Tag: pilgrimage

  • حجاج کی خدمت میں کوتاہی برتنے پر دو مینیجرز برطرف

    حجاج کی خدمت میں کوتاہی برتنے پر دو مینیجرز برطرف

    ریاض : حاجیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات میں کوتاہی برتنے پر دو ملازمین کو برطرف کردیا گیا، سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن کی ہدایت پر معلموں کے خلاف تادیبی کارروائی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق موسسہ جنوب ایشیا کے حجاج کے دو آفس مینیجرز نے حاجیوں کو سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی برتی جس پر نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ بدر بن سلطان بن عبد العزیز کی ہدایت پر وزیر حج نے کارروائی کا فیصلہ کیا۔

    اس سے قبل خدمات میں کوتاہی برتنے پر وزیر حج نے متعدد ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ وہ معلمین کے تمام دفاتر کا بغور جائزہ لے رہی ہے، حاجیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں میں کوتاہی کسی طور قابل قبول نہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق معاہدے کے مطابق حجاج اور معتمرین کو سہولتیں فراہم کرنا معلمین اور حج اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب کی سول ایوایشن اتھارٹی کی طرف سے حجاج کرام کی واپسی کے لیے آپریشنل انتظامات کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔

    حجاج کرام فرئضہ حج کی ادائی کے بعد جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اپنے اپنے ملکوں کو روانہ ہوں گے۔

    جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حجاج کرام کی واپسی کی سہولت کے لیے 14 پلیٹ فارم بنائے گئے ہیں۔

    اس ہوائی اڈے سے 15 محرم الحرام کو آخری حج فلائیٹ روانہ ہوگی جب کہ ایک ہفتے میں یہاں سے 3 لاکھ اور مجموعی طورپر 9 لاکھ 50 ہزار حجاج کرام واپس لوٹیں گے۔

  • سعودی خاتون آرٹسٹ نے مناسک حج کو مصوری میں ڈھال دیا

    سعودی خاتون آرٹسٹ نے مناسک حج کو مصوری میں ڈھال دیا

    ریاض : سعودی خاتون آرٹسٹ نے وال پینٹنگز کے ذریعے طواف ، وقوف عرفات اور رمی جمرات کو جدت طرازی کے ساتھ لوگوں کے سامنے پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی خاتون آرٹسٹ عواطف عبدالعزیز المالکی نے مناسک حج کو خوب صورت انداز سے اپنی وال پینٹنگز میں سمویا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے طواف ، وقوف عرفات اور رمی جمرات کو جدت طرازی کے ساتھ لوگوں کے سامنے پیش کیا۔

    عرب ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے عواطف نے بتایا کہ میں نے یہ پسند کیا کہ نماز اور طواف کی عبادت، حرمین شریفین، روضہ مبارک اور مقامات مقدسہ کو اس طرح فن پاروں میں مجسم کیا جائے کہ وہ ہر جگہ ہمارے سامنے رہیں، کسی بھی مسلمان کے لیے یہ خوب صورت ترین منظر ہے۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی پینٹنگز کے ذریعے وقوف عرفات، رمی جمرات اوور دیگر مناسک حج کو نمایاں کیا ہے،سعودی آرٹسٹ نے واضح کیا کہ وہ مختلف پیمائش کی وال پینٹگز تیار کرتی ہیں جو 14 میٹر تک پہنچ جاتی ہیں۔

    عواطف کا کہنا تھاکہ انہوں نے پینٹنگ بنانے کا آغاز 25 برس پہلے کیا جب وہ پرائمری اسکول میں زیر تعلیم تھیں بعد ازاں یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہو کر ٹیچر بننے کے بعد پینٹنگ کے شوق کی تصویر پایہ تکمیل تک پہنچی۔

    باصلاحیت سعودی آرٹسٹ کے مطابق انہوں نے آرٹ کے حوالے سے مختلف نوعیت کے کام انجام دیے۔ ان میں آرٹ اسکولز میں سرگرمیاں اور کرداروں اور گھوڑوں کی تصاویر شامل ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ عواطف کا کام اس لحاظ سے بھی منفرد ہے کہ انہوں نے گذشتہ برس فن پاروں کی نمائش میں بڑے شعراءکے قصیدوں کو پینٹنگ میں ڈھال کر پیش کیا۔

    انہوں نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی بہت سی پینٹنگز بنائیں۔ عواطف نے مملکت میں اور اس کے بیرون بہت سے ایونٹس میں شرکت کی۔

  • فلسطینیوں کو عمرہ کرانےکے لیے مصر کا تاریخ ساز اعلان

    فلسطینیوں کو عمرہ کرانےکے لیے مصر کا تاریخ ساز اعلان

    غزہ/قاہرہ : مصری حکومت نے پانچ برس بعد مقبوضہ غزہ کے شہریوں کو عمرے کی سعادت بہرہ مند کےلیے غزہ اور مصر کے مابین واقع رفاہ سرحد کھول دی۔

    تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی ریاست کے ظلم و بربریت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے والے غزہ کے شہریوں کو پانچ سال بعد عمرے پر جانے کی اجازت مل گئی، جس کے بعد آٹھ سو فلسطینی شہریوں کا پہلا قافلہ براستہ مصر سعودی عرب روانہ ہوگا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 800 زائرین پر مشتمل فلسطینی شہریوں کا قافلہ غزہ اور مصر کے درمیان واقع سرحد رفاہ کے ذریعے قاہرہ پہنچ چکے ہیں۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سنہ 2013 میں مصری صدر محمد مرسی کی حکومت خاتمے کے بعد 2014 میں رفاہ سرحد کو ملٹری آپریشنز کے باعث بند کردیا گیا تھا۔

    عمرے کے لیے مکہ مکرمہ جانے والی فلسطینی خاتون کا کہنا تھا کہ ’ہم پانچ برسوں سے عمرے کی سعادت حاصل کرنے کےلیے بے تاب تھے‘۔

    رپورٹ کے مطابق ہزاروں فلسطینی شہری براستہ مصر حج کی ادائیگی کےلیے ہر سال سعودی عرب جاتے ہیں لیکن انہیں عمرے پر جانے کی اجازت نہیں تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق رفاہ واحد سرحد ہے جس پر دہشت گرد ریاست اسرائیل کا قبضہ نہیں ہے لیکن یہ سرحد گزشتہ کئی برسوں سے بند تھی۔