Tag: PIB

  • ایم کیو ایم کا سابق یونٹ انچارج گرفتار، 12 مئی اور متعدد وارداتوں کا اعتراف

    ایم کیو ایم کا سابق یونٹ انچارج گرفتار، 12 مئی اور متعدد وارداتوں کا اعتراف

    کراچی: رینجرز نے پی آئی بی میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سابق یونٹ انچارج اشتیاق عرف ماما کو گرفتار کرلیا ہے جو 12 مئی سمیت ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث تھا۔

    ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’رینجرز نے مصدقہ اطلاع پر گلشن اقبال ٹاؤن کے علاقے پی آئی بی میں کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر اشتیاق عرف ماما کو گرفتار کرلیا ہے۔

    اعلامیے میں رینجرز کا کہنا ہے کہ ’’ملزم ایم کیو ایم کے اعلیٰ عہدیداروں کے حکم پر متعدد ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں اور سنگین جرائم میں ملوث تھا اور متحدہ کا یونٹ انچارج بھی رہ چکا ہے‘‘۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک عدد ایس ایم جی، رپیٹر،3 آوران بم اور دیگر دیسی اقسام کا ایمونیشن برآمد کیا گیا ہے، ملزم کو مزید قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کیا جارہا ہے۔

    rangers

    رینجرز کی جانب سے ملزم کی وارداتوں کی تفصیلات بھی دی گئیں ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ ’‘ اشتیاق عرف ماما 1993 سے 2007 کے دوران بلوچ نوجوانوں کے قتل میں ملوث رہاجبکہ 1995/96 میں حقیقی کے تین کارکنوں کا قتل کیا ہے‘‘۔

    علاوہ ازیں ملزم نے 2008-2009 میں لیاری گینگ وار کے کارندے موسیٰ کو قتل کیا جبکہ سانحہ 12 مئی میں ملزم نے نجی ٹیلی ویژن کے آفس پر فائرنگ اور توڑ پھوڑ بھی کی ہے‘‘۔اشتیاق عرف ماما پر الزام ہے کہ اُس نے 1987 سے 2006 کے دوران ہونے والی ہڑتالوں میں خوف و ہراس پھیلایا اور کاروباری مراکز بھی بند کروائے ہیں۔

  • ٹارگٹ کلر ضیا عرف پہاڑی گرفتار، 40 سے زائد قتل کا اعتراف

    ٹارگٹ کلر ضیا عرف پہاڑی گرفتار، 40 سے زائد قتل کا اعتراف

    کراچی: رینجرز نے پی آئی بی میں کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر ضیاء الدین عرف پہاڑی کو گرفتار کر لیا،  ملزم نے چالیس سے زائد افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا، ملزم کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے۔

    ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’سندھ رینجرز نے خفیہ اطلاع پر پی آئی بی میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لائنز ایریا کے سیکٹر انچارج ضیاء الدین عرف پہاڑی کو گرفتار کرلیا۔

    رینجرز اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’ملزم کا تعلق ایم کیو ایم کے عسکری ونگ سے ہے جو  دورانِ تفتیش 40 افراد کے قتل کا اعتراف کرچکا ہے، جن میں کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں بھی ملوث رہا ہے تاہم اُسے مزید قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ رینجرز نے خفیہ اطلاع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی رہائش گاہ اور متحدہ کے عارضی مرکز کے قریب سے مشتبہ ٹارگٹ کلر کو گرفتار کیا تھا جس کا تعلق لائنزایریا سے بتایا گیا تھا۔

  • ڈاکٹر فاروق ستار کی پارلیمنٹ میں ڈرامائی انٹری

    ڈاکٹر فاروق ستار کی پارلیمنٹ میں ڈرامائی انٹری

    اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈٰیا کو دیکھتے ہی دوڑ لگادی، بھاگے بھی ایسے کہ صحافی بھی ہنسنے پر مجبور ہوگئے۔

    وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی جانب سے طلب کئے جانے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لیے سربراہ ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار پہنچے تو میڈیا نے ان سے گفتگو کرنا چاہی لیکن فاروق ستار نے میڈیا کو دیکھ بچوں کی دوڑ لگاتے ہوئے پارلیمنٹ میں داخل ہوگئے۔

    پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کو دیکھتے ہی فاروق ستار ایسے دوڑے جیسے کوئی بچہ شرارت کر کے بھاگتا ہے، مشترکہ اجلاس سے پہلے صحافی فاروق ستار کو روکتے رہ گئے، آوازیں بھی لگائیں لیکن فاروق ستار نے سنی ان سنی کر کے دوڑ لگادی۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کسی صحافی کے قابو میں نہ آئے بس جاتے جاتے اتنا جواب دے گئے کہ ’وزیر اعظم کی تقریر ہے جانے دو یار‘ نہ جانے فاروق ستار میڈیا کے سوالات سے گھبر ائے ہوئے تھے یا انہیں وزیر اعظم کی تقریر چھوٹ جانے کا خدشہ تھا۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کا اجلاس، فاروق ستار  کنوینر مقرر

    ایم کیو ایم پاکستان کا اجلاس، فاروق ستار کنوینر مقرر

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پر اہم اجلاس میں رابطہ کمیٹی اور کارکنان نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کو کنوینر منتخب کیا جبکہ رابطہ کمیٹی میں نئے اراکین کو شامل کیا گیا ہے۔

    اجلاس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 23 اگست کے بعد ہم نے لندن قیادت سے مکمل علیحدگی اختیار کرتے ہوئے تمام فیصلے پاکستان میں ہی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے علیحدہ ہونے کے بعد سے اب تک کئی اہم اجلاس منعقد کیے گئے ہیں جن میں بہت اہم فیصلے ہوئے تاہم آج ہونے والے اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے اراکین، شعبہ جات کے ذمہ داران اور کارکنان نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مجھے کنوینر کے منصب پر فائز کردیا ہے۔

    انہوں نے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی میں نئے اراکین فیصل سبزواری اور خوش بخت شجاعت اور عبدالوسیم کو شامل کیا گیا ہے تاہم رابطہ کمیٹی کے دو اراکین اشرف نور اور اکرم راجپوت کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر رابطہ کمیٹی کے رکن کی حیثیت اور بنیادی رکنیت سے خارج کردیا گیا ہے۔

    پڑھیں:  لاتعلقی کرنے والے معافی مانگ کر قائد تحریک سے ملیں، ندیم نصرت

     ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کنوینر کا عہدہ خالی ہونے کی وجہ سے مجھے اس کی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ تین اراکین کیف الوریٰ، نسرین جلیل اور خالد مقبول صدیقی کو ڈپٹی کنوینر کے عہدے پر فائض کردیا گیا ہے تاہم عامر خان بدستو سنیئر ڈپٹی کنوینر کی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ حیدر عباس رضوی کے پاس پہلے ہی رابطہ کمیٹی کا عہدہ ہے  اس لیے وہ اپنے منصب پر ویسے ہی فرائض انجام دیتے رہیں گے، اُن کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس میں تمام اراکین کی مشترکہ رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

    کراچی آپریشن پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے رینجرز کی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ آپریشن ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبہ پر شروع کیا گیا تھا جس کے بعد سے شہر کے حالات اور امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہوئے اور حالات میں واضح تبدیلی نظر آئی‘‘۔

    شہر قائد کے مختلف علاقوں میں چائنا کٹنگ کے آغاز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ’’کراچی کے مختلف علاقوں سرجانی، بلدیہ، کورنگی، اورنگی، قصبہ کالونی سمیت دیگر علاقوں میں نامعلوم افراد نے چائنا کٹنگ کا کام شروع کردیا ہے جس پر عوام کو شدید تحفظات ہیں۔

    انہوں نے سندھ حکومت، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ پولیس سے چائنا کٹنگ میں ملوث افراد کو بے نقاب کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے حوالے سے سب کو آگاہ کیا جائے اور مختلف علاقوں میں جاری مجرمانہ سرگرمیوں پر کارروائی کرتے ہوئے ملوث افراد کو سزا دی جائے۔

