت پر مبنی ہے، طاقت کے نشے میں آج ٹرک پر چڑھ کر کچھ لوگوں نے اپنی ٹھرک جھاڑی ہے، سندھ کے وڈیروں نے آج بھی سندھی کو غلام بنایا ہوا ہے، ہم چالیس سال سے جدوجہد کررہے تو وہ آج بھی جاری ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اکٹر فاروق ستارڈ نے کہا کہ آج کراچی میں راستے بند کرکے ایک بار پھر کراچی والوں کو دیوار سے لگانے کی پالیسی پر عمل کیا گیا۔

    انہوں نے سندھ کے حکمرانوں کا نام لیے بغیر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم آج سندھ کی تقسیم کو روکنے کا دعویٰ کرتے ہو لیکن سب سے پہلے پی پی نے سندھ کو تقسیم کیا، تمہارے آباؤ اجداد انگریزوں کے تلوے چاٹتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کے وڈیروں نے عام سندھی کو آج بھی غلام بنایا ہواہے، ہم پاکستان میں بیس صوبے بنانے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں، ہم نے پاکستان بنایا تھا اگر ارادہ کرلیا تو صوبہ بھی بنا کر دیکھادیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ سالوں میں تم نے کراچی کے وسائل کو لوٹا ہے، آئندہ چند روز میں تمارے خلاف ایک وائٹ پیپر لانے والے ہیں، سندھ کو ہم تقسیم نہیں کررہے تم تقسیم کررہے ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے ہڑتال اور احتجاج کرنے کا حق رکھتے ہیں، کراچی آج ایک ایک بوند پانی کو ترس رہا ہے جس کے ذمہ دار تم ہو، کراچی کو پانی دینے کیلئے دھرنا بھی دے سکتے ہیں، کراچی کے مسائل کو حل کرانا اور سندھ کے شہری علاقوں کو ترقی دلانا ہمارا مشن ہے، ہم اپنے مشن کی کامیابی کیلئے اپنا جمہوری حق استعمال کریں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ آج ذمہ داران کا اجلاس ہوا ہے، اگلا کارکنان کا اجلاس لال قلعہ گراؤنڈ میں ہوگا، لال قلعہ گراؤنڈ میں اجلاس کو کوئی نہیں روک سکتا، کارکنان کے اجلاس کے بعد جناح گراؤنڈ میں عوامی جلسہ کریں گے، ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بلو کی وفاقی پارٹی سمٹ کر آج ایک صوبے کی پارٹی بن چکی ہے۔

    دریں اثناء ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج شہر کراچی پرہلہ بولا گیا، سڑکیں بند تھیں پھربھی ذمہ داران اجلاس میں پہنچ گئے، انہوں نے کہا کہ اس شہر کے وارث ہی ملک کے وارث ہیں. شہرکراچی چلتا ہے توملک پلتا ہے. کاروبارکے لیے لوگ حسب نسب تبدیل کردیتے ہیں .کوئی شریف تو کوئی بھٹو بن جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم تقسیم نہیں ہورہی اس کی تجدید ہورہی ہے. پیپلزپارٹی تو ذوالفقاربھٹو نے بنائی تھی جبکہ بلاول زرداری کے والد تو گینگ وارکے بانی ہیں۔

    ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے کہا کہ لاڑکانہ کو نوے ارب روپے ملے لیکن وہ مونجو دڑو بن گیا. بائیس اگست کو کچھ لوگ چاند رات سمجھ رہے تھے. 23 اگست پران کی امیدوں پرپانی ہھرگیا. آج کا اجلاس آغاز تھا اب کارکنوں کو بھی بلائیں گے۔

     

  • بائیس اگست کے بعد ایم کیو ایم کا پہلا خواتین ورکرزاجلاس، کارکنان کی شرکت

    بائیس اگست کے بعد ایم کیو ایم کا پہلا خواتین ورکرزاجلاس، کارکنان کی شرکت

    کراچی : ایم کیوایم کے عارضی مرکز پی آئی بی کالونی میں متحدہ کی خواتین ورکر ز کا اجلاس منعقد ہوا جس سے سربراہ ایم کیوایم پاکستان اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

    تفصیلات کے مطاب پی آئی بی کالونی میں ایم کیوایم پاکستان کے تحت خواتین کا جنرل ورکرز اجلاس ہوا، جس میں شعبہ خواتین کی ذمہ داران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    بائیس اگست کے بعد ایم کیوایم خواتین کا یہ پہلا جنرل اجلاس ہے جس سے ڈاکٹر فاروق ستار، نسرین جلیل، عامرخان اورفیصل سبزواری نے خطاب کیا.

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ بائیس اگست کے بعد ایم کیوایم پاکستان کی اپنی پالیسی اورگائیڈ لائن ہے، نسرین جلیل نے اپنے خطاب میں خواتین کارکنان کو ایم کیوایم کا مضبوط ترین ستون قرار دیا، جبکہ عامرخان نے کہا کہ خواتین متحد ہوکر علاقوں میں جاکر ایم کیوایم کا پیغام عام کریں۔

    واضح رہے کہ 22 اگست کو کراچی پریس کلب کے باہربھوک ہڑتالی کیمپ میں متحدہ قائد کی متنازعہ تقریر کے بعد ایم کیو ایم نے اپنے قائد سے لاتعلقی کا اظہار کردیا تھا، جس کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے آئین سے بھی قائد کا نام نکال دیا گیا تھا۔

  • پی آئی بی میں پولیس مقابلہ، دوملزمان ہلاک ، اسلحہ برآمد

    پی آئی بی میں پولیس مقابلہ، دوملزمان ہلاک ، اسلحہ برآمد

    کراچی : پی آئی بی کالونی میں پولیس مقابلہ میں دو ملزمان مارے گئے، رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے کالعدم تنظیموں اور ٹارگٹ کلر سمیت چھ ملزمان کوگرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    پولیس کے مطابق پی آئی بی کالونی میں پولیس نے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مارا تو مسلح افراد نے فائرنگ کردی پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو منشیات فروش مارے گئے، جبکہ دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی گئی.

    دوسری جانب رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں لائنز ایریا، سعودآباد، گلشن اقبال اور اورنگی ٹاؤن میں کارروائیاں کرتے ہوئے عسکری ونگ کے ٹارگٹ کلر اور کالعدم تنظیم کے کارندے سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا.

    ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں ملزم طارق اورشاہ نواز بھی شامل ہیں جنہیں عدالت سے نوے روزہ ریمانڈ پر تحویل میں لے لیا گیا ہے، گرفتار ملزمان سے اہم انکشافات متوقع ہیں۔