Tag: Pilgrims

  • حج کے سفر میں کون سا سامان لے جانا ضروری ہے؟

    حج کے سفر میں کون سا سامان لے جانا ضروری ہے؟

    پاکستان سے حجاج سعودی عرب پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور متعدد پروازوں کے تحت عازمین حجاج کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔

    حجاج کی سعودی عرب روانگی سے قبل پاکستان کے مختلف شہروں میں قائم حاجی کیمپوں میں زائرین کو تربیت بھی دی جا رہی ہے جس میں حج کے فرائض کی ادائیگیوں، سفر کے دوران ضروری اقدامات اور اشیاء کی فہرست بھی فراہم کی گئی ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں مسز امتیاز جاوید نے حج پر جانے والے عازمین کو بہت اہم معلومات اور مشورے دیئے۔

    انہوں نے بتایا کہ حج کے سفر میں کم سے کم سامان ساتھ لے کر جانا چاہیے جو باآسانی ساتھ رکھا جاسکے۔

    مسز امتیاز جاوید نے کہا کہ حجاج سفری دستاویزات کے لیے اپنے ساتھ علیحدہ ایک چھوٹا بیگ رکھیں، اس کے علاوہ احرام کے دو جوڑے بھی رکھیں اور ویسے پہننے کے لیے کپڑوں کے چار جوڑے ساتھ لے کر جائیں۔

    اس کے ساتھ ساتھ چھوٹی چھوٹی چیزیں جن کی گھر میں بھی ضرورت پڑتی ہے مثلاً سوئی دھاگا، کنگھی، ازار بند دانی، مسواک، عطر کی چھوٹی شیشی، خصوصی دعاؤں کے کارڈ بھی ساتھ رکھیں۔

    اس کے علاوہ ادویات بھی ساتھ لے کر جائیں جس میں اینٹی الرجی، درد کی گولیاں، او آر ایس کے ساشے، اور زخم پر لگانے والی کوئی سی بھی کریم اپنے بیگ میں رکھیں۔ اس کے ساتھ چھتری، جوتے اور پانی کی بوتل ساتھ لازمی رکھیں تاکہ ڈی ہائیڈریشن کا شکار نہ ہوں۔

  • عازمین حج کے لئے آب زم زم سے متعلق اہم خبر

    عازمین حج کے لئے آب زم زم سے متعلق اہم خبر

    سعودی عرب میں آب زم زم کی تقسیم کار کمپنی ’الزمازمہ‘ نے رواں سال مملکت آنے والے عازمین حج کے لیے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیدی ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے عاجل نیوز کی رپورٹ کے مطابق ’الزمازمہ‘کمپنی کی جانب سے تربیتی ورکشاپس منعقد کی گئیں، جس کا مقصد فیلڈ سروس کے معیار کو بہتر بنانا اور عازمین کے مملکت آتے ہی ان کی تواضع آب زم زم سے کرنا ہے۔

    کمپنی کے بورڈ کے رکن ڈاکٹر یاسر بن سلیمان شوشو کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ منعقد کی جانے والی ورکشاپس کے ذریعے کارکنوں کو مکہ شہر کے اندر اور عازمین کی آمد کے پوائنٹس پرتعینات کرنا ہے تاکہ وہ عازمین حج کا بہترین استقبال کرتے ہوئے انہیں آب زم زم کی بوتلیں تقسیم کریں۔

    پاکستانیوں سمیت عازمینِ حج کی سعودی عرب میں آمد کا سلسلہ جاری

    ڈاکٹر یاسر نے کہا کہ اس سال ہمارا ہدف ہے کہ عازمین میں حج سیزن کے دوران 40 ملین آب زم زم کی بوتلیں تقسیم ہوں، اس حساب سے ہر ایک حاجی کو 22 بوتلیں دی جائیں گی۔

  • خواتین گائیڈز کا تقرر اور جدید بس سروس: پاکستانی زائرین حج کو کیا کیا سہولیات دی جارہی ہیں؟