  • تمام شعبہ جات ہماری بات مانیں گے، فاروق ستار

    تمام شعبہ جات ہماری بات مانیں گے، فاروق ستار

    کراچی: ایم کیو ایم لندن اور پاکستان قیادت کے درمیان ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کا عمل جاری ہے،فاروق ستار نے کہا ہے کہ کارکنان ہماری بات ماننے ہم لندن قیادت سے قطع تعلق کرچکے ہیں۔

    لندن سے جاری ہونے والے بیان کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ تمام شعبہ جات ہماری بات مانیں، ہم 23 اگست والی بات پر ڈٹے ہوئے ہیں، لندن والے جو بھی بات کرتے ہیں وہ ان کی مرضی ہے، ہمارا لندن سے تعلق نہیں، ان کی مرضی ہے جو دل چاہے بیان دیں۔

    انہوں‌ نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی ایم کیو ایم لندن سے قطع تعلق کردیا ہے،جو پالیسی ہم نے طے کی ہے اس کے مطابق ہی کام کریں گے، ہماری پر امن سیاسی جدوجہد جاری رہے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان پیچھے دیکھنے کے بجائے کام جاری رکھے گی، ہم نے اجتماعیت کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیا، ہم نے ازخود فیصلہ کیا اس کی مقصدیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

    فاروق ستار نے کہا کہ نہ کوئی استعفا دے گا نہ ممبر شپ سے مستعفی ہوں گے، جو بیان لندن سے آیا اس پر تحریری بیان جاری کیا ہے، تمام ارکین اور عہدیدار اسی طرح کام کو جاری رکھیں گے۔

    کچھ دیر قبل ایم کیو ایم کی لندن قیادت نے کہا ہے کہ قائد ایم کیو ایم کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد پاس کرنے کا عمل شرم ناک ہے جس پر ایم کیو ایم کے تمام ارکان اسمبلی مستعفی ہوجائیں، فوری طور پر تمام تنظیمی ڈھانچہ اور شعبہ تحلیل کردیے گئے ہیں۔

  • لندن سے دو رہنماؤں کی وطن واپسی، فاروق ستار کی قیادت پر اعتماد

    لندن سے دو رہنماؤں کی وطن واپسی، فاروق ستار کی قیادت پر اعتماد

    کراچی: ایم کیو ایم کے لندن میں مقیم دو رہنماؤں کہف الوریٰ اور شبیر قائم خانی کی وطن واپسی پر سربراہ ایم کیو ایم ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات قیادت سنبھالنے پر اعتماد کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو ماہ سے لندن میں مقیم ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیئر کہف الوریٰ اور رکن رابطہ کمیٹی شبیرقائم خانی وطن واپس پہنچ گئے، دونوں رہنماء گزشتہ دو ماہ سے لندن میں مقیم تھے تاہم 22 اگست کے بعد کچھ دنوں کےلیے امریکا جانے کی کوشش کی اور کوائف مکمل نہ ہونے پر ائیرپورٹ سے واپس لندن بے دخل کردیے گئے تھے۔

    پڑھیں:     لندن کے بیان سے کوئی تعلق نہیں، ایم کیوایم پاکستان

    کراچی آمد کے بعد دونوں رہنماء ایم کیو ایم کے پی آئی بی میں واقع عارضی مرکز گھانچی ہال پہنچے اور رابطہ کمیٹی پاکستان کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات کرکے اُن کی سربراہی پر اطمینان کا اظہار کیا اور آئندہ کے لیے پارٹی کو اپنی خدمات پیش کیں۔ دونوں رہنماؤں نے 17 ستمبر کو لندن سیکریٹریٹ میں بانی ایم کیو ایم کی سالگرہ کی تقریبات میں بھی شرکت کی تھی۔

    یاد رہے 22 اگست کو اشتعال انگیز تقریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملے کے اگلے روز ڈاکٹر فاروق ستار نے بانی ایم کیو ایم اور لندن قیادت سے اظہار لاتعلقی کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں رابطہ کمیٹی نے پارٹی آئین میں ترمیم کرتے ہوئے الطاف حسین سے فیصلوں کی توثیق کرنے والے شق کو حذف کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    مزید پڑھیں:    ایم کیو ایم کا اپنے پرچم سے قائد متحدہ کا نام ہٹانے کا فیصلہ