    خواتین گائیڈز کا تقرر اور جدید بس سروس: پاکستانی زائرین حج کو کیا کیا سہولیات دی جارہی ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب میں حج کے دوران پاکستانی زائرین کے لیے پاکستانی وزارت مذہبی امور اور حج مشن کی جانب سے خواتین گائیڈ تعینات کی گئی ہیں جبکہ خاص طور پر متعدد سہولیات کا بندوبست کیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق پاکستانی وزارت مذہبی امور اور حج مشن کے تحت عازمین حج کی رہنمائی کےلیے خواتین گائیڈ بھی تعینات کی گئی ہیں۔

    مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے باہر خواتین گائیڈ نماز جمعے کے بعد اپنے فرائض غیر معمولی لگن اور جانفشانی سے ادا کررہی ہیں۔

    پاکستانی وزارت مذہبی امور کے مطابق سیزنل ڈیوٹی اسٹاف کی ٹیمیں ایک حکمت عملی کے تحت مسجد الحرام کے داخلی دروازوں کے باہر پاکستانی عازمین کی رہنمائی کے لیے تعینات ہیں۔

    پاکستانی گائیڈز مسجد الحرام سے عازمین کو ان کی رہائش تک پہنچانے میں مدد کر رہے ہیں، ان کے مقرر کردہ بس اسٹاپ اور رہائشی سیکٹر تک پہنچانے میں معاونت کی جارہی ہے۔

    خیال رہے کہ مسجد الحرام کے اطراف پاکستانی عازمین کی رہنمائی کے لیے 50 سے زائد گائیڈز تعینات کیے گئے ہیں۔ مسجد الحرام کے 7 دروازوں اور کلاک ٹاور کے سامنے پاکستانی پرچم والی جیکٹ اور ٹوپی پہنے گائیڈ عازمین کی رہنمائی کر رہے ہیں۔

    علاوہ ازیں مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کو 24 گھنٹے ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے۔

    رہائشی سیکٹرز سے پاکستانی عازمین کو 190 جدید ترین مسافر بسیں مہیا کی گئی ہیں، حج سے قبل عازمینِ حج کی تعداد مکمل ہونے پر بسوں کی تعداد 360 تک پہنچ جائے گی۔

    مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کے لیے انتظامی لحاظ سے 9 رہائشی سیکٹرز قائم کیے گئے ہیں، مسجد الحرام کے اطراف میں اجیاد، غزہ، جرول اور کدی کے مقامات پر بس اسٹاپس بنائے گئے ہیں۔

  • عازمین حج کی امیگریشن کارروائی کتنی دیر میں ہوگی؟

    عازمین حج کی امیگریشن کارروائی کتنی دیر میں ہوگی؟

    ریاض: سعودی عرب میں رواں برس حج کے لیے آنے والے عازمین کی امیگریشن کارروائی صرف 20 منٹ میں مکمل کی جارہی ہے، جدہ کے ایئر پورٹ پر 15 سے زیادہ زبانیں جاننے والے اہلکار تعینات ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق جدہ حج ٹرمنل حکام نے کہا ہے کہ عازمین حج کی امیگریشن کارروائی 20 منٹ میں مکمل کی جارہی ہے۔

    جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مختلف ممالک سے 90 حج پروازیں پہنچیں جن سے آنے والے عازمین حج کی سفری کارروائی 20 منٹ میں مکمل کردی گئی۔

    اس سے قبل محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل سلیمان الیحییٰ نے حج ٹرمینل پر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا تھا۔

    الیحییٰ نے محکمہ پاسپورٹ کے اہلکاروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ عازمین حج کو معیاری اور اعلیٰ درجے کی سہولیات فراہم کریں، ایئر پورٹ پر 15 سے زیادہ زبانیں جاننے والے اہلکار تعینات ہیں۔

    وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اس سال صنعا ایئرپورٹ سے جدہ کے کنگ عبد العزیزانٹرنیشنل ایئرپورٹ آنے والے یمنی عازمین حج کا بھی خیر مقدم کیا جارہا ہے۔

  • رواں برس کروڑوں افراد کی مسجد نبوی ﷺ میں حاضری

    رواں برس کروڑوں افراد کی مسجد نبوی ﷺ میں حاضری

    ریاض: سعودی عرب میں مسجد نبوی میں رواں برس 20 کروڑ سے زائد افراد نے نماز و عبادات ادا کیں، آنے والے دنوں میں مسجد نبوی ﷺ میں حاضری کے لیے آنے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں حرمین شریفین انتطامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کا کہنا ہے کہ رواں ہجری سال ماہ محرم سے یکم ذیقعد تک مسجد نبوی ﷺ کے دالانوں اور صحنوں میں 200 ملین سے زیادہ افراد نے نمازیں ادا کی ہیں۔

    ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس کا کہنا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ نے زائرین کو نماز اور عبادت میں آسانی پیدا کرنے کے لیے تمام سہولتیں فراہم کی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت حرمین شریفین اور زائرین کی خدمت کے لیے جملہ ضروریات پوری کر رہی ہے۔

    واضح رہے کہ حج سیزن کا آغاز ہوگیا ہے، آنے والے دنوں میں مسجد نبوی ﷺ میں حاضری کے لیے آنے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔

    کرونا وبا کے بعد پہلی مرتبہ پابندیوں کے بغیر پوری گنجائش کے ساتھ حج سیزن کا آغاز ہوا ہے۔

  • حج و عمرہ زائرین کو سہولیات کی فراہمی مزید بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام

    حج و عمرہ زائرین کو سہولیات کی فراہمی مزید بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام

    ریاض: سعودی عرب میں حج و عمرہ زائرین کو سہولیات کی فراہمی مزید بہتر بنانے کے لیے سروے کیا جارہا ہے، سروے کے بعد جامع منصوبہ بندی کی جائے گی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں ادارہ امور حرمین کی جانب سے عمرہ زائرین کو سہولت فراہم کرنے اورمسجد الحرام میں خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے سروے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

    عمرہ زائرین سے کیے جانے والے سروے کا مقصد مطاف اور مسعی میں گزرنے والے دورانیے کا حساب لگانا ہے تاکہ ایام حج اور رمضان کے دوران بڑی تعداد میں زائرین کی آمد کے موقع پر سروے رپورٹس کی بنیاد پر جامع منصوبہ بندی کی جا سکے۔

    مسجد الحرام میں سروے اور انفارمیشن سینٹر کے ڈائریکٹر محمد بن سعد السویھری نے بتایا کہ سروے میں عمرہ زائرین سے یہ معلوم کیا جارہا ہے کہ طواف کتنے وقت میں کرتے ہیں، بعد ازاں سعی میں کتنا وقت لگتا ہے جبکہ طواف سے مسعی تک پہنچنے میں کتنا وقت لگتا ہے۔

    سروے میں یہ بھی دریافت کیا جا رہا ہے کہ طواف اور سعی کے لیے کون سی ویل چیئرز زیادہ استعمال ہوتی ہیں، نماز کی ادائیگی اور مسجد الحرام میں کون سی جگہ بیٹھنے کے لیے انہیں پسند ہے۔

    سروے کے بعد حاصل ہونے والے نتائج کو سامنے رکھتے ہوئے جامع منصوبہ بندی کی جائے گی تاکہ رمضان اور ایام حج میں انتظامی امور میں آسانی ہو اور زائرین کو بھی کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    محمد بن سعد السویھری کا مزید کہنا تھا کہ مسجد الحرام میں آنے والے زائرین کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں۔