    بعد ازاں ایم کیو ایم پاکستان نے پارٹی پرچم سے بانی کا نام ہٹا کر انتخابی نشان آویزاں کردیا تھا تاہم لندن قیادت کی جانب سے مسلسل بیانات کے سلسلے کو مدنظر رکھتے ہوئے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے گزشتہ روز لندن کے تمام رہنماؤں بشمول کنونیئر کو رابطہ کمیٹی سے خارج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

  • موروثی سیاست اور کوٹا سسٹم نہیں چلیں گے، فاروق ستار

    موروثی سیاست اور کوٹا سسٹم نہیں چلیں گے، فاروق ستار

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ موروثی سیاست نہیں چلے گی، یہاں کوئی کسی کا کوئی رشتہ دار نہیں،کوٹا سسٹم سمیت دیگر مسائل کا خاتمہ کیا جائے اور پاکستان زندہ باد کہنے والوں کو سینے سے لگایا جائے۔

    MQM is a united party, says Farooq Sattar by arynews
    فیصل سبزواری کی پاکستان آمد کے بعد اپنی رہائش گاہ پر فیصل سبزواری کے ہمراہ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ معاملہ پاکستان مردہ بادہ کہنے کا نہیں مسئلہ پاکستان زندہ بادکہنے والوں کو قبول نہ کرنے کا ہے، مسائل کے حل کے عمل میں چوتھی بڑی سیاسی جماعت ایم کیو ایم کو اب جگہ دی جائے موقع دیا جائے، پاکستان زندہ بادہ کہنے والوں کو سینے سے لگایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ کوٹا سسٹم سمیت دیگر مسائل حل کیے جائیں، ایم کیو ایم کے سوا غریبوں کا کوئی وارث نہیں، یہاں ایسا نظام قائم کیا جائے جہاں ہر شہری کے برابر حقوق ہوں، اسے احترام سے دیکھا جائے یہی ایم یو ایم کامنشور ہے، مشکلات آئیں اور آئیں گی ، سامنا کریں گے،ہر شہری کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

    فاروق ستار نے کہا کہ فیصل سبزواری پارٹی کی اجازت سے تعطیلات پر گئے ہوئے تھے ڈر اور خوف سے نہیں، یہ مغالطہ دور کرلیا جائے، فیصل سبزواری کو عارضی مرکز پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

    فیصل سبزواری نے کہا کہ قربانی کی کھالیں جمع نہ کرنے کا فیصلہ تنازعات سے بچنے کے لیے کیا گیا، ہمیں نہ فنڈز ملے اور نہ اختیارات اور نہ کوٹا سسٹم میں حصہ ملا، یہاں جرائم کے ساتھ عوام بلدیاتی سہولتوں سے بھی محروم ہیں، حل کے لیے وفاق و سندھ حکومت کراچی کو اون کریں،ہم کراچی کے شہریوں کے زخموں پر مرہم رکھنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہماری تنظیم کا نام روز اول سے نام ایم کیو ایم پاکستان ہی تھا یہ کوئی نیا نام نہیں۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کا پہلا اجلاس، تمام فیصلے پاکستان میں کرنے پر اتفاق

    ایم کیو ایم پاکستان کا پہلا اجلاس، تمام فیصلے پاکستان میں کرنے پر اتفاق

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کا پہلا اجلاس عارضی مرکز گھانچی ہال میں منعقد کیا گیا جس میں تمام فیصلے پاکستان سے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کا پہلا اجلاس عارضی مرکز گھانچی ہال پی آئی بی میں منعقد کیا گیا، جس میں تمام پارلیمنٹیرین اور اراکین رابطہ کمیٹی نے شرکت کی۔ اجلاس میں شریک تمام ممبران نے ڈاکٹر فارو ق ستار پر اعتماد کا اظہار کیا۔

    اجلاس کی قیادت ڈاکٹر فاروق کی زیر صدارت ہوا جس میں انہوں نے تمام پالیمنٹیرینز کو سیاسی رابطے بڑھانے سمیت اہم ہدایات دیں، اس موقع پر اراکین کی جانب سے شہر میں جاری سیاسی صورتحال ، رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں سمیت پارٹی دفاتر مسمار کرنے پر اظہار تشویش کیا گیا۔

    اس موقع پر ارکین کی مشترکہ رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کیاگیا کہ ’’ سندھ حکومت شہر میں قائم غیر قانونی دفاتر کی نشاندہی کرے جن پر میئر کراچی کے ذریعے کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘‘۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ’’پارٹی کے تمام فیصلے پاکستان کی قیادت ہی کرے گی اور ان میں کسی قسم کی منظوری درکار نہیں ہوگی تاہم اجلاس میں بیٹھے افراد کی جانب سے ممبر صوبائی و قومی اسمبلی کی گرفتاری کے حوالےسے بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور دفاتر کو سیل کرنے کے حوالے سے بھی تحفظات سامنے آئے‘‘۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے اراکین کو ہدایت کیں کہ ’’تمام اراکین  کو سڑکوں پر نکل کر عوامی مسائل حل کرنے کی خصوصی ہدایات جاری کیں‘‘۔

  • ڈی جی رینجرز کی نائن زیرو آمد، رینجرز کی بھاری نفری پی آئی بی مرکز میں داخل

    ڈی جی رینجرز کی نائن زیرو آمد، رینجرز کی بھاری نفری پی آئی بی مرکز میں داخل

    کراچی: ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کا ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کا دورہ جبکہ متحدہ کے پی آئی بی میں واقع عارضی مرکز میں بھی رینجرز کی بھاری نفری داخل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایم کیو ایم کے مرکز پر طویل آپریشن اور سیل ہونے کے بعد رینجرز کی بھاری نفری ایک بار پھر ایم کیو ایم کے ہیڈ کوارٹر پہنچ گئی ہے جبکہ پی آئی پی میں واقع ایم کیو ایم کے پی آئی بی گھانچی ہال میں واقع عارضی مرکز کا بھی رینجرز نے گھیراؤ کرلیا ہے۔

    پڑھیں:  اے آر وائی کراچی کے دفتر پر حملہ کرنے والے 3 ماسٹر مائنڈ گرفتار

    ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے نائن زیرو اور اطراف کی گلیوں کا دورہ کیا اور گزشتہ روز سیل ہونے والے دفاتر کا جائزہ لیتے ہوئے سیکیورٹی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس دوران رینجرز کی بھاری نفری نے نائن زیرو اور اطراف کی گلیوں کو مکمل بند کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں:   ترجمان رینجرز کی 2013 سے جاری آپریشن کی رپورٹ جاری

    میجر جنرل بلال اکبر نے سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد جناح گراؤنڈ اور اُس سے متصل شہداء یادگار کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود اہلکاروں کو سیکیورٹی کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔

    دوسری جانب پی آئی بی میں واقع گھانچی ہال میں ایم کیو ایم کے عارضی مرکز میں رینجرز کی بھاری نفری داخل ہوگئی اس دوران علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ مرکز کے اندر متحدہ رہنماء فاروق ستار اور عامر خان موجود تھے۔رینجرز کی بھاری نفری نے عارضی مرکز میں مخصوص مقامات کی تلاشی بھی لی۔ متحدہ کے عارضی مرکز میں آئندہ روز میئر اور ڈپٹی میئر کے حوالے سے اہم اجلاس جاری تھا۔

    بعد ازاں رینجرز کے ونگ کمانڈر کی جانب سے ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار سے مذاکرات کامیاب ہونے پر نفری عارضی مرکز سے واپس روانہ ہوگئی۔

  • تیز رفتار ڈمپر نے خاتون کو کچل ڈالا

    تیز رفتار ڈمپر نے خاتون کو کچل ڈالا

    کراچی : شارع پاکستان کے قریب ٹریفک حادثہ میں خاتون ایک جاں بحق ہوگئی،موقع پر موجود مشتعل افراد نے خونی ڈمپر کو آگ لگادی جبکہ پی آئی بی میں پولیس موبائل پر فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق شارع پاکستان عائشہ منزل کے قریب تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے خاتون جاں بحق ہوگئی ،واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگادی ۔

    پولیس کے مطابق ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ پی آئی بی کالونی میں نامعلوم افراد کی پولیس موبائل پر فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔جسے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، پولیس کے مطابق مسلح افراد موٹرسائیکل پر سوار تھے۔