  • بیرون ملک سے عمرہ زائرین آن لائن ویزا کیسے حاصل کریں، پابندیاں کیا ہیں؟

    بیرون ملک سے عمرہ زائرین آن لائن ویزا کیسے حاصل کریں، پابندیاں کیا ہیں؟

    ریاض: سعودی حکام نے بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے ویزے اور پابندیوں کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکومت نے بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے عمرہ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کے لیے نئے ضوابط جاری کیے ہیں۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جو لوگ بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کو آن لائن ویزا حاصل کرنا ہوگا۔

    حکام کے مطابق آن لائن عمرہ ویزا میڈیکل انشورنس ہولڈر کو دیا جائے گا، انشورنس اسکیم میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں علاج معالجے کی سہولتیں مہیا ہونا ضروری ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نے عمرے کے حوالے سے بعض پابندیاں ختم کی ہیں، مملکت آنے سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنے اور ہوٹل قرنطینہ کی پابندی نہیں ہے۔

    عمرہ اور زیارت کے دوران سماجی فاصلے کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے جبکہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں نماز کے لیے اجازت ناموں کا حصول اب ضروری نہیں رہا۔

    بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے عمرہ اجازت نامہ اسی صورت میں جاری ہوتا تھا جب وہ ویکسین ریکارڈ کا اندراج کروائیں، تاہم اب یہ پابندی بھی نہیں رہی۔

  • طوافِ قدوم کے لیے آنے والے عازمین پر 3پابندیاں عائد

    طوافِ قدوم کے لیے آنے والے عازمین پر 3پابندیاں عائد

    ریاض : طواف قدوم کے لیے آنے والے عازمین پر 3پابندیاں عائد کردی گئی ، عازمین کو مسجد الحرام میں سامان ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق مناسکِ حج کی ادائیگی کے لیے نئی احتیاطی تدابیر متعارف کردی گئی ہے اور طواف قدوم کے لیے آنے والے عازمین پر 3پابندیاں عائد کردی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ طوافِ قدوم کے لیے آنے والے مسجد الحرام میں سامان ساتھ نہیں لا سکیں گے اور کوئی بھی حاجی براہِ راست طوافِ قدوم کے لیے نہیں جاسکے گا جبکہ مسجد الحرام کےاطراف ہوٹلوں میں عازمین حج ریزرویشن نہیں کرواسکیں گے۔

    حکام کے مطابق مسجدِ الحرام میں نمازیں ادا کرنے کے لیے انتظار کی اجازت نہیں ہوگی، حجاج کرام مسجدِ الحرام میں صرف خصوصی بسز کے زریعے ہی جا سکیں گے، فی بس میں بیس حاجی استقبالیہ مرکز سے مسجدِ الحرام جائیں گے۔

    خیال رہے سعودی عرب میں عازمینِ حج کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ، میدانِ عرفات میں واقع تاریخی مسجد َ نمرہ اور مزدلفہ کی مسجدِ معشر الحرام کو نئے قالینوں سے سجا دیا گیا، مجموعی طور پر بتیس ہزار مربع کلو میٹر پر قالین بچھائے گئے۔

    فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں، کسی بھی شخص کو بغیر اجازت نامے مقدس مقامات پر داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی اور فضائی نگرانی بھی کی جائے گی جبکہ مکہ مکرمہ کے داخلی اور خارجی راستوں پر چوبیس گھنٹے سیکیوڑتی اہلکار مامور ہوں گے۔

  • حجاج کے درمیان سماجی فاصلہ یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات

    حجاج کے درمیان سماجی فاصلہ یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات

    ریاض: رواں برس حجاج کرام کے لیے حج کے دوران خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، حجاج کے درمیان سماجی فاصلہ یقینی بنانے کے لیے طواف کے صحن میں مختلف رنگوں کی علامتیں بنائی گئی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی نائب وزیر حج و عمرہ عبد الفتاح مشاط نے مسجد الحرام میں حجاج کے استقبال کے لیے حتمی انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اطمینان حاصل کیا کہ طواف، سعی اور دیگر عبادات کرتے ہوئے حجاج سماجی فاصلہ کس طرح برقرار رکھیں گے اور کرونا وائرس سے کس طرح بچ سکیں گے۔

    نائب وزیر حج کا کہنا تھا کہ طواف کے صحن میں مختلف رنگوں کی علامتیں بنائی گئی ہیں، حاجیوں کو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ مخصوص رنگ سے جڑا ہوا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ حاجیوں کے ہر گروپ کے لیے طواف کے حوالے سے الگ الگ رنگ کی علامتیں رکھی گئی ہیں۔ ہر گروپ اپنے لیے مخصوص رنگ والی علامت کے دائرے ہی میں رہتے ہوئے طواف کرے گا۔

    عبد الفتاح مشاط کا کہنا تھا کہ خانہ کعبہ کا طواف کرنے والوں کے مابین سماجی فاصلے کو یقینی بنا دیا گیا ہے، ابھی تک حج کرنے والوں میں کوئی بھی کرونا وائرس کا مریض نہیں نکلا۔

    نائب وزیر حج کا کہنا تھا کہ ہنگامی صورت حال کبھی اور کہیں بھی پیش آسکتی ہے، ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے پیشگی اسکیمیں تیار کرلی گئی ہیں۔ حاجیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے اور کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سابقہ اسکیموں میں حفظان صحت کی تدابیر کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

  • عازمین حج کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا

    عازمین حج کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا

    ریاض: رواں برس حج کے لیے عازمین کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا، سعودی حکام نے حج کے تمام انتظامات ہر سال کی طرح بہترین طریقے سے مکمل کرلیے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق اندرون مملکت سے عازمین حج کا پہلا کاررواں جمعے کو مکہ مکرمہ پہنچ گیا، وزارت حج و عمرہ کے اعلیٰ عہدیداروں نے محکمہ شہری ہوا بازی کے تعاون سے کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ پر قصیم سے آنے والے عازمین حج کا خیر مقدم کیا۔

    سعودی عرب میں تمام متعلقہ اداروں نے اس سال حج کرنے والوں کی خدمت کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، سیکیورٹی، صحت اور مختلف اداروں نے جامع عملی پروگرام پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا ہے۔

    وزارت حج و عمرہ نے مکہ مکرمہ میں عازمین حج کو ٹھہرانے کے لیے انتظام کر لیا ہے جہاں وہ منیٰ جانے سے قبل قیام کریں گے، 4 ذی الحج سے 8 ذی الحج تک ہوٹل میں رہیں گے۔ ہر عازم حج کے لیے ایک ایک کمرہ ہے۔ کمرے میں آب زم زم کی سینی ٹائز بوتلوں سے لے کر اسنیکس، پھلوں اور مٹھائیوں کی باسکٹوں سمیت ناشتے، ظہرانے اور رات کے کھانے تک کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

    مکہ مکرمہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں آپریشنل پلان بھی جاری کردیا ہے، اتھارٹی کے ترجمان جلال کعکی کا کہنا ہے کہ ہمارا سارا زور کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات پر ہے۔

    کعکی کے مطابق جمرات کے پل (وہ مقام جہاں شیطانوں کو کنکریاں ماری جاتی ہیں) کی اصلاح و مرمت اور اسے استعمال کرنے کے طور طریقوں کا انتظام کرلیا گیا ہے۔ تمام سسٹمز چیک کرلیے گئے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے روم مؤثر ہیں، حاجیوں کے قافلوں کو منظم کرنے اور حج مقامات پر صفائی کی اسکیمیں تیار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے آپریشنل پلان کے تحت العزیزیہ اور الشعبین کو جمرات کے پل سے جوڑ دیا گیا ہے، الشعبین اور العزیزیہ پروجیکٹ کے ذمہ دار سیکیورٹی اداروں سے رابطے میں ہیں۔